Tag: عالمی بینک

  • عالمی بینک کا بڑا اعلان ، پاکستانی طلبا کے لئے خوشخبری آگئی

    عالمی بینک کا بڑا اعلان ، پاکستانی طلبا کے لئے خوشخبری آگئی

    اسلام آباد: عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو 4 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کی گرانٹ دینے کا اعلان کردیا، یہ گرانٹ پاکستان میں تعلیمی شعبے کیلئےاستعمال ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان کے تعلیمی شعبے کے لیے 4 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کی گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    وزارت تعلیم کی جانب سے کہا گیا کہ یہ گرانٹ خصوصی طور پر پنجاب میں تعلیمی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی تاکہ اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کیا جا سکے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس گرانٹ کے ذریعے 40 لاکھ بچوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا جبکہ 80 ہزار بچوں کو اسکولوں میں داخلے میں مدد ملے گی۔ مزید برآں 30 لاکھ بچوں کو معیاری تعلیمی سہولتوں تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔

    منصوبے کے تحت ایک لاکھ اساتذہ اور والدین پر مبنی کمیونٹی لیڈرز تیار کیے جائیں گے جو تعلیمی عمل میں رہنمائی فراہم کریں گے۔

    اس کے علاوہ گرانٹ سے اسکولوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

    اعلامیہ کے مطابق یہ اقدام پاکستان میں بچوں کے تعلیمی مواقع بڑھانے اور تعلیم کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

  • عالمی بینک نے جوہری توانائی کی فنانسنگ پر عائد پابندیاں ختم کردیں

    عالمی بینک نے جوہری توانائی کی فنانسنگ پر عائد پابندیاں ختم کردیں

    عالمی بینک کی جانب سے جوہری توانائی کی مالی معاونت پر دہائیوں پرانی پابندیوں کو ختم کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عالمی بینک نے جوہری توانائی کے شعبے میں دوبارہ داخل ہونے کا اعلان کردیا ہے جو کہ کئی دہائیوں بعد ایک بڑی پالیسی تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

    ورلڈ بینک کے صدر اجے بانگا نے گزشتہ روز بتایا کہ یہ فیصلہ ترقی پذیر ممالک میں بڑھتی ہوئی بجلی کی طلب کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک اب اقوامِ متحدہ کی جوہری نگران ایجنسی IAEA کے ساتھ قریبی تعاون کرے گا تاکہ جوہری عدم پھیلاؤ کی نگرانی اور مؤثر ریگولیٹری نظام کی تشکیل میں مدد فراہم کی جاسکے۔

    اُنہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں بجلی کی طلب 2035 تک دوگنی سے زیادہ ہو جائے گی اور اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ہر سال توانائی پیداوار، گرڈز، اور اسٹوریج پر سرمایہ کاری کو موجودہ 280 ارب ڈالر سے بڑھا کر تقریباً 630 ارب ڈالر کرنا ہوگا۔

    ورلڈ بینک کے صدر کے مطابق ہم ان ممالک میں موجودہ جوہری ری ایکٹرز کی مدت بڑھانے کی کوششوں میں مدد کرنے کے خواہاں ہیں اور بجلی کے گرڈز اور متعلقہ انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے تعاون فراہم کریں گے۔

    واضح رہے کہ بانگا نے 2023 میں ورلڈ بینک صدر کا عہدہ سنبھالا تھا اور تب سے وہ توانائی پالیسی میں تبدیلیوں کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں۔

    روس نے ایران سے افزودہ یورینیم نکالنے کی پیشکش کردی

    اگرچہ ورلڈ بینک نے جوہری توانائی میں سرمایہ کاری کے لیے دروازے کھول دیے ہیں، ورلڈ بینک کے صدر نے واضح کیا کہ ابھی بورڈ اس بات پر متفق نہیں ہو پایا کہ آیا بینک کو گیس کی پیداوار (upstream gas) میں بھی شامل ہونا چاہیے اور اگر ہاں تو کن شرائط کے تحت ایسا ہوسکتا ہے۔

