Tag: عازمین حج

  • عازمین حج کی خدمات میں کوئی کوتاہی نہیں: سعودی حکام

    عازمین حج کی خدمات میں کوئی کوتاہی نہیں: سعودی حکام

    ریاض: رواں برس حج کے لیے آنے والے عازمین کا ہر سال کی طرح اس سال بھی شاندار استقبال کیا جارہا ہے اور انہیں بھرپور سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف آل الشیخ کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی خدمات میں کوتاہی کرنے والے کسی بھی اہلکار کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

    آل الشیخ نے یہ بھی کہا کہ حج سیزن کے دورن تمام اہلکاروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے لیے نگران ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں جو 24 گھنٹے ڈیوٹی پر ہیں، مملکت سے آخری حاجی کی روانگی تک نگرانی جاری رکھی جائے گی۔

    آل الشیخ نے مذکورہ انتباہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں اپنی وزارت کے اداروں کے دورے کے موقع پر جاری کیا، وہ وزارت اسلامی امور میں حج، عمرہ و زیارت خدمات کی اعلیٰ کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔

    آل الشیخ نے اپنے دورے کا آغاز عرفات کی مسجد نمرہ، وہاں وزارت کے صدر دفتر اور دعوۃ کیبنز سے کیا، وہ مزدلفہ میں مسجد المشعر الحرام کے انتظامات دیکھنے کے لیے پہنچے تھے۔

    انہوں نے منیٰ میں مسجد الخیف کا بھی دورہ کیا۔

    آل لشیخ نے کہا کہ مکہ مکرمہ ریجن میں اصلاح و مرمت کا کام 100 فیصد مکمل ہو چکا ہے، اس حوالے سے ہمیں مطلوبہ بجٹ قیادت کی جانب سے دیا گیا ہے۔

    آل الشیخ نے کہا کہ ہماری وزارت نے حجاج کو ان کی اپنی زبان میں دینی و حج آگہی فراہم کرنے کے لیے دگنی تعداد میں مبلغ اور مترجم مہیا کیے ہیں، ترجمے اور دعوت کا کام خواتین سے بھی لیا جا رہا ہے۔

    وزارت نے ٹیلی فون کے ذریعے 32 ملین آگہی پروگراموں کی بھی منظوری دی ہے، ایس ایم ایس کے ذریعے بھی دعوتی پیغامات دیے جا رہے ہیں اور کیبنز کے ذریعے بھی حج آگاہی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

  • پی آئی اے حج آپریشن: 9 ہزار عازمین سفر مقدس کے لیے روانہ

    پی آئی اے حج آپریشن: 9 ہزار عازمین سفر مقدس کے لیے روانہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی رواں برس کی پہلی حج پرواز 327 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا قبل از حج آپریشن جاری ہے، ہفتہ 27 مئی کی صبح تک 33 پروازوں کے ذریعے 9 ہزار عازمین حج کو سعودی عرب پہنچا دیا گیا۔

    لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 743 کے ذریعے 327 عازمین حج مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئے، لاہور ایئرپورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کے موقع پر ایک سادہ پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

    پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی اور جنرل مینیجر پیسنجر ہینڈلنگ ذوالقرنین مہدی نے عازمین حج کو رخصت کیا۔

    عازمین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے ملک بھر کے ایئر پورٹس پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لاہور سے 41 پروازوں کے ذریعے 11 ہزار سے زائد عازمین حج کو مدینہ منورہ اور جدہ پہنچایا جائے گا۔

    پی آئی اے کا روانگی حج آپریشن 22 جون کو مکمل ہوگا جبکہ سعودی عرب سے حجاج کی واپسی 2 جولائی سے شروع ہوگی جو 2 اگست تک جاری رہے گی۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سہولت کے لیے خصوصی ہدایات جاری

    کراچی ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سہولت کے لیے خصوصی ہدایات جاری

