Tag: عالمگیر وبا

  • پاکستان میں کرونا کے باعث اموات کی تعداد 176 ہو گئی

    پاکستان میں کرونا کے باعث اموات کی تعداد 176 ہو گئی

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کی صورت حال تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے، ملک میں وائرس کی وجہ سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 17 اموات کے بعد مجموعی تعداد 176 ہو گئی۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 425 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 8,418 ہو گئی ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا کے 6 ہزار 272 مریض زیر علاج، اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والے 1970 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 4 ہزار 873 ٹیسٹ کیے گئے، جب کہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 4 ہزار 302 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    عالمگیر وبا: 1 لاکھ 65 ہزار سے زائد لوگ زندگی کی بازی ہار گئے

    این سی او سی کے مطابق پنجاب میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3,721 ہے، وائرس سے پنجاب میں 42 اموات ہو چکی ہیں جب کہ 702 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ سندھ میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2,537 ہے، جب کہ اموات 56 ہو چکی ہیں، اور صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 625 ہے۔

    خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 1,235 ہو گئی ہے، لیکن اموات دیگر صوبوں سے بڑھ کر 67 ہو گئیں، اب تک صرف 267 مریض ہی صحت یاب ہو سکے ہیں۔ بلوچستان میں کیسز کی تعداد 432 ہے، اموات 5 جب کہ صحت یاب افراد کی تعداد 152 ہے۔ اسلام آباد میں کیسز کی تعداد 181، اموات 3 جب کہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 20 ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں کیسز کی تعداد 49، صحت یاب افراد کی تعداد 10 ہے جب کہ وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

  • ایک اور اعزاز، قومی ادارے کی پلازما تحقیق امریکا میں رجسٹر

    ایک اور اعزاز، قومی ادارے کی پلازما تحقیق امریکا میں رجسٹر

    کراچی: امریکی ادارے فوڈ ایند ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے پلازما سے متعلق پاکستانی ادارے کی تحقیق کو رجسٹرڈ کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز (این آئی بی ڈی) کی میڈیکل ریسرچ کا امریکا میں بھی اعتراف کر لیا گیا، ایف ڈی اے نے این آئی بی ڈی کی پیسیو امیونائزیشن (passive immunization) کو رجسٹرڈ کر لیا۔

    اس سلسلے میں این آئی بی ڈی کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ این آئی بی ڈی نے ایف ڈی اے کو پلازما تکنیک رجسٹریشن کے لیے بھیجی تھی، ایف ڈی اے نے پلازما سے علاج کا کلینکل ٹرائل پروٹوکول رجسٹرڈ کر لیا ہے، پلازما تکنیک پروٹوکول سے عالمی ادارہ صحت کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔

    کرونا کے مریضوں کا علاج ، ڈاکٹرطاہرشمسی نے بڑی خوش خبری سنادی

    انھوں نے بتایا کہ کسی بھی تکینک کو مریضوں پر استعمال کرنے سے قبل منظور شدہ عالمی اور ملک کے متعلقہ اداروں سے منظوری اور رجسٹرڈ کرانا طبی ضابطہ اصول ہوتے ہیں، ملکی اور عالمی اداروں کی منظوری کے بعد ہی انسانوں پر تکنیک کا استعمال شروع کیا جاتا ہے۔

    ڈاکٹر طاہر شمسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے کرونا کے صحت یاب افراد سے لیے گئے پلازما پر اپنی ریسرچ مکمل کر لی ہے، سندھ میں صحت یاب مریضوں کے پلازما میں کرونا وائرس نہیں ملا۔ یاد رہے کہ سندھ حکومت پلازما تکنیک سےعلاج کی اجازت دے چکی ہے، اس طریقے سے چاروں صوبوں میں مریضوں کا علاج کیا جائے گا، ڈاکٹر طاہر شمسی نے بتایا تھا کہ پلازما تکنیک سے کرونا مریضوں کو آئی سی یو اور وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

  • ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 7993 ہو گئی، 159 مریض جاں بحق

    ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 7993 ہو گئی، 159 مریض جاں بحق

    اسلام آباد: ملک میں نئے کرونا وائرس COVID 19 کے مریضوں کی تعداد 7993 ہو گئی ہے جب کہ 159 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 7993 ہو گئی، جب کہ ملک میں کرونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 5966 ہے۔