  • غربت کا پیمانہ  تبدیل ، پاکستان میں ماہانہ کتنے روپے کمانے والا غریب کہلائے گا؟

    غربت کا پیمانہ تبدیل ، پاکستان میں ماہانہ کتنے روپے کمانے والا غریب کہلائے گا؟

    دنیا بھر میں غربت جانچنے کے پیمانہ تبدیل ہونے کے بعد پاکستان میں ماہانہ کتنے روپے کمانے والے غریب کہلائیں گے؟۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے دنیا بھر میں غربت جانچنے کا پیمانہ تبدیل کر دیا ، پاکستان سمیت لوئرمڈل انکم ممالک میں یومیہ آمدن کی حد4.20 ڈالر مقرر کی گئی ہے، اس سے پہلے یومیہ 3.65 ڈالر سے کم کمانے والے خط غربت میں آتے تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ نئے طریقے کے مطابق پاکستان کی 44.7 فیصد آبادی غربت کا شکار ہے جبکہ پرانے طریقہ کار کے مطابق غربت کی شرح 39.8 فیصد تھی۔

    ورلڈ بینک نے کہا کہ نئی تعریف کے مطابق 10کروڑ 79لاکھ 50ہزار پاکستانی غربت کاشکارہیں، طریقہ بدلنے سے لوگوں کے معیار زندگی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان میں یومیہ 1200 روپے سے کم کمانے والےغریب کہلائیں گے یعنی 36ہزارماہانہ سے کم آمدنی والا غریب ترین ہوگا۔

    حکومت نے تاحال نئی مردم شماری کےنتائج فراہم نہیں کیئے، غربت جانچے کیلئے نئی مردم شماری نہیں بلکہ 2018-19 کا پرانا ڈیٹا استعمال ہوا۔

    عالمی بینک کا کہنا تھا کہ انتہائی غربت کا پتہ لگانے کیلئے یومیہ آمدن کی حد 3 ڈالر فی کس مقرر کی گئی، تعریف کے مطابق 16.5 فیصدآبادی انتہائی غربت کاشکار ہے اور 3 کروڑ 98 لاکھ سے زیادہ افراد انتہائی غربت کی کیٹگری میں شامل ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان دنیا کے نچلے درمیانے آمدنی والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے، کم آمدن والے ملکوں کیلئے غربت جانچنے کا معیار 2.15 ڈالر سے بڑھا کر 3 ڈالر کر دیا گیا ہے۔

    ورلڈ بینک کے مطابق اپرمڈل انکم ممالک میں غربت جانچنے کیلئے آمدن 6.85 کے بجائے 8.30 ڈالر یومیہ مقرر کی گئی ہے ، اس تعریف کے مطابق پاکستان کی 88.4 فیصد آبادی اس حد سے نیچے ہے۔

  • سستا قرض : عالمی بینک کا پاکستان کے لئے بڑا اعلان

    سستا قرض : عالمی بینک کا پاکستان کے لئے بڑا اعلان

    اسلام آباد : عالمی بینک نے سستے قرض کے تحت پاکستان کو 10 کروڑ 80لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کردیا، رقم اضافی فنانسنگ کی مدمیں فراہم کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان کو 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کردیا ، یہ رقم سستے قرض کے تحت فراہم کی جائے گی۔

    اعلامیے میں کہا گیا رقم خیبر پختونخوا میں اضافی فنانسنگ کی مد میں فراہم کی جائے گی اور رقم سے خیبر پختونخوا میں رورل ایکسیسبیلٹی پروجیکٹ کیلئے 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

    اعلامیے میں کہنا تھا کہ منصوبے سے منڈیوں تک رسائی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور منڈیوں تک رسائی سے روزگار میں اضافہ ہوگا۔

    ورلڈ بینک نے کہا کہ اس رقم سے ماحولیاتی کی بہتری ممکن ہوگی اور 17 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

    خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کیلئے 3 کروڑ ڈالر کی منظوری دی گئی ہے۔ رقم سے خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے ثقافتی ورثے کا تحفظ ممکن ہوسکے گا۔

