Tag: عابد علی

  • عابد علی کی دل کی 2 رگیں بند ہونے کا انکشاف، ایسی حالت میں کرکٹ کھیلنا ‘معجزہ’ قرار

    عابد علی کی دل کی 2 رگیں بند ہونے کا انکشاف، ایسی حالت میں کرکٹ کھیلنا ‘معجزہ’ قرار

    کراچی: پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کی 2 رگیں بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ڈاکٹرز نے ایسی حالت میں ان کے کرکٹ کھیلنے کو معجزہ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں عابد علی کو سینے اور بائیں ہاتھ میں درد کی شکایت ہوئی تھی، جس پر انھیں ٹبا ہارٹ منتقل کر دیا گیا تھا۔

    نجی اسپتال میں ٹیسٹ کرکٹر کی انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی گئی ہے، جس سے معلوم ہوا کہ ان کی دو وینز بلاک تھیں، ڈاکٹرز نے مختلف ٹیسٹس کے بعد پہلے سیشن میں انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی ہے، اور ایک بلاک وین کو کھول دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عابد علی کی بلاک وین میں ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے ، کل دوبارہ انجیوپلاسٹی کے بعد دوسرا اسٹنٹ ڈالا جائے گا۔

    دوران میچ سینے میں تکلیف، عابد علی اسپتال منتقل

    ڈاکٹرز کے مطابق عابد علی کسی اور بیماری کا شکار نہیں ہیں، انھیں ڈاکٹرز نے 2 ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، اور دو ماہ بعد وہ معمول کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں، تاہم ڈاکٹروں نے عابد علی کے 2 وینز بلاکیج کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کو معجزہ قرار دے دیا ہے۔

    ادھر پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سینٹرل پنجاب کے اوپنر عابد علی قائداعظم ٹرافی کے فائنل راؤنڈ میں خیبر پختون خواہ کے خلاف میچ میں آج 61 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے کہ انھوں نے سینے میں تکلیف کی شکایت کی.

    پی سی بی کے مطابق کرکٹر عابد علی کو فوری طور پر امراض قلب کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں اکیوٹ کورونری سینڈروم کی تشخیص ہوئی، ماہر امراض قلب نے ان کے علاج کی نگرانی شروع کر دی ہے.

    پی سی بی کا کہنا تھا کہ مکمل علاج کے لیے پی سی بی ماہر امراض قلب سے مکمل رابطے میں ہے، اور اس وقت عابد علی کی حالت بہتر ہے.

  • عابد علی نے مداحوں کے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل

    عابد علی نے مداحوں کے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل

    ڈھاکا: قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی کی ڈھاکا ٹیسٹ کے آخری روز بلی کو کھانا کھلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سوشل میڈیا پر ڈھاکا ٹیسٹ کے آخری روز قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کھانے کے وقفے کے دوران کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی۔

    پی سی بی نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن لکھا کہ ’صرف قومی ٹیم کے کھلاڑی ہی کھانا نہیں کھا رہے۔‘

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عابد علی ایک پلیٹ میں چاول ڈال کر ڈریسنگ روم سے باہر کی طرف آتے ہیں اور گراؤنڈ میں موجود بلی کو چاول ڈالتے ہیں جو وہ مزے سے کھا رہی ہے۔

    پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہوگئی اور صارفین نے اسے پسند کیا اور ری ٹویٹ بھی کیا۔

    سوشل میڈیا صارفین عابد علی کے بلی کو کھانے کھلانے کے اقدام کو خوب سراہا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم نے بنگلا دیش کو ڈھاکا ٹیسٹ میں ایک اننگ اور 8 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کیا، قومی ٹیم ڈھاکا سے آج رات وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگی۔

  • ’’امید ہے فواد عالم دوسری اننگز میں اچھا پرفارم کریں گے‘‘

    ’’امید ہے فواد عالم دوسری اننگز میں اچھا پرفارم کریں گے‘‘

    ساؤتھمپٹن: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی کا کہنا ہے کہ امید ہے فواد عالم دوسری اننگز میں اچھا پرفارم کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد عالم کے پرفارم نہ کرنے پر پورا پاکستان مایوس ہوا ہے مگر امید ہے کہ دوسری اننگز میں وہ اچھا پرفارم کریں گے۔