    این سی او سی کے مطابق کرونا سے ملک بھر میں 159 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 16 افراد جاں بحق ہوئے، سندھ میں 48، پنجاب میں 41، خیبر پختون خوا میں 60 مریض انتقال کر چکے ہیں، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 5 مریض جاں بحق ہوئے، وفاقی دارالحکومت میں کرونا سے 2 مریضوں کا انتقال ہوا۔

    کرونا کی عالمگیر وبا، ہلاکتیں 1 لاکھ 60 ہزار سے بڑھ گئیں

    اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 514 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں کیسز کی تعداد 3649 ہے، سندھ میں 2355 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، کے پی میں کرونا کیسز کی تعداد 1137 ہے، اسلام آباد میں کرونا کیسز کی تعداد 171 ہو گئی، بلوچستان میں 376، گلگت بلتستان میں 257 کیسز، آزاد کشمیر میں 48 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    کرونا کے شکار 47 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 37 فی صد کیسز دیگر ممالک سے پاکستان آئے، 63 فی صد مقامی طور پر پھیلے ہیں، ملک میں اب تک 98 ہزار 522 کرونا ٹیسٹ ہو چکے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7847 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، کرونا وائرس سے متاثرہ 1868 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • کرونا کی عالمگیر وبا، ہلاکتیں 1 لاکھ 60 ہزار سے بڑھ گئیں

    کرونا کی عالمگیر وبا، ہلاکتیں 1 لاکھ 60 ہزار سے بڑھ گئیں

    کراچی: کرونا وائرس کی عالمگیر وبا سے ہلاکتیں بڑھ کر 160,767 ہو گئی ہیں، دنیا بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 23 لاکھ 32 سے زائد ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کو وِڈ نائنٹین نے دنیا کے 210 ممالک اور علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مزید کیسز سامنے آ رہے ہیں اور مزید ہلاکتیں رپورٹ ہو رہی ہیں۔

    دوسری طرف سائنس دان کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینز کی تیاری اور مرض سے نجات کے لیے مختلف قسم کی ادویہ پر بھی تحقیقات کر رہے ہیں، ایسی ادویہ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جن سے انسانی قوت مدافعت میں اضافہ ہو، دنیا بھر کے اسپتالوں میں خصوصی کیئر کے نتیجے میں اب تک کرونا کے 6 لاکھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 7 لاکھ 38 ہزار سے زائد ہوگئی، وائرس کے باعث اموات بھی بڑھ کر 39 ہزار 15 ہو گئی ہیں، اٹلی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد ہوگئی، جب کہ وائرس کے باعث اموات 23 ہزار227 ہو گئی ہیں، اسپین میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار سے زائد ہوگئی اور اموات 20 ہزار 639 ہو گئی ہیں۔

    فرانس میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 51 ہزار سے زائد ہو گئی، جب کہ وائرس کے باعث اموات 19 ہزار 323 ہو گئیں، برطانیہ میں وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 14 ہزار سے زائد ہو گئی، اور وائرس کے باعث اموات 15 ہزار 464 ہو گئیں، جرمنی میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 43 ہزار سے زائد ہو گئی، جب کہ وائرس کے باعث اموات 4 ہزار 538 ہو گئیں۔

    ترکی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 82 ہزار سے زائد ہوگئی، جب کہ وائرس کے باعث اموات 1 ہزار 890 ہو گئیں، ایران میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 82 ہزار سے زائد ہوگئی، جب کہ وائرس کے باعث اموات 5 ہزار 31 ہو گئیں۔

  • کرونا وائرس نے ڈیڑھ لاکھ کے قریب انسانی جانیں نگل لیں

    کرونا وائرس نے ڈیڑھ لاکھ کے قریب انسانی جانیں نگل لیں

    کراچی: مہلک ترین ثابت ہونے والے نئے کو وِڈ وائرس COVID 19 نے دنیا بھر میں 1 لاکھ 46 ہزار 897 انسانی جانیں نگل لیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی عالمگیر وبا سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 146855 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 21 لاکھ 84 ہزار 566 ہو گئی ہے۔

