Tag: عارف علوی

  • کفایت شعاری مہم، صدر اور وزیراعظم کیمپ آفسز ختم کرنے کا فیصلہ

    کفایت شعاری مہم، صدر اور وزیراعظم کیمپ آفسز ختم کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کفایت شعاری مہم کی ایک اور نئی مثال قائم کردی۔ حکومت نے صدر اور وزیراعظم کا کیمپ آفسز بنانے کا اختیار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مذکورہ آفسز کے خاتمے کے لیے صدر اور وزیراعظم کے اختیار سے متعلق ایکٹ 1975میں ترمیم لائی جائے گی۔ ترمیم کا مسودہ تیار لیا گیا، کل وفاقی کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    سمری میں کہا گیا ہے کہ صدر اور وزیراعظم کیمپ آفسز ختم کرنے کا فیصلہ کفایت شعاری مہم کا حصہ ہے۔ صدر، وزیراعظم دفاتر اور رہائش کے علاوہ کوئی کیمپ آفس نہیں بناسکیں گے۔ ترمیم کابینہ سے منظوری کے بعد بل کی شکل میں پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔

    کفایت شعاری مہم ،حکومت کی سرکاری گاڑیوں کی خریداری اور نئی نوکریوں پر پابندی

    صدر اور وزیراعظم کے کیمپ آفسز ختم کرنے کا فیصلہ اخراجات میں کمی کے لیے کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اخراجات میں 63 کروڑ سے زائد کی بچت کی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ ملک میں وزیراعظم نے کفایت شعاری مہم کا آغاز کررکھا ہے، جس کے تحت سرکاری افسران کے اخراجات میں کمی لاکر عوامی امور پر خرچ کرنا ہے، جو ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

  • صدر مملکت ملک میں‌ جاری آٹے کے بحران سے لا علم نکلے

    صدر مملکت ملک میں‌ جاری آٹے کے بحران سے لا علم نکلے

    کراچی: شہر قائد میں بچوں کے سب اہم سرکاری اسپتال میں ایک ایک بیڈ پر 5،5 بچے دیکھ کر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی افسوس کیے بنا نہ رہ سکے، دریں‌ اثنا، صدر مملکت ملک میں‌ جاری آٹے کے بحران سے لا علم نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صدر عارف علوی نے این آئی سی ایچ کا اچانک دورہ کیا، انھوں نے ایک بیڈ پر پانچ پانچ بچوں کو لیٹا دیکھ کر صورت حال پر افسوس کا اظہار کیا، انھوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی ایچ آنے کا مقصد اچانک دورہ کرنا تھا تاکہ اصل حقایق کا پتا چلایا جا سکے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ایک ایک بیڈ پر 5،5 بچے لٹائے گئے ہیں جو افسوس ناک ہے، این آئی سی ایچ جیسے یونٹس سندھ میں اور بھی بننے چاہئیں، این آئی سی ایچ کو مزید 5 سو بستروں کی ضرورت ہے، انکوبیٹر جلنے کے واقعے کے بعد وزیر اعظم نے مجھ سے کہا تھا کہ اسپتالوں کا دورہ کریں، انکوبیٹر جلنے کے واقعے پر بھی تفصیلات لیں گے، 70 کے قریب انکوبیٹر اسپتال میں موجود ہیں، 5 منٹ میں آگ تو بجھ گئی تھی لیکن بچے کی جان تو گئی، یہ اچھی بات تو نہیں۔

    کراچی سے خیبر تک آٹے کا بحران، غریب کو روٹی کے لالے پڑ گئے

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر یہ اسپتال وفاق کے پاس جا رہے ہیں، منتقلی کے دوران مریضوں کو نقصان نہ ہو اس پر کار بند ہیں، مریضوں کو اسپتال کی بہ جائے باہر سے دوائیں لینی پڑ رہی ہیں۔

    دریں اثنا، ملک بھر میں آٹے کا بحران ہے لیکن صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی شہریوں کی پریشانی سے لا علم نکلے، ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آٹے کے بحران کا علم نہیں، لیکن پتا ہونا چاہیے، حکومت نے مہنگائی کم کرنے کے دعوے کیے تھے لیکن یہ دعوے خزانے کی صورت حال معلوم ہونے سے پہلے کے ہیں۔

  • منشیات کے خاتمےکے لیے گورنر سندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں، عارف علوی

    منشیات کے خاتمےکے لیے گورنر سندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں، عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ منشیات کے خاتمےکے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسداد منشیات پر آگاہی مہم، تعلیمی اداروں سے خاتمے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر گفتگو کے ساتھ انسداد منشیات کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سی پی ایل سی میں انسداد منشیات سیل سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ اے این ایف، پولیس، سی پی ایل سی کے تعاون سے آگاہی مہم جاری ہے۔

