Tag: طیارہ

  • خاتون کی بوئنگ طیارے سے شادی

    خاتون کی بوئنگ طیارے سے شادی

    برلن: جرمنی میں خاتون کا طیارے سے پیار زندگی بھر کا ساتھ بن گیا، مائیکلی کوبی نامی خاتون نے بوئنگ 737 کو جیون ساتھی چن لیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 سالہ جرمن خاتون نے 40ٹن وزنی طیارے سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دیوانگی کی حد تک طیارے سے لگاؤ رکھنے والی خاتون کا سفرِ محبت 6 سال قبل شروع ہوا اور اب وہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اس سے تعلق جوڑنے جارہی ہیں۔

    مائیکلی کوبی کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلی بار بوئنگ 737 کو برلن ایئرپورٹ پر دیکھا تھا اور پہلی نظر میں ہی اس سے پیار ہوگیا تھا، ایئرپورٹ پر لگے شیشے سے دیکھائی دینے والے طیارے سے پہلی ملاقات گزشتہ سال ستمبر میں ہوئی۔

    خاتون کے مطابق وہ ہینگر میں کھڑے طیارے سے ملنے گئیں، اس کے ونگز چومے اور طیارے کا نام بھی رکھا، پھر کچھ عرصے بعد ایک اور ملاقات ہوئی اور اس طیارے سے شادی کا فیصلہ کر لیا۔

    اگرچہ مائیکلی کوبی کے اہل خانہ اور دوستوں نے اس رشتے کو قبول کر لیا ہے تاہم فیملی کے ارکان نے طیارے سے "ملاقات” میں کوئی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا، خاتون نے طیارے سے 18 مارچ کو ایمسٹرڈیم میں ملاقات کا پروگرام بنایا ہے اور اسی روز طیارے سے شادی کی باقاعدہ تقریب منعقد ہوگی۔

    ماہرین اس قسم کے پیار کے معاملہ کو آبجیکٹوفیلیا کہتے ہیں جس میں ایک شخص کسی بے جان شے کی طرف راغب ہوتا ہے۔

  • موت  کوسامنے دیکھ کر چیخیں نکل گئیں

    موت کوسامنے دیکھ کر چیخیں نکل گئیں

    لیورپول: دنیا میں بسنے والے ہر شخص کو اپنی جان بہت عزیز ہوتی ہے ایسے میں اگر جان جانے کا خطرہ سر پر آجائے تو اچھے اچھوں کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔

    ایسا ہی کچھ ہوا برطانیہ سے آئرلینڈ جانے والی پرواز میں جہاں طوفان کی تیز ہواؤں نے جہاز کو ہلایا تو مسافروں نے دعائیں شروع کردیں اور زور زور سے چیخنے چلانے لگے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریان نامی غیرملکی ایئرلائن کا طیارہ دوران پرواز تیز ہواؤں کی زد میں آگیا جس پر مسافروں نے ہنگامہ برپا کردیا اور ہر طرف چیخ وپکار کی صدائیں بلند ہونا شروع ہوگئیں تاہم جہاز کے عملے نے شہروں کو تسلی دی او خاموش رہنے کی تلقین کی۔

    مذکورہ ایئرلائن کی پرواز برطانوی شہر لیور پول سے آئرلینڈ کے شہر ڈیری جارہی تھی۔

    پرواز کے اڑان بھرنے سے قبل محکمہ موسمیات نے موسم کی خرابی اور طوفانی ہواؤں سے متعلق وارننگ بھی دی تھی۔ طیارے نے ہچکولے کھائے لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور پائلیٹ نے بحفاظت لینڈنگ کرائی۔ ایک مسافر کا کہنا تھا کہ جہاز کے ہلنے پر ہمیں اپنی موت سامنے نظر آنے لگی تھی۔

  • طیارہ حادثہ: کینیڈین وزیراعظم نے امریکا کو ذمہ دار قرار دیدیا

    طیارہ حادثہ: کینیڈین وزیراعظم نے امریکا کو ذمہ دار قرار دیدیا

    ٹورنٹو: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے الزام عائد کیا ہے کہ اگر امریکا خطے میں تناؤ پیدا نہ کرتا تو آج طیارے حادثے میں مرنے والے زندہ ہوتے۔

