Tag: طیارے

  • امریکا میں  خوفناک حادثہ ، 2 طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ

    امریکا میں خوفناک حادثہ ، 2 طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ

    کالیسپیل: امریکی ریاست مونٹانا کے ہوائی اڈے پر دو  طیارے آپس میں ٹکرا  کر تباہ ہوگئے، حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست مونٹانا کے کالیسپیل سٹی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک چھوٹا طیارہ کھڑے طیارے سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    کالیسپیل پولیس چیف جورڈن ونیزیو اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ دوپہر تقریباً 2 بجے سنگل انجن والا طیارہ جس میں 4 افراد سوار تھے، لینڈنگ کے دوران پائلٹ کے قابو سے باہر ہوگیا اور رن وے پر گر کر متعدد پارک شدہ طیاروں سے ٹکرا گیا۔

    اس تصادم کے بعد کئی طیاروں میں آگ لگ گئی جو قریبی گھاس کے علاقے تک پھیل گئی، تاہم فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شعلوں پر قابو پا لیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق طیارہ رن وے کے اختتام پر کریش لینڈنگ کے بعد دوسرے طیارے سے جا ٹکرایا۔

    فائر چیف جے ہیگن نے بتایا کہ مسافر خود اپنی مدد سے طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے، جن میں سے دو معمولی زخمی ہوئے اور موقع پر ہی طبی امداد دی گئی۔

    قریبی ہوٹل کے منیجر رون ڈینئیلسن نے بتایا کہ انہوں نے زور دار آواز سنی اور پھر طیارے کو ٹکراتے دیکھا، جس کے بعد سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل علاقے میں پھیل گئے۔

    یہ حادثہ شہر کے جنوب میں واقع، مقامی حکومت کے زیر انتظام چھوٹے ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو تقریباً 30 ہزار آبادی والے شمال مغربی مونٹانا کے شہر کالیسپیل کی فضائی ضروریات پوری کرتا ہے۔

  • لاہور کے طوفانی بارش میں 3 مسافر بردار طیارے فضا میں چکر لگاتے رہے

    لاہور کے طوفانی بارش میں 3 مسافر بردار طیارے فضا میں چکر لگاتے رہے

    لاہور میں طوفانی بارش کے باعث 3 مسافر بردار طیارے ایئرپورٹ پر فضا میں چکراتے رہے، پروازوں کو لینڈگ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل گزشتہ رات سے شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث شہر میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، گزشتہ رات شہر آنے والے طیاروں کو لینڈنگ میں سخت مشکل پیش آئی۔

    لاہور ایئرپورٹ آنے والی تین پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول نے فضا میں چکر لگانے کی ہدایت کی، لاہور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کا طیارہ ایئرپورٹ کی حدود میں تھا کہ طوفانی بارش شروع ہو گئی۔

    دبئی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو بھی فضا میں چکر لگانے کی ہدایت کی گئی، اسی طرح جدہ سے لاہور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کو بھی لینڈنگ میں مشکلات پر فضا میں چکر لگانے کی ہدایت کی گئی۔


    لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع، علاقے زیر آب


    واضح رہے کہ لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع ہو گیا ہے، تیسرا سپیل وقفے وقفے سے شدید بارش کا باعث بن رہا ہے، شدید بارش کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور اہم شاہراہیں ڈوب گئی ہیں۔

    موسلا دھار بارش کے باعث متعدد افسوس ناک واقعات بھی پیش آئے ہیں، شہر میں بوسیدہ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جا ں بحق ہوئے۔ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹے میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

  • مسافر بردار طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اُٹھی، ویڈیو وائرل

    مسافر بردار طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اُٹھی، ویڈیو وائرل

    بھارتی حیدرآباد سے کوالالمپور جانے والا ملیشین ایئر لائنز کا طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا، ٹیک آف کے 15 منٹ کے بعد جہاز کے ایک انجن میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پائلٹ نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے لینڈنگ کی اجازت طلب کی جس پر اسے لینڈنگ کی اجازت مل گئی اور طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ طیارے میں 138 مسافر سوار تھے۔

    اس سے قبل ممبئی میں دو طیاروں نے خطرے سے دوچار ہوتے ہوئے، رن پر اترنے اور ٹیک آف کرنے کے سلسلے میں بالکل ایک فلمی اسٹنٹ کی طرح کا منظر پیش کیا۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ممبئی ایئرپورٹ پر 2 طیارے بالکل ایک ہی وقت میں ایک ہی رن وے پر اترتے اور ٹیک آف کر رہے ہیں، بھارتی سول ایوی ایشن کے ڈی جی نے اس واقعے کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔

