Tag: عازمین

  • حج سے محروم رہ جانے والے عازمین کیلئے بڑی خوشخبری

    حج سے محروم رہ جانے والے عازمین کیلئے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد(2 اگست 2025): پیسے جمع کرانے کے باوجود رواں برس حج سے محروم رہ جانے والے عازمین کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق حج سے محروم رہ جانے والے عازمین انہی پیسوں میں آئندہ برس حج کرسکیں گے، پرائیویٹ حج آپریٹرز ہوپ نے وزارت مذہبی امور کو یقین دہانی کرا دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ آپریٹرز عازمین سے کوئی اضافی رقم وصول نہیں کریں گے، ہوپ نے وزارت مذہبی امور کو یقین دہانی کرائی ہے کہ  آئندہ برس 25 سے 26 ہزار عازمین کو حج پر بھجوائے گی اس کی تصدیق وزیر مذہبی امور نے بھی کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ روان سال رہ جانے والے عازمین کے 36 ارب روپے سعودی عرب میں ہیں، سعودی بینکوں میں پاکستانی عازمین کے 490 ملین ریال موجود ہیں، پرائیویٹ حج آپریٹرز عازمین سے کوئی اضافی رقم نہیں لیں گے۔

    گزشتہ سال پرائیویٹ حج  آپریٹرز 63  کے کوٹے پر مکمل بکنگ نہیں کر سکے تھے جس کی وجہ سے 26 ہزار عازمین پیسے جمع کروانے کے باوجود حج نہیں کرسکے تھے اس معاملے پر سینیٹ کمیٹی نے وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ آپریٹرز کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

  • سعودی عرب: دنیا کی جدید ترین سمارٹ موبائل ایمبولینس متعارف

    سعودی عرب: دنیا کی جدید ترین سمارٹ موبائل ایمبولینس متعارف

    سعودی عرب میں وزارتِ صحت نے مکہ مکرمہ میں عازمین کی خدمت اور نگہداشت کے لیے فالج ’اسٹروک‘ کے علاج کی پہلی موبائل ایمبولینس متعارف کرائی ہے جو موقع پر فوری تشخیص اور علاج کی سہولت سے آراستہ ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ یونٹ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اپنی نوعیت کی پہلی موبائل اسٹروک ایمبولینس ہے جو مریض کے مقام پر ہی طبی ٹیکنالوجی اور کلینیکل مہارت کو پہنچاتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اس سے طبی ٹیم اسپتال منتقلی کے وقت کو بروئے کار لا کر فوری طبی امداد فراہم کر سکتی ہے جو شفا یابی اور زندگی بچانے کے امکانات کو بڑھا دیتی ہے، طویل مدتی معذوری کے خطرے کو کم کرتی ہے۔

    اس یونٹ میں ایک ویکیولر نیورولوجسٹ (دماغی اعصاب کا ماہر)، کریٹیکل کیئر نرس، ایمبولینس ٹیکنیشن اور سی ٹی اسکین ٹیکنیشن شامل ہوتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق یہ ٹیم متاثرہ شخص کو اسپتال لے جانے سے پہلے ہی گاڑی کے اندر دماغی بافتوں اور دماغی شریانوں کا معائنہ کر سکتی ہے جس سے اسٹروک کی علامات کی وجہ کا فوری تعین ممکن ہوتا ہے، اور موقع پر ہی فوری طبی امداد فراہم کی جاسکتی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت صحت نے عازمین حج کو خاص ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’براہ راست سورج کی گرمی سے خود کو محفوظ رکھیں، کوشش کریں کہ زیادہ دیر باہر نہ ٹہریں، چھتری کا استعمال ضرور کریں۔

    رپورٹ کے مطابق وزارت صحت نے مشاعر مقدسہ میں ’ہیٹ اسٹروک‘ سے بچنے کے لیے پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق انسانی جسم گرمی کی شدت کو 10 سے 15 منٹ تک برداشت کر سکتا ہے جس کے بعد ہیٹ اسٹروک کا خدشہ لاحق ہو سکتا ہے۔

    ہیٹ سٹروک یا لو لگنے کی علامات کے حوالے سے بتایا گیا کہ شدید سردرد، چکر آنا، زیادہ پسینہ، شدید پیاس اور متلی کا احساس ہوتا ہے۔ اس صورت میں فوری طبی مداخلت ضروری ہوجاتی ہے۔

