Tag: طیارے

  • اربوں ڈالر کے سیکڑوں طیارے کھڑے کھڑے ناکارہ ہونے لگے (حیرت انگیز تصاویر)

    اربوں ڈالر کے سیکڑوں طیارے کھڑے کھڑے ناکارہ ہونے لگے (حیرت انگیز تصاویر)

    ایریزونا: کرونا وبا کے باعث سیکڑوں طیارے ناکارہ ہونے لگے ہیں، وبا کی وجہ سے سفری پابندیوں کے باعث کھڑے نجی طیاروں پر دھول جمنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں ایئرپورٹس پر کھڑے سیکڑوں طیاروں کی حیرت انگیز تصاویر بتاتی ہیں کہ کو وِڈ وبائی مرض نے ایئر لائن انڈسٹری کو کس شدت کے ساتھ متاثر کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس نے ہوا بازی کی صنعت کو بری طرح سے متاثر کیا ہے اور اربوں ڈالر کے جہازوں کو گراؤنڈ کیا جا چکا ہے، جن پر دھول جم رہی ہے۔

    کرونا کی وجہ سے امریکا کی نجی کمپنیوں کے طیارے بھی ایئر فیلڈ میں کھڑے ہیں، کھڑے ہوئے سیکڑوں طیاروں کی فضائی تصاویر لی گئیں، جن میں فوجی طیارے بھی شامل ہیں۔

    فضا سے لی گئیں ان تصاویر سے جہاں ایک طرف وبائی مرض کے انڈسٹری پر بدترین اثرات کی وضاحت ہوتی ہے، وہاں دوسری طرف یہ تصاویر ایک حیرت انگیز منظر بھی پیش کرتی ہیں۔

    ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ایک ارب 80 کروڑ مسافروں نے ان طیاروں پر سفر کیا تھا جب کہ کرونا سے قبل تقریباً ساڑھے 4 ارب افراد نے ان طیاروں پر سفر کیا تھا، تاہم اب یہ امریکی ریاستوں ایریزونا اور کیلی فورنیا کے ہوائی اڈوں پر بے کار کھڑے ہیں۔

    میڈیا کا کہنا ہے کہ کرونا وبائی مرض نے بڑی تعداد میں تجارتی ہوائی کمپنیوں کو اپنے فضائی بیڑے دور دراز، بنجر صحراؤں میں کھڑے کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

  • طیاروں کو نقصان سے بچانے کے لیے سول ایوی ایشن کی آگاہی مہم

    طیاروں کو نقصان سے بچانے کے لیے سول ایوی ایشن کی آگاہی مہم

    کراچی: عید الاضحیٰ کے موقع پر آلائشیں پھینکے جانے کے پیش نظر سول ایوی ایشن نے آگاہی مہم شروع کردی، سی اے اے کا کہنا ہے کہ آلائشوں کے پڑے رہنے سے پرندوں کی آمد بڑھ جاتی ہے جس سے طیاروں کو نقصان کا خطرہ ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے طیاروں اور ہوائی سفر کو پرندوں سے محفوظ بنانے کے لیے کوئٹہ، ملتان اور لاہور ایئر پورٹ پر آگاہی مہم شروع کردی۔

    سول ایوی ایشن کی جانب سے اہم شاہراہوں پر بینر آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ شہر میں پمفلٹ کی تقسیم بھی جاری ہے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کچرے کے باعث آنے والے پرندوں سے طیاروں کو نقصان نہ پہنچے، آلائشوں کے پڑے رہنے سے پرندوں کی آمد بڑھ جاتی ہے۔

    سی اے اے نے اپیل کی ہے کہ قومی اثاثوں اور فضائی سفر محفوظ بنانے کے لیے شہریوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، عید الاضحیٰ پر جانوروں کی باقیات اور کچرا مقررہ جگہوں پر ہی پھینکیں۔