    ہفتے کے روز ممبئی ایئرپورٹ پر اس وقت ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا، جب انڈیگو کا ایک طیارہ رن پر اتر رہا تھا، اور ایئر انڈیا کا طیارہ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں اِسی رن وے سے ٹیک آف کر رہا تھا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو دیکھ کر صارفین بھی حیران رہ گئے، اور انھوں نے حفاظتی خدشات سخت تشویش کا اظہار کیا۔ دوسری طرف ڈی جی سی اے نے ایک بیان میں کہا کہ واقعے کے وقت ڈیوٹی کرنے والے ایئر ٹریفک کنٹرولر کو برطرف کر دیا گیا ہے۔

  • ایک ہی وقت رن وے پر اترنے، ٹیک آف کرنے والے طیارے ٹکراؤ سے بال بال بچ گئے، سنسنی خیز ویڈیو

    ایک ہی وقت رن وے پر اترنے، ٹیک آف کرنے والے طیارے ٹکراؤ سے بال بال بچ گئے، سنسنی خیز ویڈیو

    ممبئی ایئرپورٹ کی ایک سنسنی خیز ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں دو طیاروں نے خطرے سے دوچار ہوتے ہوئے، رن پر اترنے اور ٹیک آف کرنے کے سلسلے میں بالکل ایک فلمی اسٹنٹ کی طرح کا منظر پیش کیا۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ممبئی ایئرپورٹ پر 2 طیارے بالکل ایک ہی وقت میں ایک ہی رن وے پر اترتے اور ٹیک آف کر رہے ہیں، بھارتی سول ایوی ایشن کے ڈی جی نے اس واقعے کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔

    ہفتے کے روز ممبئی ایئرپورٹ پر اس وقت ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا، جب انڈیگو کا ایک طیارہ رن پر اتر رہا تھا، اور ایئر انڈیا کا طیارہ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں اِسی رن وے سے ٹیک آف کر رہا تھا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو دیکھ کر صارفین بھی حیران رہ گئے، اور انھوں نے حفاظتی خدشات سخت تشویش کا اظہار کیا۔ دوسری طرف ڈی جی سی اے نے ایک بیان میں کہا کہ واقعے کے وقت ڈیوٹی کرنے والے ایئر ٹریفک کنٹرولر کو برطرف کر دیا گیا ہے۔

    انڈیگو نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ اسے اے ٹی سی نے کلیئرنس دی تھی، 8 جون کو اس کے طیارے نے اے ٹی سی کی ہدایات کے مطابق اپروچ اور لینڈنگ جاری رکھی، اور پائلٹ ان کمانڈ نے دی گئی ہدایات پر عمل کیا۔

    ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے مطابق قاعدہ یہ ہے کہ ایک طیارہ جب رن وے کے آخری سرے کو عبور کر لے، اس کے بعد اے ٹی سی کسی اور طیارے کو لینڈنگ کلیئرنس دے سکتا ہے۔

  • نیپال طیارہ حادثہ: فلائٹ اٹینڈنٹ کی حادثے سے قبل کی ویڈیو

    نیپال کے پوکھارا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک بدنصیب مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 72 مسافر جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    طیارے میں موجود فلائٹ اٹینڈنٹ کی طیارے ٹیک آف سے پہلے کی ایک ٹک ٹاک ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    فلائٹ اٹینڈنٹ اوشن الی نیپال کی ایک مشہور ٹک ٹوکر بھی تھیں، وہ اس مہلک حادثے میں ہلاک ہونے والے چار کیبن کریو میں شامل تھیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایئر ہوسٹس کو طیارے میں مسکراتے ہوئے اور پوز دیتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

    بیٹی کو کہا تھا آج مت جاؤ، والد فلائٹ اٹینڈنٹ

    رپورٹس کے مطابق اوشن کے والد کا کہنا ہے کہ حادثے والے دن تہوار کے موقع پر بیٹی کو کہا کہ آج کام پر مت جاؤ۔

    فلائٹ اٹینڈنٹ کے والد نے بتایا کہ بیٹی نے میر ی بات پر جواب دیا کہ وہ 2 فلائٹس مکمل کرکے واپس گھر آکر تہوار منائے گی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مرنے والی اوشن 4 بہن بھائیوں میں سب سے بڑی بیٹی تھی جبکہ اس کی 2 سال پہلے شادی ہوئی تھی۔

  • ترکیہ سے امدادی سامان کے 2 مزید طیارے پہنچ گئے، تعداد 8 ہو گئی

    ترکیہ سے امدادی سامان کے 2 مزید طیارے پہنچ گئے، تعداد 8 ہو گئی

    کراچی: ترکیہ سے امدادی سامان کے 2 مزید طیارے پہنچ گئے، امدادی سامان کے طیاروں کی تعداد 8 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترکیہ کی حکومت کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے، آج مزید 2 خصوصی طیارے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر کراچی ایئر پورٹ پہنچ گئے۔