  • ’عالمی بینک اور اے ڈی بی کے بڑے منصوبے اصل میں کرپشن کی جڑ ہیں‘

    ’عالمی بینک اور اے ڈی بی کے بڑے منصوبے اصل میں کرپشن کی جڑ ہیں‘

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کے چیئرمین سیف اللہ ابڑو نے عالمی بینک اور اے ڈی بی کے بڑے منصوبوں کو کرپشن کی جڑ قرار دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کےمطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے خیبر پاس اکنامک کوریڈور تعمیر منصوبے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی بینک اور اے ڈی بی کے بڑے منصوبوں کو کرپشن کی جڑ قرار دے دیا۔

    چیئرمین سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کے اجلاس میں این ایچ اے حکام اور کمیٹی ارکان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں این ایچ اے حکام نے بتایا کہ عالمی بینک کی امداد سے خیبر پاس اکنامک کوریڈور تعمیر کیا جائیگا۔ منصوبے کیلیے قرض معاہدے پر دسمبر 2019 میں دستخط کیے گئے تھے۔ اس منصوبے کے لیے عالمی بینک 46 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔

    چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ منصوبے میں اتنی تاخیر کی کیا وجوہات ہیں۔ جس پر این ایچ اے حکام کا کہنا تھا کہ منصوبے کی ضروریات پوری کرنے میں تاخیر ہو جاتی ہے۔ حکام اقتصادی امور ڈویژن نے کہا کہ عالمی بینک خود سے شرائط عائد نہیں کر سکتا۔

    این ایچ اے حکام نے بتایا کہ اس منصوبے کی بولی کھولنے میں 4 سال لگ گئے۔ بولی کی رقم قرض سے دگنی ہے۔ پاکستان نے عالمی بینک سے نیا معاہدہ کیا ہے۔ اس نئے 10 سالہ پروگرام کے تحت سماجی شعبے کیلیے امداد ملے گی۔

    اس موقع پر اقتصادی امور ڈویژن نے خدشہ ظاہر کیا کہ این ایچ اے نے مسئلے کا فوری حل نہ نکالا تو نرم شرائط والے قرض منسوخ ہو سکتے ہیں۔ اب یہ عالمی بینک کی ترجیحات میں نہیں، اس لیے قرض نہیں بڑھایا جائے گا۔

    سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ اتنے سستے قرض کو بھی کس طرح ضائع کیا گیا۔
    چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ اگر چیک اینڈ بیلنس نہیں ہوگا تو اسی طرح ہوگا۔ عالمی بینک اور اے ڈی بی کے بڑے منصوبے اصل میں کرپشن کی جڑ ہیں۔ ایسے شاہانہ اقدامات کا تدارک کیا جانا ضروری ہے۔

    سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ یہ وجہ ہے کہ ہمارے قرض بڑھتے رہتے ہیں۔ جب پاکستان نرم شرائط والے قرض استعمال ہی نہیں کر سکتا، تو مزید قرض کیوں ملےگا۔ حکومت کو سفارش کریں کہ معاملے کی انکوائری اور ذمہ داروں کاتعین کیا جائے۔

  • عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کا ایک اعلی سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا

    عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کا ایک اعلی سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا

    اسلام آباد : عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کا ایک اعلی سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا، دورے کا مقصد پاکستان میں اقتصادی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کا ایک اعلی سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا، عالمی بینک گروپ کا وفد ایگزیکٹو ڈائریکٹرز پر مشتمل ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ دورے کا مقصد پاکستان میں اقتصادی ترقی کے منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کرنا ہے۔

    حال ہی میں منظور کردہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر عمل درآمد کیلئے حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔

    پاکستان اور ورلڈ بینک نے اگلے دس سال کیلئے 20 ارب ڈالر کے کنٹری پارٹنر فریم ورک معاہدے پر دستخط کیئے تھے اور مستقبل میں یہ فنڈز بڑھ کر 40 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔

    ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کا 20سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہے ، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کا وفد وزیر اعظم وزیر خزانہ، وزیر اقتصادی امور سے ملاقات کرے گا جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور وزیر توانائی سے بھی ملاقات شیڈول ہیں۔

