Tag: عادل الجبیر

  • سعودی عرب: ایک اور اہم شخصیت نے کرونا ویکسین لگوا لی

    سعودی عرب: ایک اور اہم شخصیت نے کرونا ویکسین لگوا لی

    ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بعد سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے بھی کرونا ویکسین لگوا لی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر مملکت و رکن کابینہ عادل الجبیر نے بھی ریاض میں اتوار کو کرونا ویکسین لگوا لی ہے، سعودی حکومت نے سب سے پہلے دارالحکومت ریاض میں کو وِڈ 19 ویکسین سینٹر قائم کیا ہے جو ملک بھر میں سب سے بڑا مرکز ہے۔

    سعودی گزٹ کے مطابق الجبیر ویکسین کی دوسری خوراک 20 روز بعد لیں گے، وزارت صحت کی ہدایت ہے کہ ویکسین لینے والے مقررہ نظام الاوقات کی پابندی کریں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں اعلیٰ شخصیات میں سب سے پہلے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 26 دسمبر کو کرونا ویکسین لگوائی تھی جس کے بعد سے تمام اعلیٰ عہدے دار ویکسین لگوا رہے ہیں۔

    سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبد العزیز آل شیخ نے بھی آج ویکسین کی پہلی خوارک لی ہے، انھوں نے اس موقع پر سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ سب لوگ پہلی فرصت میں کرونا ویکسین لیں، ان کا کہنا تھا یہ اللہ کی نعمتوں میں سے ایک ہے۔

    مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے بھی کرونا ویکسین لگوالی

    وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اب تک 7 لاکھ سے زیادہ افراد کرونا ویکسین کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

  • سعودی عرب کو عراق کی صورتحال پر سخت تشویش ہے: سعودی وزیر خارجہ

    سعودی عرب کو عراق کی صورتحال پر سخت تشویش ہے: سعودی وزیر خارجہ

    ریاض: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو عراق کی صورتحال پر سخت تشویش ہے، ہماری خواہش ہے کہ عراقی شہری امن و امان اور خوشحالی کی زندگی بسر کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب کو عراق کی تازہ صورتحال پر انتہائی تشویش ہے۔

    عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب اپنے برادر ملک کو جنگی کیفیت سے نکالنے کا خواہاں ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ عراقی شہری امن و امان اور خوشحالی کی زندگی بسر کریں۔

    سعودی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب، عراق کے ساتھ اس وقت تک کھڑا رہے گا جب تک وہ امن و استحکام کو مخدوش کرنے والی حالت سے باہر نہ نکل آئے اور امن و آشتی کے علاوہ اپنی عرب شناخت کی طرف نہ لوٹ آئے۔

    خیال رہے کہ امریکی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران نے بغداد میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے اور انہیں جوابی وار قرار دیا۔

    ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے، امریکا کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا آغاز ہو چکا۔

    پینٹاگون نے تصدیق کی کہ عراق میں 2 فوجی اڈے ایرانی حملوں کا نشانہ بنے۔ امریکی اور اتحادی افواج پر درجن سے زائد بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، ایرانی میزائلوں کا ہدف الاسد اور اربیل میں واقع فوجی اڈے تھے۔

    بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بیان دیا کہ حملے میں 80 ہلاکتیں ہوئیں، حملے سے متعلق اعداد و شمار فوجی حکام بتائیں گے۔

    حملے کے فوری بعد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں مناسب اقدام اٹھایا ہے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنے خلاف ہونے والی جارحیت کا دفاع کریں گے۔

  • اقوام متحدہ میزائلوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین فراہم کرے، عادل الجبیر

    اقوام متحدہ میزائلوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین فراہم کرے، عادل الجبیر

    ریاض: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میزائلوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین فراہم کرے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ یقین ہے تیل تنصیبات پر داغے گئے میزائل ایرانی ساختہ تھے، اقوام متحدہ تحقیقات کے لیے ماہرین فراہم کرے۔

    انہوں نے کہا کہ ارامکو حملے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ایران کو جواب دینے کے لیے تمام آپشنز پر غور کیا جائے گا، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تیل تنصیبات پر ہونے والے میزائل حملوں کا منبع ایران تھا۔

    سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نے حزب اللہ اور حوثی ملیشیا کو بیلسٹک میزائل فراہم کیے ہیں، خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے ایرانی اقدامات اور رویے کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: آئل فیکٹری پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنا جانتے ہیں: سعودی عرب

    عادل الجبیر نے کہا کہ ہم ایران کو جاب دینے کے لیے سفارتی محاذ پر کام کررہے ہیں، حوثی ملیشیا نے مملکت پر سینکڑوں میزائل فائر کیے اور یمن کو امداد پہنچانے میں رکاوٹیں پیدا کیں۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران پابندیاں ختم کرانے اور دوبارہ ہتھیار بنانے کی بھی کوشش کررہا ہے۔

    سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہونے والا جوہری معاہدہ کمزور ہے لہٰذا اس میں ترمیم ضروری ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر ہونے والے میزائل اور ڈرونز حملوں کے بعد مملکت میں تیل کی پیداوار نصف ہوکر رہ گئی ہے جو عالمی تیل منڈی کا چھ فیصد ہے۔

  • سعودی عرب سوڈان کے استحکام کے لیے مدد جاری رکھے گا، عادل الجبیر

    سعودی عرب سوڈان کے استحکام کے لیے مدد جاری رکھے گا، عادل الجبیر

    ریاض : سعودی عرب نے سوڈانی قوتوں کے درمیان مصالحتی معاہدے میں اہم کردار ادا کیا ہے، عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ سوڈانی قوم کو بیرونی مداخلت سے بچنے کے لیے مل کرآگے بڑھنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے کہا ہے کہ سوڈان میں فوج اور سیاسی قوتوں کے درمیان سمجھوتا ملک کی تعمیر نو، اقتصادی اور دفاعی ترقی کے اعتبار سے اہم سنگ میل ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سوڈان کے استحکام کے لیے ہرممکن معاونت جاری رکھے گا،انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے سوڈانی قوتوں کے درمیان مصالحتی معاہدے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سوڈانی قوم کو بیرونی مداخلت سے بچنے کے لیے مل کرآگے بڑھنا ہوگا۔

    خیال رہے کہ ہفتے کے روز سوڈان کی فوج اور اپوزیشن جماعتوں نے عالمی وفود کی موجودگی میں ایک تاریخی سمجھوتے پر اتفاق کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تاریخی معاہدے پر اپوزیشن کے احمد ربیع اور عسکری کونسل کے محمد حمدان دقلو المعروف حمیدتی نے دستخط کیے، اس موقع پر مصری وزیراعظم اور سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر سمیت کئی عالمی شخصیات موجود تھیں۔

  • فلسطینیوں کی بہتری کیلئے دی گئی تجویز کا خیر مقدم ہونا چاہیے، عادل الجبیر

    فلسطینیوں کی بہتری کیلئے دی گئی تجویز کا خیر مقدم ہونا چاہیے، عادل الجبیر

    ریاض : سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر وہ تجویز جس سے فلسطینیوں کے حالات کی بہتری کی راہ ہموار ہو اس کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے کہا ہے کہ جس امن فارمولے کو فلسطینی قوم قبول کرے گی اس پرعرب ممالک بھی اتفاق کریں گے۔

    عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے معاشی مسائل کے حل کی کوششوں کےساتھ ساتھ فلسطینیوں کے دیرینہ سیاسی حقوق کے حل کے لیے بھی موثر انداز میں کوشش کی جانی چاہیے تاکہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کو حقیقی معنوںمیں ختم کیا جا سکے۔

    فرانسیسی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں عادل الجبیر نے مشرق وسطی میں امن کے لیے امریکا کے اقتصادی منصوبے پر اپنا موقف بیان کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر وہ تجویز جس سے فلسطینیوں کے حالات کی بہتری کی راہ ہموار ہو اس کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔

    سعودی وزیر برائے امور خارجہ کا کہنا تھا کہ یہاں میں یہ کہوں گا کہ فلسطینیوں کے سیاسی حقوق کا حل حد درجہ اہم اور ناگزیر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اپنے حقوق اور مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کرنےکی مجاز ہے، جس تجویز سے فلسطینیوں کو اتفاق ہو عرب ممالک بھی اسے قبول کرلیں گے۔

