Tag: عاقب جاوید

  • عاقب جاوید نے وائٹ بال کوچ بننے کی پیشکش قبول کرلی

    عاقب جاوید نے وائٹ بال کوچ بننے کی پیشکش قبول کرلی

    سلیکشن کمیٹی کے موجودہ سربراہ اور سابق کرکٹر عاقب جاوید نے قومی کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال کوچ بننےکی پیشکش قبول کرلی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیری کرسٹن کے منظرنامے سے ہٹنے کے بعد عاقب جاوید اپنی سوجھ بوجھ کی وجہ سے وائٹ بال ہیڈ کوچ کے لیے مضبوط ترین امیدوار تھے، عاقب دورہ زمبابوے میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ پی سی بی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا اعلان جلد کرے گا، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز 24 نومبر سےشروع ہوگی۔

    اس سے قبل خبریں زیر گردش تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کو نئی ذمے داریاں دینے جا رہا ہے اور انھیں وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ گیری کرسٹن کے دورہ آسٹریلیا سے قبل اچانک ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی اب ملکی کوچ پر انحصار کرنا چاہتا ہے اور اسی لیے قرعہ فال عاقب جاوید کے نام نکلا ہے۔

    عاقب جاوید جو سینئر اور جونیئر سطح پر کوچنگ سمیت پی سی ایل میں بھی کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انھیں پی سی بی نے گزشتہ ماہ انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ میچ میں شرمناک اننگز کی شکست کے بعد سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا تھا۔

    عاقب جاوید کی نگرانی میں سلیکشن کمیٹی نے آتے ہی بولڈ فیصلے کرتے ہوئے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ کو آرام دیا اور نئے کھلاڑیوں کو آزمایا جس کا نتیجہ شکستوں کے بھنور میں پھنسی پاکستانی ٹیم کے سیریز جیتنے کی صورت میں نکلا تھا۔

    پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچز اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 24 نومبر سے شروع ہو گی۔

  • عاقب جاوید سری لنکن ٹیم کے بولنگ کوچ مقرر

    عاقب جاوید سری لنکن ٹیم کے بولنگ کوچ مقرر

    لاہور: سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹر عاقب جاوید کوبولنگ کوچ مقرر کردیا۔

    سری لنکا کرکٹ بورڈ کے مطابق عاقب جاوید کو رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ تک ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب 185 انٹرنیشل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 1992 ورلڈ کپ چیمپئن ٹیم کا حصہ بھی تھے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا کہ سری لنکن بورڈ حکام نے  ایک ہفتے قبل رابطہ کیا تھا، سابق ٹی 20 ورلڈ چیمپئن ٹیم کے ساتھ بطور بولنگ کوچ کام کرنا اعزاز ہوگا۔

  • ’ٹیسٹ چھوڑیں حارث کو آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے تیار کریں‘

    ’ٹیسٹ چھوڑیں حارث کو آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے تیار کریں‘

    پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ قومی فاسٹ بولر حارث رؤف کو ٹیسٹ میچ کے بجائے ٹی ٹوئنٹی کے لیے گروم کیا جائے۔

    نجی چینل پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عاقب نے بتایا کہ حارث رؤف کو ایک ٹیسٹ میچ میں کھلایا گیا تھا جس کے بعد ڈیڑھ دن میں وہ ان فٹ ہو گئے۔ انھوں نے سلیکشن کمیٹی کو تجویز دی کہ حارث کو ٹیسٹ میچ کے بجائے آئندہ ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے تیار کیا جائے۔

    سابق رکن پاکستان تیم نے کہا کہ حارث کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کھلایا جائے اور نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں موقع دیا جائے، پھر دیکھیں کہ انھیں کیسے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹر بننا آسان نہیں، سالوں کی پریکٹس درکار ہوتی ہے، آپ کو کبھی ایک دن میں چار اسپیل کرنے پڑ جاتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ جس طرح حارث رؤف کو پیش کیا جا رہا ہے وہ فاسٹ بولر کے ساتھ ناانصافی ہے، اگر حارث آسٹریلیا جاتا اور کھیلتا تو شاید وہ ان فٹ ہو جاتا۔

    سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ حارث رؤف نے ایک سال سے ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا اس پر پریشر ڈالنا مناسب نہیں، قومی پیسر کو خود کو ٹیسٹ کے لیے کلیئر کر دینا چاہیے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ میں حارث ٹورنامنٹ کے سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، انھوں نے 9 میچز میں 6.89 کی اوسط سے 527 رنز دیے تھے۔