    خیال رہے کہ ایئرپورٹ کے اطراف میں رہائشی آبادیوں میں کچرے کی وجہ سے پرندوں کا ایئر پورٹ پر آنا معمول بن گیا ہے، پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے طیاروں کو بے تحاشہ نقصان پہنچتا ہے جس کے بعد طیاروں کی مرمت پر خطیر رقم خرچ ہوتی ہے۔

    عید الضحیٰ کے موقع پر جگہ جگہ آلائشیں پھینکے جانے کے باعث بھی پرندوں کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

  • پی آئی اے میں کل 34 طیارے، 31 کو مرمت کی ضرورت

    پی آئی اے میں کل 34 طیارے، 31 کو مرمت کی ضرورت

    اسلام آباد: وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے میں طیاروں کی تعداد 34 ہے جن میں سے قابل مرمت طیاروں کی تعداد 31 اور 3 ناقابل مرمت ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے جہازوں کی تفصیلات سے متعلق تحریری جواب قومی اسمبلی میں جمع کروا دیا۔

    اپنے جواب میں وزیر ہوا بازی نے بتایا کہ پی آئی اے میں طیاروں کی تعداد 34 ہے، اس وقت قابل مرمت طیاروں کی تعداد 31 اور 3 ناقابل مرمت ہیں۔

    وزیر ہوا بازی کے مطابق بی 777 کی تعداد 12 اور اے 320 طیاروں کی تعداد بھی 12 ہے، اے ٹی آر 72 کی تعداد 5 اور اے ٹی آر 42 کی تعداد 5 ہے۔

    ان کے مطابق قابل مرمت طیاروں میں بی 777 کی تعداد 12، اے 320 کی تعداد 12، اے ٹی آر 72 کی تعداد 4، اور اے ٹی آر 42 کی تعداد 3 ہے۔

    اسی طرح ناقابل مرمت طیاروں میں بی 777 اور اے 320 شامل نہیں جبکہ ایک اے ٹی آر 72 اور 2 اے ٹی آر 42 ناقابل مرمت ہیں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس اور برطانیہ، یورپی یونین اور امریکا کے لیے آپریشن کی بندش سے قومی ایئر لائن کو رواں سال 100 ارب روپے سے زائد کے نقصان کا اندیشہ ہے۔

    پی آئی اے کو امریکا میں آپریشن کی بندش کی وجہ سے 5 پروازوں پر 28 کروڑ روپے سے زائد کے نقصان کا سامنا ہے۔

    یورپی یونین کی جانب سے پابندی کی وجہ سے پی آئی اے کو برطانیہ اور یورپ سے 33 ارب روپے سے زائد ریونیو کے نقصان کا خدشہ ہے جبکہ حج آپریشن نہ ہونے کے باعث بھی قومی ایئر لائن کو 12 ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔

  • پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق بڑا قدم

    پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق بڑا قدم

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک بڑا قدم اٹھا لیا گیا، ایک فضائی کمپنی کو 6 جنوری کو پہلا ٹی پی آر آئی لائسنس دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر براۓ ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ تمام شرائط پورے کرنے پر ائیر کرافٹ سیلز اور سروس لمیٹڈ کو چھ جنوری کو پہلا ٹی پی آر آئی لائسنس دیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق کہ یہ کمپنی اپنی سیاحتی فروغ کی پروازیں جلد شروع کرے گی، اس کمپنی کے فلیٹ میں 3 ہوائی جہاز، بیچ 1900 ڈی، سیسنا 406-F اور کنگ ائیر 250 شامل ہیں۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ یہ کمپنی 2 بڑے جہاز لینے میں بھی دل چسپی رکھتی ہے، اور عن قریب 2 بڑے جہاز ایمبریر E 145 حاصل کرے گی، کمپنی کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں گوادر، تربت، موہنجو داڑو، گلگت اور اسکردو لے کر جائے گی۔

    سول ایوی ایشن نے سیاحت کے فروغ کیلئے ٹی پی آر آئی لائسنس متعارف کرادیا

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹی پی آر آئی لائسنس سے ملکی اور غیر ملکی سیاحت کو فراغ ملے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس جون میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت سیاحت کے فروغ کے لیے ٹی پی آر آئی لائسنس متعارف کرایا تھا، جسے ٹورازم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن کا نام دیا گیا۔

