Tag: عارف علوی

  • پاکستان میں امراض قلب کے سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، عارف علوی

    پاکستان میں امراض قلب کے سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، عارف علوی

    راولپنڈی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دل کی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، امراض قلب کے سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (اے ایف آئی سی) راولپنڈی میں بین الاقوامی الیکٹرو فزیولوجی کی سالانہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اے ایف آئی سی میں بین الاقوامی الیکٹرو فزیولوجی سالانہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، ترکی اوردیگر ممالک کے مندوبین نے شرکت کی، اس کے علاوہ ایڈجوٹنٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر، کمانڈنٹ اے ایف آئی سی ودیگر موجود تھے۔

    قریب سے خطاب میں داکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ملک میں دل کی بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے، امراض قلب کے سد باب کیلئے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔

  • میری ٹائم مشق امن2019خطے کو مزید پُرامن اور محفوظ بنائے گی، صدر عارف علوی

    میری ٹائم مشق امن2019خطے کو مزید پُرامن اور محفوظ بنائے گی، صدر عارف علوی

    کراچی : صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ کثیرالملکی میری ٹائم مشق”امن 2019“تمام میری ٹائم شراکت داروں کی مشترکہ کاوشوں سے خطے کو مزید پُرامن اور محفوظ بنائے گی“۔

    یہ بات انہوں نے میری ٹائم مشق امن کے فلیٹ ریویو کے دوران بحیثیت مہمان خصوصی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہی۔ تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے زیراہتمام منعقد ہونے والی کثیرالملکی میری ٹائم مشق امن شمالی بحیرہ عرب میں بحری حربی تدبیروں اور انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔

    مشق میں46ممالک نے”امن کے لیے متحد“کے عزم کے تحت حصہ لیا۔​شمالی بحیرہ عرب میں مشق کے اختتامی سمندری فیز کے دوران منعقدہ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے مہمانِ خصوصی صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تھے۔46ممالک کے بحری اثاثوں بشمول جنگی بحری جہازوں، ہیلی کاپٹرز، اسپیشل آپریشنز فورسز اور مندوبین نے مشق میں حصہ لیا۔

    ​پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک بحریہ کے سینئر افسران نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔

    اس موقع پر وزیر دفاع، وزیر برائے دفاعی پیداوار، وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اور چیف آف ایئر اسٹاف بھی موجود تھے۔

    اس کے علاوہ سفیروں، اعلیٰ عسکری حکام، مختلف ممالک کے دفاعی و نیول اتاشیوں اور اعلیٰ حکام بھی انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے موقع پر موجود تھے۔

    ​مہمانِ خصوصی نے مختلف آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا جن میں سطح سمندر سے مقررہ اہداف کو نشانہ بنانے کی فائرنگ اور سمندر میں ایک جہاز سے دوسرے جہاز کو تیل کی فراہمی اورمختلف بحری جنگی تدابیر کا مظاہرہ شامل تھا۔

    فلیٹ ریویو کے دوران مشق میں شریک ممالک کے ایئر کرافٹ اور ہیلی کاپٹرز کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔
    بعدازاں مشق میں حصہ لینے والے جہازوں نے میری ٹائم خطے میں اتحاد اور ہم آہنگی کے اظہار کے لیے روایتی ”امن فارمیشن“ بنائی۔

    ​صدر پاکستان نے اس بڑی مشق کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کو مبارک باد پیش کی اور خطے میں قیام امن و استحکام کے ضمن میں پاکستان کے عزم کو سراہا۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے مشق میں کثیر تعداد میں ہم خیال ممالک کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مشق میری ٹائم شراکت داروں کی مشترکہ کاوشوں سے خطے کو مزید پُرامن اور محفوظ بنائے گی۔

    انہوں نے مختلف النوع میری ٹائم خطرات سے نبرد آزما ہونے اور خطے میں امن و عامہ کو یقینی بنانے کے لیے عسکری تعاون پر زور دیا۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے سری لنکن، زمبابوے بحریہ کےحکام نے خصوصی ملاقاتیں کیں۔

    دو مراحل میں منعقد ہونے والی مشق امن کا ہاربر فیز کے دوران عالمی میری ٹائم کانفرنس، سیمینارز، مباحثوں، جہازوں کے باہمی دوروں، ملاقاتوں، انٹرنیشنل بینڈ ڈسپلے، انسدادِ بحری دہشت گردی کی مشقوں، ثقافتی میلے اور فوڈ گالا کا انعقاد کیا گیا۔