    کراچی: ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سہولت کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون عبدالسلام شیخ نے حج آپریشن 2023 کی نگرانی کے لیے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا، انھوں نے امیگریشن علاقوں کی روانگی/آمد پر ایف آئی اے کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر علی مراد نے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے دورے کے دوران امیگریشن کی روانگی/آمد اور کیم سکینر کے حوالے سے ڈائریکٹر کو بریفنگ بھی دی۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے پاکستان کسٹمز، سول ایوی ایشن اتھارٹیز، اینٹی نارکوٹک فورس اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے حکام کے ساتھ عازمین حج کی سہولت اور امیگریشن کے عمل کو ہموار کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کے لیے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے نے امیگریشن عملے کو عازمین حج کو مؤثر خدمات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں، اور کہا کہ حج پروازوں کے دوران خصوصی کاوٴنٹرز چلائے جائیں۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ عازمین حج کو امیگریشن کلیئرنس کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے، اور کہا کہ ہم نے بزرگ شہریوں کے لیے ان کے مذہبی سفر کے لیے سہولت کو یقینی بنانا ہے۔

  • پاکستانی عازمین حج کے لئے اہم خبر آگئی

    پاکستانی عازمین حج کے لئے اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : وزیر مذہبی امور کی ہدایات پر قربانی کی رقم عازمین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کردی گئی، اسپانسر شپ اسکیم کے عازمین متعلقہ بینکوں سے کیش وصول کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان مذہبی امور کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کی سعودی عرب آمد جاری ہے ، 5پروازوں کے ذریعے 1200سے زائدعازمین مدینہ منورہ پہنچائے گئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پیرکی رات تک 4 پروازوں سےمزید 1390عازمین مدینہ پہنچے، منگل کو 3 ہزار سے زائد عازمین 9 حج پروازوں سے مدینہ پہنچیں گے، حاجی کیمپوں میں حفاظتی ویکسین کا عمل ہفتہ وار چھٹیوں میں بھی جاری رہا۔

    وزیرمذہبی امور کی ہدایات پر قربانی کی رقم عازمین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کردی ہے ، اسپانسر شپ اسکیم کے عازمین متعلقہ بینکوں سےکیش وصول کرسکیں گے۔

    ترجمان نے کہا کہ عازمین اپنی پرواز سے 24 گھنٹے قبل متعلقہ حاجی کیمپس پہنچیں، عازمین حاجی کیمپس سے پاسپورٹ، ویزہ اور فضائی ٹکٹ حاصل کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عازمین رہنمائی کیلئےوزارت کی ہیلپ لائنز،ویب سائٹ سےمددحاصل کریں، مدینہ کے رہائشی ہوٹلز میں پاکستانی پرچم والی جیکٹ پہنے معاونین رہنمائی کیلئے 24 گھنٹے موجود ہے، حج مشن مدینہ کی نئی بلڈنگ میں کنٹرول آفس قائم کردیاگیا ہے۔

  • حج اور عمرہ سے متعلق مزید سہولیات فراہمی کا منصوبہ

    حج اور عمرہ سے متعلق مزید سہولیات فراہمی کا منصوبہ

    ریاض: سعودی عرب میں حج اور عمرہ سے متعلق تمام سہولیات ڈیجیٹلی فراہم کرنے کے لیے کام جاری ہے، عازمین حج ای ویزا کے لیے درخواست دینے سے لے کر ہوٹلوں اور پروازوں کی بکنگ تک آسانی سے پورے دورے کا انتظام کر سکتے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق برطانوی حجاج کی کونسل کے سی ای او راشد موگرادیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں حج اور عمرہ شعبے کی تمام سطحوں پر بڑی ڈیجیٹل تبدیلی، خدمات کی فراہمی کو ہموار اور عازمین حج کے تجربات میں اضافہ کرے گی۔

    جدہ میں حج ایکسپو 2023 سے خطاب کرتے ہوئے راشد موگرادیا کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہوا کہ خدمت فراہم کرنے والے ایسی مصنوعات اور خدمات تخلیق کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں جو عازمین حج کے تجربات کو بڑھاتی ہیں۔

    یاد رہے کہ عازمین کے لیے حج کو آسان بنانے کے لیے مفت اسمارٹ کارڈ شروع کرنے کے منصوبے کی رونمائی حج ایکسپو میں کی گئی، کارڈ میں عازمین حج کی ذاتی معلومات ہوں گی اور اسے الیکٹرانک ایپلی کیشن سے منسلک کیا جائے گا۔

