Tag: عارف علوی

  • صدرِمملکت عارف علوی کی مزارقائد پرحاضری

    صدرِمملکت عارف علوی کی مزارقائد پرحاضری

    کراچی : صدر ِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آج کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، صدر بننے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ کراچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی حلف برداری کے بعد آج کراچی کا باقاعدہ دورہ کررہے ہیں ، انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

    قائد اعظم کے مزار کے موقع پر ان کے ہمراہ اگورنر سندھ عمران اسمعٰیل اور سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی بھی موجود ہے، ان کے علاوہ بھی شہر کی کئی معزز شخصیات نے صدرِ مملکت کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔

    اس موقع پر صدرِ مملکت نے حسبِ روایت مہمانوں کے تاثرات کی کتاب میں بحیثیت صدرِ مملکت اپنے تاثرات درج کیے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ان کی کفایت شعاری اور سادگی مہم کی مثال قائم کردی، عارف علوی عوامی انداز اپناتے ہوئے بغیر پروٹوکول کے عام طیارے میں کراچی پہنچے تھے ۔

    صدر پاکستان اپنا سامان بھی خود اٹھا کر لے لائے اور سامان اے ایس ایف کی اسکیننگ مشین پر خود اسکین کروایا، عارف علوی نے مسافروں کی لائن میں لگ کر اپنا بورڈنگ پاس بھی خود وصول کیا تھا ۔

    عارف علوی چار ستمبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں مولانا فضل الرحمن اوراعتزاز احسن کو شکست دے کر پاکستان کے تیرہویں صدر منتخب ہوئے تھے ،  انہوں نے 352 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے۔

  • صدرمملکت کی سادگی کی مثال، عارف علوی بغیر پروٹوکول اسلام آباد سے کراچی پہنچے

    صدرمملکت کی سادگی کی مثال، عارف علوی بغیر پروٹوکول اسلام آباد سے کراچی پہنچے

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی بغیر پروٹوکول عام طیارے کے ذریعے کراچی پہنچے، صدر پاکستان اپنا سامان بھی خود اٹھا کر لے لائے اوراسکین کروایا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ان کی کفایت شعاری اور سادگی مہم کی مثال قائم کردی، عارف علوی عوامی انداز اپناتے ہوئے بغیر پروٹوکول کے عام طیارے میں کراچی پہنچے۔

    صدر پاکستان اپنا سامان بھی خود اٹھا کر لے لائے اور سامان اے ایس ایف کی اسکیننگ مشین پر خود اسکین کروایا، عارف علوی نے مسافروں کی لائن میں لگ کر اپنا بورڈنگ پاس بھی خود وصول کیا۔

    اس موقع پر صدر پاکستان دیگر مسافروں کے ساتھ لاؤنج میں طیارے کا انتظارکرتے رہے، اس موقع پر وہ مسافروں میں گھل مل گئے ان کے ساتھ خوش گپیاں کیں اور سیلفیاں بھی بنوائیں، صدرعارف علوی نجی پروازای آر 503 کےذریعے کراچی پہنچے تھے۔

  • سعودی فرمانروا کی جانب سے صدرعارف علوی کوعہدے کا حلف اٹھانے پرمبارکباد

    سعودی فرمانروا کی جانب سے صدرعارف علوی کوعہدے کا حلف اٹھانے پرمبارکباد

    ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کو عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ڈاکٹرعارف علوی کو عہدے کا حلف اٹھانے پرمبارکباد دی اورکہا کہ سعودی عرب پاکستانی عوام کی مزید ترقی اور کامیابی کی خواہش مند ہے۔

    سعودی فرمانروا نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔

    دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے بھی صدر ڈاکٹرعارف علوی کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا صدر بننے پر مبارکباد دی گئی انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے دعاگو ہیں۔

    ڈاکٹرعارف علوی نےصدرپاکستان کےعہدے کا حلف اٹھا لیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 9 ستمبر کو صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے صدرڈاکٹرعارف علوی سے حلف لیا تھا۔

    صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ ہیں، وہ پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

  • نو منتخب صدرعارف علوی آج حلف اٹھائیں گے

    نو منتخب صدرعارف علوی آج حلف اٹھائیں گے

    اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نو منتخب صدر عارف علوی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، آئینی مدت پوری ہونے پر صدر ممنون حسین کل اپنے عہدے سے سبک دوش ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب صدر عارف علوی پاکستان کے تیرہویں صدر مملکت ہیں، آج دوپہر ایک بجے وہ ایوانِ صدر میں منعقد ہونے والی حلف برداری تقریب میں حلف اٹھائیں گے، تقریبِ حلف برداری کے لیے ایوان صدر میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