    اس موقع پر صدرِ پاکستان نے کہا کہ منشیات کے خاتمےکے لیے گورنرسندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نےکہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے، ملوث عناصر کے خلاف بھرپور ایکشن لینا وقت کا تقاضہ ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نوجوان نسل کو موذی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے تسلسل سے آگاہی مہم چلانا ہوگی، والدین بچوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

  • منشیات کا استعمال افراد کو ہی نہیں خاندان تباہ کر دیتا ہے، عارف علوی

    منشیات کا استعمال افراد کو ہی نہیں خاندان تباہ کر دیتا ہے، عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ منشیات کا استعمال افراد کو ہی نہیں خاندان تباہ کر دیتا ہے، دنیا میں 90 فیصد منشیات افغانستان میں پید ا ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے منشیات نذر آتش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں 10ہزار ٹن سالانہ افیون پیدا ہو رہی ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ منشیات کا استعمال افراد کو ہی نہیں خاندان تباہ کر دیتا ہے، دنیا میں 90 فیصد منشیات افغانستان میں پید ا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں پر خصوصی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

    حکومت نئی نسل کومنشیات سے بچانے کے لئے جہاد کر رہی ہے، شہریار آفریدی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر نارکو ٹکس شہر یار آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت نئی نسل کومنشیات سے بچانے کے لیے جہاد کر رہی ہے، ڈرگ رپورٹس کو خفیہ رکھنے کا مقصد نوجوانوں کو نشے کی لت سے بچانا ہے۔

    شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ طالب علم اپنے ساتھیوں کو منشیات کے استعمال سے بچائیں، طالب علموں کے ڈرگ ٹیسٹ اور ان کے علاج کا پلان بنایا، چرس، کوکین ، شیشہ یہ فیشن نہیں ذلت ورسوائی کے گڑھے ہیں۔

  • پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے: صدر مملکت

    پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے: صدر مملکت

    کراچی: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ابھرتے خطرات کے پیش نظر ملکی بحری سرحدوں اور خطے کے بحری مفادات کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی میں 112 ویں مڈ شپ مین اور 21 ویں شارٹ سروس کمیشن پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول اکیڈمی آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔

    صدر مملکت نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اورنمایاں کارکردگی دکھانے والے مڈ شپ مین اور کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔

    پاس آؤٹ ہونے والے افسران سے اپنے خطاب میں صدر پاکستان نے کہا کہ افسران اپنے آبا کی روایات اور قوم کی توقعات پر پورا اتریں۔ دوست ممالک کے کیڈٹس کی ٹریننگ کے ذریعےخطے میں امن اور ہم آہنگی کے حصول میں نیول اکیڈمی کا کردار اہم ہے۔

    پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 199 افسران نے پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں 53 غیر ملکی اور 7 خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔ مڈ شپ مین نوید احمد نے اعزازی شمشیر حاصل کی۔

  • ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اطلاق سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی،عارف علوی

    ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اطلاق سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی،عارف علوی

    اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اطلاق سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ڈیجیٹل معاشرے میں پائیدار ترقی کےعنوان سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پائیدارترقی کے لیےغریب،امیر میں عدم مساوات ختم کرنا ہوگی۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اطلاق سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مقامی طور پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے احساس پروگرام کو کامیاب کرنے میں معاونت ملے گی، احساس پروگرام ملک میں غربت کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خواتین کو بھی سماجی بہبود کے مختلف پروگراموں میں بھرپور نمائندگی دی جا رہی ہے، حکومت ڈیجیٹل سلوشنز کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام آبادی تک ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اطلاق سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی، پائیدار ترقی کے لیے غریب اور امیر میں معاشرتی تفریق ختم کرنا ہوگی، ہمیں پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

  • خواتین پر تشدد کے بارے میں معاشرتی سطح پر سوچنا ہوگا: صدر مملکت

    خواتین پر تشدد کے بارے میں معاشرتی سطح پر سوچنا ہوگا: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خواتین پر تشدد کے خلاف قانون موجود ہے لیکن عملدر آمد کی ضرورت ہے، ہمیں معاشرتی سطح پر اس مسئلہ پر سوچنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ایوان صدر میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس مسئلے پر قانون ہے لیکن عملدر آمد کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرتی سطح پر اس مسئلہ پر سوچنا ہوگا۔ ایسے مسائل پر عوام میں آگاہی انتہائی ضروری ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد سے متعلق تحریک انصاف کی پالیسی واضح ہے، حکومت نے خواتین پر تشدد سے متعلق سخت اقدامات کیے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزیر اعظم نے وزیر قانون کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ معاشرے سے اس برائی کے خاتمے کے لیے آگاہی کو بڑھانا ہوگا۔

