Tag: عالمی ادارے

  • عوام کو معاشی میدان میں کامیابیوں سے آگاہ کیا جائے، وزیراعظم

    عوام کو معاشی میدان میں کامیابیوں سے آگاہ کیا جائے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومتی کاوشوں کی بدولت ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے، عوام کو معاشی میدان میں کامیابیوں سے آگاہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ کو ملکی معاشی صورت حال میں بہتری پر بریفنگ دی گئی۔

    اعلامیے کے مطابق سنگین مسائل کی شکار ملکی معیشت میں استحکام آچکا ہے، چار بڑے عالمی اداروں ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک، آئی ایم ایف اور موڈیز نے معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا۔

    اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ میں 286 فیصد بہتری آئی ہے، اسٹاک مارکیٹ 8 ماہ بعد 40 ہزارکی سطح تک پہنچ گئی ہے، برآمدات میں تقریباً 10 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ سردیوں میں بجلی کی قیمت میں کمی لانے کے فیصلے سے ایک لاکھ 76 ہزار صارفین مستفید ہوئے ہیں، صنعتی شعبے کی جانب سے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی اعشاریوں میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کاوشوں کی بدولت ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے، معیشت کومزید مستحکم اورعام آدمی کو ریلیف دینا ترجیح ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ معاشی استحکام کا حصول ایک اہم سنگ میل تھا، عوام کو معاشی میدان میں کامیابیوں سے آگاہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے اعتماد کو مزید تقویت فراہم ہوگی۔

  • مودی نے جمہوریت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں قیامت کا سماں ہے: مشال ملک

    مودی نے جمہوریت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں قیامت کا سماں ہے: مشال ملک

    اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی بیوی مشال ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیر پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. مشال ملک کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی و کشمیری بھارتی بربریت بے نقاب کریں.

    نوجوان سوشل میڈیاکےذریعےبھارتی مظالم سےدنیا کوآگاہ کریں، انتہاپسندمودی نے جمہوریت کالبادہ اوڑھ رکھا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں قیامت کاسماں، کرفیو کی وجہ سے قحط ہے.

    مشال ملک نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں اشیائے خورونوش، ادویات کی قلت ہے، بھارتی فورسزکشمیری نوجوانوں کو لاپتا اور تشدد کررہی ہے.

    انھوں نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیرپرتوجہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی کررہی ہے.

    مزید پڑھیں:44 روز کے کرفیو کے باوجود بہادر کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں: راجہ فاروق حیدر

    خیال رہے کہ مودی سرکار 5 اگست کو غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے مقبوضہ وادی کی خصوصی اہمیت ختم کر دی تھی.

    آرٹیکل 370 کے خاتمے کے ساتھ ہی بھارت نے کشمیر میں کرفیو نافذ کر دیا، جو گزشتہ ڈھائی ماہ سے جاری ہے.

    اس عرصے میں کشمیر میں ایک انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، جس کے خلاف دنیا بھر کی سماجی تنظیمیں آواز اٹھار رہی ہیں.

  • مقبوضہ کشمیر کی صورتحال جنگ زدہ علاقوں سے بری ہے: مشعال ملک

    مقبوضہ کشمیر کی صورتحال جنگ زدہ علاقوں سے بری ہے: مشعال ملک

    اسلام آباد: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی دنیا کے تمام قوانین کی خلاف ورزی ہے، مقبوضہ وادی میں طبی سہولیات عالمی ادارے طاقت سے پہنچائیں۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ جنگ کی صورتحال میں بھی علاج اور خوراک پر پابندی نہیں ہوتی، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال جنگ زدہ علاقوں سے بری ہے۔

    مشعال ملک کا کہنا ہے کہ طبی سہولتوں کی عدم فراہمی دنیا کے تمام قوانین کی خلاف ورزی ہے، طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے عالمی تحریک کی ضرورت ہے۔ عالمی سطح پر بھی اس ظلم کو محسوس کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کی پابندیاں ایک سال تک رہ سکتی ہیں، یہ صدی کا سب سے بڑا ظلم ہے۔ مقبوضہ وادی میں طبی سہولیات عالمی ادارے طاقت سے پہنچائیں۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے اداروں میں کشمیر کا معاملہ موجود ہے، بھارت پر عالمی دباؤ اقوام متحدہ سے ہی آئے گا۔ ایٹمی جنگ پوری دنیا کے لیے خطرناک ہوگی۔

