Tag: ظاہر شاہ

  • ظاہر شاہ  قائم مقام چیئرمین نیب تعینات

    ظاہر شاہ قائم مقام چیئرمین نیب تعینات

    اسلام آباد : حکومت نے ظاہر شاہ کو قائم مقام چیئرمین نیب تعینات کر دیا، نئے چیئرمین نیب کی تقرری تک ظاہر شاہ چیئرمین نیب ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ کو چیئرمین نیب کا اضافی چارج دے دیا۔

    نیب نے ظاہر شاہ کی بطور قائم مقام چیئرمین نیب تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس میں کہا ہے کہ نئے چیئرمین نیب کی تقرری تک ظاہر شاہ چیئرمین نیب ہوں گے۔

    ظاہر شاہ اس سے پہلے نیب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر کے عہدے پرخدمات انجام دے رہے تھے۔

    یاد رہے 22 فروری کو آفتاب سلطان نے ذاتی وجوہات کی بناء پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ سلطان نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کیا تھا۔

    “وزیراعظم نے آفتاب سلطان کی خدمات کو سراہا اور ان کی ایمانداری اور راست بازی کو سراہا۔

    ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ سلطان کو قومی احتساب (ترمیمی) ایکٹ 2022 پر کچھ تحفظات تھے جس نے اینٹی کرپشن واچ ڈاگ کے اختیارات کو محدود کردیا ہے۔

    انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آفتاب سلطان کو گزشتہ سال جولائی میں پی ڈی ایم حکومت نے قومی احتساب بیورو کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔ انہوں نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جگہ لی تھی جو چار سال تین ماہ تک چیئرمین نیب رہے۔

  • میجر اسحاق کو شہید کرنے والا دہشت گرد ساتھی سمیت ہلاک

    میجر اسحاق کو شہید کرنے والا دہشت گرد ساتھی سمیت ہلاک

    راولپنڈی : ڈیرہ اسماعیل خان میں میجر اسحاق کو شہید کرنے والا دہشت گرد ظاہر شاہ اپنے ساتھی سمیت سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا اس دوران 4 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں بدنام زمانہ دہشت گرد ظاہر شاہ اپنے ایک ساتھی سمیت جہنم واصل ہوگیا ہے جب کہ 4 دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق میجراسحاق کو شہید کرنے والا دہشت گرد ظاہرشاہ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا جو اپنے ساتھی سمیت کلاچی میں انٹیلی جنس آپریشن کے نتیجے میں مارا گیا ہے اس دوران سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گردوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ مذکورہ دہشت گرد دیسی ساختہ بارودی سرنگ نصب کرنے کے مشن پر تھے کہ سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات پر آپریشن کر کے دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام بنادیا اور شہر کو بڑے نقصان سے بچالیا۔

    خیال رہے 22 نومبر 2017 کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں دہشت گردوں کی کمین گاہوں کے خلاف آپریشن میں میجر اسحاق نے دلیرانہ مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کی  تھی۔