    سابق صدر ممنون حسین کو گزشتہ روز عہدے سے سبک دوش ہونے پر الوداعی گارڈ آف آنر دیا گیا، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انھیں سلامی دی، سابق صدر نے ایوانِ صدر کے عملے سے بھی الوداعی ملاقاتیں کیں۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نو منتخب صدر عارف علوی سے حلف لیں گے، تقریب میں وزیرِ اعظم عمران خان، مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفیروں، حکومتی وزرا اور سیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  صدر ممنون حسین کی صدارت کا آج آخری دن


    خیال رہے کہ نو منتخب صدر عارف علوی نے صدارتی الیکشن میں مولانا فضل الرحمان اور اعتزاز احسن کو شکست دی تھی، صدارتی انتخاب میں الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے عارف علوی 352 ووٹ لے کر فتح یاب قرار پائے، جب کہ مولانا فضل الرحمٰن 184 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر اور اعتزاز احسن 124 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

  • پاکستان کے بہادر سپاہیوں اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،عارف علوی

    پاکستان کے بہادر سپاہیوں اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،عارف علوی

    کراچی : نو منتخب صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کےبہادرسپاہیوں اورشہداکوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں،وعدہ کرتا ہوں سپورٹ اور دعائیں ان کے خاندانوں کے ساتھ رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق یوم دفاع و شہداء کے موقع پر نو منتخب صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا پاکستان کےبہادرسپاہیوں اورشہداکوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ان جوانوں کو خراج عقیدت جنہوں نےاپنی جانیں قربان کیں، وعدہ کرتاہوں سپورٹ،دعائیں ان کے خاندانوں کے ساتھ رہیں گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ یہ دن ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے۔ افواجِ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا افواجِ پاکستان کی قربانیوں سے مادروطن کےاستحکام کومزید دوام ملا، "ہمیں پیار ہے پاکستان سے”کا عنوان قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے، دہشتگردی کے خلاف بچوں،جوانوں،بوڑھوں اور عورتوں نے قربانیاں دیں۔

    مزید پڑھیں : یوم دفاع ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے، وزیراعظم عمران خان کا پیغام

    عمران خان نے کہا تھا پاک فوج کی جمہوریت، عالمی امن کے لئے کوششیں لائق تحسین ہیں، قوم اپنی افواج سے مل کر وطن کی حفاظت کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے جدوجہد جاری رہے گی، افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔

    خیال رہے ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا آج ملی جوش جزبے سے منایا جا رہا ہے، ہمیں پیار ہے پاکستان کے نام سے آئی ایس پی آر کی خصوصی مہم میں شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کو ملک بھر میں خراج تحسین دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

    شہدا کی یادگاروں پر پھول رکھے جارہےہیں جبکہ غازیوں اور شہدا کے ساتھیوں کے گھر جاکر ان سے محبت کا اظہار کیا جارہاہے ۔

    یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب رات آٹھ بجے جی ایچ کیو میں ہوگی، وزیر اعظم عمران خان مہمان خصوصی ہوں گے۔

  • عارف علوی صدر مملکت منتخب، حتمی و سرکاری نتیجہ جاری

    عارف علوی صدر مملکت منتخب، حتمی و سرکاری نتیجہ جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کے حتمی اور سرکاری نتائج جاری کردیے۔ پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی 352 الیکٹورل ووٹ لے کر صدر مملکت منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے باضابطہ طور پر صدارتی انتخاب کا حتمی و سرکاری نتیجہ جاری کردیا۔

    اس سے قبل کمیشن میں جاری اجلاس میں مجموعی نتائج کی تیاری کی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے بطور ریٹرننگ افسر فارم 7 پر نتائج مرتب کیے۔ ان کی نگرانی میں پولنگ بیگز کھولے گئے تھے۔

    اس موقع پر صدارتی امیدواروں کے نمائندے بھی الیکشن کمیشن میں موجود تھے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی 352 ووٹ لے کر فتحیاب قرار پائے۔