    15 لاکھ سے زیادہ عازمین حج مقدس سرزمین پہنچ گئے

    رپورٹس کے مطابق ان علامات کی صورت میں متاثرہ شخص کے جسم کو فوری طور پر ٹھنڈا کیا جائے ہاتھوں، چہرے اور گردن کو ٹھنڈے پانی سے دھویا جائے اور کسی سایہ دار یا ایئرکنڈیشن جگہ پر لے جانے کے بعد زیادہ مقدار میں ٹھنڈا پانی پینے کے لیے دیں تاکہ ’لو‘ کے اثرات کو کم کیا جاسکے۔

  • حج 2025، مفتی اعظم سعودی عرب کا اہم بیان

    حج 2025، مفتی اعظم سعودی عرب کا اہم بیان

    سعودی عرب کے مفتی اعظم، سینئر سکالرز کی کونسل کے چیئرمین اور جنرل پریزیڈنسی برائے علمی تحقیق و افتا کے صدر الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مفتی اعظم سعودی عرب کا کہنا تھا کہ عبادات کے لیے سرکاری اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے اس سال 1446 ہجری کے حج کے عازمین کے لیے ایک ہدایت میں کی۔

    رپورٹس کے مطابق مفتی اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اجازت کے بغیر حج کرنا ایک سنگین شرعی خلاف ورزی ہے کیونکہ اس سے نظام اور مفاد عامہ کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

    اُنہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حج حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنا حکمران کے احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے اور شریعت کے منافی عمل ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی اجازت کے بغیر حج کرتا ہے وہ مذہبی گناہ کا مرتکب ہوتا ہے کیونکہ اس سے امن عامہ کو نقصان پہنچتا ہے اور شریعت کے ان مقاصد کو نقصان پہنچتا ہے جن کا مقصد نظم و ضبط کو برقرار رکھنا، افراتفری کو روکنا اور لوگوں کے مفادات کو حاصل کرنا ہے۔

    تمام عازمین حج پر بھی زور دیتے ہوئے مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ وہ وزارت صحت کی طرف سے تجویز کردہ صحت سے متعلق حفاظتی ٹیکے لگوانے کو یقینی بنائیں۔

    واضح رہے کہ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک مختلف ممالک سے 13 لاکھ 30 ہزار 845 عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق حج 2025 کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے فضائی، بری اور بحری ذرائع سے عازمین کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ کے مطابق جمعرات دو ذو الحجہ تک زمینی راستے سے 64 ہزار883، بحری ذریعے سے 5 ہزار 88 جبکہ فضائی ذریعے سے 12 لاکھ 60 ہزار 874 عازمین مملکت پہنچ چکے ہیں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری پورٹس پر حجام کرام کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    سعودی عرب: 13 لاکھ سے زائد عازمین حج مقدس سرزمین پہنچ گئے

    ملک کے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے امیگریشن ہالز میں کوالیفائیڈ عملہ اور جدید تیکنیکی ڈیوائسز نصب کی گئی ہیں۔

  • میدان عرفات، منیٰ اور مزدلفہ میں عازمین کیلیے کیا سہولتیں ہیں؟

    میدان عرفات، منیٰ اور مزدلفہ میں عازمین کیلیے کیا سہولتیں ہیں؟

    سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں مناسک حج کی ادائیگی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشاعر مقدسہ میں عازمین حج کو گرمی سے محفوظ رکھنے کیلیے میدان عرفات کو جانے والے راستوں پر بڑی تعداد میں درخت لگائے گئے ہیں۔

    سعودی میڈیا کے مطابق میدان عرفات جانے والے تمام راستوں پر جگہ جگہ شیڈز لگائے گئے ہیں، علاوہ ازیں وادی مزدلفہ اور دیگر مقامات پر روشنی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق میدان عرفات اور وادی منیٰ کے مختلف مقامات پر ہر 500 میٹر بعد سروس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں فرسٹ ایڈ اور دیگر سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