    سامان میں خیمے، کمبل اور کھانے پینے کی اشیا شامل ہیں، ترکیہ سے اب تک مجموعی طور 8 جہاز سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر پہنچے ہیں۔

    مزید جہاز بھی ترکیہ سے امداد لے کر کراچی پہنچیں گے، اب تک مجموعی طور 90 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین کے لیے ترکیہ سے کراچی لایا جا چکا ہے۔

  • جہاز کی لینڈنگ کے وقت مسافروں کو کھڑکی کا پٹ کھولنے کی ہدایت کیوں کی جاتی ہے؟

    جہاز کی لینڈنگ کے وقت مسافروں کو کھڑکی کا پٹ کھولنے کی ہدایت کیوں کی جاتی ہے؟

    فضائی سفر کے دوران اکثر اوقات مسافروں کو کھڑکی کا پٹ یا شیڈ کھلا رکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے، اگر کوئی مسافر سو رہا ہو تو اسے جگا کر یہ کام کرنے کو کہا جاتا ہے، لیکن کیا آپ اس کی وجہ جانتے ہیں؟

    پروازوں اور طیاروں پر نظر رکھنے والے ادارے اسکائی اسکینر نے انکشاف کیا ہے کہ فضائی مسافروں کو اکثر دوران سفر بہت سے سوالات پریشان کرتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک سوال ہے کہ لینڈنگ سے قبل کھڑکی کا شٹر کھولنے کے لیے کیوں کہا جاتا ہے؟ اس کی وجہ بظاہر دلچسپ لیکن جہاز کے حفاظتی اصولوں میں سے ایک ہے۔

    ایوی ایشن کے عالمی اداروں کے قائم کردہ اصولوں کے مطابق جہاز میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیدا ہونے کی صورت میں 90 سیکنڈز یا اس سے کم وقت میں تمام مسافروں کو جہاز خالی کردینا چاہیئے۔

    یعنی کیبن کریو کے کسی رکن کے پاس صرف 90 سیکنڈز ہوتے ہیں جن میں وہ آپ کی ایمرجنسی خارجی راستے (ایگزٹ) کی طرف رہنمائی کر سکتا ہے۔

    جہاز اڑنے سے پہلے آگاہ کیے جانے والے حفاظتی اصولوں میں ائیر ہوسٹس اعلان کرتی ہے کہ کھڑکی کے قریب بیٹھے افراد ٹیک آف اور لینڈنگ کے وقت کھڑکی کا شیڈ کھلا رکھیں۔

    اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران اگر کوئی ہنگامی صورتحال پیش آجائے تو وہ باہر دیکھ سکیں کہ جہاز کی پوزیشن کیا ہے۔ کیا وہ پانی کے اوپر ہے، یا وہ جنگل میں ہے، آگ کی زد میں ہے یا جہاز کے باہر رن وے پر کوئی رکاوٹ یا خطرہ موجود ہے۔

    وہ جس ایمرجنسی ایگزٹ کے قریب کوئی رکاوٹ دیکھتے ہیں تو انہی 90 سیکنڈز کے اندر مسافروں کو دوسرا ایگزٹ استعمال کرنے کی ہدایت دیتے ہیں۔

    یہ ایک معمولی سی بات ہے جس پر سیکنڈ کے چند حصوں میں عمل کیا جاسکتا ہے، لیکن ہنگامی صورتحال میں ایک ایک لمحہ اور ایک ایک سیکنڈ قیمتی ہوتا ہے۔

    ان کے مطابق ہنگامی صورتحال میں مسافروں کو فوراً باہر نکلنا چاہیئے، اس وقت کھڑکی کا شیڈ ہٹانے میں ان کا وقت ضائع ہوسکتا ہے جو ان کی جان کے لیے خطرے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

    اس صورت میں یہ خدشہ بھی موجود ہے کہ کھڑکی کا شیڈ کسی وجہ سے اٹک جائے اور آپ اسے کھولنے کے لیے زور آزمائی کرنے لگ جائیں یوں آپ سمیت تمام مسافروں کی جان بچانے کا وقت، جو صرف 90 سیکنڈ ہے، وہ ضائع ہوسکتا ہے۔

  • طیارے کے پروں کو اس طرح کیوں ڈیزائن کیا گیا؟

    طیارے کے پروں کو اس طرح کیوں ڈیزائن کیا گیا؟

    کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ طیارے کے ونگز آخر میں اوپر کی جانب کیوں اٹھے ہوتے ہیں؟ اور طیاروں کے پروں کو اس طرح کیوں ڈیزائن کیا جاتا ہے؟