  • پی آئی اے کا 5 نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کا 5 نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ

    کراچی: قومی انٹرنیشل ایئر لائن پی آئی اے کا اپنے بزنس پلان پر عملدر آمد جاری ہے، قومی ایئر لائن نے 5 نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے 5 نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی آئی اے دو مراحل میں 5 طیارے اپنے فضائی بیڑے میں شامل کرے گی۔

    پہلے مرحلے میں دو اے 320 طیارے رواں ماہ کے آخر اور نومبر میں لیے جائیں گے ۔3 نیرو باڈی طیاروں کے لیے ٹینڈر نومبر میں جاری ہوگا۔

    ذرائع پی آئی اے کا کہنا ہے کہ نئے 323 نیرو باڈی طیارے کم ایندھن خرچ کریں گے۔ نئے طیاروں سے پی آئی اے اندرون و بیرون ملک پروازوں میں اضافہ کرے گا۔

    پی آئی اے نے لاہور سے اسلام آباد ہر 3 گھنٹے کے بعد فلائٹ چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ پی آئی اے نے تکنیکی خود کفالت حاصل کرنے کے منصوبے کے تحت مختلف شہروں میں بوئنگ 777 طیاروں کی اوور ہالنگ کی سہولت بھی شروع کر دی ہے۔

    پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اس سہولت کے آغاز سے پی آئی اے کی تیکنیکی خود کفالت میں نمایاں اضافہ ہونے کے ساتھ قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔

    اس سے قبل یہ سہولت صرف کراچی اور لاہور میں میسر تھی اور چند روز قبل ہی اسلام آباد میں بھی اس کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • ممبئی ایئرپورٹ پر طیارے کے نزدیک گھومتے پُراسرار شخص‌ کی ویڈیو وائرل

    ممبئی ایئرپورٹ پر طیارے کے نزدیک گھومتے پُراسرار شخص‌ کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی:بھارت میں پراسرار حرکتوں کا حامل ایک شخص ممبئی ایئرپورٹ کی دیوار پھلانگ کر ایک طیارے کے نیچے چلتا پھرتا نظر آرہا ہے، یہ طیارہ روانگی کے لیے رن وے پر آنے کی باری کا انتظار کر رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پیش آنے والے واقعے کا وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا،یہ کلپ ایک دوسرے طیارے کے کاک پٹ سے بنایا گیا تھا،بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وڈیو میں نمودار ہونے والا اجنبی ایک طیارے کے نزدیک گھومتا پھرتا اور اس کا معائنہ کرتا نظر آیا۔

    داخلہ سیکورٹی فورسز کے ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے جمعرات کی دوپہر مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر چالیس منٹ پر ایئرپورٹ کی دیوار پھلانگی اورایک بج کر 42منٹ پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔

    ذریعے نے مزید بتایا کہ گرفتاری کے بعد اس شخص کی اچھی طرح تلاشی لی گئی مگر اس ے قبضے سے کچھ برآمد نہ ہوا، اس شخص کے پاس کوئی شناختی دستاویز بھی نہیں تھی۔

    ایئرپورٹ پر پولیس کے ایک افسر کے بیان کے مطابق دراندازی کرنے والے شخص کی عمر 24 سال ہے اور وہ سیون میں رہتا ہے، پولیس نے اس نوجوان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ کسی طبی مسئلے کے تحت زیر علاج ہے۔

    اہل خانہ نے مزید بتایا کہ دوا نہ کھانے پر یہ شخص پریشان کن حرکات کا ارتکاب کرتا ہے۔ گذشتہ ہفتے وہ علاقے میں ایک بس کی چھت پر چڑھ گیا تھا۔