    عابد علی نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ اچھا اسکور سیٹ کریں لیکن بارش کی وجہ سے ہمارے بلے باز جلدی آؤٹ ہوگئے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جیمز اینڈرسن دنیا کے بہترین بولر ہیں اور میں اس چیز کو چیلنج سمجھ کر کھیل رہا تھا، میرا انگلینڈ میں پہلا ٹور ہے اس لیے مشکل پیش آئی لیکن کوچنگ ٹیم بہت محنت کررہی ہے دوسری اننگز میں اچھا کھیل پیش کروں گا۔

    اوپنر بلے باز نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں جلدی آؤٹ ہونے پر معذرت ہی کرسکتا ہوں، یونس خان بیٹنگ بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کا پہلا روز، پاکستان کی آدھی ٹیم 126 رنز پر آؤٹ

    واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ پہلے روز پاکستان کی بیٹنگ لائن پھر دھوکا دے گئی، پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنالیے، بابر اعظم 25 اور محمد رضوان 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    کپتان اظہر علی پہلے ٹیسٹ کی طرح دوسرے ٹیسٹ میچ میں ناکام ہوئے اور 85 گیندوں پر 20 رنز بنا کر چلتے بنے، 11 سال بعد ٹیسٹ میں واپسی کرنے والے فواد عالم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    اوپنر عابد علی نے 60 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی انہیں کرن نے برنس کے ہاتھوں کے کیچ آؤٹ کروایا، اسد شفیق 5 رنز بنا کر براڈ کی گیند پر سبلی کو کیچ دے بیٹھے۔

    انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اسٹیورٹ براڈ، کرن اور کرس ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

  • ’’قومی ٹیم کا دورہ انگلینڈ موجودہ صورتحال میں بڑا چیلنج قرار‘‘

    ’’قومی ٹیم کا دورہ انگلینڈ موجودہ صورتحال میں بڑا چیلنج قرار‘‘

    لاہور: قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے دورہ انگلینڈ کو موجودہ صورتحال میں ایک بڑا چیلنج قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو دیکھ کر تیاری کا موقع ملے گا، کوشش ہوگی کہ پرفارمنس کے تسلسل کو برقرار رکھوں۔

    عابد علی نے کہا کہ اس مرتبہ پچز مختلف ہوں گی کوشش کروں گا کہ خود کو ایڈجسٹ کرکے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔

    ٹیسٹ اوپنر نے کہا کہ پرفارمنس کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ کی سی سے بی کیٹیگری میں آیا ہوں، کوشش ہوگی کہ مزید بہتر کارکردگی دکھا کر ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کروں۔

    عابد علی نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ مختلف ہوگئی ہے، انگلینڈ جلد پہنچ کر تیاری کا موقع ملے گا، انگلینڈ کا دورہ کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔

    یہ پڑھیں: وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کو دورہ انگلینڈ کی اجازت دے دی

    واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 5 اگست کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم دوسرا، تیسرا ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی سیریز ساؤتھمپٹن میں کھیلے گی۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز 28 اگست سے یکم ستمبر تک کھیلی جائے گی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے لیے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں فواد عالم اور سرفراز احمد کے ساتھ ساتھ نوجوان حیدر علی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

  • بنگلادیش کیخلاف بھی میرا ڈیبیو ہے، عابد علی

    بنگلادیش کیخلاف بھی میرا ڈیبیو ہے، عابد علی

    راولپنڈی: سری لنکا کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کرنے والے پاکستانی کرکٹر عابد علی نے بنگلادیش کے خلاف بھی ٹیسٹ کو اپنے لیے ڈیبیو قرار دے دیا۔

    راولپنڈی میں جاری پاک بنگلادیش ٹیسٹ میچ کے حوالے سے عابد علی نے کہا کہ اسی میدان پر ڈیبیو کیا تھا اور اب  بنگلادیش کے خلاف بھی میچ میرے لیے ڈبیبو ہے۔

    عابد علی نے کہا کہ نیا میچ ہے نئی ٹیم ہے، اس لیے بنگلادیش کے خلاف بھی بیٹنگ ڈیبیو میچ کی طرح کرنا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیبیو میچ میں کامیاب رہا تھا اس میچ کے لیے پوری تیاری کی ہے، پنڈی کی وکٹ پر جو سیٹ ہوجاتا ہے وہ زیادہ اسکور کر سکتا ہے، ڈیبیو میچ کی پرفارمنس دہرانے کے لیے تیار ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں: عابد علی نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    اوپنر کا مزید کہنا تھا کہ اپنی باری کا انتظار ہے، حالات کے مطابق بیٹنگ کرنے کی کوشش کروں گا اور لمبی اننگز کھیلنے کا خواہشمند ہوں۔