    عادل الجبیر نے مزید کہا کہ سعودی عرب سنہ 1967ءکے عرب علاقوں پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی بیت المقدس کو فلسطینی مملکت کا دارالحکومت بنائے جانے کے مطالبے کی حمایت جاری رکھے گا۔

  • سعودی عرب ایران کے ساتھ کوئی جنگ نہیں چاہتا، عادل الجبیر

    سعودی عرب ایران کے ساتھ کوئی جنگ نہیں چاہتا، عادل الجبیر

    لندن: سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ کوئی جنگ نہیں چاہتا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری ایران کے جارحانہ کردار کو روک لگانے کے لیے پرعزم ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز کو بند کرتا ہے تو اس کو بہت ہی سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا، ایران کے جارحانہ کردار کی وجہ سے ہی صورت حال بہت سنگین ہوچکی ہے۔

    عادل الجبیر نے کہا کہ جب ایران بین الاقوامی جہاز رانی میں رخنہ ڈالے گا تو اس کے توانائی کی سپلائی پر اثرات مرتب ہوں گے اس سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر بھی اثرات ہوں گے۔

    انہوں نے ایران کے پڑوسی ملک عراق پر اثرات کے حوالے سے کہا کہ سعودی عرب انہیں کم سے کم کرنے کے لیے کام کررہا ہے اور بغداد کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط بنا رہا ہے۔

    عادل الجبیر کاکہنا تھا کہ برطانیہ کا سعودی عرب کو اسلحہ کی درآمدات روکنے سے صرف ایران کو فائدہ ہوگا، یمن میں ہتھیاروں کی تنصیب سعودی عرب کا قانونی حق ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ برطانوی عدالت کے فیصلے کا لائسنسک کے طریقہ کار سے کچھ لینا دینا نہیں، کچھ بھی غلط نہیں ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل برطانیہ کی عدالت نے کہا تھا کہ برطانوی حکومت نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت میں قانون کی پاسداری نہیں کی۔

  • جمال خاشقجی کے قتل پر اقوام متحدہ کی رپورٹ بے بنیاد ہے، عادل الجبیر

    جمال خاشقجی کے قتل پر اقوام متحدہ کی رپورٹ بے بنیاد ہے، عادل الجبیر

    ریاض: سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے جمال خاشقجی کے قتل پر اقوام متحدہ کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کچھ نیا نہیں یہ باتیں پہلے ہی میڈیا پر آچکی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں لگائے گئے بے بنیاد الزامات رپورٹ کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں، اقوام متحدہ نے اپنی غیر پابند رپورٹ میں پہلے سے میڈیا میں شائع اور نشر شدہ اشاعت کا اعادہ کیا ہے۔

    عادل الجبیر نے کہا کہ اس وقت سعودی عرب میں جمال خاشقجی قتل کیس کی تحقیقات اور ان کے قتل میں ملوث مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سعودی عدلیہ خاشقجی کیس میں مکمل بااختیار مجاز اتھارٹی ہے اور وہ مکمل آزادی کے ساتھ کام کررہی ہے۔

    مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد سے جمال خاشقجی کے قتل کی تفتیش ہونی چاہیے، اقوام متحدہ

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا اپنی رپورٹ میں کہنا تھا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے تفتیش ہونی چاہئے، شواہد موجود ہیں سعودی حکام قتل میں ملوث ہیں۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ سعودی صحافی کا قتل بین الاقوامی جرم ہے، قتل ماورائے عدالت ہے ذمے دارسعودی عرب ہے، سفارتی مراعات کاغلط استعمال کیاگیا، سعودی عرب کو ترکی سے معافی مانگنی چاہئے۔

    خیال رہے کہ واشنگٹن پوسٹ کے لیے خدمات انجام دینے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی گزشتہ سال 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی سفارت خانے میں اپنی منگیتر کے کاغذات لینے کے لیے گئے تھے، جہاں انھیں قتل کر دیا گیا۔

    بعد ازاں ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی سعودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے قتل کی تحقیقات کرنے کی درخواست کی تھی۔

  • پاکستانی سفیر کی سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

    پاکستانی سفیر کی سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

    ریاض: سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کی، اس دوران دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیر کی عادل الجبیر سے ملاقات سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہوئی جہاں دونوں عہدیداروں نے گرم جوشی سے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا۔

