Tag: عازمین

  • مناسک حج کا آغاز کل سے ہوگا

    مناسک حج کا آغاز کل سے ہوگا

    منی : مناسک حج کا آغاز کل سے ہوگا اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آٹھ زوالحجہ بروز ہفتے کو ادا کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حج 2024 کی ادائیگی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، مناسک حج کا آغاز کل سے ہوگا۔

    آج شام سے عازمین کو منی پہنچایا جائے گا، جہاں وہ دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی میں قیام کریں گے۔

    حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آٹھ زوالحجہ بروز ہفتے کو ادا کیا جائے گا۔

    سال میں چند دنوں کےلیے بسائی جانے والی خیمہ بستی میں صفائی اورمرمت کے مختلف کام مکمل ہیں۔

    منیٰ کی خیمہ بستی مسجد الحرام سے سات کلومیٹرشمال مشرق میں واقع ہے، شمالی اورجنوبی سمت پہاڑ ہیں۔

    منیٰ کی وادی سال میں صرف ایام حج میں ہی آباد ہوتی ہے اور اسے دنیا کی واحد عارضی خیمہ بستی کہا جاتا ہے، جو آٹھ ذوالحجہ سے تیرہ ذوالحجہ تک آبادی رہتی ہے۔

    سعودی حکام کے مطابق دنیا بھر سے ڈیڑھ کروڑ عازمین سعودی عرب پہنچے ہیں، سیکیورٹی انتظامت مکمل ہیں۔

    مکہ میں تمام مقدس مقامات اور مساجد میں ہائی ریزولوشن کیمرے لگائے گئے ہیں۔

  • عازمین دوران حج سیاسی نعروں سے پرہیز کریں، حکام نے خبردار کردیا

    عازمین دوران حج سیاسی نعروں سے پرہیز کریں، حکام نے خبردار کردیا

    ریاض: سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

    خلیجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر حج وعمرہ توفیق الربیعہ نے عازمین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران حج سیاسی نعرے لگانے کی اجازت نہیں ہے۔

    ریاض میں سعودی وزیر حج توفیق الربیعہ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حج عبادت کے لیے ہے نہ کہ سیاسی نعروں کے لیے، لہٰذا حج کے دوران کسی کو سیاسی نعرے لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    سعودی وزیر حج کے مطابق حج عبادت کی ایک شکل ہے، سعودی حکومت کی ہر ممکن یہی کوشش ہوتی ہے کہ حج عاجزی، سکون اور روحانیت کا اعلیٰ ترین مظہر ہو۔

    سعودی وزیر نے کہا کہ ہم امن کو یقینی بنانے کے خواہاں ہیں تاکہ ہر کوئی آسانی کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکے۔

    دوسری جانب عرفات کے علاقے میں گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے مسجد نمرہ کے ارد گرد سڑکوں پر سفید رنگ کردیا گیا۔

    سعودی عرب کی جنرل روڈز اتھارٹی کا کہنا ہے سڑکوں پر مخصوص قسم کا سفید رنگ لگانے سے سطح کی حرارت میں بیس ڈگری سیلسیس تک کمی ہوجاتی ہے۔

    اتھارٹی کے ترجمان عبد العزیزالعتیبی کا کہنا ہے سڑکوں پرلگایا جانے والامخصوص روغن مقامی طور پر تیار ہوا ہے اور اس میں دھوپ کی حرارت کم جذب ہوتی ہے۔

    سعودی عرب: حجاج کرام کیلئے 5000 ٹیکسیوں کی فراہمی

    گزشتہ برس منی میں جمرات جانے والے راستے پر یہی روغن لگایا گیا تھا تو وہاں بارہ سے پندرہ ڈگری گرمی کم ہوگئی تھی، اس سال مسجد نمرہ کے 25 ہزار مربع میٹر پر روغن لگایا گیا ہے۔