    ایک ٹی وی انٹرویو میں کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ اگر تناؤ میں اضافہ نہ ہوتا اور خطے میں کشیدگی نہ بڑھتی تو آج ایران میں نشانہ بننے والے طیارے کے مسافر زندہ ہوتے اور اپنی فیملیز کے ساتھ گھروں پر ہوتے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا نے عراق میں جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا تھا اور نہ ہی کارروائی کی پیشگی اطلاع دی۔

    جسٹس ٹروڈو نے کہا کہ امریکی کارروائی کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھی جس کے جواب میں ایران نے میزائل فائر کیے جس کا نشانہ مسافر طیارہ بن گیا، جب تنازعات بڑھتے ہیں اور جنگ ہوتی ہے تو خمیازہ معصوم عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔

    واضح رہے بغداد ائیرپورٹ پر امریکی فضائی حملہ میں ایران کی القدس فورس کے جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک ہوگئے تھے،جس کے بعد ایرانی حکومت نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

    ایران کی فضائی حدود میں یوکرینی مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار 176 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے، اس جہاز میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 62 مسافر سوار تھے۔

    امریکا، کینیڈا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک نے گزشتہ روز الزام عائد کیا تھا کہ ایران نے طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا جس پر ایرانی حکام نے الزام کو بے بنیاد قرار دیا تھا، مگر آج ایرانی ایرواسپیس کمانڈر علی حاجی زادے نے یوکرین طیارےکی تباہی کی ذمےداری قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ’جہاز کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا کیونکہ سیکیورٹی حکام اُسے کروز میزائل سمجھ بیٹھے تھے۔

    انہوں نے افسوسناک واقعہ پر پوری قوم سے معافی بھی مانگی جبکہ ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے بھی واقعے پر افسوس اور شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگی۔

  • پروازوں کی منسوخی اور تاخیر، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کا احتجاج

    پروازوں کی منسوخی اور تاخیر، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کا احتجاج

    اسلام آباد: پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو اور دبئی جانے والی پروازوں کے مسافروں نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر شدید احتجاج کیا، اسلام آباد سے اسکردو جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی ہے جس کے باعث مسافروں نے پی آئی اے کاؤنٹر پر احتجاج شروع کیا۔

    پرواز نے صبح 8 بجے اسکردو کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم پی آئی اے کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔

    اسلام آباد سے دبئی جانی والی نجی ائیر لا ئن کی پرواز بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی ہے، جس کے باعث ائیر پورٹ پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے ہیں، پرواز پی اے 230 کو صبح آٹھ بجے روانہ ہونا تھا، ذرایع کا کہنا ہے کہ طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے پرواز کی روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق پرواز کی تاخیر پر مسافروں اور نجی ائیر لائن کے عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، جس کے بعد مسافروں نے سول ایوی ایشن کے انٹرنیشنل کاؤنٹر پر احتجاج شروع کر دیا، جس کے باعث بین الاقوامی پروازوں کی روانگی رک گئی، جس پر انتظامیہ کو اے ایس ایف اہل کاروں کو طلب کرنا پڑا۔

    مسافروں کے احتجاج کے باعث دوسری ائیر لائن کے بورڈنگ کا عمل رک گیا ہے، مسافروں کا کہنا تھا کہ انھیں یا تو ہوٹل میں ٹھہرایا جائے یا دوسری پرواز کے ذریعے دبئی روانہ کیا جائے۔

  • دنیا کی محفوظ ترین ایئرلائنز کا اعلان

    دنیا کی محفوظ ترین ایئرلائنز کا اعلان

    لندن: دنیا بھر کی سیکڑوں ایئرلائنز کی مانیٹرنگ کے بعد محفوظ ترین ایئرلائنز کا اعلان کردیا گیا۔

    ایئرلائن ریٹنگز ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ نے دنیا بھر کی 405 ایئرلائنز کے مسلسل مشاہدے اور تجزیے کے بعد قنٹاس ایئرلائن کو 2020 کے لیے سب سے محفوظ ایئرلائن قرار دیا ہے۔