    حکام نے بتایا ہے کہ ورلڈ بینک کا اعلیٰ سطح وفد خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب اور بلوچستان کا دورہ بھی کرے گا۔

  • عالمی بینک کی 2025 کیلیے پاکستان سے متعلق اہم رپورٹ

    عالمی بینک کی 2025 کیلیے پاکستان سے متعلق اہم رپورٹ

    عالمی بینک نے رواں عالمی اقتصادی امکانات رپورٹ 2025 جاری کر دی ہے جس میں پاکستان سمیت دیگر ممالک کی اقتصادی اور معاشی حالات سے متعلق پیشگوئی کی گئی ہے۔

    عالمی بینک کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات کے بعد سیاسی عدم استحکام میں کمی ہوئی ہے۔ زرعی اور صنعتی شعبہ کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے جب کہ مستحکم کرنسی اور مہنگائی کنٹرول کرنے سے میکرو اکنامک استحکام نظر آیا ہے۔ تین سال بعد مہنگائی سنگل ڈیجیٹ میں آئی ہے اور مہنگائی میں کمی کے بعد مرکزی بینک نے بھی پالیسی ریٹ میں کمی کی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عدم استحکام کی فضا میں کمی سے کاروبار اور سرمایہ میں اضافے کی توقع ہے۔ تاہم پاکستان میں تاحال سخت مالی نظم و نسق کی پالیسی اختیار کی جا سکتی ہے۔

    رپورٹ میں اس جانب بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ بے روزگاری کے باعث نوجوانوں کی بڑی تعداد روزگار کیلیے بیرون ملک کا رخ کر رہی ہے۔

    عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف قرض پروگرام پر مکمل کاربند رہنا ہو گا کیونکہ پروگرام پر سختی سے عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں معاشی سرگرمیوں پر اثر پڑے گا۔

    ورلڈ بینک نے رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 2.8 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے جب کہ اس سے قبل آئی ایم ایف پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح تین فیصد رہنے کی پیشگوئی کر چکا ہے۔

    عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق اگلے مالی سال پاکستان 3.2 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گا اور پاکستان میں خطے کے مقابلے میں سب سے کم شرح نمو رہنے کی پیش گوئی ہے۔ بھارت میں 6.7 فیصد ، بھوٹان7.2 فیصد ، مالدیپ میں 4.7 فیصد ، نیپال 5.1 فیصد ، بنگلہ دیش 4.1 فیصد ، سری لنکا میں 3.5 فیصد گروتھ متوقع ہے۔

    رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سال 2026 تک فی کس آمدن کمزور رہنے کا خدشہ ہے۔

  • وزیراعظم  کا عالمی بینک کی جانب سے 20 ارب ڈالر دینے کے وعدے کا خیرمقدم

    وزیراعظم کا عالمی بینک کی جانب سے 20 ارب ڈالر دینے کے وعدے کا خیرمقدم

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کی طرف سے 20 ارب ڈالر دینے کے وعدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے معاشی بنیادیں مضبوط کرنے کیلئے آرمی چیف اور رفقا کی کاوشوں کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کی طرف سے 20 ارب ڈالر کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک اور پاکستان کا 10سالہ شراکت داری فریم ورک اہمیت کاحامل ہے۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ شراکت داری فریم ورک کے تحت 6شعبوں پرتوجہ مرکوز ہے، ان شعبوں میں معیاری تعلیم،بچوں کی غذائیت اور موسمیاتی تبدیلی شامل ہیں تاہم کلین انرجی،جامع ترقی اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہوم گراؤن ٹرانسمیشن پلان انہی ترجیحات کی بنیاد پر تشکیل دیا ہے، معیشت کی بنیادیں مضبوط کرنے کیلئے آرمی چیف اور رفقا کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