    مولانا فضل الرحمٰن 184 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر اور اعتزاز احسن 124 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب میں 1110 ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتخاب میں 28 ووٹ مسترد ہوئے جبکہ انتخاب میں ڈالے گئے درست ووٹوں کی تعداد 1082 ہے۔

    خیال رہے کہ ملک کے تیرہویں صدر کے لیے انتخاب کا انعقاد کل ہوا جس میں سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان نے خفیہ رائے شماری کی۔

    صدارتی امیدواروں میں پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور بقیہ اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمٰن تھے۔

    ووٹنگ کے بعد نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے عارف علوی فتحیاب ہو کر نئے صدر پاکستان بن گئے۔

    انہیں کاسٹ کیے گئے مجموعی 1 ہزار 82 ووٹ میں 352 ووٹ ملے، مولانا فضل الرحمٰن نے 184 اور اعتزاز احسن نے 124 ووٹ حاصل کیے۔

  • اسدعمرنے نو منتخب صدرسے ’ٹریٹ‘ کا مطالبہ کردیا

    اسدعمرنے نو منتخب صدرسے ’ٹریٹ‘ کا مطالبہ کردیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمرنے نو منتخب صدر عارف علوی کو مبارک باد دیتے ہوئے ساتھ ہی تقاضا بھی کر لیا کہ صدر بننے کی خوشی میں وہ ٹریٹ  دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے  اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹرعارف علوی کو مبارک باد تھی ، اور ساتھ ہی ٹریٹ کا مطالبہ بھی کیا۔

    اسد عمر نے اپنے ٹویٹ نو منتخب صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’ڈاکٹر! آپ نے ابھی تک پی ایس ایل فائنل والی نہاری بھی نہیں کھلائی اب صدر منتخب ہونے کی دعوت تو کھلا دیں۔‘

    نو منتخب صدر عارف علوی نے اسد عمر کے تقاضے پر لبیک کہتے ہوئے کہا ’آپ نے دعوت کیا خوب یاد دلائی، وہ تو میری ذمہ داری ہے۔‘

    تاہم اس موقع پر صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسد عمر کو ان کی ذمہ داری یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ’معیشت کو سنبھالا دینا ان کا کام ہے جو کسی اور کے بس میں نہیں‘۔

    صدارتی انتخاب 2018: عارف علوی تیرہویں صدر پاکستان منتخب ہوگئے

    عارف علوی نے کہا ’ہماری امیدیں آپ اور آپ کی ٹیم سے وابستہ ہیں، میری دعا ہے آپ کو کام یابی ملے۔‘ نو منتخب صدر نے مبارک باد دینے پر اسد عمر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    واضح رہے کہ آج ملک میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار عارف علوی پی پی کے اعتزاز احسن اور اپوزیشن کے مولانا فضل الرحمان کو شکست دیتے ہوئے تیرہویں صدرِ مملکت منتخب ہوگئے ہیں۔

  • "جب ہم جوان تھے”: وزیراعظم نے برسوں پرانی تصویر شیئر کردی

    "جب ہم جوان تھے”: وزیراعظم نے برسوں پرانی تصویر شیئر کردی

    اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ٹویٹر پر برسوں پرانی ایک یادگار تصویر شیئر کر دی.

    تفصیلات کے مطابق عارف علوی کے صدر پاکستان بننے کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے دو دہائیوں پرانی تصویر شیئر کی گئی.

    اس تصویر میں عمران خان کو ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ خوش گوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے.

    وزیر اعظم نے تصویر کے ساتھ لکھا: ’’ایام جوانی کی ایک جھلک۔ صدر پاکستان منتخب ہونے پر ڈاکر عارف علوی کو دلی مبارک باد.‘‘

    یاد رہے کہ آج صدارتی انتخاب میں ڈاکٹر عارف علوی نے واضح اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی.

    ان کے ووٹوں کی تعداد مولانا فضل الرحمان اور اعتراز احسن کے مجموعی ووٹوں سے زیادہ تھی. جیتنے کے بعد انھوں‌ نے ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلانے کے عزم کا اظہار کیا.

    واضح رہے کہ ڈاکٹر عارف علوی کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے بانی ارکان میں ہوتا ہے اور انھیں‌ پارٹی کے نظریاتی گروہ میں کلیدی حیثیت حاصل رہی.