    یو اے ای کی دو ایئر لائنز فلائی ایمرٹیس اور اتحاد ایئرویز بھی ٹاپ ٹوئنٹی ایئرلائنز میں شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: 2 گھنٹے کی فلائٹ 2 دن میں پہنچی

    محفوظ ترین ایئر لائنز کی اس فہرست میں ایئر نیوزی لینڈ، ای وی اے، اتحاد ایئر ویز، قطر ایئر ویز، سنگاپور ایئرلائنز،ایمرٹیس، الاسکا ایئرلائنز، کاتھائے پیسیفک ایئرویز، ورجن آسٹریلیا، ہاوائیں ایئرلائن، ورجن اٹلانٹک ایئرلائنز، ٹیپ پرتگال، ایس اے ای، رائل جورڈینین، سوئس، فنایئر نمایاں ہیں۔

    اسی طرح سستی کرایے والی ایئرلائنز میں ایئر عربیہ پہلے نمبر پر ہے جب کہ فلائی بے، فرنٹیئر، ایچ کے ایکسپریس، انڈگو، جیٹ بیلو، وولارس، ویولنگ نمایاں ہیں۔

    کم کرایے والی محفوظ ایئرلائنز کا انتخاب عوامی دلچسپی اور ان کی ڈیمانڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

  • پی آئی اے کے جہاز میں ہلڑبازی، دو نشے میں دھت مسافر گتھم گتھا ہوگئے

    پی آئی اے کے جہاز میں ہلڑبازی، دو نشے میں دھت مسافر گتھم گتھا ہوگئے

    کراچی: لندن سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں دو مسافر لڑپڑے، نشے میں دھت دونوں مسافروں نے طیارے میں ہلڑبازی مچادی اور گتھم گتھا ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ لندن سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 786 میں ہوا، نشے میں دھت دونوں مسافر آپس میں لڑ پڑے اور ہاتھا پائی کی، پرواز کے دیگر مسافروں نے فضائی میزبان سے شکایت کی جس پر ایکشن لیا گیا۔

    ذرائع ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ لندن سے روانگی کے لیے پی آئی اے کا طیارہ ٹیکسی وے پر تھا، کپتان نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے پولیس طلب کرلی، واقعے کے بعد طیارے کو ٹیکسی وے سے واپس بلایا گیا۔

    لندن پولیس نے طیارے میں ہاتھا پائی پر دونوں مسافرو ں کو گرفتار کرلیا۔

    پی آئی اے کی انٹرنیشنل فلائٹ میں خاتون کو ہارٹ اٹیک

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد لندن سے اسلام آباد کی پر واز ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی، پی آئی اے نے دونوں مسافروں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی بین الاقوامی پرواز میں خاتون مسافر کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔

    پی آئی اے کی سیالکوٹ سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 755 میں مسافر خاتون کو دل کا دورہ پڑا جس پر عملے نے پائلٹ کو فوری طور پر آگاہ کیا، کپتان نے اطلاع ملنے پر طیارے کو فوری طور پر قریب ترین دوحا ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرائی اور طبی امداد فرائم کی گئی تھی۔

  • انجنیئر نے جنگل میں طیارے کو مسکن بنا لیا

    انجنیئر نے جنگل میں طیارے کو مسکن بنا لیا

    اوریگون: امریکی ریاست اوریگون میں ریٹائرڈ الیکٹرکل انجینئر نے بوئنگ 727 طیارے کو گھنے جنگلات کے بیچ وبیچ کھڑا کر کے اسے ہی اپنا مسکن بنا لیا۔

    کچھ نیا کرنے کی لگن اور نئے نئے منصوبے بنانے کا جنون بروس کیمبل نامی شخص کو بے چین کیے رکھتا ہے اور اس لیے وہ ہمیشہ سے کچھ منفرد کرتے ہیں۔

    جب وہ 20 سال کے تھے تو انہوں نے 20 ہزار یوروز سے جنگلات میں ایک زمین خریدی جہاں وہ پرانی اشیا سے نئی نئی چیزیں تیار کرنا چاہتے تھے، ابتدائی طور پر انہوں نے سوچا کہ وہ گارگو وینز کے ذریعے ایک گھر تیار کریں گے۔