    سمندری فیز میں ہاربر فیزکے دوران حتمی شکل پانے والی آپریشنل سرگرمیوں اور منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا جبکہ انٹرنیشنل فلیٹ ریویوسمندری فیز کا حصہ تھا۔

     

  • قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کا معاملہ، صدر کی ایم کیو ایم کو تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کا معاملہ، صدر کی ایم کیو ایم کو تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی

    کراچی: صدر پاکستان عارف علوی اور ایم کیو ایم  کے وفد کے درمیان گورنر ہاؤس کراچی میں اہم ملاقات ہوئی ہے.

    تفصیلات کے مطابق یہ ملاقات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے ایم کیوایم پاکستان کے تحفظات کی تناظر میں‌ ہوئی.

    گورنر ہاؤس میں صدرپاکستان عارف علوی ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملے، اس موقع گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے.

    ملاقات میں صدر نے ایم کیو ایم کو تمام تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چلیں گے ، تمام تحفظات دور کیے جائیں گے.

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے قائمہ کمیٹیوں میں نمائندگی کے بجائے چیئرمین شپ کا مطالبہ کیا ہے. خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایم کیوا یم کو شماریات کی قائمہ کمیٹی کی پیش کش کی گئی تھی، مگر ایم کیو ایم نے اس پیش کش کو قبول کرنے سے انکار دیا.

    مزید پڑھیں: کراچی: صدر عارف علوی کا سی پی ایل سی دفتر کا دورہ

    ایم کیو ایم پاکستان نے نے داخلہ، انسانی حقوق اور توانائی کی کمیٹیوں کا مطالبہ کیا ہے، صدر پاکستان اور پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ایم کیو ایم کو یقین دلایا ہے کہ ان کے تحفظات دور کیے جائیں گے.

    یاد رہے کہ گذشتہ روز نعیم الحق نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی تھی، جس میں عمران خان کا ساتھ دینے اور عثمان بزدار کے خلاف تمام سازشیں ناکام بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا.

  • پاکستان خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مل کرکام کرنا چاہتا ہے، صدرعارف علوی

    پاکستان خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مل کرکام کرنا چاہتا ہے، صدرعارف علوی

    کراچی: صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس 2019 کے افتتاحی سیشن سے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ عالمی بحری قوتوں کے ساتھ مشترکہ مشقیں عالمی امن اور خوشحالی کے لئے پاکستان کے عزم کی مظہر ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق ’بدلتی ہوئی عالمی جغرافیائی سیاست، بحر ہند میں میری ٹائم ڈائنامکس پر غور و فکر‘ کے عنوان کے تحت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز کے زیر اہتمام سہ روزہ انٹر نیشنل میری ٹائم کانفرنس کا آغاز آج ہوگیا۔

    صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کانفرنس کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی تھے، چیف آف د ی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔انٹر نیشنل میری ٹائم کانفرنس پاک بحریہ کی کثیر الملکی مشق امن کے حوالے سے منعقد کی گئی ہے۔

    کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے بلیو اکانومی اور بحری وسائل کے موثر استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا یہ امر پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بحرہنددنیا بھر کے لئے خوراک، میری ٹائم نقل وحمل اور توانائی کی سپلائی کا اہم راستہ ہے اور اس خطے میں موجود بڑی قوتوں کی یہاں موجودگی موجودہ پیچیدہ سیکیورٹی ماحول میں اس کی اہمیت کو مزید بڑھاتی ہے۔

    صدر پاکستان نے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن2019 کی صورت میں خطے کی اور عالمی بحری قوتوں کے ساتھ مشترکہ مشقیں عالمی امن اور خوشحالی کے لئے پاکستان کے عزم کی مظہر ہیں۔پاکستان خطے کا اہم ملک ہونے کے حیثیت سے خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مل جل کر کام کرنا چاہتا ہے تاکہ خطے کی عوام کے لئے امن، استحکام اور معاشی خوشحالی کے مشترکہ مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔

    قبل ازیں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے افتتاحی خطبے میں تمام مہمانوں اور شرکاءکو خوش آمدید کہا اور انڈین اوشن ریجن میں امن واستحکام کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔نیول چیف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے عالمی میری ٹائم تعاون کا خواہاں رہا ہے اور کمبائنڈ میری ٹائم ٹاسک فورس150 اور151 کا اولین رکن ہونے کے ناطے افرادی قوت اور مادی معاونت کے حوالے سے ان کمبائنڈ فورسز میں سب سے زیادہ اعانت کرتا رہا ہے۔