  • بطور صدر آئین و قانون کے مطابق کام کروں گا، عارف علوی

    بطور صدر آئین و قانون کے مطابق کام کروں گا، عارف علوی

    اسلام آباد: نو منتخب صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ کامیابی پر اللہ تعالیٰ اور عمران خان کا شکر گزار ہوں، بطور صدر آئین و قانون کے مطابق کام کروں گا، کوشش کروں گا ہر غریب کے پاس چھت، روٹی، کپڑا  ہو۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نومنتخب صدر عارف علوی نے کہا کہ کامیابی پی ٹی آئی کے ورکرز کی جدوجہد کا نتیجہ ہے، اللہ مجھے صحیح کام کرنے کا موقع دے، مجھ ناچیز کا کوئی کمال نہیں ہے، ووٹ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    عارف علوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا پیغام اب حکومت کا پیغام بن گیا ہے، میں پی ٹی آئی کا نہیں پوری قوم ہر جماعت کا نومنتخب صدر ہوں، میری جیت پی ٹی آئی کے کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔

    نومنتخب صدر کا کہنا تھا کہ مجھے منتخب کرنے پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سیکیورٹی اور پروٹوکول میں فرق ہوتا ہے، سیکیورٹی ضرورت ہے، پروٹوکول کم سے کم ہونا چاہئے۔

    مزید پڑھیں: صدارتی انتخاب 2018: عارف علوی تیرہویں صدر پاکستان منتخب ہوگئے

    عارف علوی نے کہا کہ کوشش ہوگی ہر بے روزگار کو روزگار فراہم ہو، میری سیاسی جدوجہد ایوب خان کے دور سے چل رہی ہے، میری جہاں ضرورت ہوگی حاضر ہوں گا، ہر آدمی کی دہلیز تک انصاف جانا چاہئے، مریضوں کا علاج ہونا چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ جو بچے اسکول کے باہر ہیں انہیں اسکولوں میں ہونا چاہئے، بہتر انداز میں صدر کے عہدے پر کام کروں گا، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے جدوجہد کروں گا۔

  • صدارتی انتخاب 2018: عارف علوی تیرہویں صدر پاکستان منتخب ہوگئے

    صدارتی انتخاب 2018: عارف علوی تیرہویں صدر پاکستان منتخب ہوگئے

    اسلام آباد: غیرسرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی تیرہویں صدر پاکستان منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے 13 ویں صدار تی انتخاب کے بعد چھ ایوانوں کے نتائج سامنے آگئے ہیں، عارف علوی نے صدارتی انتخاب جیت لیا۔

    انتخاب میں  وفاقی پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں میں اراکین نے خفیہ رائے شماری کے تحت ووٹ کاسٹ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان بھی قومی اسمبلی پہنچے اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

    قومی اسمبلی اور سینیٹ کے نتائج

    صدارتی انتخاب کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ کےنتائج کا اعلان کر دیا گیا، عارف علوی  212 ووٹز لے کر پہلے نمبر پر رہے۔

    مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار فضل الرحمان کو131ووٹ ملے ہیں، پیپلزپارٹی کے اعتزازاحسن 81 ووٹ حاصل کر سکے۔ قومی اسمبلی وسینیٹ میں424ووٹ کاسٹ اور6ووٹ مستردہوئے۔

    صوبائی اسمبلیوں کے نتائج

    صدارتی انتخاب میں پولنگ کے نتائج کچھ یوں رہے:

    بلوچستان اسمبلی سے تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی کو 45 ووٹ ملے، جبکہ فضل الرحمٰن کو 15 ووٹ ملے۔

    سندھ اسمبلی میں عارف علوی کو 56 اور اعتزاز احسن کو 100 ووٹ ملے۔ مولانا فضل الرحمٰن کو صرف ایک ووٹ ملا۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے 6 ارکان نے اعتزاز احسن کو ووٹ دیا۔

    خیبر پختونخواہ اسمبلی کے نتائج کا اعلان بھی کردیا گیا۔ خیبر پختونخواہ سے عارف علوی کو 78 اور مولانا فضل الرحمٰن کو 34 ووٹ ملے۔

    خیبر پختونخواہ اسمبلی سے اعتزاز احسن کو 5 ووٹ ملے۔ 2 ووٹ مسترد بھی ہوئے۔

    پنجاب اسمبلی کےنتائج آخر میں سامنے آئے۔  عارف علوی کو پنجاب اسمبلی سے 186ووٹ ملے ، فضل الرحمان کو 141، جب کہ اعتزاز احسن کو 6  ووٹ ملے، جب کہ 18ووٹ مسترد ہوئے۔