    واضح رہے کہ عابد علی نے سری لنکا کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری اسکور کر کے عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے یہ سنگ میل سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پانچویں روز حاصل کیا تھا، وہ ون ڈے اور ٹیسٹ کیریئر کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔

    32 سالہ عابد علی نے رواں سال آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے ون ڈے میں ڈیبیو پر سنچری اسکور کر کے نہ صرف اپنی سلیکشن کو درست ثابت کیا تھا بلکہ دنیائے کرکٹ کی توجہ کا مرکز بھی بھی بن گئے تھے۔

  • عابد علی نے جاوید میانداد کی یاد تازہ کردی: رمیز راجہ

    عابد علی نے جاوید میانداد کی یاد تازہ کردی: رمیز راجہ

    کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ عابد علی کی اننگز دیکھ کر جاوید میانداد کی یاد تازہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے متعلق نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان ٹیم پر تبصرہ کرنا خطرے سے خالی نہیں یہ ٹیم کسی کو بھی کسی وقت غلط ثابت کرسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دو سیشن اتنا برا کھیلتے ہیں کہ میچ ہاتھ سے نکلتا نظر آتا ہے پھر اسی ٹیسٹ میں کم بیک بھی کرلیتے ہیں، پاکستان ٹیم ایک غیر مستقل مزاج کی حامل ٹیم ہے۔

    رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ عابد علی کی اننگز دیکھ کر انہیں جاوید میانداد کی ابتدائی شاندار اننگز یاد آگئیں جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی پھر ڈبل سنچری بھی داغ دی تھی، عابد علی نے مشکل وقت میں بڑی اننگز کھیلی۔

    پاکستان نے اننگز ڈکلیئر کردی، سری لنکا کو 476 رنز کا ہدف

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اظہر علی اگر پرفارم نہیں کریں گے تو ڈریسنگ روم میں کمزور پڑ جائیں گے، کپتان کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کا چوتھا روز ہے، قومی ٹیم نے 555رنز 3کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی اور سری لنکا کو 476رنز کا ہدف دے دیا۔

  • ’آخری سیشن میں منصوبہ بدلا‘

    ’آخری سیشن میں منصوبہ بدلا‘

    راولپنڈی: پاک سر زمین پر کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے بابر اعظم نے کہا ہے کہ چائے کے وقفے کے بعد پلان تبدیل کرتے ہوئے سنچری بنانے میں کامیاب ہوگیا۔

    سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے اختتام پر اپنے انٹرویو میں بابر اعظم نے کہا کہ کوشش یہی تھی کہ لمبا کھیلوں، چائے کے وقفے کے بعد منصوبہ بدلااورتیزکھیلا جس کی وجہ سے سنچری بنانے میں کامیاب ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ عابد علی نروس نائنٹیز کا شکار تھے مگر انہیں حوصلہ دیا اور وہ دباؤ سے باہر آئے، اوپنر نے زبردست باری کھیلی۔

    بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیل کر اچھا لگا، شائقین نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، امید ہے اگلے میچ میں بھی شائقین اسی اسپرٹ کو برقرار رکھیں گے۔

  • عابد علی نے عالمی ریکاڈ بیٹی کے نام کردیا

    عابد علی نے عالمی ریکاڈ بیٹی کے نام کردیا

    راولپنڈی: ٹیسٹ اور ون ڈے ڈیبیو میں سنچری بنا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے والے قومی ٹیم کے اوپنر عابد علی نے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری بیٹی کے نام کردی۔

    راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں روز عابد علی نے 201 گیندوں پر 109 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے بھی شامل تھے، انہیں شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: عابد علی نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    اس موقع پر عابد علی کا کہنا تھا کہ اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، میری کارکردگی والدین کی دعاؤں کانتیجہ ہے اورسنچری بیٹی کےنام کرتاہوں۔

    انہوں نے کہا کہ انتظار تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کاموقع ملے اور یہی سوچا تھا جب بھی موقع ملے رنز کروں گا، 90 رنز بنانے کےبعد دباؤ میں تھا مگر بابر اعظم نےحوصلہ دیا کہ تم سنچری اسکورکرسکتے ہو۔

    عابد علی کا کہنا تھا کہ بارش نےمیچ کا مزہ خراب کردیا تھا لیکن ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو میں سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔

    دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے یہ سنگ میل سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پانچویں روز حاصل کیا، وہ ون ڈے اور ٹیسٹ کیریئر کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین بن گئے ہیں۔