    قومی سطح پر پاک بحریہ نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد بحر ہند کے اہم حصوںکی سیکیورٹی یقینی بنانا ہے۔پاکستان کو اس خطے میں اہم مقام پر واقع ہونے کے باعث مختلف چیلنجز کا سامنا کرنے کی تیاری اور میری ٹائم سیکٹر میں بہتری لانے کے لئے ایک موثر حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

    ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ روائتی اور غیر روائتی خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے جنگی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی خاطر دنیا بھر کی بحری افواج کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اور چھٹی امن مشق کا انعقاد عالمی امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا ثبوت ہے ۔

    اپنے خطبہ استقبالیہ میں ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز ، وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) سید خاور علی شاہ نے انٹر نیشنل میری ٹائم کانفرنس کے مقاصد کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔ علاوہ ازیں ڈیل ہاؤس یونیورسٹی کینیڈا کے سینٹر برائے اسٹڈی آف سیکیورٹی اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ریسرچ فیلو جناب ڈیوڈ این گریفتھ نے Security myths and paradigm traps: Strategic thinking of the 21st Century کے موضوع پر خطاب کیا۔

    ؤافتتاحی سیشن کے بعد دو اکیڈمک سیشنز بھی منعقد کیے گئے جن میں متعدد قومی اور بین الاقوامی اسکالرز کے علاہ کینیڈا، چین، روس، ایران، مالدیپ اور سری لنکا کے شعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اپنے پیپرز پیش کئے۔

  • بھارت جتنی بھی کوشش کرلے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا، صدر عارف علوی

    بھارت جتنی بھی کوشش کرلے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا، صدر عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے جدوجہد خود ارادیت کو خون کا رنگ دیا، بھارت جتنی بھی کوشش کرلے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ بڑھتا جارہا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ کشمیر کانفرنس کا ہونا خوش آئند ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، آج بھی اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں، مقبوضہ کشمیر آج بھی تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔

    صدر عارف علوی نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا استعمال کررہا ہے، بھارتی فوج نے گزشتہ کئی ماہ میں سیکڑوں کشمیریوں کو شہید کیا، کشمیر پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں۔

    مزید پڑھیں: کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے: صدر مملکت

    انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیریوں کو کرنا ہے، پاکستان کی امن کی خواہش کو بھارت نے ہمیشہ مسترد کیا ہے۔

    واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلاتفریق حمایت کرتے ہیں، کشمیریوں کو ہر دور میں طاقت سے دبانے کی کوشش کی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ قربانیاں دینے والی ماؤں، بیٹیوں اور نوجوانوں کو سلام، کسی قوم کے جذبات اور احساس کو دیر تک دبایا نہیں جا سکتا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گمنام قبریں تاریخ رقم کر رہی ہیں، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ پاکستان ہر اعتبار سے کشمیر کو سپورٹ کرتا رہا ہے۔

  • اسمگلنگ کی روک تھام میں کسٹم کا بہت اہم کردار ہے‘ عارف علوی

    اسمگلنگ کی روک تھام میں کسٹم کا بہت اہم کردار ہے‘ عارف علوی

    کراچی : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ روکنے کے لیے کسٹم کو سیسہ پلائی دیوارکا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے کسٹم ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسٹم ہاؤس میوزیم کا دورہ کرنے پر تاریخ سے روشناس ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام میں کسٹم کا بہت اہم کردار ہے، منشیات کی اسمگلنگ کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ منشیات اسمگلنگ روکنے کے لیےکسٹم کو سیسہ پلائی دیوارکا کردار ادا کرنا ہوگا، معاملات بہترکرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی ضروری ہے۔

    کراچی: کسٹم حکام کی کارروائی، لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 10 ویلر ٹرک میں 65 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل کوئٹہ سے کراچی اسمگل کیا جا رہا تھا کہ کسٹم حکام نے انڈس ہائی وے جیکب آباد چیک پوسٹ کے قریب کارروائی کی جس کے دوران ملزمان فرار ہوگئے تھے جبکہ حکام نے ایرانی ڈیزل اورٹرک تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا تھا۔

    واضح رہے کہ 6 دسمبر2018 کو کراچی میں کسٹم حکام نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی تھی۔