  • ’’انضمام نے استعفیٰ دیا اور فخر کو کھلا لیا گیا‘‘

    ’’انضمام نے استعفیٰ دیا اور فخر کو کھلا لیا گیا‘‘

    سابق کرکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ انضمام الحق نے استعفیٰ دیا اور فخر کو کھلا لیا گیا، کپتان سے پوچھا جائے کہ فخر کو کیوں ناکالا۔

    انھوں نے نجی چینل کے پرگرام میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ فخر زمان سے اس بات پر لوگ ناراض ہیں کہ تم نے کیوں کہا کہ میں تو ان فٹ نہیں تھا، ایک ہی جگہ سوئی پھنسی ہوئی ہے کہ انضمام استعفیٰ دیتا ہے اور اگلا میچ فخر کھیلتا ہے، کپتان نے فخر کو کھلانا تھا نہ اس نے کیوں نہیں کھلایا؟

    سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ اگر کپتان کو بھی اعتماد نہیں ہے تو وہ باہر بیٹھ جائے۔ آپ نے دیکھنا یہ ہوتا ہے کہ آپ کا جو مقصد تھا سیمی فائنل میں پہنچنے کا پورا ہوگیا ہے، نیوزی لینڈ والے سیدھے جارہے تھے بیچ میں وہ نیچے گرے، انھوں نے بڑی مشکل سے کوالیفائی کیا، آپ کی فیصلہ سازی صحیح ہونی چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ آپ نے دیکھنا یہ ہے کہ آپ کے میچ ونر کون سے ہیں آپ نے انھیں سپورٹ کرنا ہے۔ یہ ایک حکمت عملی ہوتی ہے۔ یہ کوچز اور کپتان کا مائینڈ سیٹ ہے کہ اگر آپ کسی پلیئر کو انڈر پریشر رکھیں گے تو وہ زیادہ پرفام کرے گا مگر وہ کبھی نہیں کرے گا۔

    عاقب جاوید نے کہا کہ یہ گیم ہے جس مائنڈ سے آسٹریلین کھیل رہے ہیں، جس مائنڈ سے اب بھارتی ٹیم کھیلنا شروع ہوگئی ہے۔ آپ دیکھیں وہ کبھی کوہلی پر پریشر نہیں ڈالیں گیں۔ کبھی روہت شرما کے بارے میں شبہ نہیں ڈالیں گے۔

    فخر زمان جیسا پلیئر ہے ہمیں بہت سالوں بعد ایسا جارحانہ پلیئر ملا ہم نے اسے شبہ میں ڈال ڈال کر اس کی یہ حالت کردی ہے کہ اب اس کی جگہ ایسے پلیئر اوپن کررہے ہیں جو دائرے سے بال باہر نہیں نکال سکتے۔

    انھوں کا کہ مینجمنٹ کے لیے اپنی سوچ میں واضح ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر آپ کو یہ پتا ہے کہ میچ ونرز کون سے ہیں اور ہم نے انھیں بیک کرنا ہے تو کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

  • سعود کی پاورہٹنگ کے بارے میں رائے دینا عاقب کو مہنگا پڑگیا

    سعود کی پاورہٹنگ کے بارے میں رائے دینا عاقب کو مہنگا پڑگیا

    سابق کرکٹر عاقب جاوید ورلڈکپ میں پاکستان کی پرفارمنس سے بالکل بھی خوش نظر نہیں آتے، انھوں نے جنوبی افریقہ کے میچ کے حوالے سے سعود شکیل پر طنز کیا تھا۔

    عاقب کی جانب سے لیفٹ آرم مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل پر کیا گیا طنز ان کے گلے پڑ گیا۔ شائقین انھیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ کچھ روز پہلے عاقب جاوید نے سعود کے حوالے سے کہا تھا کہ جنوبی افریقہ کے پاور ہٹرز کے سامنے ہم یہ پاور ہٹر لائے ہیں۔

    جنوبی افریقہ کے خلاف عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سعود شکیل نے نصف سنچری اسکور کی تھی۔ وہ بابر کے علاوہ واضح بیٹر تھے جنھوں نے ففٹی بنائی تھی۔

    نجی ٹی وی کے اسپورٹس پروگرام میں عاقب جاوید کا طنز سعود کی پرفارمنس کے بعد شائقین کو یاد آگیا اور وہ سابق کرکٹر کے تبصرے پر ناراض نظر آئے۔

    شائقین کرکٹ کی جانب سے عاقب جاوید کے بیان پر انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ عاقب جیسے پلیئر کو اپنے جونیئر پر ایسی تنقید نہیں کرنی چاہیے تھی۔