    کارڈ کی ڈویلمپنٹ وزارت حج و عمرہ اور اوقاف کی جنرل اتھارٹی کے درمیان ایک معاہدے کے بعد ہوئی ہے۔

    راشد موگرادیا کا کہنا تھا کہ ایکسپو میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ ملنا اور نئے لوگوں کے ساتھ جڑنا بہت اچھا رہا، نسک کا انٹر ایکٹو پویلین خاص طور پر متاثر کن تھا۔

    واضح رہے کہ نسک عمرہ زائرین کی منصوبہ بندی اور بکنگ کا باضابطہ پلیٹ فارم ہے جسے گزشتہ سال وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے شروع کیا تھا۔

    نسک کے ساتھ دنیا بھر کے عازمین حج ای ویزا کے لیے درخواست دینے سے لے کر ہوٹلوں اور پروازوں کی بکنگ تک آسانی سے پورے دورے کا انتظام کر سکتے ہیں۔

    راشد موگرادیا کا کہنا تھا کہ نسک بہت جلد بین الاقوامی عازمینِ حج کے لیے ایک آن لائن حج پورٹل کے لیے تیار ہے جس سے لوگ براہ راست پیکجز کا انتخاب اور بکنگ کر سکیں گے۔

  • ای قرعہ اندازی مکمل، داخلی عازمین حج کے ناموں کا اعلان

    ای قرعہ اندازی مکمل، داخلی عازمین حج کے ناموں کا اعلان

    ریاض: ای قرعہ اندازی کے ذریعے سعودی عرب کے داخلی عازمین حج کے ناموں کا اعلان ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے بتایا کہ اس سال اندرون مملکت سے حج درخواستیں دینے والوں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا ہے۔

    نائب وزیر کے مطابق اندرون مملکت سے امسال 3 لاکھ کے قریب افراد نے حج کے لیے درخواستیں دیں، جن میں 2 لاکھ 17 ہزار درخواستیں شرائط کے مطابق تھیں، انھوں نے کہا کہ قرعہ اندازی آن لائن کی گئی، اور منتخب افراد کو جلد ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کر دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا جن امیدواروں کا نام قرعہ اندازی میں آ گیا ہے انھیں حج کارروائی مکمل کرانے اور حج پیکج کی رقم ادا کرنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی جائے گی، اس کے فوری بعد حج اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔

    وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس سال اندرون مملکت سے 20 برس سے کم عمر کے عازمین حج سب سے کم تعداد میں اور 51 سے 65 برس کی عمر کے افراد 12 فی صد ہوں گے، مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی طرف سے 2 لاکھ 97 ہزار 44 درخواستیں حج کے لیے موصول ہوئی تھیں، ان میں سے 62 فی صد مرد اور 38 فی صد خواتین تھیں، 2 لاکھ 17 ہزار درخواستیں مقررہ شرائط پر پوری اتریں۔ یہ درخواستیں اعتمرنا ایپ اور وزارت کے ای گیٹ کے ذریعے بھیجی گئی تھیں۔

    اس سال اندورن مملکت سے حج کے لیے جانے والوں کو منی، مزدلفہ اورعرفات میں جو خیمے فراہم کیے گئے ہیں ان میں عصر حاضر کی تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جب کہ ضیافہ پیکج کے لیے جو خیمے تیار کیے گئے ہیں وہ ہوٹل کے کمروں کی طرح ہیں، ہر خیمے میں حجاج کی سہولت کا پورا خیال رکھا گیا ہے۔

    وزارت حج وعمرہ نے اس سال اندرون ملک سے حج کے لیے 3 پیکج متعارف کرائے ہیں جن میں ’منیٰ ٹاورز‘ ، ’ضیافیہ ون‘ اور ’ضیافہ ٹو‘ شامل ہیں۔

    منیٰ ٹاورز کا پیکج 14 ہزار 737 ریال تھا جو 794 ریال کمی کے بعد 13 ہزار 943 ریال کر دیا گیا ہے، جب کہ ’ضیافہ ون‘ پیکج کی قیمت 13 ہزار ریال تھی اسے کم کر کے 11 ہزار 970 ریال کیا گیا، تیسرے پیکج ’ضیافہ ٹو‘ کو 10 ہزار 238 ریال سے کم کر کے 9 ہزار 98 ریال کر دیا گیا ہے۔