  • گولان ہائٹس پر اسرائیلی فورسز کی اپنے ہی طیارے پر فائرنگ

    گولان ہائٹس پر اسرائیلی فورسز کی اپنے ہی طیارے پر فائرنگ

    تل ابیب : صیہونی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے والے طیارے کو دشمن طیارہ سمجھ فائرنگ کی تاہم واقعے میں کوئی زخمی یا نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق گولان کی پہاڑیوں کے مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی دستوں نے غلطی سے اسرائیل ہی کے ایک طیارے پر فضا میں فائرنگ شروع کر دی، یہ واقعہ گزشتہ روز آیا اور ملکی دستوں نے اس ہوائی جہاز کو ایک دشمن طیارہ سمجھ لیا تھا۔

    اسرائیلی فوجیوں نے اس سویلین ہوائی جہاز کو جنگ زدہ ہمسایہ ملک شام سے خفیہ طور پر اور بری نیت سے اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے والا ایک دشمن طیارہ سمجھ لیا تھا۔

    صیہونی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہوئے کہ یہ طیارہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے فوری نوعیت کا ایک خطرہ تھا، سکیورٹی دستوں نے اس ہوائی جہاز پر فائرنگ شروع کر دی اور ایسا تب تک کیا جاتا رہا، جب تک یہ محسوس نہ ہوا کہ یہ تو اسرائیل ہی کا ایک سویلین طیارہ تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا بعد ازاں اس طیارے کے پائلٹ نے اسرائیلی نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ اس واقعے کے دوران وہ ‘مکمل تباہی سے صرف ایک یا ڈیڑھ میٹر دور ہی رہ گیا تھا۔

    جہاز کے پائلٹ نے بتایا کہ اس نے اپنے ہوائی جہاز کے پروں میں سے ایک پر ایک دھماکے جیسے آواز سنی تھی، لیکن شروع میں اس کا خیال تھا کہ شاید کوئی پرندہ ہوائی جہاز سے ٹکرا گیا تھا، ہوائی جہاز کے پائلٹ کو معاملے کی سنجیدگی کا علم تب ہوا جب اس کو پتہ چلا کہ طیارے کے پٹرول ٹینک سے ایندھن بہنا شروع ہو گیا تھا۔

    اس بارے میں فوج کے ترجمان نے کہاکہ یہ بہت سنجیدہ نوعیت کا واقعہ ہے، جس کی چھان بین کی جا رہی ہے۔

  • روسی سرحد کے قریب امریکی جاسوس طیارے کی پرواز

    روسی سرحد کے قریب امریکی جاسوس طیارے کی پرواز

    ماسکو: امریکا کے جاسوس طیارے نے روسی سرحد کے قریب پرواز کی ہے، امریکی جاسوس طیارے لاکہیڈ ای پی تھری ای اورین نے یونانی جزیرہ کرٹ سے اڑان بھری تھی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے جاسوس طیارے روسی وزارت دفاع کے انتباہ کے باوجود روس کی سرحد کے قریب جاسوسی میں مشغول ہیں، امریکا کے جاسوس طیارے لاکہیڈ ای پی تھری ای اورین نے کریمیا میں روسی سرحد کے قریب پرواز کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی جاسوس طیارے نے یونانی جزیرہ کرٹ سے اڑان بھری تھی۔

    واضح رہے کہ ان دنوں امریکہ اور روس کے مابین کشیدگی بڑھ گئی ہے اور امریکا نے سرد جنگ کے زمانے میں روس سے کیے گئے ہتھیاروں کی بندش کے معاہدے سے دست برداری کا اعلان کر دیا جس کے بعد خطے میں جدید اور خطرناک اسلحے کی نئی دوڑ کے آغاز کے امکانات قوی ہوگئے۔

    امریکا کی جانب سے روس کے ساتھ 1987میں کیے گئے معاہدے انٹرمیڈیٹ نیوکلئیر فورسز ٹریٹی(آئی این ایف)سے دست برداری کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا گیا ہے، چھ ماہ قبل امریکا نے اس معاہدے کو معطل کرکے معاہدے سے مکمل طور پر انخلا ءکے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا تھا۔

