Tag: عائشہ احد

  • عدالت کا عائشہ احد کوسیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم

    عدالت کا عائشہ احد کوسیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم

    لاہور: سیشن عدالت نے سی سی پی او لاہور کو عائشہ احد کو فوری طور پر سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سیشن عدالت میں عائشہ احد کی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کیخلاف ہراساں کرنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

    درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود پولیس حکام نے اسے سکیورٹی فراہم نہیں کی، صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان کی ایما پر اسے ہراساں بھی کیا جا رہا ہے، وردی اور سفید لباس والے افراد گھر باہر نگرانی اور تعاقب کرتے ہیں۔

    استدعا ہے کہ صوبائی وزیر قانون کو ہراساں کرنے سے روکا جائے اور سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

    دلائل کے بعد عدالت نے سی سی پی او لاہور کو عائشہ احد کو فوری طور پر سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔


    مزید پڑھیں : مجھے کچھ ہوا توحمزہ شہباز ذمہ دارہوں گے،عائشہ احد


    اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہبازشریف کی مبینہ اہلیہ عائشہ احد نے اپنی جان کو خطرات کے پیش نظر ایس پی سیکیورٹی کو درخواست دے دی اور کہا کہ حمزہ شہباز نے میرے پیچھے غنڈے لگا دئیے ہیں، مجھے کچھ ہوا توحمزہ شہباز ذمہ دارہوں گے۔

    یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیٹے اور مسلم لیگ ن کے رہنما ءحمزہ شہباز کی مبینہ بیوی عائشہ احد نے ہتک آمیز بیان دینے پر رانا ثنااللہ کو لیگل نوٹس بھجوادیا تھا، نوٹس میں کہا گیا تھا کہ رانا ثنااللہ نے 6 اگست کو میڈیا پر بیان دیا، جس میں انہوں نے عائشہ احد لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے‘ جو کسی بھی عورت کی تذلیل ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    خیال رہے کہ حمزہ شہباز کی اہلیہ ہونے کی دعوے دار عائشہ احد نے پی ٹی آئی کی رہنماء یاسمین راشد اور فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ نیوز کانفرنس کی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 2010 میں‌ حمزہ شہباز نے مجھ سے شادی کی تھی اور جھوٹ بولا تھا کہ پہلی بیوی کو طلاق دے چکا ہوں لیکن بعد ازاں وہ مجھ سے شادی کرنے ہی سے مُکر گئے۔ اس سے پہلے بھی وہ کئی بار اپنے لیے انصاف کی اپیل کرچکی ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • جو اپنی بہو بیٹی کی حفاظت نہ کر سکے وہ قوم کی کیا حفاظت کریں گے: عائشہ احد

    جو اپنی بہو بیٹی کی حفاظت نہ کر سکے وہ قوم کی کیا حفاظت کریں گے: عائشہ احد

    لاہور: صوبائی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی اہلیہ ہونے کی دعویدار عائشہ احد عدالت میں پیش ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج لاہور مستحسن منہاس نے رانا ثنا اللہ کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے خلاف عائشہ احد کی درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزار عائشہ احد اپنے وکیل علی ضیا باجوہ کے ہمراہ پیش ہوئیں۔ عدالت کے روبرو عائشہ احد نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گھر کی نگرانی ہوتی ہے اور گھر سے باہر پیچھا کیا جاتا ہے۔

    عائشہ احد کا کہنا تھا کہ وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے ان کے خلاف نامناسب بیان دیا جس پر انہیں لیگل نوٹس بھجوایا اور پریس کانفرنس کی جس کے بعد ہراساں کیا جا رہا ہے۔

    مزید پڑھیں: عائشہ احد نے سیکیورٹی مانگ لی

    پولیس نے اپنی رپورٹ میں اس الزام کی تردید کی کہ عائشہ احد کو ہراساں کیا گیا۔ عدالت نے درخواست پر کارروائی 15 اگست تک ملتوی کر دی اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت تک عائشہ احد کو مکمل تحفظ دیا جائے۔

    سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عائشہ احد نے کہا کہ جو اپنی بہو بیٹیوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے وہ عوام کو تحفظ کیسے دیں گے۔ پارلیمنٹ نے عائشہ گلالئی کے معاملے پر کمیٹی بنا دی کیا میں قوم کی بیٹی نہیں؟

    انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ مجھے کسی سیاسی جماعت نے پلانٹ کیا ہے جو سراسر جھوٹ ہے۔ میں سات سال سے انصاف کے لیے دربدر بھٹک رہی ہوں۔

    عائشہ کے وکیل علی ضیا باجوہ ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ عائشہ احد اور ان کی بیٹی گھر تک محدود ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر قانون پنجاب کے خلاف قذف کے الزام میں جلد درخواست دائر کی جائے گی۔