  • ساہیوال کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے‘ عارف علوی

    ساہیوال کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے‘ عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ساہیوال کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے، قاتلوں کوقرار واقعی سزا دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرصدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جن بچوں کے سامنے والدین کوشہید کیا گیا ان کے ذہن پرکتنے مضراثرات ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم بچوں کے ذہنوں کی صورت حال کا اندازہ بھی نہیں لگا سکتے، حکومت بچوں کا خیال رکھے گی تاہم والدین کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔

    صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ ساہیوال کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے، قاتلوں کوقرارواقعی سزا دی جائے۔

    ساہیوال واقعے پر ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں‘ وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ ساہیوال واقعے پر ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پریشان ہوں، بچوں کی آنکھوں کے سامنے والدین کوگولیاں ماری گئیں، صورت حال انتہائی تکلیف دہ ہے۔

    ساہیوال: مبینہ جعلی مقابلے میں دوخواتین سمیت 4 افراد ہلاک، بچہ زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز جی ٹی روڈ پر ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے۔

    عینی شاہدین کے مطابق کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں، نہ مزاحمت کی، گاڑی سے اسلحہ نہیں بلکہ کپڑوں کے بیگ ملے۔

  • نماز جمعہ کی ادائیگی : صدر مملکت عارف علوی نے شہریوں سے معذرت کرلی

    نماز جمعہ کی ادائیگی : صدر مملکت عارف علوی نے شہریوں سے معذرت کرلی

    کراچی : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقامی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے موقع پر ان کی وجہ شہریوں کی مشکلات پر معذرت کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ سیکیورٹی کی وجہ سے ایسا ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان عارف علوی کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی کی مسجد بلال میں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے پہنچے تو ان کی آمد پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتطامات کیے گئے تھے، جس کے سبب نماز جمعہ کیلئے آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    انہیں مسجد میں داخل ہونے کے لیے لائن میں لگ کر جانا پڑا۔ اس موقع پر نمازیوں نے ان کے اس اقدام کی سخت الفاظ مین مذمت بھی کی، ایک شہری نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سارے منظر کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردی، مذکورہ ویڈیو میں شہری کا کہنا تھا کہ حکومت سے ہمیں اسی تبدیلی کی توقع تھی، شکریہ عمران خان۔

    بعد ازاں ویڈیو وائرل ہونے پر صدر پاکستان نے نوٹس لیا اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جس مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے گیا اس کے باہر لوگوں کی قطار کی تصاویر دیکھیں، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ باہر ایسا ہورہا ہے۔

    صدرمملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ اپنے ہمسایوں سے معذرت خواہ ہوں، ایسی نماز کا ثواب بھی ختم ہوجاتا ہوگا جس سے لوگوں کو تکلیف پہنچے۔

  • کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی بنائیں گے: صدر مملکت

    کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی بنائیں گے: صدر مملکت

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی میں تبدیل کریں گے، اس حوالے سے میئر کو بریفنگ دینے کا کہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے ڈاکٹرز اپنے عہد پر عمل پیرا رہیں گے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں ابتدائی 15 سے 20 سال اہم ہوتے ہیں، طلبا کی کامیابی پر اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ میڈیکل کے شعبے میں جدت آرہی ہے۔ کانووکیشن تعلیم مکمل کرنے والوں کے لیے ایک خوبصورت احساس ہے

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی میں تبدیل کریں گے، اس حوالے سے میئر کراچی وسیم اختر کو بریفنگ دینے کا کہا ہے۔ ’میئر کے پاس وسائل کم ہیں اور ہمیں اس کا احساس ہمیشہ سے ہے‘۔

  • انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے: صدر مملکت

    انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو بیدار اور متحد کیا۔ انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول قومی المیہ ہونے کے ساتھ تجدید عہد کا بھی دن ہے۔ معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو بیدار اور متحد کیا۔

    صدر عارف علوی نے شہدائے آرمی پبلک اسکول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم شہدا اور ان کے لواحقین کی قربانیوں کو یاد رکھے گی۔

    انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف کامیاب لڑائی پر سیکیورٹی فورسز کی معترف ہے، انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔ 4 سال قبل آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدلانہ حملہ کیا اور 147 طلبا و اساتذہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بدترین دہشت گردانہ کارروائی کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا اور پہلے سے زیادہ قوت سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