  • پاک فضائیہ کے اہل کاروں کی مہارت سے متاثر ہوا ہوں: صدر عارف علوی

    پاک فضائیہ کے اہل کاروں کی مہارت سے متاثر ہوا ہوں: صدر عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملکی فضائی سرحدوں کی نگرانی میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے، میں فضائیہ کے اہل کاروں کی مہارت اور صلاحیت سے متاثر ہوا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت پاک فضائیہ کی سونمیانی فائرنگ رینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ ملکی دفاع، سالمیت اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتے، پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتا ہے،ہماری مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا پیشہ ورانہ قابلیت، مہارت اور بہادری میں پاک فضائیہ کا مقابلہ نہیں، کامرہ میں ایوی ایشن سٹی کے قیام کے منصوبے کو سراہتا ہوں، پاک فضائیہ کے جوان پائلٹس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، خطے کے کئی ممالک پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کے معترف ہو چکے ہیں۔

    تازہ ترین: پاک فضائیہ کا سونمیانی فائرنگ رینج میں فائر پاور کا مظاہرہ

    عارف علوی نے اس موقع پر کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حق خود ارادیت کا مطالبہ کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، پوری دنیا نے بھارتی جارحیت پر پاکستان کے رد عمل کو سراہا ہے۔

    واضح رہے کہ پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے سونمیانی میں فائر پاور کا مظاہرہ کیا، فائر پاور کا مقصد پاک فضائیہ کے جدید حربی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ تھا جب کہ فائر پاور میں پاک فضائیہ کے پائلٹس کو پیشہ ورانہ مہارت دکھانے کا موقع ملتا ہے۔

    فائرنگ رینج میں پاک فضائیہ کے کمانڈوز نے انسداد دہشت گردی کارروائی کا بھی مظاہرہ کیا، ایئر فورس کے لڑاکا طیاروں نے برق رفتاری سے اہداف کو نشانہ بنایا۔

  • صنعتوں میں اضافہ، درختوں میں کمی عالمی حدت کی بڑی وجہ ہے،عارف علوی

    صنعتوں میں اضافہ، درختوں میں کمی عالمی حدت کی بڑی وجہ ہے،عارف علوی

    لاہور: صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ صنعتوں میں اضافہ اور درختوں میں کمی عالمی حدت کی بڑی وجہ ہے، بچوں ، نوجوان نسل کو عالمی حدت کے منفی اثرات سے آگاہ کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انسانی شخصیت مختلف جذبات کا مجموعہ ہے، انفرادی شخصیت کی طرح قوموں کا اجتماعی شعور بھی ہوتا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ جس معاشرے میں ذہنی دباؤ، گھٹن، نفرت ہوگی اس کا اظہار قومی سطح پر بھی ہوگا، جو افراد امن پر یقین رکھتے ہیں ان کی اجتماعی سوچ بھی امن کی داعی ہوگی۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ معاشرے میں مساوات کو فروغ دے کر ذہنی دباؤ،گھٹن کم کی جاسکتی ہے، عدم مساوات افراد، معاشروں میں کئی مسائل کی وجہ بنتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی حدت میں اضافہ موجودہ دور کا بڑا چیلنج بن کر سامنے آئے گا، بچوں، نوجوان نسل کو عالمی حدت کے منفی اثرات سے آگاہ کرنا ہوگا، صنعتوں میں اضافہ، درختوں میں کمی عالمی حدت کی بڑی وجہ ہے۔

    صدر مملکت نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل پاکستانی ثقافت کی دنیا بھر میں سفیر ہے، 2008 زلزلے کے بعد نوجوانوں نے امدادی کاموں میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کی خرابیوں کی بجائے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

  • صدر عارف علوی نے بے نامی ٹرانزیکشن سمیت 8 آرڈیننسز کی منظوری دے دی

    صدر عارف علوی نے بے نامی ٹرانزیکشن سمیت 8 آرڈیننسز کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بے نامی ٹرانزیکشن آرڈیننس سمیت 8 نئے آرڈیننسز کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے حقوق خواتین اور وراثتی سرٹیفکیٹ آرڈیننس، لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی آرڈیننس اور نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی۔

    صدر مملکت عارف علوی نے جن دیگر آرڈیننسز کی منظوری دی ہے ان میں سپیریئر کورٹس ڈریس آرڈیننس، بے نامی ٹرانزیکشن آرڈیننس، کورٹ آف سول پروسیجر آرڈیننس، وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجی لینس کمیشن آرڈیننس شامل ہیں۔

    نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت پانچ کروڑ روپے سے زائد کرپشن کے قیدی کو جیل میں سی کلاس ملے گی، آرڈیننس فوری نافذ العمل ہو گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی کابینہ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی

    یاد رہے کہ 22 اکتوبر کو وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئے قوانین آرڈیننس کے ذریعے نافذ کرنے جب کہ نیب ترمیمی آرڈیننس اور بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ 2017 کے ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دی گئی تھی۔

    اس سے قبل ہونے والے کابینہ اجلاس میں رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام، سی ڈی اے کی ری اسٹرکچرنگ اور سیکٹر جی 6 میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کام کی بھی منظوری دی گئی تھی، کابینہ نے لنگر خانوں کے قیام کی پالیسی کی بھی منظوری دی تھی، لنگر خانے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائے جائیں گے۔