    کچھ سالوں بعد بروس نے ایک خاتون کے بارے میں سنا جس کا گھر آگ لگنے سے جل گیا تھا اور اس نے رہنے کے لیے طیارے کو ہی اپنا گھر بنا لیا تھا، تو بروس نے بھی تہیہ کیا کہ وہ بھی پرانے طیارے کو اپنا گھر بنائیں گے۔

    اس مقصد کے لیے انہوں نے ایتھنز ایئرپورٹ پر کھڑے اولمپکس ایئرویز کے بوئنگ 727 کا انتخاب کیا اور اسے 85 ہزار یوروز میں خرید لیا، لیکن یہاں سے بڑا مسئلہ طیارے کی منتقلی تھی۔

    یونان سے طیارے کو لایا گیا جس پر اضافی لاگت آئی اور اسے مختص جگہ پر لا کھڑا کیا، مگر گھنے جنگل میں طیارے کے بڑے ونگز ایک بڑا مسئلہ تھا جس کا حل یہ تلاش کیا گیا کہ پر نکال دیے گئے اور بعدازں انہیں واپس جوڑ دیا گیا۔

    درختوں کے بیچ قدرتی ماحول میں کھڑا یہ طیارہ دنیا بھر کی نگاہوں کی مرکز بن گیا اور سیاح دور دور سے اسے دیکھنے کے لیے آنے لگے، بروس نے وزیٹرز کے لیے قواعد و ضوابط تیار کر لیے جس میں سر فہرست جوتوں کی پابندی تھی۔

    طیارے میں داخل ہونے کے لیے سیڑھیوں پر ہی سیاحوں کے جوتے اتروالیے جاتے اور انہیں بغیر چپل کے داخلے کی اجازت دی جاتی ہے۔

  • پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والا نیا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والا نیا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    کراچی :  پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والا نیا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا ، طیارے کے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد انجن سے پرندہ ٹکرا گیا تاہم باحفاظت طیارے کو واپس کراچی ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 بڑے حادثے سے بچ گئی، ایئربس 320 کے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد انجن سے پرندہ ٹکرا گیا ، جس کے باعث بی ایم ایکس رجسٹریشن کے حامل طیارے کے انجن کو نقصان پہنچا لیکن کپتان نے مہارت سے طیارے کو باحفاظت واپس کراچی ایئرپورٹ اتار لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے طیارے کو پرندہ ٹکرانےکےباعث گراونڈکرناپڑا ، پی آئی اے نے کچھ دن قبل ایئربس320نئے طیارےکوبیڑے میں شامل کیاتھا۔

    دوسری جانب ترجمان پی آئی اےعبداللہ کا کہنا ہے کہ انجن میں پرندے کی موجودگی پر5ملین ڈالرزکے ممکنہ نقصان کااندیشہ ہے، سی اے اے کی نااہلی سے نئے طیارے سے پرندہ ٹکرایا، سی اے اے کو ایئرپورٹ کے اطراف کچرے کی موجودگی سے آگاہ کیاتھا تاہم حکام نے کوئی شنوائی نہیں کی۔

    مزید پڑھیں : پرندہ ٹکرانے سے نجی طیارے کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

    یاد رہے گذشتہ روز باچا خان ایئرپورٹ پشاور پر نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 550 سے ایک پرندہ ٹکرا گیا تھا، پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے طیارے کے دائیں انجن کو نقصان پہنچا طیارہ لڑکھڑانے کے باوجود کپتان نے کمال مہارت سے طیارے کو بحفاظت زمین پر اتار لیا تھا۔

    خیال رہے اگر جہاز سے پرندہ ٹکرا جائے تو یہ بات کوئی معمولی نہیں ہوتی بلکہ بڑے حادثے کا سبب بنتی ہے، دنیا بھر کے ایئر پورٹس کی سول ایو ایشن انتظامیہ رن وے سے پرندوں کو دور رکھنے کے لیے برڈ شوٹر تعینات بھی کرتی ہے تاکہ جہازوں کو حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے۔