    ترقیاتی منصوبے کے تحت 15 ہزار مربع میٹر رقبے پر سبزہ لگایا گیا ہے جن میں پودے اور گھاس وغیرہ شامل ہے جس سے ماحول خوشگوار ہو سکے گا۔مختلف مقامات پر 240 پھوار والے ٹاور، 12 بڑی چھتریاں اور 14 تجارتی مراکز تعمیر کیے گئے ہیں۔

    میدان عرفات سے مزدلفہ جانے کے لیے لچکدار راستے بنائے گئے ہیں،جسے گزشتہ برس تجرباتی طورپر بنایا گیا تھا تاہم اس سال اس کے دوسرے مرحلے کو مکمل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کیلیے دنیا بھر سے عازمین حج کے قافلے روزانہ کی بنیاد پر مقدس سرزمین کا رخ کررہے ہیں۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات 24 ذو القعدہ تک بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد 8 لاکھ 20 ہزار 665 تک پہنچ گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق زمینی راستے سے 35 ہزار 478 عازمین مملکت پہنچے جبکہ بحری ذرائع سے آنے والے عازمین کی تعداد دو ہزار 822 رہی۔ سب سے زیادہ عازمین فضائی راستے سے مملکت پہنچے جن کی تعداد 7 لاکھ 82 ہزار358 ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری پورٹس پر عازمین کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    سعودی عرب میں غیر قانونی حج روکنے کیلئے ڈرونز کا استعمال

    یاد رہے کہ مملکت کے تمام بین الاقوامی پورٹس کے امیگریشن ہالز میں کوالیفائیڈ عملہ اور جدید تیکنیکی ڈیوائسز کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب: مدینہ منورہ ایئرپورٹ پرعازمین کے لیے بڑی سہولت

    سعودی عرب: مدینہ منورہ ایئرپورٹ پرعازمین کے لیے بڑی سہولت

    سعودی عرب میں ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی ’سدایا‘ کی جانب سے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عازمین کی سہولت کیلیے 20 ’ای گیٹس‘ نصب کردیئے گئے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سدایا اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر عازمین حج کو بہتر اور تیز ترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے امیگریشن اور دیگر اداروں کے تعاون سے مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دیا جارہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سدایا نے عازمین کے امیگریشن کی کارروائی کو تیز اور آسان بنانے کے لیے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیزبین الاقوامی ہوائی اڈے پر ای گیٹس کے علاوہ 30 سے زائد ’پاسپورٹ ریڈر‘ ڈیوائسز کا بھی اہتمام کیا ہے تاکہ امیگریشن کی کارروائی میں عازمین کو کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ پر سدایا سینٹر کی ٹیموں کو بھی مستقل بنیادوں پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشکل یا سسٹم ڈاون ہونے کی صورت میں فوری طور پراسے درست کیا جاسکے۔

    مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد کے ٹرمنل پر اضافی عملے کو تعینات کیا گیا ہے، جبکہ فنگر پرنٹ اسکینگ کے لیے جدید ترین سسٹم پر مشتمل 4 حساس یونٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے شاہ فہد جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے گردوں کے امراض میں مبتلا عازمین کیلیے خصوصی طورپر ڈائیلاسیس سینٹر قائم کردیا ہے۔

    شاہ فہد ہسپتال میں گردوں کے امراض کے لیے مخصوص وارڈ میں عازمین کے لیے علیحدہ سیکشن قائم کردیا گیا ہے تاکہ وہ عازمین جنہیں گردوں کے امراض کی شکایت ہے انہیں ڈائیلاسیس کے لیے کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔

    مدینہ صحت مرکز کے مطابق بیمار عازمین کے لیے مخصوص کیے جانے والے وارڈ میں ڈائیلاسیس کے 13 جدید ترین یونٹس فراہم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے یومیہ 26 ڈائیلاسیس سیشنز کیے جاسکتے ہیں۔

    سعودی عرب: عازمین حج ’ای سم‘ کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

    رپورٹس کے مطابق صحت مرکز کی جانب سے غیرملکی حج مشنز سے مستقل بنیادوں پر رابطہ رکھا جاتا ہے تاکہ بیمار عازمین کا ڈیٹا حاصل کیا جائے اور انہیں ضرورت پڑنے پر بروقت ڈائیلاسیس کی سہولت مہیا کی جاسکے۔