    صدارتی انتخاب کے لیے 10 بجے پولنگ کا آغاز ہوا جو سہ پہر 4 بجے تک جاری رہا۔ ووٹنگ کے لیے اراکین کو قومی اسمبلی کا کارڈ ساتھ لانا لازمی قرار دیا گیا۔

    صدر کے انتخاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی، پاکستان پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن اور مسلم لیگ ن سمیت دیگراپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مولانا فضل الرحمان صدارتی امیدوار تھے۔

    انتخاب میں ریٹرننگ افسر کی ذمہ داری چیف الیکشن کمشنر نبھا رہے تھے، جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور سینیٹ وقومی اسمبلی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داری سرانجام دیے۔

    پولنگ کا عمل مکمل ہونے پر پزیزائیڈنگ افسران نے پول ووٹ کی تفصیلات کا اعلان کیا۔  حتمی نتیجے کا چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کریں گے۔

    عارف علوی نے مجموعی طور پر 353،مولانا فضل الرحمان 185 جب کہ اعتزاز احسن نے مجموعی طور پر 124 ووٹز حاصل کیے۔

    صدارتی انتخاب کا طریقہ کار

    مملکت خداداد پاکستان میں صدارتی انتخاب کا الیکٹورل کالج پارلیمنٹ یعنی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے علاوہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے کل 11 سو 70 ارکان پر مشتمل ہوتا ہے لیکن ان میں سے ہر رکن کا ایک ووٹ شمار نہیں کیا جاتا۔

    آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے سب سے چھوٹی اسمبلی یعنی بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی مناسبت سے ہر صوبائی اسمبلی کے پینسٹھ ووٹ شمار ہوتے ہیں جبکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ہر رکن کا ایک ووٹ گنا جائے گا۔

    اس طرح مجموعی ووٹوں کی تعداد 702 بنتی ہے۔ ان میں سے اکثریتی ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار ملک کا صدر منتخب ہو گا۔ نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ قومی اسمبلی، سینٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

    اسلام آباد کے پارلیمنٹ ہاؤس میں پریزائیڈنگ افسر چیف الیکشن کمشنر جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے پریزائیڈنگ افسران متعلقہ صوبے کے ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز ہوں گے۔

    آئین میں درج طریقے کے مطابق پریزائڈنگ افسر ہر رکن کو اس کی متعلقہ اسمبلی ہال کے اندر ایک بیلٹ پیپر فراہم کرے گا جس میں صدارتی امیدواروں کے نام چھپے ہوں گے۔

    ہر رکن خفیہ طریقے سے اپنے پسندیدہ امیدوار کے نام کے سامنے نشان لگا کر اس کے حق میں اپنا ووٹ دے گا۔ یہ بیلٹ پیپر پریزائڈنگ افسر کے سامنے پڑے ہوئے بیلٹ بکس میں ڈالا جائے گا۔

    پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ہر پریزائڈنگ افسر انتخاب لڑنے والے امیدواروں یا ان کے نمائندوں کے سامنے بیلٹ بکس کھولے گا اور اس میں موجود ووٹ ان افراد کے سامنے گنے جائیں گے۔ ووٹوں کی اس گنتی سے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کیا جائے گا۔

    کون ہوگا ایوانِ صدر کا اگلا مکین؟

    چیف الیکشن کمشنر چاروں صوبائی اسمبلیوں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد انہیں اکٹھا کریں گے اور زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے شخص کو ملک کا منتخب صدرقرار دیں گے۔

    اگر دو یا زیادہ امیدوار ایک جتنے ووٹ حاصل کریں تو فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا۔

    چیف الیکشن کمشنر گنتی مکمل ہونے کے بعد منتخب امیدوار کے نام کا اسی وقت قومی اسمبلی میں اعلان کریں گے اور اس سے وفاقی حکومت کو بھی آگاہ کریں گے جو ان نتائج کا سرکاری اعلان کرے گی۔ نو منتخب صدر سے ملک کے چیف جسٹس آئین کے مطابق حلف لیں گے۔

    واضح رہے کہ ملک کے 12 ویں صدرممنون حسین کے عہدے کی میعاد رواں ماہ 9 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے۔