    اس دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی صورت حال اور خطے میں دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق بھی گفتگو کی اور دوطرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی کے عزم کا اظہار کیا۔

    سعودی وزیرخارجہ نے پاک سعودی دوستی کو عظیم قرار دیتے ہوئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔دونوں عہدیداران نے بڑے خوشگوار ماحول میں گفتگو کی۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستوں دنیا بھر میں مثالی رہی ہے، حال ہی میں سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی ولی عہد کی جانب سے ویزہ فیس میں کمی اور قیدیوں کی رہائی پر شکریہ ادا کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنون عادل الجبیر نے راجہ اعجاز کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی تھی اور اس امید کا اظہار کیا تھا کہ پاکستانی کے نئے سفیر کی آمد سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔

    پاکستان نے کشیدگی کم کرنے میں آگے بڑھ کر کردار ادا کیا، عادل الجبیر

    بعد ازاں راجہ اعجاز نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا، اُن کا کہنا تھا کہ خطے کی کشیدگی کم کرنے میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے، پاکستان امن قائم کرنے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائے گا۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے حکومت نے بہت اہم کردار ادا کیا۔

  • سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیرآج پاکستان آئیں گے، شاہ محمود قریشی

    سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیرآج پاکستان آئیں گے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ آج پاکستان آرہے ہیں، چین،  روس اور  امریکہ نے  پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیرخارجہ آج بروز جمعرات پاکستان آرہے ہیں، عادل الجبیر وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کریں گے، سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کو دوسراگھر قرار دیا ہے، یہ بات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں چین اور روس کے علاوہ امریکی وزیرخارجہ نے  بھی اپنا کردار ادا کیا ہے، ہم چین سے ہر مسئلے پر مشاورت کرتے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان امن کاخواہاں ہے اور امن کیلئے اپنی ہر مممکن کوششیں جاری رکھے گا، اس کے علاوہ پاکستان افغانستان میں بھی قیام امن کا خواہاں ہے، شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ بی جے پی سمجھتی ہے پاکستان سے تعلقات بہتر ہوئے تو اس کا ووٹ بینک متاثر ہوگا۔

    مزید پڑھیں : افغان طالبان سے مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے: امریکا

    واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں مائیک پومپیو نے دونوں ممالک سے براہ راست سفارتی رابطوں کی قیادت کی، امریکا نے پبلک ڈپلومیسی کے بجائے پرائیویٹ ڈپلومیسی سے کام لیا۔

    اس کے علاوہ اقوام متحدہ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے، سیکرٹری جنرل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر کشیدہ حالات کے باعث خطے میں امن کو شدیدخطرات لاحق ہیں، کشیدگی کم کرنے کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں۔

  • سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان میں تاخیر، اتوار کو پہنچیں گے

    سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان میں تاخیر، اتوار کو پہنچیں گے

    اسلام آباد : سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان میں تاخیر ہوگئی ہے، عادل الجبیر کا اتوار کو پاکستان پہنچنے کا امکان ہے، پاکستان سے قبل وہ کل بھارت کا دورہ کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ عادل الجبیر کو ولی عہد محمد بن سلمان کا اہم پیغام لے کر آج پاکستان پہنچنا تھا تاہم ان کے دورے میں تاخیر ہوگئی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عادل الجبیر کی آج پاکستان آمد متوقع تھی، ان کے دورے کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے مطابق وہ اب اتوار کے روز پاکستان پہنچیں گے۔

    ذرائع کے مطابق اس سے قبل وہ کل بروز ہفتہ بھارت کادورہ کرسکتے ہیں تاہم حتمی تفصیلات بدستور زیرغور ہیں۔ عادل الجبیر کے دورے کا مقصد پاک بھارت کشیدگی دور کرنے کےاقدامات کرنا ہے۔

    مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی ، سعودی وزیرخارجہ ولی عہدکا اہم پیغام لے کر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

    ذرائع کامزید کہنا ہے کہ سعودی وزیرخارجہ دورہ پاکستان میں ولی عہد کا خصوصی پیغام بھی لائیں گے، مجوزہ دورے میں ملاقاتوں کے ایجنڈا کوحتمی شکل دینے کا عمل جاری ہے، دو ملکی دورے کی تفصیلات نئے شیڈول کے مطابق ترتیب دی جارہی ہیں۔