Tag: عادل عباسی

  • نواز شریف مجرم ہیں ڈیل نہیں ہونی چاہیے، پرویز مشرف

    نواز شریف مجرم ہیں ڈیل نہیں ہونی چاہیے، پرویز مشرف

    اسلام آباد : سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نوازشریف کرپشن کے باعث نااہل ثابت ہو چکے ہیں اس لیے شریف برادران سے کوئی ڈیل نہیں ہونی چاہیے.

    وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں میزبان عادل عباسی سے گفتگو کر رہے تھے، پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا مقصد فوج پر دباؤ ڈالنا ہے جس کی انہیں پرانی بیماری ہے اور مجھے بھی دباؤ میں رکھنے کی کوشش کرتے رہے ہیں.

    ایک سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ نوازشریف کی سعودی عرب میں ڈیل سےمتعلق پتہ نہیں البتہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ سعودی عرب نے دونوں بھائیوں کو تحقیقات کے لیے بلایا ہوں کیوں کہ وہاں کرپشن کے خلاف مہم جاری ہے اور نواز و شہباز کے وہاں بھی کاروباری معاملات تھے.

    سربراہ آل پاکستان مسلم لیگ پریوز مشرف نے کہا کہ ملک مشکل دور گزر رہا ہے گو حکومت میرا راستہ روکنے کے لیے مختلف حربے اپنا رہی ہے اور ویزہ و پاسپورٹ کے حوالے سے مجھے تنگ بھی کیا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود میں درست موقع پرضرور پاکستان آؤں گا.

    انہوں نے جیو نیوز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میری غصے میں کہی گئی بات کو غلط رنگ دے کر پیش کیا گیا اور سب جانتے ہیں کہ میں نے خواتین کے حقوق کے لیے بہت کام کیے ہیں اور میرے ہی دور میں سیکڑوں خواتین نے میڈیا میں ملازمتیں حاصل کیں.

    پرویز مشرف نے کہا کہ بلاول بھٹو کم سن ہیں اس لیے اپنے سے بڑے عمر کے افراد کے لیے زبان و بیان میں تہذیب کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، انہوں نے مجھ پر اپنی والدہ کے قتل کا الزام لگا کر میرے خلاف نعرے بازی کروائی حالانکہ سب جانتے ہیں کہ بی بی کہ شہادت سے سب سے زیادہ فائدہ آصف زرداری کو ہوا.

    الیکشن کے انعقاد سے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ ملک کے حالات کشیدہ ہیں جو کہ انتخابات کے لیے موزوں نہیں اور اس سیاسی کھینچا تانی اور لڑائی جھگڑے کے دوران مجھے الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں.

    سابق صدر پرویز مشرف کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ پاکستان کا امریکا سے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور اس تعلقات میں اتار چڑھاؤ امریکا کی ہی وجہ سے آتا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں جس کا اعتراف کرنا چاہیے.

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن سے والدہ اور اہلیہ کی ملاقات پاکستان کا اچھا اقدام تھا جس سے پاکستان کے انسانی حقوق اور رواداری کے سے بھرپور کردار کا پتہ چلتا ہے جس کے لیے پوری دنیا کو پاکستان کا معترف ہونا چاہیے.

  • ایم کیوایم غدارجماعت ہےاس کودفن کرکے رہیں گے، انیس ایڈوکیٹ

    ایم کیوایم غدارجماعت ہےاس کودفن کرکے رہیں گے، انیس ایڈوکیٹ

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال نے فاروق ستار کے مطالبے پر مثبت کردار ادا کیا لیکن رابطے نیتوں کے اوپر ہوتے ہیں اور سب نے دیکھ لیا کہ کس کی نیت میں فتور تھا.

    وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں میزبان عادل عباسی کے سوالوں کے جوابات دے رہے تھے، انیس ایڈوکیٹ نے کہا کہ ایم کیو ایم والے اس قابل نہیں بچے کےعوام میں جا سکیں کیوں کہ چند نا سمجھ لوگ ایم کیوایم کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں.

    ایک سوال کے جواب میں انیس ایڈوکیٹ نے کہا کہ ایم کیوایم غدار کی پارٹی ہے اور اس کو دفن کر کے رہیں گے اور ایم کیو ایم بانی ایم کیو ایم کی تھی ، ہے اور رہے گی چنانچہ آج بھی لندن میں بیٹھا شخص ایم کیو ایم کے نام پر پاکستان کو بدنام کر رہا ہے اور را سے روابط رکھے جاتے ہیں اس لیے اس نام کو دفن کرنا ضروری ہے.

    انیس ایڈوکیٹ نے کہا کہ یاد گار شہداء مصطفیٰ کمال کی طرف سے دیا گیا تحفہ تھا لیکن ہم نے کبھی وہاں جانے کی بات نہیں کی لیکن صرف سیاست کی خاطر اور پرانی سیاست کو دوبارہ بیدار کرنے کے لیے فاروق ستار شہداء یادگار گئے میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ ہے، فاروق ستار اپنے والد کی قبر پرآخری بار کب گئے تھے؟

    انہوں نے کہا کہ ہرملک میں اسٹیبلشمنٹ محب وطن قوتوں کو سپورٹ کرتی ہے اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف محب وطن قوتوں کی ہی حمایت کی جاتی ہے اس میں کوئی اچنبھے کی بات نہیں ہے اور نہ ہی اس پر کسی کو معترض ہونا چاہیئے.

    ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اب کوئی بھتہ خورنہیں اس لیے یہاں کے لوگ خوش ہیں اور قیام امن کے بعد کراچی کی روشنیاں بحال ہوئیں اور لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے.

    شہلا رضا نے کہا ہے کہ فاروق ستار، مصطفیٰ کمال نے مہاجر لفظ کا سہارا لیکر پھر سے اٹھنے کی کوشش کی ہے لیکن پی ایس پی اور ایم کیو ایم میں اتحاد نہیں ہوسکتا تھا کیوں کہ ایک طرف فاروق ستار نے کہا کہ کارکنان کو لانڈری میں دھلنے کیلئے بھیجا جاتا ہے تو دوسری طرف مصطفیٰ کمال نے کا کہنا ہے کہ فاروق ستار نے اسٹیبلشمنٹ کے سے دباؤ ڈلوا کر ہمیں اتحاد کے لیے بلایا تھا.

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہان نے اپنی اپنی پریس کانفرنس میں اداروں پر سنگین قسم کے الزامات لگائے ہیں جو کہ ان اداروں کے تقدس پر حملے کے مترادف ہے چنانچہ ان الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیئے تاکہ لوگوں کے ذہنوں میں پیدا ہونے والے کنفیوژن ختم ہوں.

    ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر میاں عتیق نے اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف صابر شاکر کے سوال کے جواب میں کہا کہ میں آج بھی ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ مخلص ہوں اور انہوں نے غلط ووت کاسٹ کرنے پر بہ طور سزا مجھے معطل ضرورکیا ہے جسے میں نے دل سے قبول کیا ہے.

    انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیوایم پاکستان مجھ سے ٹکٹ واپس مانگتی تومیں واپس کردیتا لیکن انہوں نے صرف معطلی کی سزا سنائی ہے جسے میں نے من و عن قبول کیا ہے اور عمل سے ثابت بھی کیا ہےچنانچہ یہ سمجھ لینا کہ معطلی کی سزا سے ہمیشہ کے لیے دروازے بند ہوگئے ہیں غلط ہے.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