Tag: ظافر قتل کیس

  • ظافرقتل کیس: عدالت سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    ظافرقتل کیس: عدالت سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی : پولیس نے ظافر قتل کیس میں ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا، عدالت سے ضمانت مسترد ہونے پر جنید شاہ نے فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے ظافر قتل کیس میں ایک اور ملزم کو حراست میں لے لیا، کراچی سٹی کورٹ کے قریب سے ملزم جنید شاہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ضمانت مسترد ہونے پر ملزم نے وکلاء کی مدد سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن پکڑا گیا، وکلا کی غنڈہ گردی کسی کام نہیں آئی۔

    ظافر قتل کیس میں نامزد ملزم جنیدشاہ عبوری ضمانت کے لیے کراچی سٹی کورٹ آیا، عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد ہوتے ہی وکیل اپنے مؤکل کو بچانے کے لیے پولیس سے الجھ پڑے۔

    احاطہ عدالت میں ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اسی دوران وکلاء نے جنید شاہ کو فرار کرادیا لیکن وکلا کی غنڈہ گردی کسی کام نہ آسکی، پولیس نے بھاگنے والے ملزم جنید شاہ کو سٹی کورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا۔

    یاد رہے کہ سی ویو ریسنگ ٹیک پر خاوربرنی نے جس وقت ظافر پر گولیاں چلائیں تو جنید شاہ بھی خاور کے ساتھ موجود تھا۔

  • ظافرقتل کیس: گولی غلطی سے لگی، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا

    ظافرقتل کیس: گولی غلطی سے لگی، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا

    کراچی : سی ویو فائرنگ کیس میں ملوث ملزم خاور برنی نے اعتراف جرم کرلیا، ملزم نے بیان دیا ہے کہ صرف گاڑی روکنے کے لیے ٹائروں پر فائر کیے تھے، غلطی سے پستول اوپر ہوئی اور گولی ظافر کو جا لگی، عدالت نے ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ویو پر نوجوان ظافر کو موت کے منہ میں دھکیلنے والے ملزم خاور برنی کو جسمانی ریمانڈ کے لیےعدالت میں پیش کیا گیا۔

    اپنے بیان میں ملزم نےاعتراف جرم کرتے ہوئے کہا ایکسیڈنٹ کرکے بھاگنے والوں کو صرف روکنے کیلئے گولیاں ٹائروں پر مارنا چاہتا تھا، بے دھیانی میں پستول اوپر ہوگئی اور گولی ظافر کو جا لگی، عدالت نے ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

    ظافر قتل کیس ایس آئی یو کے حوالے کردیا گیا، مقتول ظافر کے والد اور وکیل کا مطالبہ ہے کہ خاور برنی پر دہشت گردی کا مقدمہ چلایا جائے،جبکہ پولیس اسے قتل کے مقدمے کے طور پر ہینڈل کر رہی ہے۔

    دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ ملزمان کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں کیس میرٹ پر چلے گا۔


    مزید پڑھیں: سی ویو، اوورٹیک کرنے پر فائرنگ، نوجوان جاں بحق


    یاد رہے کہ گزشتہ روز کلفٹن کے علاقے سی ویو ریسنگ ٹریک پر گاڑیوں کی ریس میں اوور ٹیک کرنے کے دوران ٹکر لگنے کے تنازعے پر فائرنگ سے ظافر نامی نوجوان جاں بحق اور اس کا دوست زخمی ہوگیا تھا۔

    پولیس نے دو گاڑیاں تحویل میں لے کر پانچ افراد کو حراست میں لیا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار نے اوور ٹیک کرنے والی ہیوی بائیک کو ٹکر ماری تو ڈبل کیبن میں موجود افراد نے کار کا تعاقب کیا اور گولیاں برسادیں۔

    مقتول ظافر ڈی ایچ اے کا رہائشی اور اے لیول کا طالب علم تھا۔