  • بابراعظم کی جگہ کون کپتان ہونا چاہئے؟ عاقب جاوید نے نام بتادیا

    بابراعظم کی جگہ کون کپتان ہونا چاہئے؟ عاقب جاوید نے نام بتادیا

    آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے میچ میں افغانستان کے ہاتھوں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست کے بعد سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے ۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا افغانستان سے شکست کے بعد اپنے بیان میں کہنا تھا کہ آج کے میچ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ آپ نے کوئی اضافی کوشش نہیں کی، کوئی بھی ماٹھی سے ماٹھی ٹیم بھی 270رنز کر لیتی ہے۔

    عاقب جاوید نے کہا کہ انہیں چاہئے تھا کہ 350 کا ٹارگٹ دیتے ، اگر آپ بیٹنگ لے رہے ہیں تو اسے آپ کو ثابت کرنا ہوگا، جس طرح سے افغانستان نے بیٹنگ کی ہے، انہیں اسکور بنانے میں کسی قسم کی کوئی مشکل نہیں ہوئی ۔

    سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ یہ سارے کے سارے ڈرے ہوئے ہیں ، بابر اعظم کی جگہ ایسا کپتان لانا چاہئے جو اپنی سوچ لے کر آئے، جو بغیر کسی ڈر کے میدان میں اترے ۔

    عاقب جاوید نے شاہین شاہ آفریدی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ اس نے کس طرح لاہور کو جتوایا تھا، اس نے ایسے فیصلے کئے تھے جو اس کے علاوہ کوئی نہیں کرسکتا تھا۔ عاقب جاوید نے حسن علی اور وسیم جونیئر کی بولنگ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ پہلی بار افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    چنئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف افغانستان نے 49ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    رحمان اللہ گرباز نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ابراہیم زدران 87 رنز بنا کر نمایاں رہے، رحمت شاہ 77 اور کپتان حشمت اللہ شاہدی48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

  • محمد حفیظ کا قومی ٹیم کو جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ

    محمد حفیظ کا قومی ٹیم کو جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ

    سابق کپتان محمد حفیظ نے قومی ٹیم کو جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

    معین خان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ یہ پریشرمیچ ہے، اگر پچ اچھی مل رہی ہے تو ٹاس جیت کر بیٹنگ پہلے کرنی چاہیے۔

    سابق کپتان اظہر علی نے سیمی فائنل میں ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار  کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ جب ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ جاتی ہیں تو سب برابر ہوجاتی ہے،  نیوزی لینڈ کی تاریخ ہے، وہ پورا ورلڈ کپ اچھا کھیلتے  ہوئے آتے ہیں، سیمی فائنل ہار جاتے ہیں۔

    عاقب جاوید کا مزید کہنا تھا کہ میں سیمی فائنل میں پاکستان کو فیورٹ قرار دوں گا، محمد حارث کو صرف اوپنر کھلانے سے اچھا ٹوٹل بن سکتا ہے، جبکہ پاکستان کے پاس چار ایسے بولر ہیں جو تیز رفتاری سے بولنگ کرتے ہیں۔

    انکا کہنا تھا کہ سڈنی کی پچ ایسی نہیں لگ رہی جہاں اسکور نہ ہو، پاکستان اگر پہلے بیٹنگ کرے اور اسکور کا دفاع کرے تو جیت ہماری ٹیم کی ہوگی۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

  • ‘عمران خان نے رمیز راجہ کو کرکٹ درست کرنے کے لیے بھیجا ہے’

    ‘عمران خان نے رمیز راجہ کو کرکٹ درست کرنے کے لیے بھیجا ہے’

    لاہور: سابق کپتان اور وکٹ کیپر معین خان اور سابق فاسٹ میڈیم بولر عاقب جاوید نے رمیز راجہ کے چیئرمین پی سی بی بننے پر امید کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹر معین خان نے کہا ہے کہ رمیز راجہ کے قول و فعل میں کوئی تضاد نظر نہیں آیا، وہ اپنی پالیسیوں میں واضح ہیں، اور ان کے آنے سے فرق نظر آئے گا۔

    عاقب جاوید نے اپنے تبصرے میں کہا کہ عرصہ دراز کے بعد ایسا چیئرمین دیکھا جس میں اتنی انرجی ہے، عمران خان نے رمیز راجہ کو کرکٹ درست کرنے کے لیے بھیجا ہے، ان کا تجربہ وسیع اور ان کی عمر بھی کم ہے، وہ کام کر سکتے ہیں۔

    معین خان نے اپنے بیٹے پاکستان کرکٹر اعظم خان کے حوالے سے کہا کہ بیٹے پر تنقید سے انھیں مزہ آتا ہے کیوں کہ یہی اسے بڑا کھلاڑی بنائے گی، انھوں نے کہا اعظم خان میں اسکلز ہیں اس کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