    اس سے قبل مشعال ملک کا کہنا تھا کہ 6 ماہ سے شوہر سے بات نہیں ہوئی ہے، یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔ یاسین ملک کی حالت دن بہ دن خراب ہو رہی ہے، پاکستانی کشمیر کی آزادی کے لیے بھرپور جدوجہد کریں۔

    مشعال ملک نے کہا تھا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس بڑا بریک تھرو ہے، ہمیں اب اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے حل پر فوکس کرنا ہے۔ پوری دنیا میں ہمارا پیغام اس وقت پہنچ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ لوگ کہتے ہیں ہندوستان بڑی مارکیٹ ہے اس لیے کوئی اسے کچھ نہیں کہے گا، میں اس بات سے اختلاف کرتی ہوں، ہمیشہ ایسا نہیں رہے گا۔

  • اقوام متحدہ کو بھارت کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی، اسد مجید خان

    اقوام متحدہ کو بھارت کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی، اسد مجید خان

    واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹراسد مجید خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بھارت کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیرڈاکٹر اسد مجید خان نے امریکی پالیسی ساز اداروں کو کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ پاکستانی سفیر نے امریکی نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا۔

    ڈاکٹراسد مجید خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارتی ظلم وستم کا شکار ہے، مسئلے کے حل کے لیے عالمی قوتوں، اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بھارت کیخلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیرپر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر آگے بڑھا جائے۔

    امریکا سمیت عالمی برادری کشمیر کو متنازع علاقہ تسلیم کرتی ہے، اسد مجید خان

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے انٹرویو میں کہا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے، بھارت نے یکطرفہ طورپر کشمیرکی خصوصی حیثیت کو ختم کیا۔

    پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مکمل طور پرلاک ڈاؤن ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں فوج کی تعداد میں حالیہ اضافہ کیا، 12ملین کشمیریوں پر9 لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے، بھارت نے مقبوضہ وادی کودنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔

    ڈاکٹراسد مجید خان کا کہنا تھا کہ امریکا سمیت عالمی برادری کشمیرکو متنازع علاقہ تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ امریکی صدر نے وزیراعظم کی موجودگی میں ثالثی کی پیشکش کی تھی، مسئلہ ہو تو تب ہی ثالثی کی پیشکش کی جاتی ہے۔

  • پاکستان کی ترقی کے لیے بلاتفریق احتساب ضروری ہے‘ چیف جسٹس

    پاکستان کی ترقی کے لیے بلاتفریق احتساب ضروری ہے‘ چیف جسٹس

    لندن : چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ بچوں کی زندگی بچانی ہے، ڈیم کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیموں کی تعمیرکے لیے عالمی ادارے فنڈزدینا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ واپڈاچیئرمین کے مطابق ادارے فنڈزدینے کے لیے رابطہ کررہے ہیں، پچھلے دنوں واٹرکانفرنس میں ورلڈ بینک کے نمائندے بھی شریک تھے۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ بھاشا ڈیم کی تعمیرکے خلاف بھارت عالمی عدالت گیا تودیکھا جائے گا۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ ملکی یکجہتی کے لیے کالا باغ ڈیم پرچاروں بھائیوں کا متفق ہونا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈ کے پیسے کے استعمال کا طریقہ کاربنائیں گے، ویب سائٹ بنا کرفنڈز،عطیات کے پیسے کا حساب ڈالیں گے، فنڈزسے 2 روپے بھی خرچ ہوئے ریکارڈ ویب سائٹ پرمہیا ہوگا۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے بلاتفریق احتساب ضروری ہے، سب کا احتساب ہونا چاہیے، کوئی بھی مبرا نہیں ہے، احتساب کےعمل میں کسی سے رعایت ممکن ہی نہیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ڈیم پاکستان کے لیے ناگزیرہیں، بچوں کی زندگی بچانی ہے، ڈیم کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اوورسیزپاکستانیوں کواپنے دل سے لگاتے ہیں، ملک کے بچوں کے لیے تعمیری کردارادا کرنا ہے، تعمیری کام کی سوچ اور جذبہ ملک کے بچوں کو دیکھ کرملتا ہے۔

    ڈیم فنڈ کے لیے موبائل ٹیکس کی بحالی‘ چیف جسٹس نے قوم سے رائے مانگ لی


    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ڈیم بنانے کے لیے موبائل کارڈ پر ٹیکس بحالی کی تجویز پر عوام سے رائے مانگی تھی، ان کا کہنا ہے کہ ڈیم فند کے لیے موبائل کارڈ پر ٹیکس بحال کریں یا نہیں؟