    عالمی ڈیٹا کے مطابق اب تک کرونا وائرس کے صرف 5 لاکھ 53 ہزار مریض ہی صحت یاب ہوئے ہیں، جب کہ وائرس اب تک 210 ممالک اور مختلف علاقے اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔

    امریکا میں کرونا سے 34641 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 678144 افراد متاثر ہوئے، ان میں سے صرف نیویارک میں 16106 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 226198 ہے، نیو جرسی میں 3518 افراد ہلاک ہوئے اور 75317 متاثر ہیں۔

    کرونا کے وار جاری، پاکستان میں 135 اموات ، کیسز کی تعداد 7000 سے تجاوز

    چین میں 1300 نئی اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 4632 ہو گئی۔ یہ اموات چین کے شہر ووہان میں ہوئیں، جو اس سے قبل مجموعی اموات میں شمار نہیں کی گئی تھیں۔

    اٹلی میں کرونا سے 22170 ہلاک ہوئے اور 168947 افراد متاثر ہیں، اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 19315 ہو گئی جب کہ 184948 افراد متاثر ہو چکے ہیں، برطانیہ میں کرونا سے 13729 افراد ہلاک ہوئے اور 103093 افراد متاثر ہیں۔

    فرانس میں کرونا سے 1792 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 165027 افراد متاثر ہوئے، ایران میں وائرس سے 4869 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 77995 افراد متاثر ہیں، بیلجیم میں کرونا سے 4857 ہلاک ہوئے اور 34809 افراد متاثر ہیں، نیدرلینڈز میں 3315 ہلاک جب کہ 29214 متاثر ہیں، کینیڈا میں کرونا سے 1195 ہلاک اور 30106 متاثر ہوئے، ترکی میں وائرس سے 1643 اموات ہوئیں اور 74193 افراد متاثر ہیں۔

    سعودی عرب میں کرونا سے 83 اموات ہو چکی ہیں جب کہ 6380 افراد متاثر ہیں، پڑوسی ملک بھارت میں کرونا سے اموات بڑھ کر 448 ہو گئی ہیں جب کہ 13430 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

  • امریکا میں ایک اور بد ترین دن، ڈھائی ہزار سے زائد افراد ہلاک

    امریکا میں ایک اور بد ترین دن، ڈھائی ہزار سے زائد افراد ہلاک

    نیویارک: امریکا میں کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، سپر پاور کو ایک اور بدترین دن کا سامنا کرنا پڑا، 24 گھنٹوں کے دوران ڈھائی ہزار سے زیادہ افراد جان سے چلے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں کو وِڈ نائنٹین سے ہلاکتوں کی تعداد 28,554 ہو گئی ہے، صرف نیویارک میں 11,586 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جب کہ امریکا بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 44 ہزار سے بڑھ گئی، دوسری طرف امریکی صدر کہتے ہیں ملک میں وائرس عروج پر ہے، جارحانہ حکمت عملی کام کر رہی ہے، آج لاک ڈاؤن ختم کرنے کا منصوبہ پیش کریں گے۔

    خیال رہے کہ امریکا میں مسلسل دوسرے روز کرونا وائرس سے 2 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں، تاہم گورنر نیویارک کا کہنا تھا کہ اب اسپتالوں میں داخل افراد کی تعداد کم ہونے لگی ہے اور اموات کی شرح میں بھی کمی آ رہی ہے۔

    امریکا میں کرونا کا قہر، ایک دن میں 2ہزار سے زائد ہلاکتیں

    دوسری طرف نیویارک میں متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 14 ہزار سے بڑھ چکی ہے، نیو جرسی میں 71 ہزار کیسز، میساچوسٹس میں 29 ہزار،مشی گن 28 ہزار، کیلی فورنیا میں 27 ہزار اور ٹیکسس میں 16 ہزار سے کیسز بڑھ چکے ہیں۔

    پورے امریکا میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد بڑھ کر 48,708 ہو چکی ہے۔ اس وقت امریکا نہ صرف اموات کی تعداد کے لحاظ سے بلکہ کیسز کی تعداد کے لحاظ سے بھی دنیا میں سر فہرست ملک ہے۔

  • ترقی پذیر ممالک کی مدد کا اقدام ہماری خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے: شاہ محمود