  • دوران پرواز بچھو نکلنے پر کھلبلی مچ  گئی

    دوران پرواز بچھو نکلنے پر کھلبلی مچ گئی

    سان فرانسسکو: امریکا کی یونائیٹڈ ایئرلائن کی پرواز میں زندہ بچھو نکلنے پر کھلبی مچ گئی، بچھو نے خاتون کو متعدد بار ڈنگ مارا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سان فرانسسکو سے اٹلانٹا جانے والی پرواز میں سوار ایک خاتون کو اچانک پاؤں میں کچھ چپکا ہوا محسوس ہوا اور جلن ہونا شروع ہوئی، تکلیف بڑھنے پر خاتون نشست سے اٹھی اور ریسٹ روم میں جا کر چیک کیا تو ایک زندہ بچھو پتلون سے گرا۔

    خاتون اور عملہ زندہ بچھو دیکھ کر چونک گیا اور کھلبی مچ گئی ، مسافروں نے چیخ و پکار شروع کردی جس سے صورتحال گھمبیر ہوگئی۔

    عملے نے پیشہ وارانہ فرائض انجام دیتے ہوئے بچھو کو پکڑ لیا اور متاثرہ خاتون کو طبی امداد دی، خاتون کو کئی بار بچھونے ڈنگ مارا تاہم خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا۔

    طیارہ لینڈ ہونے پر ڈاکٹرز نے زخموں کا معائنہ کیا اور طبی امداد دینے کے بعد متاثرہ خاتون کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔

  • ہوا بازی کا عالمی دن: جیٹ لیگ سے کیسے نجات پائی جائے؟

    ہوا بازی کا عالمی دن: جیٹ لیگ سے کیسے نجات پائی جائے؟

    آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہوا بازی یعنی سول ایوی ایشن کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ فضائی سفر اس وقت ذرائع آمد و رفت کا بڑا ذریعہ بن چکا ہے تاہم یہ ماحول کے لیے سخت نقصان دہ ہے۔

    پاکستان میں آج ہی کے روز 3 سال قبل ایک المناک فضائی حادثہ پیش آیا تھا جب چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا تھا، حادثے میں معروف نعت خواں جنید جمشید سمیت 47 افراد شہید ہوگئے تھے۔

    فضائی سفر یوں تو دیگر ذرائع آمد و رفت کے مقابلے میں نہایت مہنگا ہے تاہم یہ کم وقت میں آپ کو اپنی منزل تک پہنچا سکتا ہے۔ دنیا بھر میں روزانہ 44 ہزار فلائٹس آپریٹ کی جاتی ہیں جن میں لگ بھگ پونے 3 کروڑ افراد روزانہ سفر کرتے ہیں۔

    کم وقت میں منزل پر پہنچنے کے ساتھ فضائی سفر کے دوران ہماری جسمانی کیفیات بھی کچھ تبدیل ہوجاتی ہیں۔ زمینی سفر کے مقابلے میں فضائی سفر کے دوران پیش آنے والی جسمانی تبدیلیاں کچھ مختلف ہوتی ہیں۔

    آئیں آج ہم آپ کو ان کیفیات اور ان کے پیچھے چھپی وجوہات کے بارے میں بتاتے ہیں۔

    جسم میں پانی کی کمی

    فضائی سفر کے دوران ہمارا جسم ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوجاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق 3 گھنٹے کی فلائٹ کے دوران ہمارے جسم سے ڈیڑھ لیٹر پانی خارج ہوجاتا ہے۔

    جسم کی سوجن

    فضائی سفر کے دوران ہمارا جسم سوج جاتا ہے۔ ہوا کے دباؤ کی وجہ سے ہمارے جسم کی گیس میں اضافہ ہوجاتا ہے جس سے جسم سوجن اور معدے کے درد میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

    آکسیجن کی کمی

    ہوائی جہاز کے کیبن میں ہوا کا دباؤ عام دباؤ سے 75 فیصد بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے آپ کو سر درد اور آکسیجن کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    جراثیموں کا حملہ