    طیارے کے پروں کے آخری سرے، جو اوپر کی طرف اٹھے ہوتے ہیں، انھیں وِنگلٹس (winglets) کہا جاتا ہے، ایسا کرنے کی بہت ہی اہم وجہ ہوتی ہے، جو بنیادی طور پر تکنیکی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وِنگ لٹس ہوا کے بہاؤ میں طیارے کو آگے لے جانے کے دوران اس پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرتے ہیں، ونگلٹس سے طیارے کے ونگ کے اوپر ہوا کا دباؤ نیچے کے مقابلے میں کم ہو جاتا ہے۔

    ونگلٹس کی وجہ سے طیارے کے پروں کے افعال زیادہ مؤثر ہو جاتے ہیں، اور طیارے کو انجن سے کم پاور کی ضرورت پڑتی ہے، نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ایندھن کی بچت ہوتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ونگلٹس کی وجہ سے ایندھن کی بچت کے باعث کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بھی کم ہو جاتا ہے، اور اس طرح فضائی کمپنی کے اخراجات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

    بوئنگ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کے 757 اور 767 طیاروں میں وِنگلٹس کے باعث ایندھن کی بچت 5 فی صد بڑھ گئی جب کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج 5 فی صد کم ہوگیا۔

    واضح رہے کہ یہ ڈیزائن سب سے پہلے 1976 میں ناسا کے لینگلے ریسرچ سینٹر میں رچرڈ ویٹکومب نے تیار کیا تھا، ابتدائی ونگلٹس کو بوئنگ 700-400 جیسے طیاروں میں فٹ کیا گیا تھا، جس سے ڈھائی سے 3 فی صد ایندھن بچانے میں مدد ملی تھی، سیکنڈ جنریشن ونگلٹس پہلے سے زیادہ بڑے اور زیادہ مڑے ہوئے تھے جن سے ایندھن کو جلانے کی شرح میں 4 سے 6 فی صد بہتری آئی۔

  • 6 گھنٹوں کے دوران 12 طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ

    6 گھنٹوں کے دوران 12 طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ

    خرطوم: افریقی ملک ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا کے لیے اڑان بھرنے والے 12 طیاروں کو موسم کی خرابی کی وجہ سے سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    بین الاقومی ویب سائٹ کے مطابق ایتھوپیا کے 12 طیاروں نے سوڈانی دارالحکومت خرطوم کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔ ایتھوپین دارالحکومت عدیس ابابا کے ایئرپورٹ پر خراب موسم کی وجہ سے حد نظر 800 میٹر تک محدود ہوگئی تھی۔

    6 گھنٹوں کے دوران 12 ایتھوپین طیاروں کی خرطوم ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

    ایتھوپین ایئر لائنز کے یہ طیارے ایشیائی اور یورپی ممالک کے ایئر پورٹس سے عدیس ابابا جارہے تھے تاہم انہیں خراب موسم کے باعث خرطوم میں لینڈنگ کرنا پڑی۔

    سوڈانی محکمہ شہری ہوا بازی کے سربراہ ابراہیم عدلان نے کہا ہے کہ خرطوم ایئرپورٹ حکام نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے ایتھوپین طیاروں کی لینڈنگ کروائی۔

    انہوں نے کہا کہ عدیس ابابا ایئرپورٹ کے موسمی حالات بہتر ہوجانے تک ہر طرح کی تکنیکی اور لاجسٹک سہولتیں فراہم کی جاتی رہیں، خراب موسمی حالات میں خرطوم ایئرپورٹ نے ہمیشہ عدیس ابابا ایئرپورٹ کے متبادل ہونے کا ثبوت دیا۔

    سربراہ کے مطابق مزید 2 ایتھوپین طیاروں کا رخ جدہ اورجبوتی ایئرپورٹس کی طرف موڑا گیا تھا۔

  • پشاور میں موسم کی خرابی، پروازوں کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی

    پشاور میں موسم کی خرابی، پروازوں کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی

    پشاور: خیبر پختون خوا میں موسم کی خرابی کے باعث اندرون اور بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں موسم خرابی کے باعث 2 پروازوں کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتار دیاگیا ہے، جن میں سے ایک کراچی سے پشاور آ رہی تھی اور دوسری شارجہ سے۔

    ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی اور شارجہ سے پشاور جانے والی دو پروازوں کو موسم کی خرابی کی وجہ سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتارا گیا ہے۔

    ایئر پورٹ انتظامیہ کے مطابق پشاور میں موسم ٹھیک ہوتے ہی مذکورہ پروازوں کو پشاور روانہ کر دیا جائے گا۔

    دوسری طرف پشاور ایئر پورٹ پر طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں کے پی کے حکومت، پاک فضائیہ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی میں کوآرڈی نیشن کے لیے فوکل پرسن کی تقرری کی گئی، محکمہ داخلہ کے اسپیشل سکریٹری فوکل پرسن کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

    طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جن میں ایئر پورٹ کے اطراف کے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے اقدامات شامل ہیں۔