  • سعودی عرب: گردوں کے امراض میں مبتلا عازمین کیلیے خصوصی ڈائیلاسیس سینٹر قائم

    سعودی عرب: گردوں کے امراض میں مبتلا عازمین کیلیے خصوصی ڈائیلاسیس سینٹر قائم

    سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے شاہ فہد جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے گردوں کے امراض میں مبتلا عازمین کیلیے خصوصی طورپر ڈائیلاسیس سینٹر قائم کردیا ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شاہ فہد ہسپتال میں گردوں کے امراض کے لیے مخصوص وارڈ میں عازمین کے لیے علیحدہ سیکشن قائم کردیا گیا ہے تاکہ وہ عازمین جنہیں گردوں کے امراض کی شکایت ہے انہیں ڈائیلاسیس کے لیے کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔

    مدینہ صحت مرکز کے مطابق بیمار عازمین کے لیے مخصوص کیے جانے والے وارڈ میں ڈائیلاسیس کے 13 جدید ترین یونٹس فراہم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے یومیہ 26 ڈائیلاسیس سیشنز کیے جاسکتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق صحت مرکز کی جانب سے غیرملکی حج مشنز سے مستقل بنیادوں پر رابطہ رکھا جاتا ہے تاکہ بیمار عازمین کا ڈیٹا حاصل کیا جائے اور انہیں ضرورت پڑنے پر بروقت ڈائیلاسیس کی سہولت مہیا کی جاسکے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ بدھ 23 ذو القعدہ تک بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد 7 لاکھ 17 ہزار 044 سے زائد ہوچکی ہے۔

    وزارت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’اب تک جاری کئے جانے والے حج ویزوں میں سے 49 فیصد افراد مملکت پہنچ چکے ہیں‘۔

    وزارت کے مطابق ’عازمین حج تین اہم راستوں کے ذریعے مملکت میں داخل ہوئے۔ سب سے زیادہ عازمین ہوائی راستے سے آئے ہیں جن کی تعداد 6 لاکھ 91 ہزار 429 ہے‘۔

    سعودی عرب: عازمین حج ’ای سم‘ کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

    سمندری راستوں کے ذریعے آنے والے عازمین کی تعداد 2821 رہی‘ جبکہ ’زمینی راستوں سے تقریباً 22 ہزار 794 عازمین آئے۔

    وزارت کا کہنا تھا کہ ’یہ سب ایک مربوط نظام کے تحت انجام دیا گیاہے جس کی نگرانی حکومتی، سیکیورٹی اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ماہرین کر رہے ہیں‘۔

  • کراچی سے حج پر جانے والے عازمین کے لئے اچھی خبر آگئی

    کراچی سے حج پر جانے والے عازمین کے لئے اچھی خبر آگئی

    کراچی : کراچی سے حج پر جانے والے عازمین کے لئے اچھی خبر آگئی، عازمین روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت مستفید ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت تیاریاں شروع کردی گئیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ عازمین کی امیگریشن کے لئے 6 کاؤنٹرز بنائے جائیں گے ، کاؤنٹرز سعودی امیگریشن کاعملہ روڈ ٹو مکہ کے تحت عازمین کی امیگریشن مکمل کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ 35 سے زائد سعودی ٹیکنیکل ٹیم اور امیگریشن کا عملہ کل کراچی پہنچےگا، عازمین کے لئے 23 اور 24 برج مختص کئے گئے ہیں اور عازمین کے بیٹھنے کی سہولت کےلئےانتظامات کئے جا رہے ہیں۔

    رواں سال بھی کراچی سے جانیوالے عازمین منصوبے کے تحت مستفید ہوں گے، حج آپریشن 28 اور 29 اپریل سے شروع ہوجائے گا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر25 تاریخ تک انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے، عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : اس سال کون سے ایئرپورٹ روڈ ٹو مکہ منصوبے میں شامل ہیں؟

    یاد رہے وزارت مذہبی امور نے ڈائریکٹرجنرل (ڈی جی) سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مراسلہ جاری کیا تھا ، جس میں منصوبے کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئیں۔