  • حجاج کرام کے لیے مسجد الخیف کے حوالے سے اچھی خبر

    حجاج کرام کے لیے مسجد الخیف کے حوالے سے اچھی خبر

    ریاض: سعودی عرب نے منیٰ میں مسجد الخیف دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی نے عازمین حج کے لیے منیٰ میں مسجد الخیف باقاعدہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

    2 سال سے کرونا وبا کے دوران محدود حج کے باعث مسجد کو نہیں کھولا گیا تھا، اب دو سالہ بندش کے بعد مسجد کو زائرین کے استقبال کے لیے تیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ 8، 10، 11، 12اور 13 ذی الحجہ کو عازمین مسجد الخیف میں نماز ادا کر سکیں گے، اس سلسلے میں حجاج کی آسانی کے لیے تمام سہولتیں فراہم کر دی گئی ہیں۔

    محرم قوانین پر عمل نہ کرنے والی خواتین عازمین حج کیلئے اہم فیصلہ

    مسجد الخیف میں تاریخ کی سب سے بڑی توسیع 1407 ہجری میں کرائی گئی تھی، اس مسجد کا رقبہ 23 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہے، اور اس میں 25 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔

    وزارت کی جانب سے مسجد میں کی جانے والی تیاریوں میں فرنشنگ، صفائی، سینیٹائزیشن، ایئر کنڈیشننگ سسٹم کی دیکھ بھال، لائٹنگ، ایک ہزار سے زائد بیت الخلاؤں کی تیاری، اسلامی معلومات کے لیے کاؤنٹر، فتویٰ کیبنٹ، الیکٹرانک مانیٹر کی تعداد میں اضافہ، اور چوبیس گھنٹے کام کرنے کے لیے مینٹیننس کمپنیوں کی تعیناتی اور مینٹیننس اور بحالی کے کاموں پر فیلڈ سپروائزرز کو بھیجنا شامل ہیں۔

  • کورونا ویکسینیشن : پاکستان سے جانے والے عازمین حج کیلئے اہم خبر

    کورونا ویکسینیشن : پاکستان سے جانے والے عازمین حج کیلئے اہم خبر

    اسلام آباد : این سی اوسی نے عازمین حج کیلئے کوویڈ ویکسینیشن کے عمل کو اپ ڈیٹ کر دیا ، عازمین کےلیے کورونا وائرس کی ایک ویکسین کی 2 خوراکیں لگوانا لازمی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ این سی اوسی نے عازمین حج کیلئے کوویڈویکسی نیشن کے عمل کواپ ڈیٹ کر دیا۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عازمین کےلیے کورونا وائرس کی ایک ویکسین کی 2 خوراکیں لگوانا لازمی ہے،عازمین اپنی پہلی یا دوسری خوراک کے 28 دن کے بعد اضافی خوراک حاصل کرسکتے ہیں۔

    وزارت صحت نے بتایا کہ موڈرنا اورفائزرویکسین ملک بھرمیں دستیاب ہیں ، مسافر کسی بھی کوروناویکسین سینٹرسے ویکسین حاصل کرسکتے ہیں۔

    یاد رہے حج برائے سال 2022 کے معاملے پر سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا نے عازمین حج کے لیے کورونا وائرس ٹیسٹ سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن میں تبدیلی کی تھی۔

    ہدایت نامے میں حج کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کیلئے سعودی عرب روانہ ہونے سے 72 گھنٹے قبل ٹیسٹ لازمی قرار دیا۔

    اس سے قبل سعودی ایوی ایشن نے عازمین حج کے لیے 48 گھنٹے قبل کورونا وائرس ٹیسٹ کی شرط رکھی تھی جبکہ حج ادائیگی کے لیے آنے والے مسافروں کی عمر 65 سال سے زائد نہ ہو۔

  • پاکستان سےعازمین حج کی حجاز مقدس روانگی کا سلسلہ شروع

    پاکستان سےعازمین حج کی حجاز مقدس روانگی کا سلسلہ شروع

    اسلام آباد : پاکستان سےعازمین حج کی حجازمقدس روانگی کا سلسلہ شروع ہو گیا ، اسلام آباد اور لاہور سے خصوصی حج پروازیں روانہ ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچانے کے لیے حج آپریشن کا آغاز ہوگیا، روڈ ٹو مکہ’ اقدام کے تحت پہلی پرواز پیر کی صبح نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی۔