    ہوائی جہاز میں کھلی فضا کا کوئی گزر نہیں ہوتا اور کئی گھنٹے تک ایک ہی آکسیجن طیارے میں گردش کرتی رہتی ہے یوں یہ جراثیموں کی افزائش کے لیے نہایت موزوں بن جاتی ہے۔

    فضائی سفر کے دوران جراثیموں کی وجہ سے آپ کے نزلہ زکام میں مبتلا ہونے کا امکان 100 فیصد بڑھ جاتا ہے۔

    حس ذائقہ اور سماعت متاثر

    ہوائی جہاز کے سفر کے دوران آپ کے ذائقہ محسوس کرنے والے خلیات یعنی ٹیسٹ بڈز سن ہوجاتے ہیں جس سے آپ کسی بھی کھانے کا ذائقہ درست طور پر محسوس نہیں کرپاتے۔

    علاوہ ازیں کئی گھنٹے طیارے اور ہوا کا شور سننے سے جزوی طور پر آپ کی سماعت بھی متاثر ہوتی ہے۔

    تابکار شعاعیں

    فضائی سفر کے دوران آپ تابکار شعاعوں کی زد میں بھی ہوتے ہیں۔ 7 گھنٹے کی ایک فلائٹ میں ایکس رے جتنی تابکار شعاعیں آپ کے جسم کو چھوتی ہیں۔

    ٹانگیں سن ہوجانا

    فضائی سفر کے دوران مستقل بیٹھے رہنے سے خون کی گردش متاثر ہوتی ہے جس سے ٹانگیں سن اور تکلیف کا شکار ہوجاتی ہیں۔ اس سے نجات کا حل یہ ہے کہ موقع ملنے پر ایک جگہ سے دوسری جگہ حرکت کریں اور مائع اشیا کا زیادہ استعمال کریں۔

    جیٹ لیگ

    جب آپ ایک طویل فضائی سفر کرتے ہیں اور ایک ٹائم زون سے دوسرے ٹائم زون میں پہنچتے ہیں تو آپ کا جسم شدید تھکاوٹ، بوجھل پن، اکڑاؤ اور درد کا شکار ہوجاتا ہے جسے جیٹ لیگ کہا جاتا ہے۔

    یہ عموماً ایک سے دو دن تک رہ سکتا ہے تاہم طویل سفر کے بعد اگر آپ آرام کیے بغیر ہی اپنے تھکا دینے معمولات زندگی میں مصروف ہوجائیں تو یہ زیادہ دن بھی چل سکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جیٹ لیگ سے بچنے کے لیے دوران پرواز متحرک رہا جائے تو جیٹ لیگ سے جلدی چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔

    اس کے لیے اپنے پاؤں گول گول کھمائیں، سیٹ پر بیٹھے بیٹھے اپنی ایڑیوں کو زمین پر لگائیں اور پاﺅں کو اوپر اٹھائیں۔

    سیٹ پر بیٹھے ہوئے اپنی ٹانگوں کو اوپر اٹھا کر گھٹنوں کو اپنے سینے سے لگائیں۔

    اپنی گردان کو دائیں بائیں اور آگے پیچھے حرکت دیں کہ اس طرح آپ کی گردن پرسکون رہے گی۔

    اسی طرح سیٹ پر بیٹھے ہوئے آگے کو جھکیں اور اپنے سینے کو گھٹنوں کے ساتھ لگائیں۔

    جہاز میں چہل قدمی کریں تاکہ آپ کے خون کا دورانیہ ٹھیک رہے اور آپ کے جسم میں حرکت رہے۔

    طویل فضائی سفر میں ٹھوس اشیا کے بجائے مائع اشیا کا زیادہ استعمال مفید ہے۔


    ہوا بازی سے متعلق مزید دلچسپ مضامین

    ہوائی جہاز کے بارے میں 8 حیرت انگیز حقائق

    فضائی سفر کے دوران یہ احتیاطی تدابیر اپنائیں

    طیارے سے آسمانی بجلی ٹکرا جانے کی صورت میں کیا ہوتا ہے؟

    لینڈنگ کے وقت کھڑکی کا شیڈ کھلا رکھنے کی ہدایت کیوں کی جاتی ہے؟

    اکثر سفر کرنے والوں کے لیے ایک کارآمد ٹپ