  • عابد علی نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    عابد علی نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

    راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو میں سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے یہ سنگ میل سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پانچویں روز حاصل کیا، وہ ون ڈے اور ٹیسٹ کیریئر کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین بن گئے ہیں۔

    32 سالہ عابد علی نے رواں سال آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے ون ڈے میں ڈیبیو پر سنچری اسکور کر کے نہ صرف اپنی سلیکشن کو درست ثابت کیا تھا بلکہ دنیائے کرکٹ کی توجہ کا مرکز بھی بھی بن گئے تھے۔

    راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں روز عابد علی نے 201 گیندوں پر 109 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے بھی شامل تھے، انہیں شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

    اسی اننگز میں ون ڈاؤن پلیئر بابر اعظم نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنائی، یہ ان کی پاکستان میں پہلی اور کیریئر کی تیسری ٹیسٹ سنچری ہے۔

  • کرکٹر عابد علی کا قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری پر اظہار تشکر

    کرکٹر عابد علی کا قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری پر اظہار تشکر

    کراچی: قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری بنانے پر کرکٹر عابد علی نے اظہار تشکر کیا ہے، انھوں نے کہا اپنا انفرادی ہائی اسکور کرنے پر خدا کا شکر ادا کرتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میں سندھ ٹیم کے بیٹسمین عابد علی نے ڈبل سنچری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کنڈیشن جیسی بھی ہو ہمیں اچھا کھیلنا ہے، فٹنس پر کام کر رہا ہوں۔

    عابد علی نے کہا کہ خواہش ہے کہ ہر فارمیٹ کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میچ میں ہم نے ٹیم پلان پر عمل کیا، میری کارکردگی بھی بہتر رہی، اب ڈومیسٹک کرکٹ اچھی ہو رہی ہے، پروفیشنل کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں۔

    تفصیل یہاں پڑھیں:  تاریخ میں پہلی بار قائداعظم ٹرافی کے میچز لائیو اسٹریم ہوں گے

    2007 میں فرسٹ کلاس ڈیبو کرنے والے عابد علی نے کہا کہ مجھے اچھا آغاز ملا، کارکردگی برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا، فٹنس پر بھرپور توجہ دے رہا ہوں۔

    واضح رہے کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت قائد اعظم ٹرافی کے ابتدائی راؤنڈ کا گزشتہ روزسے آغاز ہو گیا ہے، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں نو ٹاس قانون کا استعمال کرتے ہوئے مہمان بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    میچ میں بلوچستان کے خلاف ڈبل سنچری جڑتے ہوئے سندھ ٹیم کےعابد علی نے 249 رنز ناٹ آؤٹ کا بہترین انفرادی اسکور کیا، اکتیس سالہ کھلاڑی نے یہ سنگ میل 512 گیندوں پر 26 چوکوں کی مدد سے عبور کیا، وہ 712 منٹ کریز پر کھڑے رہے، ٹیم نے پانچ وکٹوں پر 473 رنز اسکور کر کے اننگ ڈیکلیئر کر دی۔

    عابد علی

    16 اکتوبر 1987 کو لاہور میں پیدا ہوئے، انھوں نے لسٹ اے ڈیبو 2005 میں کیا اور فرسٹ کلاس ڈیبو 2007 میں کیا، جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے انٹرنیشنل ڈیبو انھوں نے مارچ 2019 میں کیا۔ انٹرنیشنل ڈیبو کرنے سے قبل وہ 100 فرسٹ کلاس میچز میں 6700 رنز اسکور کر چکے تھے۔

    مارچ 2019 میں انھیں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ کے لیے منتخب کیا گیا، انھوں نے اپنا پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ 29 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔ یہ ایک یادگار میچ تھا جب عابد علی نے پہلے ہی میچ میں آسٹریلیا جیسی ٹیم کے خلاف سینچری اسکور کر لی۔

    عابد علی نے آؤٹ ہونے سے قبل 9 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی شان دار اننگز کھیلی، یہ پاکستان کی جانب سے ڈیبو کرنے والے ون ڈے بیٹسمین کا سب سے زیادہ اسکور تھا، یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ تیسرے پاکستانی کھلاڑی بنے۔

    اپریل 2019 میں عابد علی کو کرکٹ ورلڈ کپ کے پاکستان اسکواڈ میں ابتدائی طور پر شامل کیا گیا لیکن 20 مئی کو پی سی بی کی جانب سے فائنل اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تو انھیں ڈراپ کر دیا گیا۔