    پی کے 747 کی پرواز 320 حجاج کو لے کر صبح 3:30 بجے مدینہ کے لئے روانہ ہوئی ، اس بار پاکستانی عازمین حج کو جدہ کے ہوائی اڈے پر امیگریشن کیلئے قطاریں نہیں لگانی پڑے گی، سعودی عرب نے روڈ ٹو مکہ’ کے تحت پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن کارروائی پاکستان میں ہی مکمل کی۔

    پاکستان میں امیگریشن کی کارروائی مکمل ہونے سے عازمین حج جدہ ایئرپورٹ پر رکے بغیر ہوٹل روانہ ہوں گے۔

    دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ پر پہلی نجی ایئرلائن کی خصوصی حج پرواز لاہور سے دو سو عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے عازمین حج کو رخصت کیا۔

    لاہورائیرپورٹ سے سعودی ایئرلائن کی پروازسے 300 سے زائدعازمین حجاز مقدس روانہ ہوئے، لاہورائیرپورٹ منیجرچوہدری نذیرسمیت دیگراعلیٰ حکام نےعازمین کو رخصت کیا۔

    کوئٹہ سے پی آئی اے کے حج فلائٹ آپریشن کا آغاز ہوگیا ، کوئٹہ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 2003سے164 حجاج کوئٹہ سےمدینہ روانہ ہوئے

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری حجاج کی پروازوں کاسلسلہ6سے13جون تک اور پرائیویٹ حجاج کی روانگی19 سے27 جون تک جاری رہے گی۔

    یاد رہے وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 106 حج پروازوں کے ذریعے 32 ہزار عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا اور روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت اسلام آباد سے 42 پروازیں چلائی جائیں گی۔

    واضح رہے سعودی عرب کی 5 ملکوں کیلئے ایک مرتبہ پھر’روڈ ٹو مکہ منصوبے‘کی سہولت سے فائدہ اٹھانے والوں میں پاکستان کے عازمین حج بھی شامل ہوں گے ، امیگریشن، کسٹم سمیت دیگرسہولتیں اپنےملک میں فراہم کی جائیں گی۔

    سعودی وژن2030 کے تحت چوتھے سال بھی پروگرام برقرار رکھا ہے، سعودی عرب پہنچنے پر عازمین حج براہ راست مکہ اپنی قیام گاہ پہنچا دیئے جائیں گے۔

  • سعودی عرب کی نئی شرط ، عازمین حج کیلئے بڑی مشکل کھڑی ہوگئی

    کراچی : سعودی عرب نے عازمین حج کے لیے روانہ ہونے سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا اور پی آئی اے سمیت تمام ائیرلائنز کو نیا ہدایت نامہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حج برائے سال 2022 کے معاملے پر سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا نے عازمین حج کے لیے کورونا وائرس ٹیسٹ سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن میں تبدیلی کردی۔

    اس حوالے سے سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے پی آئی اے سمیت تمام ائیرلائنز کو نیا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔

    ہدایت نامے میں حج کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کیلئے سعودی عرب روانہ ہونے سے 72 گھنٹے قبل ٹیسٹ لازمی قرار دیا۔

    سعودی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ کورونا سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن کی خلاف ورزی پر سعودی وزارت صحت کے قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔

    اس سے قبل سعودی ایوی ایشن نے عازمین حج کے لیے 48 گھنٹے قبل کورونا وائرس ٹیسٹ کی شرط رکھی تھی۔

    یاد رہے جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حج ادائیگی کے لیے آنے والے مسافروں کی عمر 65 سال سے زائد نہ ہو۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے منظور شدہ کویڈ ویکسین لازمی ہوگی جبکہ سعودی عرب پہنچنے سے 48 گھنٹے قبل منفی کورونا رپورٹ دکھانی ہوگی۔

    سعودی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ایئرلائنز ہدایت نامے پر سختی سے عملدرآمد کرائیں خلاف ورزی پر ایئرلائنز پر جرمانے بھی کیے جائیں گے۔