    ترقی پذیر ممالک کی مدد کا اقدام ہماری خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے: شاہ محمود

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جی 20 ممالک اور آئی ایم ایف کی جانب سے ریلیف اعلانات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم نے کمزور معیشتوں پر اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپیل کی تھی، اب جی 20 ممالک نے ترقی پذیر ممالک پر واجب الادا قرضوں کو مؤخر کرنے کی سہولت کا اعلان کر دیا ہے جو قابل ستائش ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے بھی ریپڈ ریلیف کا اعلان کر دیا ہے، امید ہے کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کو اس مد میں ریلیف ملے گا، جی 20 ممالک نے وزیر اعظم کی اپیل پر مثبت رد عمل دیا، ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے یہ اقدام پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ہم نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور یہ باور کرایا کہ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ سے ترقی پذیر ممالک کی مدد کی جا سکتی ہے، وزیر اعظم نے گلوبل اپیل لانچ کی اور عالمی لیڈرز کو خطوط لکھے کہ دنیا کی معیشت کرونا سے متاثر ہو رہی ہے۔

    اقوام متحدہ کی وزیر اعظم عمران خان کے قرضے معافی کے مطالبے کی حمایت

    انھوں نے کہا وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں کو آگاہ کیا تھا کہ ترقی پذیر ممالک پر بوجھ زیادہ ہے، اس لیے قرضوں پر سود ختم کریں تاکہ وسائل غریبوں پر خرچ ہو سکیں، جی 20 نے بھی مثبت رد عمل دیا، پاکستان سمیت 76 ممالک کو اب ریلیف ملے گا، ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے یہ اقدام ہماری خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے وزیر اعظم عمران خان کی قرضوں سے ریلیف کے مطالبے کی حمایت کر دی ہے، سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں سے ریلیف کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، اس طرح کےاقدام کرونا وائرس سے نمٹنے کا ایک ’اہم حصہ‘ ہونا چاہیے۔

    ترجمان گوتریس نے کہا کہ قرضوں میں 2020 کے لیے سود کی ادائیگی پر فوری چھوٹ بھی ہونی چاہیے، ضروری ہے کہ غریب ممالک کے وسائل کرونا سے نمٹنے کے لیے استعمال ہوں۔

  • کرونا وائرس پاکستان میں 124 جانیں لے گیا، 6505 کیسز کی تصدیق

    کرونا وائرس پاکستان میں 124 جانیں لے گیا، 6505 کیسز کی تصدیق

    اسلام آباد: نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین نے پاکستان بھر میں 124 جانیں تلف کر لی ہیں، اب تک ملک کے مختلف حصوں میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6505 ہو چکی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اپ ڈیٹ کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز تیز رفتاری کے ساتھ بڑھ رہے ہیں، تصدیق کیسز ساڑھے چھ ہزار سے بھی تجاوز کر گئے، جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 124 ہو گئی۔

    این سی او سی کے مطابق ملک کے مختلف شہروں کے اسپتالوں میں اس وقت کرونا کے 4 ہزار 736 مریض زیر علاج ہیں، پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 520 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ اب تک 1645 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا نے دنیا بھر میں 1 لاکھ 34 ہزار انسانوں کی جان لے لی

    کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 17 اموات بھی رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات اب تک خیبر پختون خوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 42 ہے، اس کے بعد سندھ میں 41 اموات، پنجاب میں 34 اموات، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تین تین، جب کہ ایک موت اسلام آباد میں واقع ہوئی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 540 کرونا ٹیسٹ بھی کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 78 ہزار 979 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • کرونا کی عالمگیر وبا نے 20 لاکھ سے زائد انسانوں کو لپیٹ میں لے لیا