  • امریکی دعویٰ مسترد، آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون طیارے کی فوٹیج جاری

    امریکی دعویٰ مسترد، آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون طیارے کی فوٹیج جاری

    تہران : ایرانی سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ’فوٹیج پاسداران انقلاب کی طرف سے جاری کی گئی ہے، جس میں امریکی جنگی جہاز کو فوکس کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے سرکاری ٹیلی ویڑن چینل پر ایک فوٹیج نشر کی گئی جس میں خلیج میں موجود امریکی بحری بیڑے یو ایس ایس باکسرکے قریب ایک ڈرون کو دکھایا گیا ہے۔

    امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ڈرون ایرانی تھا جسے مار گرایا گیا ہے جبکہ ایران نے صدر ٹرمپ کا دعویٰ بے بنیاد قرار دیا ہے،فوٹیج میں امریکی بحری جنگی جہاز کو فوکس کیا گیا ہے۔

    ایرانی ٹی وی چینل کی طرف سے نشر کی گئی خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ فوٹیج پاسداران انقلاب کی طرف سے جاری کی گئی ہے تاہم آزاد ذرائع سے اس کے مصدقہ ہونے کی تصدیق نہیں کی جاسکی۔

    ایرانی ٹی وی چینل کے مطابق جس ڈرون طیارے کے بارے میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ اسے مار گرایا گیا ہے وہ بدستور امریکی جنگی جہاز کی تصاویر بنا رہا ہے۔

    ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی ایک تقریب کے دوران اخباری نمائندوں کو بتایا تھا کہ یو ایس ایس باکسر نامی امریکی جنگی بحری جہاز نے جمعرات کو اس وقت دفاعی کارروائی کی جب یہ ڈرون بحری جہاز کے 1000 گز تک قریب آ کر جہاز اور اس کے عملے پر دھونس جما رہا تھا، اسے بار بار وارننگ دی گئی مگر انتباہ کے باوجود ڈرون طیارہ پیچھے نہیں ہٹا جس پر اسے مار گرایا گیا۔

  • طیارے فروخت نہ کرنے کے اعلان پر ترکی نے امریکا کو خبردار کردیا

    طیارے فروخت نہ کرنے کے اعلان پر ترکی نے امریکا کو خبردار کردیا

    انقرہ: ترک حکام نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ ترکی کو ایف 35 طیارے نہ فروخت کرنے کے اعلان کو واپس لے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کی جانب سے روسی میزائل سسٹم خریدنے پر امریکا نے ترکی کو ایف 35 طیارے فروخت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے ردعمل میں انقرہ حکام برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی نے امریکی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا، حکام نے خبردار کیا ہے کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔

    انقرہ حکام نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی جنگی طیارے ایف 35 کے منصوبے سے ترکی کو نکالنے کا واشنگٹن کا فیصلہ اتحاد کی روح کے خلاف ورزی ہے، فوراً فیصلہ واپس لیا جائے۔

    وائٹ ہاؤس کا گذشتہ روز کہنا تھا کہ روس کے ساتھ ڈیل کے بعد ترکی کو سٹیلتھ طیارے دینا ممکن نہیں ہے۔

    امریکی حکام نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ روسی میزائلوں سے ترکی میں موجود نیٹو طیاروں کو نشانہ بنائے جانے کا خطرہ ہے، انقرہ نے غلط، قابل مذمت اور مایوس کن فیصلہ کیا ہے۔

    امریکا کا ترکی کو ایف35 طیارے فروخت نہ کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ترکی نے روسی ساختہ ایس-400 میزائل سسٹم کی خریداری کے سمجھوتے پر عملدرآمد جاری رکھا تو انقرہ پر پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ امریکا اس ڈیل کے حوالے سے کئی بار اپنی مخالفت کا اظہار کرچکا ہے، امریکا نے اس سمجھوتے سے دستبردار ہونے کے لیے ترکی کو 31 جولائی تک کی مہلت دی تھی۔