    چیئرمین پی سی بی منتخب ہوتے ہی رمیز راجہ کا پہلا بڑا فیصلہ

    واضح رہے کہ آج چیئرمین پی سی بی منتخب ہوتے ہی رمیز راجہ نے پہلا بڑا فیصلہ کیا ہے، انھوں نے میتھیوہیڈن اور ورنن فلینڈر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا۔

    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرا وژن بہت واضح ہے کہ چیزوں کو ری سیٹ ہونے کی ضرورت ہے، کوچنگ سسٹم پر نظرثانی ہوگی۔

    انھوں نے کہا کہ بینک الفلاح دونوں غیر ملکی کوچز کا معاوضہ ادا کرے گا، ان سے اس سلسلے میں اسٹرٹیجک پارٹنر شپ ہوئی ہے، دونوں غیر ملکی کوچز کے ساتھ ایک پاکستانی کوچ بھی لگے گا۔

  • عاقب جاوید نے ٹیسٹ کرکٹ ختم کرنے کی تجویز دے دی

    عاقب جاوید نے ٹیسٹ کرکٹ ختم کرنے کی تجویز دے دی

    لاہور: سابق فاسٹ بولر  عاقب جاوید نے ٹیسٹ کرکٹ ختم کرنے کی تجویز دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق 1992 کی فاتح ٹیم کا حصہ رہنے والے عاقب جاوید نے پانچ روزہ فارمیٹ پر سوالات اٹھا دیے.

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچز بائیس کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے علاوہ کوئی نہیں دیکھتا، اس کا مستقبل مخدوش ہے.

    سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ اب ٹیسٹ کرکٹ کے شائقین نہیں رہے، ایک دن آئے گا کہ ٹیسٹ کرکٹ ختم ہوجائے گی.


    مزید پڑھیں: جیمز اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین فاسٹ بولر بن گئے


    انھوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دبئی میں جاری ٹیسٹ میچ کا بھی حوالہ دیا، جہاں شائقین نہ ہونے کے برابر ہیں اور تمام انکلوژر خالی ہیں.

    انھوں‌ نے کہا کہ پاکستان جیسا ملک، جس کے پاس ہوم گراؤنڈ نہیں ہے، انھیں اب ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے.

    عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ اسے آج نہیں‌ تو کل ختم ہونا ہے، کیوں کہ نہ تو اسے کوئی کھیلنا چاہتا تھا، نہ دیکھنا چاہتا ہے، نہ ہی کوئی براڈ کاسٹر اسے دکھانا چاہتا ہے.

  • کھلاڑیوں‌ کی ویڈیوز دیکھ لیں، پی ایس ایل میں فکسنگ ہوئی، عاقب جاوید

    کھلاڑیوں‌ کی ویڈیوز دیکھ لیں، پی ایس ایل میں فکسنگ ہوئی، عاقب جاوید

    لاہور: سابق کرکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ڈاٹ بال کھیلنا جرم نہیں یہ کرکٹ کا حصہ ہے، شرجیل خان نے میرٹ پر دونوں ڈاٹ بال کھیلیں، ٹریبونل نے ویڈیوز دکھائیں جنہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ فکسنگ ہوئی۔

    یہ بات انہوں نے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کیس میں ٹریبونل کے سامنے بطور ایکسپرٹ پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    سابق کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ٹربیونل نے مجھے جو ویڈیوز دکھائیں وہ میچ فکسنگ کی ہوسکتی ہیں، ویڈیوز دیکھ کر محسوس ہوا کہ اسپاٹ فکسنگ ہوئی ہے تاہم شرجیل خان کا کیس 2 گیندوں کا نہیں ایک خبر کا ہے، پلان بنا اور پھراس پر عمل ہوا، کہیں کہیں لگتا ہے فکسنگ ہوئی۔

    لندن نیشنل کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر کو بطور گواہ بلایا ہے، وکیل شرجیل خان

    کرکٹر شرجیل خان کے وکیل شیفان اعجاز نے کہا کہ عموماً اوپنر بلے باز ایسے ڈاٹ بال کھیلتے ہیں، ٹریبونل نے لندن نیشنل کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر کو بطور گواہ 13 جولائی کو بلایا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ عاقب جاوید بطور ایکسپرٹ ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے۔

    عاقب جاوید بطور عدالتی گواہ پیش ہوئے، تفضل رضوی

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ آج عاقب جاوید بطور عدالتی گواہ ٹریبونل میں پیش ہوئے، عاقب جاوید نے کہا ہے کہ فکسنگ ایک کینسر ہے، ملزمان کو سزائیں ضرور ملنی چاہئیں،عاقب جاوید نے کہا ہر فکسنگ کے پیچھے ایک اسٹوری ہوتی ہے۔

    تفضل رضوی نے مزید کہا کہ ناصر جمشید کے وکیل نے گواہوں کے نام دے دیئے ہیں۔