    کرونا کی عالمگیر وبا نے 20 لاکھ سے زائد انسانوں کو لپیٹ میں لے لیا

    کراچی: نئے اور مہلک ترین ثابت ہونے والے وائرس COVID 19 سے پھیلنے والی عالمگیر وبا نے دنیا کے 20 لاکھ سے زائد انسانوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر کرونا وائرس نے 20 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کر دیا ہے، وائرس کی زد میں آ کر اب تک 1 لاکھ 26 ہزار 754 مریض ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    اب تک وائرس دنیا کے 210 ممالک اور علاقوں کو لپیٹ میں لے چکا ہے، اور اس کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے، دوسری طرف کئی ممالک میں وائرس کی روک تھام اور علاج کے سلسلے میں بھی تحقیقات جاری ہیں، ایسی ادویہ اور ویکسین پر تجربات ہو رہے ہیں جن سے کو وڈ نائنٹین کو غیر مؤثر کیا جا سکے، تاہم موجودہ دستیاب علاج سے بھی اب تک دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 4 لاکھ 84 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 26 ہزار سے بھی بڑھ گئی ہے، گزشتہ دن امریکا کا بدترین دن ثابت ہوا، ایک دن میں وائرس سے ریکارڈ 2 ہزار 228 افراد ہلاک ہوئے، نیویارک میں ایک ہی دن میں 778 افراد لقمہ اجل بنے، جس کے بعد نیویارک میں کرونا کے باعث اموات کی تعداد 10 ہزار 834 ہو گئی، نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بھی کرونا وائرس سے 24 اموات ہو چکی ہیں۔ اب تک امریکا میں وائرس سے 6 لاکھ 14 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    اٹلی میں کرونا وائرس سے اموات بڑھ کر 21 ہزار 67 ہو گئیں، ایک لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں، اسپین میں وائرس 18 ہزار 255 جانیں نگل گیا اور ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد متاثر ہیں، فرانس میں کرونا وائرس 15 ہزار 729 جانیں نگل گیا اور ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں، برطانیہ میں کرونا سے اموات 12 ہزار 107 ہو گئیں اور 93 ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔

    ایران میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 4683 ہو گئی اور 74 ہزار سے زائد متاثر ہوئے، بیلجیئم میں 4157 افراد ہلاک جب کہ 31 ہزار سے زائد متاثر ہیں، جرمنی میں 3495 جانیں نگل گیا اور ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد متاثر ہیں، چین میں 3342 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں اور 82 ہزار سے زائد متاثر ہوئے، نیدرلینڈز میں وائرس 2945 جانیں نگل گیا اور 27 ہزار سے زائد متاثر ہوئے، برازیل میں کرونا سے 1532 اموات ہوئیں اور 25 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔

    کرونا وائرس ترکی میں 1403 جانیں نگل گیا جب کہ 65 ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں، سوئٹزرلینڈ میں 1174 افراد وائرس سے ہلاک ہوئے اور 25 ہزار سے زائد متاثر ہیں، سوئیڈن میں 1033، کینیڈا میں 903، پرتگال میں 567، انڈونیشیا میں 459، میکسیکو میں 406، جب کہ بھارت میں کرونا وائرس سے 393 افراد ہلاک ہوئے اور 11 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 93 ہو گئی

    پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 93 ہو گئی

    اسلام آباد: نئے اور مہلک کرونا وائرس سے ملک میں 24 گھنٹوں میں مزید 7 افراد جاں بحق ہو گئے، پاکستان میں اموات کی تعداد 93 ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں کرونا کا وار جاری ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران 7 افراد چل بسے، اموات کی تعداد 93 ہو گئی، 44 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں 336 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں کو وِڈ نائنٹین کے مریضوں کی تعداد 5374 ہو گئی ہے، ملک میں کرونا کے 4111 مریض زیر علاج ہیں، وائرس سے متاثرہ 1095 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری، تعداد 114,253 ہو گئی

    پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2,594 تک پہنچ گئی، سندھ میں 1,411 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، خیبر پختون خوا میں وائرس کے 744 سامنے آ چکے ہیں، بلوچستان میں 230 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، آزاد جموں و کشمیر میں مریضوں کی تعداد 40 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 224 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 131 مریض سامنے آ چکے ہیں.

    کراچی کے ضلع شرقی میں متاثرہ گلیاں اور محلے سیل کیے جا چکے ہیں، یو سی 8 اور 9 ریڈ زون قرار دے دیے گئے، آمد و رفت معطل کر دی گئی، پنجاب میں لاک ڈاؤن میں 21 اپریل تک توسیع کی گئی ہے، لاہور کے بھی 10 سے زائد علاقے سیل کیے جا چکے ہیں۔