    مراسلے میں بتایا گیا تھا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اس سال بھی روڈ ٹو مکہ منصوبہ شامل ہے، اسلام آباد اور کراچی سے جانے والے عازمین منصوبے سے مستفید ہوں گے۔

  • حج 2025 کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، ٹول فری نمبرز جاری

    حج 2025 کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، ٹول فری نمبرز جاری

    سعودی عرب میں حج 2025 کی تیاریاں پورے زور و شور سے جاری ہیں، وزارت حج وعمرہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حج 2025 کے لیے ضروری تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں تا کہ عازمین کو دروان قیام مکہ مکرمہ ہر ممکن سہولت فراہم ہو سکے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج کی رہنمائی اور ان کی سہولت کیلیے ٹول فری نمبرز جاری کیے ہیں جن کے ذریعے اہلکاروں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

    عازمین حج کی رہنمائی و دیکھ بھال کے لیے 1966 نمبر مخصوص کیا گیا ہے، جبکہ صحت اور ایمرجنسی سروسز کے لیے 977 پرکسی بھی وقت رابطہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق امن عامہ کے حوالے سے 911 جبکہ وزارت حج کی خدمات معلوم کرنے کے لیے 937 نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

    وزارت حج وعمرہ کے مطابق اس نمبر پر رابطہ کی سہولت عازمین حج کو 24 گھنٹے کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں حج اور عمرے کی خصوصی عبادت کے لیے آنے والوں کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسکوٹر سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    نماز (عبادات) کی ویڈیو بنانا اور اسے براہ راست نشر کرنا درست یا غلط؟ سعودی مفتی اعظم کا فتویٰ آ گیا

    مملکت میں عمرہ اور حج کے لیے آنے والوں کے لیے خصوصی انتظامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ہنگامی طبی امداد کے لیے اب اسکوٹر سروس کا مدینہ منورہ میں بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اسکوٹر سواروں پر مشتمل یہ عملہ عمرہ اور حج ادا کرنے والوں کو ہنگامی طبی امداد مہیا کرے گا، اب تک 91 افراد کو ان ٹیموں نے رش والے مقامات سے اسپتال منتقل کیا ہے۔

  • جدہ ایئرپورٹ سے ڈھائی لاکھ عازمین حج روانہ

    جدہ ایئرپورٹ سے ڈھائی لاکھ عازمین حج روانہ

    حج سیزن 2024 اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے، جبکہ حجام کرام کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک ڈھائی لاکھ حاجی اپنے آبانی وطن روانہ ہوچکے ہیں۔ جبکہ آئندہ دنوں میں مزید حجاج کی روانگی اس ایئرپورٹ کے ذریعے ہوگی اور یہ تعداد دس لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

    رپورٹس کے مطابق عازمین کی روانگی کا سلسلہ مدینہ منورہ ایئرپورٹ سے بھی شروع ہوچکا ہے۔

    حجاج کے لیے مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر محکمہ پاسپورٹ کے کاؤنٹرز کے قریب قرآن پاک کا نسخہ ان کی اپنی زبان میں رکھا گیا ہے۔ جو روانگی کے وقت ہر حاجیوں کو دیا جائے گا۔

    مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے ترجمان میجر ناصر العتیبی کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر کاؤنٹرز 24 گھنٹے پوری طرح سے امور انجام دے رہے ہیں، ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے پوری تندہی سے حجاج کی روانگی کے عمل کو تیز اور آسان بنائیں گے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں رواں حج سیزن کے دوران شدید گرمی سے جاں بحق ہونے والے حجاج کی تعداد 900 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ایام تشریق کا اختتام ہوتے ہی حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا، مکہ مکرمہ میں رواں حج سیزن کے دوران گرمی سے تقریباََ 900 سے زائد عازمین حج جاں بحق ہوئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 922 مرنے والوں میں سے 68 ہلاکتیں ہندوستان سے تھیں، جن کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گا۔

    پاکستان نے حج کے لیے سعودی عرب جانے والے 35 عازمین کی اموات کی تصدیق کی ہے۔

    پاکستان کے حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) عبد الوہاب سومرو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 18 جون تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 35 پاکستانیوں کی اموات ہوئی ہیں، مکہ میں 20 اور مدینہ میں چھ اموات ہوئی ہیں۔ ان کے بقول منیٰ میں چار، عرفات میں تین اور مزدلفہ میں دو اموات ہوئی تھیں۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گرمی سے جاں بحق حاجیوں میں سے 600 کا تعلق مصرسے ہے، جبکہ 144 کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔

    حج مزید کتنے سال گرمیوں میں اور کب سردیوں میں ہوگا، سعودی محکمہ موسمیات

    اردن کے ساٹھ اور تیونس کے پینتیس حاجی جاں بحق ہوئے، جبکہ دوران حج گرمی سے ایران کے گیارہ اور سینیگال کے تین حاجی جاں بحق ہوئے۔

  • حج انتظامات مکمل، لاکھوں عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے، روح پرور مناضر

    حج انتظامات مکمل، لاکھوں عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے، روح پرور مناضر

    سعودی عرب میں حج انتظامات کو وزارت حج و دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹیں مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پرمکمل طورپر فعال کردی گئیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں پرمٹ کے بغیر کسی کوداخل ہونے کی اجازت نہیں۔ مکہ مکرمہ جانے والوں کے پرمٹ کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے مکہ مکرمہ شہر کے مرکزی مقامات کے علاوہ منی جانے والے راستوں پر متعدد چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

    شہر کے ممنوعہ علاقوں میں عام ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا ہے، جبکہ صرف پرمٹ رکھنے والی گاڑیوں کو ہی مکہ مکرمہ میں داخل ہونے دیا جارہا ہے۔

    سیکیورٹی فورسز کے مختلف شعبوں کی جانب سے اضافی اہلکاروں کو مکہ مکرمہ کے تمام علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔

    بلدیہ کی جانب سے شہر کی صفائی کے انتظامات پرخاص توجہ مرکوز کی گئی ہے، صفائی کے لیے اضافی کارکنوں کو مکہ مکرمہ کے علاوہ منی کی عارضی خیمہ بستی میں بھی تعینات کردیا گیا ہے۔

    وزارت صحت کی خاص ہدایات کے مطابق مشاعر مقدسہ میں قائم ہسپتال اور طبی مراکز میں اسٹاف پہنچ گیا ہے۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے بھی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

    رضاکاروں کے متعدد گروپس کو منی میں پہنچا دیا گیا جہاں انہیں حجاج کی رہنمائی کے لیے عارضی خیمہ بستی کے نقشے فراہم کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ حج 2024 کے لیے پانچ روزہ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز کل (جمعہ) 14 جون سے ہوگا لاکھوں عازمین حج منیٰ کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔

    مناسک حج کا آغاز کل جمعے سے ہو رہا ہے جب کہ رکن اعظم وقوف عرفات ہفتہ 15 جون کو ہوگا۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے لاکھوں عازمین حج لبیک الھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے منی کی جانب روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ منیٰ میں قیام کے دوران عبادات کریں گے اور ہفتہ 15 جون کی صبح وقوف عرفات کے لیے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔

    ہفتے کے روز عرفات میں حج کے خطبہ کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر ادا کی جائے گی جب کہ مغرب سے پہلے حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔

    مزدلفہ میں ہی حجاج کرام شیطان کو کنکریاں مارنے کیلیے کنکریاں اکھٹی کریں گے اور یہیں رات قیام بھی کریں گے جہاں وہ آرام کرنے کے ساتھ رات عبادت اور اللہ تعالیٰ کی مناجات کرتے ہوئے مغفرت کے طالب ہوں گے۔

    اتوار 16 جون کی صبح حجاج کرام منیٰ واپس روانہ ہوں گے جہاں وہ رمی جمرات کریں گے۔ پھر حجاج کرام اللہ کی راہ میں جانور قربان کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا جس کے بعد وہ اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے جب کہ خواتین اپنے چوتھائی سر کے بالوں کا انگلی کی ایک پور برابر بال کٹوائیں گی۔

    دوران حج وبائی امراض کا پتہ لگانے کیلیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا

    حجاج کرام 16 جون کو ہی بیت اللہ کے طواف کیلیے مکہ روانہ ہوں گے۔ سترہ جون بروز پیر کوحجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے اور سارا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے۔ 18 جون منگل کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