  • سعودی عرب، 12 سو سے زائد پروازیں عازمین کو لے کر مدینہ پہنچ گئیں

    سعودی عرب، 12 سو سے زائد پروازیں عازمین کو لے کر مدینہ پہنچ گئیں

    سعودی عرب میں دنیا کے مختلف ممالک سے لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مختلف ممالک سے براہ راست عازمین حج پہنچ رہے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے الاخباریہ چینل کی رپورٹ کے مطابق اب تک مختلف ممالک سے 1269 بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے عازمین کی یہاں آمد ہوچکی ہے، جنہیں مدینہ منورہ میں چند روز قیام کے بعد مکہ مکرمہ پہنچایا جائے گا۔

    حج پروازوں کا سلسلہ مدینہ منورہ سے شروع ہوا تھا جس کے بعد گزشتہ ہفتے سے جدہ ایئرپورٹ، بندرگاہ اور بذریعہ بس مختلف ممالک کے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    واضح رہے وہ عازمین حج جن کی آمد مدینہ منورہ ہوتی ہے وہ فریضہ کی ادائیگی کے بعد جدہ کے حج ٹرمنل سے اپنے اپنے ممالک لوٹ جاتے ہیں۔

    جدہ حج ٹرمنل پر آنے والے عازمین کی حج کے بعد واپسی مدینہ منورہ سے کی جاتی ہے۔ بعداز حج مدینہ منورہ آنے والے حجاج کرام کی واپسی شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ سے ہوتی ہے۔

    دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں غیر قانونی طور پر داخلے پر سزاؤں کا نفاذ اتوار 2 جون سے شروع ہوجائے گا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مذکورہ تاریخ کے بعد پر وہ شخص جو اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں پکڑا جائے گا، اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

    اب تک کتنے پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے؟

    سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مذکورہ تاریخ کے بعد اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں داخلہ غیر قانونی تصور کیا جائے گا، جس کی سزا 10 ہزار ریال جرمانہ ہے جبکہ غیر ملکی کو ملک سے بیدخل کرکے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔

  • پاکستانی عازمین کرام کا پہلا گروپ مدینہ منورہ سے مکہ پہنچ گیا

    پاکستانی عازمین کرام کا پہلا گروپ مدینہ منورہ سے مکہ پہنچ گیا

    773 مکہ مکرمہ: پاکستانی عازمین کرام کا پہلا گروپ مدینہ منورہ سے مکہ پہنچ گیا مکہ میں ڈی جی حج مشن عبدالوہاب سومرو نے عازمین کا استقبال کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عازمین کو مکہ آمد پر روایتی انداز میں کجھور، قہوہ اور جوس پیش کیا گیا ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے کہا عازمین حج اللّٰہ کے مہمان ہیں انکی دل و جان سے خدمت کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ مکہ میں عازمین حج کے طویل قیام کے دوران تمام سہولیات فراہم کرینگے،  اللہ کے مہمانوں کیئے عزیزیہ میں رہائشوں کا انتظام کیا ہے، عازمین حج کو مدینہ منورہ میں 3 سے پانچ اسٹار کی  رہائش فراہم کر رہے ہیں جبکہ مکہ مکرمہ میں عزیزیہ اور بطحا قریش نامی علاقوں میں رہائشی عمارات کا بندوبست کیا گیا ہے۔

    ڈائریکٹر حج مکہ فہیم آفریدی نے کہا کہ پاکستانی عازمین کیلئے عزیزیہ سے حرم تک خصوصی بس سروس فراہم کی ہے،  تمام پاکستانی عازمین حج کیلئے کھانے کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔

    فہیم آفریدی نے بتایا کہ مکہ میں بھی ناشتے سمیت 3 وقت کا کھانا فراہم کر رہے ہیں، عازمین حج کی صحت کا مکمل خیال رکھا جائے گا، عازمین کی مکمل غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے دوپہر کو فروٹ اور رات کو میٹھا بھی کھانے کے ساتھ دیا جا رہا ہے۔

     انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ منورہ پہنچنے والے تمام عازمین حج 8 دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ پہنچیں گے، براستہ جدہ، مکہ مکرمہ کی پروازیں 4 جون سے شروع ہونگی، ان عازمین کو حج کے بعد مدینہ روانہ کیا جائے گا۔

  • ہزاروں عازمین سعودی عرب پہنچ گئے، آپریشن تاحال جاری

    ہزاروں عازمین سعودی عرب پہنچ گئے، آپریشن تاحال جاری

    اسلام آباد :5روز میں ساڑھے8ہزارعازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے، 106پروازوں پر مشتمل حج فلائٹ آپریشن30جون تک جاری رہے گا۔

    اس حوالے سے ترجمان وزارت مذہبی امور نے میڈیا کو بتایا کہ آج5حج پروازوں سے1500سے زائد عازمین مدینہ منورہ جائیں گے، 5روز میں ساڑھے8ہزارعازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے۔

    ترجمان کے مطابق عازمین حج کو مدینہ منورہ میں8روزہ قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ کیا جائے گا، حج سے قبل17ہزار عازمین مدینہ منورہ کی زیارت کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ حج کے بعد8دن قبل دیگر15ہزارعازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا، 106پروازوں پر مشتمل حج فلائٹ آپریشن30جون تک جاری رہے گا۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر مذہبی امور کا عملہ24گھنٹےشفٹوں میں کام کر رہا ہے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کی بدولت عازمین کی سعودی ایئرپورٹ پر بغیر پریشانی فوری کلیئرنس کردی گئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ جدہ ایئرپورٹ پرپہلی حج پرواز16جون کو اترے گی ، سعودی ایئرپورٹس اور رہائشی سیکٹرز میں ڈسپنسریاں قائم کردی گئی ہیں۔

  • عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے بڑی خوش خبری

    عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے بڑی خوش خبری

    ریاض: عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے ایک اور خوش خبری سامنے آگئی، زائرین اور عازمین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ’’عنایہ‘‘ پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے سعودی شہر مدینہ میں عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے ’’عنایہ ‘‘ پروگرام کے تحت دو مراکز کا افتتاح کردیا ہے جس کے تحت عازمین اور زائرین کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مدینے میں عنایہ کے دو سینٹر قائم کیے گئے ہیں جن میں سے ایک مسجد نبوی کے بالمقابل جنت البقیع کے ساتھ جبکہ دوسرا سینٹر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ایئر پورٹ پر قائم کیا گیا ہے، مذکوہ سینٹرز کے قیام کا مقصد بہترین خدمات مہیا کرنا ہے۔

    مذکورہ سینٹروں میں 30 قسم کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں جن میں 16 ڈیجیٹل سروسز جبکہ 14 خدمات کی فراہمی کے لیے کارکنوں کو متعین کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ عربی زبان میں عنایہ کا مطلب دیکھ بھال، رہنمائی اور تعاون فراہم کرنا ہے۔

    عنایہ سینٹر میں اردو، ترکی، انگلش، عربی، انڈونیشین کے علاوہ دیگر زبانیں بولنے والی کارکن خواتین کوبھی متعین کیا گیا ہے تاکہ وہ عازمین حج اور عمرہ زائرین سے ان کی ضرویات اور دیگر معلومات حاصل کرسکیں۔ سینٹر میں خودکار سروس کے تحت خصوصی کمپیوٹرائز مشینں بھی نصب کی گئی ہیں۔