    مزید پڑھیں : عالمی بینک کا پاکستان کو 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ شراکت داری فریم ورک پاکستان کی اقتصادی کاوشوں پرعالمی بینک کے اعتماد کامظہرہے، عوام کیلئے پائیدار مواقع پیدا کرنے کی کوششوں ہو ہم آہنگ کرتے ہوئے شراکت داری کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا تھا، ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت ورلڈ بینک کی جانب سے 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا گیا ہے، فریم ورک کی منظوری کیلئے 24 میں سے 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ عالمی بینک 20 ارب ڈالرز کا تقریباً 3 چوتھائی حصہ آئی ڈی اے کے ذریعے فراہم کرے گا، بقیہ رقم انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔

    توسیعی فریم ورک 6 کلیدی ترقیاتی شعبوں پر توجہ مرکوز کرےگا، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی طرف سے اضافی فنڈنگ سے سی پی ایف کی تکمیل ہوگی۔

  • عالمی بینک کا پاکستان کو 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ

    عالمی بینک کا پاکستان کو 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ

    اسلام آباد: ذرائع نے بتایا ہے کہ عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے، 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا کہ 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت ورلڈ بینک کی جانب سے 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا گیا ہے، فریم ورک کی منظوری کیلئے 24 میں سے 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ عالمی بینک 20 ارب ڈالرز کا تقریباً 3 چوتھائی حصہ آئی ڈی اے کے ذریعے فراہم کرے گا، بقیہ رقم انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔

    توسیعی فریم ورک 6 کلیدی ترقیاتی شعبوں پر توجہ مرکوز کرےگا، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی طرف سے اضافی فنڈنگ سے سی پی ایف کی تکمیل ہوگی۔

    ذرائع نے بتایا کہ سی پی ایف کا مقصد چائلڈ اسٹننگ کو کم کرنا، موسمیاتی تبدیلی کی روک تھام ہے، مقصد صاف پانی کی فراہمی، عوامی وسائل،پرائیویٹ سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے، مخصوص اہداف میں ٹیکس ریونیو کو جی ڈی پی کے 15 فیصد سے زائد کرناشامل ہے۔

    قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں 10 گیگا واٹ کا اضافہ بھی شامل ہے، 12 ملین طلبا کو معیاری تعلیم اور 50 ملین افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ سی پی ایف میں 60 ملین افراد کو صاف پانی اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے، 30 ملین افراد کے لئے غذائی تحفظ کو مضبوط بنانا اہداف میں شامل ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 30 ملین خواتین تک مانع حمل کی رسائی کو بڑھانے جیسے اہداف شامل ہیں، اس کے علاوہ سیلاب، دیگر آفات سے نمٹنے کیلئے اہداف مقرر کیے گئے ہیں، 75 ملین افراد مستفید ہوں گے۔

  • عالمی بینک کا بڑا اعلان ، کراچی والوں کے لئے اچھی خبر

    عالمی بینک کا بڑا اعلان ، کراچی والوں کے لئے اچھی خبر

    اسلام آباد : عالمی بینک سستے ترقیاتی قرض کی مد پاکستان کو 24 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کردیا، رقم سے کراچی میں کچی آبادیوں میں پانی اورسیوریج اسکیموں پر خرچ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان کو 24 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کردیا، ورلڈ بینک کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا کہ رقم پاکستان میں سستے ترقیاتی قرض کی مدمیں فراہم کی جائےگی۔

    ورلڈ بینک کے 24 کروڑ ڈالر کراچی میں خرچ کئےجائیں گے، رقم سے کراچی میں واٹر اینڈسیوریج پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔

    اعلامیے میں کہنا تھا کہ رقم عالمی بینک کے واش پروجیکٹ کا حصہ ہے، رقم کراچی میں کچی آبادیوں میں پانی اور سیوریج اسکیموں پر خرچ ہوگی اور پراجیکٹ کی تکمیل سے 2030 تک کی جائے گی۔

    ورلڈ بینک نے کہا کہ پراجیکٹ ایک کروڑ 40 لاکھ افراد کو پانی کی سہولت سے فائدہ ہوگا اور اس رقم سے 75 لاکھ افراد کو سیوریج کی بہتر سہولتیں مل سکیں گی۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/