  • دوران حج زائرین کیلئے زمزم کے 27 ہزار مشکیزوں کا اہتمام

    دوران حج زائرین کیلئے زمزم کے 27 ہزار مشکیزوں کا اہتمام

    ریاض : سربراہ زمزم کمیٹی نے بتایا کہ عازمین حج کی پیاس بجھانے کے لیے بڑی تعداد میں موبائل زمزم کولر کا انتظام کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حرمین شریفین پریزیڈنسی کے شعبہ فراہمی زمزم کی طرف سے رواں موسم حج کے موقع پر اللہ کے مہمانوں کو زمزم کی فراہمی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہی،مسجد حرام کےاندر اور باہر عازمین حج کے لیے آب زمزم کی 27 ہزار مشکیزوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق فراہمی زمزم کمیٹی کے ڈائریکٹر انجینیر مشاری المسعودی نے بتایا کہ مسجد حرام میں زم زم کی فراہمی کے لیے 250 سپروائز اور نگران حضرات سمیت ایک ہزار سے زاید افراد کو متعین کیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مسجد حرام میں زمزم کی فراہمی کے لیے اسٹیل کے 216 مشکیزے لگائے گئے گئے ہیں 555 آب خورے، صحن مطاف میں عازمین حج کی پیاس بجھانے کے لیے بڑی تعداد میں موبائل زمزم کولر فراہم کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ حج کے موقع پر دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کےلیے سعودی عرب کی مقدس سرزمین کا رخ کرتے ہیں.

    عازمین حج کو سہولیات فراہم کرنے کےلیے خادم الحرمین الشریفین کی جانب مختلف شعبوں میں انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں.

    مزید پڑھیں : حج انتظامات ، مسجد الحرام میں صفائی کیلئے 400 افراد پر مشتمل عملہ تعینات

    حج کے موقع پر مسجد الحرام کی صفائی اور طہارت کو یقینی بنانے کے لیے 400 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کردیا گیا جبکہ خدمت حجاج وزائرن ہمارے لیے باعث فخر ہے“ کی ساتویں سالانہ مہم کے تحت 1000 عازمین حج میں تحائف تقسیم کیے گئے ہیں۔

  • حج 2018:‌ ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

    حج 2018:‌ ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

    اسلام آباد: وفاقی وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک لاکھ 35 ہزار 834 عازمین مناسک حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے جن میں سے اب تک 13 کی اموات ہوچکیں۔

    ترجمان وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 93 ہزار 613 عازمین حج مکہ المکرمۃ جبکہ پرائیوٹ کوٹے سے 42 ہزار 221 فرزندانِ توحید سعودی عرب پہنچے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  سعودی عرب میں پاکستانیوں کی خدمت کے لیے تعینات عملہ اُن کو ہر قسم کی مدد فراہم کررہا ہے ، اب تک 1597 عازمین کا گمشدہ سامان تلاش کر کے اُن کے حوالے کیا گیا جبکہ 212 راستہ بھولنے والے لوگوں کو اُن کی رہائش گاہ تک پہنچایا۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی نوجوانوں کا کارنامہ،لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی

    ترجمان کے مطابق 551 ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف عازمین کی طبی سہولتوں کے لیے 24 گھنٹے ڈیوٹیاں انجام دے رہاہے جبکہ پاکستان حج میڈیکل مشن سے اب تک 62 ہزار 2سو 99 لوگوں سے استفادہ کیا۔

    وفاقی مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب پہنچنے والے ایک لاکھ35 ہزار 834 عازمین سے اب تک 13 افراد کا انتقال ہوچکا جن میں سے 12 کی طبعی اور 1 کی ٹریفک حادثے میں موت واقع ہوئی‘۔

    ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں تعینات پاکستانی عملے کی جانب سے اب تک 725 عازمین کو وہیل چیئرز جاری کی گئیں تاکہ وہ آرام و سکون کے ساتھ عبادات کرسکیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستانی سفیرکا ’حج مشن‘ کے انتظامات پراظہارِاطمینان

    واضح رہے کہ رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس (179,210)عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار سرکاری اسکیم جبکہ انسٹھ ہزار دو سو دس ( 59,210) افراد نجی اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے رواں سال بھی حج آپریشن کے سلسلے میں خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، قومی ایئرلائن کے حج آپریشن کے دوران بوئنگ 777 اور ائیربس 320 طیارے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔

    عازمین حج کی سعودی عرب روانگی 14 جولائی سے شروع ہوئی جو 15 اگست تک جاری رہے گی جبکہ فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے آپریشن 27 اگست سے شروع ہوگا۔

  • سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پرجرمانہ عائد کردیا

    سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پرجرمانہ عائد کردیا

    کراچی : سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے قومی ایئرلائن کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی پانچ لاکھ ریال جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ اورلاجواب سروس کا نعرہ لگانے والی قومی ائیر لائن پی آئی اے نےسعودی ایوی ایشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریگیولر پرواز کے ذریعے عازمین کا سامان حج ٹرمینل پر اتارنے کے بجائے جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتاردیا۔

    عازمین نے سامان نہ ملنے پر حج ٹرمینل ہر احتجاج کیا جس پرسعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے پی آئی اے پر فی کس فلائٹ ایک لاکھ ریال جبکہ مجموعی طور پر پانچ لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا ہے۔

    کراچی سے جانے والی دو، اسلام آباد ، اور لاہور سے تین پروازوں نے قوانین کی خلاف ورزی کی اور ریگیولر پروازوں کے ذریعے عازمین کا سامان حج ٹرمینل کے بجائے جدہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراتاراتھا۔

    واضح رہے کہ سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو وارننگ دی ہے کہ آئندہ خلاف ورزی کی گئی تو جرمانے کے علاوہ دیگر کاروائی بھی کی جا سکتی ہےجبکہ سعودی ایئرپورٹ اتھارٹی گاکا نے جرمانے کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • سرکاری حج اسکیم، قرعہ اندازی آج ہوگی

    سرکاری حج اسکیم، قرعہ اندازی آج ہوگی

    اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم کےتحت حج درخواستوں کی وصولی کے بعد عازمین کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی آج کی جائے گی۔ سرکاری کوٹے کے تحت 1 لاکھ 69 ہزار 210 خوش نصیب رواں سال حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کےمطابق مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی وزارت کےزیراہتمام رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت کے حج 2017کےلیے عازمین کے انتخاب کےلیے قرعہ اندازی آج ہوگی۔

    وزارت مذہبی امور کےمطابق کل 3لاکھ 38 ہزار 682 درخواستیں موصول ہوئیں،سب سے زیادہ ایک لاکھ 55 ہزار814 درخواستیں پنجاب سےوصول ہوئیں۔

    صوبہ سندھ سے72 ہزار 934 ،خیبرپختونخواہ سے69 ہزار 779 ،بلوچستان سے ہزار116 درخواستیں جمع ہوئی ہیں۔

    وزارت مذہبی امور کےمطابق اسلام آباد سے 10ہزار33 ،گلگت بلتستان سے 5ہزار 84،فاٹا سے 6ہزارجبکہ آزاد کشمیر سے 2ہزار 622درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔

    کامیاب عازمین حج کو خطوط اورموبائل میسجز کے ذریعے اطلاع دی جائے گی جبکہ کامیاب عازمین حج کے نام ویب سائٹسwww.mora.gov.pk اور پر www.hajjinfo.org بھی موجود ہوں گے۔


    حج کےلیےدرخواستوں کی وصولی کاعمل آج سےشروع ہوگا


    خیال رہےکہ سرکاری اسکیم کےتحت حج درخواستوں کی وصولی کاعمل 17اپریل  سےشروع ہوا جو رواں ماہ 26اپریل تک جاری رہا۔اس دوران  3لاکھ سے زائد درخواستیں وصول ہوئیں۔

    سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں حبیب بینک لمیٹڈ،یونائٹیڈ بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان، مسلم کمرشل بینک، الائیڈ بینک لمیٹڈ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ، بینک آف پنجاب، بینک الفلاح ،میزان بینک اور حبیب میٹرو بینک کی شاخوں میں جمع کرائی گئیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں