Tag: عالمی خبریں

  • افغان صوبے لوگر میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 امریکی فوجی ہلاک

    افغان صوبے لوگر میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 امریکی فوجی ہلاک

    لوگر: افغانستان کے صوبے لوگر میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغان میڈیا نے خبر دی ہے کہ صوبہ لوگر میں فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعے میں 2 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے۔

    طالبان نے دعویٰ کر دیا ہے کہ امریکی فوجی ہیلی کاپٹر چینوک انھوں نے مار گرایا ہے، طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویٹر کے ذریعے کہا ہے کہ امریکی چاپر ضلع چرخ میں پنگرام کے علاقے میں طالبان کے ٹھکانے پر ریڈ کرنے والا تھا۔

    طالبان ترجمان کے مطابق یہ واقعہ کل رات پیش آیا، انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کریش واقعے میں 54 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ واقعے کے بعد مزید ہیلی کاپٹرز اور طیاروں نے علاقے کو گھیر لیا تھا۔

    تازہ ترین:  امریکا کا طالبان کی قید سے آسٹریلوی اور امریکی پروفیسرز کی بازیابی کا خیرمقدم

    ترجمان کے مطابق گزشتہ رات غزنی میں بھی قلعہ جوز میں طالبان حملے میں 8 مسلح اہل کاروں کو مار دیا گیا ہے، اور ان سے بڑی تعداد میں اسلحہ چھینا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز افغان صوبے فاریاب میں فورسز کے فضائی حملے میں 2 افغان طالبان کمانڈر ملا احمد اور قاری معراج ہلاک جب کہ دو طالبان زخمی ہو گئے تھے۔ طالبان کی جانب سے بھی افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ملٹری کے تربیتی مرکز پر خودکش دھماکا کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 3 فوجی زخمی ہو گئے تھے۔

  • سری لنکا میں صدارتی انتخابات، مسلم ووٹرز کی بسوں پر فائرنگ

    سری لنکا میں صدارتی انتخابات، مسلم ووٹرز کی بسوں پر فائرنگ

    کولمبو: سری لنکا میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے، ملک کے شمال مغربی علاقے میں مسلم ووٹرز کی بسوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخابات کے لیے آج سری لنکا میں ووٹنگ شروع ہو گئی ہے، جس میں صدر میتھری پالاسری سینا کے جانشین کا انتخاب کیا جائے گا، ووٹ ڈالنے کے لیے نکلنے والے مسلمان ووٹرز کی بسوں پر فائرنگ کے واقعے نے سیکورٹی کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سری لنکا میں اقلیتی مسلم ووٹرز سو سے زائد بسوں کے ایک کانوائے کی صورت میں قریبی قصبے میں ووٹ ڈالنے جا رہے تھے۔ مسلح افراد نے سڑک پر ٹائر جلا کر راستہ بند کر دیا تھا۔ کانوائے پہنچنے پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے دو بسیں متاثر ہوئیں، بسوں پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔

    تازہ ترین:  موریطانیہ کے ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں نے مدد کی اپیل کر دی

    مقامی پولیس کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ مسلح حملہ آوروں کو بھی نہیں پکڑا جا سکا ہے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا کی 70 فی صد آبادی بدھ مت سے تعلق رکھتی ہے جب کہ مسلمانوں کی تعداد 2 کروڑ ہے جو کل آبادی کا 10 فی صد ہیں۔ تامل بھی سری لنکا کا اقلیتی قبیلہ ہے۔ نئے صدر کے انتخابات کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ راجا پکسے قبیلہ ایک بار پھر صدارت کی کرسی پر براجمان ہو سکتا ہے، جنھوں نے تامل ٹائیگرز کو کچل دیا تھا جس کی وجہ سے ان کی حمایت کی جا رہی ہے۔

    انتخابات میں سابق وزیر دفاع 70 سالہ گوٹا بایا راجا پکسے اور حکمراں جماعت کے امیدوار 52 سالہ سجیت پریما داسا میدان میں ہیں جب کہ نیشنل پیپلز پاور اتحاد کے قائد انورا کمارا دسانائیکے بھی ایک مضبوط امیدوار ہیں۔

  • گلاسگو: پولک شیلڈز کی عمارت میں خوف ناک آتش زدگی، پاکستانی بھی مقیم

    گلاسگو: پولک شیلڈز کی عمارت میں خوف ناک آتش زدگی، پاکستانی بھی مقیم

    گلاسگو: اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کے ایک علاقے کی رہایشی عمارت میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث تین منزلہ عمارت منہدم ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات گلاسگو کے جنوبی علاقے پولک شیلڈز میں البرٹ کراس پر ایک رہایشی عمارت میں خوف ناک آگ بھڑک اٹھی، گراؤنڈ فلور پر موجود دکان سے لگنے والی آگ نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔

    آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا، آگ نے اردگرد کے فلیٹس کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا، رپورٹس کے مطابق پولک شیلڈز کے علاقے میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی بھی مقیم ہیں۔

    حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم نے لوگوں کو کرین کی مدد سے عمارت سے اتارا، تاہم آتش زدگی کے باعث پوری تین منزلہ عمارت جل گئی اور بعد ازاں منہدم ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  آسٹریلیا میں بڑی آگ، ایک ہزار فائر انجن آگ بھجانے میں مصروف

    مقامی نیوز رپورٹس کے مطابق آتش زدگی کے اس واقعے میں ایک شخص دھوئیں کے باعث متاثر ہوا ہے جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

    واضح رہے کہ رواں ہفتے آسٹریلیا کی دو مختلف ریاستوں سڈنی اور برسبین میں بھی 80 مقامات میں آگ لگ گئی ہے جس پر تاحال قابو نہیں پایا گیا ہے، اس آتش زدگی میں تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ ایک ہزار فائر انجن، 100 سے زیادہ طیارے اور ہیلی کاپٹر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

    آسٹریلوی حکام کے مطابق جنگلات میں آگ لگنے کے باعث 150 سے زائد مکانات جل کر تباہ ہو گئے ہیں، مقامی افراد امدادی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کی ایک اور گھناؤنی سازش سامنے آگئی

    مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کی ایک اور گھناؤنی سازش سامنے آگئی

    نئی دہلی: بھارت کی ایک اور گھناؤنی سازش سامنے آ گئی ہے، بھارت نے اب باضابطہ طور پر جموں و کشمیر کو الگ وفاقی یونٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر گرفت کی مضبوطی چاہتا ہے، بھارت نے گزشتہ 3 ماہ سے کشمیر میں کرفیو لگا رکھا ہے، اب اس نے اسے الگ وفاقی یونٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ بھارت نے پابندیوں کے ساتھ ساتھ اضافی فوجی بھیج رکھے ہیں، جب کہ مقبوضہ کشمیر میں پہلے ہی 9 لاکھ فوجی تعینات ہیں۔ اب مقبوضہ علاقے میں بھارتی حکومت کی جانب سے لیفٹیننٹ گورنرز کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آج 87 واں روز، کرفیو اور لاک ڈاؤن برقرار

    خبر میں بتایا گیا ہے کہ گجرات کا جی سی مرمو جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر کا حلف اٹھائے گا، جی سی مرمو کا تعلق مودی کی ریاست گجرات سے ہے، جب کہ لداخ میں رادھا کشن لیفٹیننٹ گورنر کے پہلے عہدے کا حلف اٹھائے گا۔

    واضح رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکاری کی جانب سے آرٹیکل 370 اے منسوخ کر کے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر دیا گیا تھا، جس کے بعد بھارت نے وادی میں کرفیو لگا کر کشمیریوں پر مظالم کا ایک نیا انسانیت سوز سلسلہ شروع کیا، اس کرفیو کو آج 87 دن ہو چکے ہیں۔

    وادی میں اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بند پڑے ہیں، ذرایع نقل و حمل اور ہر طرح کے مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، کشمیری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کر کے لاپتا کیا جا چکا ہے۔

  • طیب اردوان نے ٹرمپ کا دھمکی آمیز خط ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا

    طیب اردوان نے ٹرمپ کا دھمکی آمیز خط ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کا دھمکی آمیز خط ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے ترک صدر کو ملنے والا دھمکی آمیز خط طیب اردوان نے ردی کی ٹوکری میں پھینکا۔

    ترک صحافی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا خط ملنے کے دن ہی طیب اردوان نے آپریشن شروع کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو معاشی طور پر تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی، خط میں امریکی صدر نے لکھا کہ آپ دنیا کو مایوس نہ کریں، ڈیل کر سکتے ہیں ، اردوان بے وقوفی نہ کریں۔

    ٹرمپ نے اردوان کو کرد ملیشیا سے مذکرات کی ڈکٹیشن دی اور احمق جیسے توہین آمیز الفاظ اس خط میں استعمال کیے، جس پر ترک صدر نے خط پھاڑ کر ڈسٹ بن میں پھینک دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ترک صدر کے نام ٹرمپ کا دھمکی آمیز خط جعلی ہے یا اصلی؟

    امریکی صدر نے خط میں غیر سفارتی زبان استعمال کرتے ہوئے ترک صدر کے لیے احمق کے ساتھ ساتھ اکھڑ جیسا لفظ بھی استعمال کیا۔ امریکی صدر نے شام میں کارروائی سے روکنے کے لیے لکھا کہ اگر تم نے غلطی کی تو تاریخ تمھیں ایک شیطان کے طور پر دیکھے گی، احمق اور اکھڑ مت بنو۔

    ٹرمپ نے کہا کہ ایک اچھے معاہدے کی کوشش کرتے ہیں، ترک معیشت تباہ کرنے کا ذمہ دار نہیں بننا چاہتا، دنیا کو مایوس مت کرو، تم اچھی ڈیل کر سکتے ہو۔ غیر ملکی ادارے نے کہا کہ طیب اردوان نے خط ملتے ہی اسے کچرے کی ٹوکری میں پھینک دیا، اور اسی دن امریکی حمایت یافتہ کرد تنظیم کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔

    خیال رہے کہ امریکا کے نائب صدر مائیک پنس ترکی کے دورے پر انقرہ پہنچ گئے ہیں۔

  • عراق: حکومت مخالف احتجاج، 100 سے زائد افراد جاں بحق، وزیر اعظم کا اصلاحات کا اعلان

    عراق: حکومت مخالف احتجاج، 100 سے زائد افراد جاں بحق، وزیر اعظم کا اصلاحات کا اعلان

    بغداد: عراق میں حکومت مخالف احتجاج شدت اختیار کر گیا، مظاہرین اور سیکورٹی اہل کاروں میں جھڑپوں کے دوران اب تک 100 سے زاید افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں کرپشن اور بے روز گاری کے خلاف عوامی احتجا ج 5 روز سے جاری ہے، غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے اس دوران پر تشدد واقعات میں سو سے زاید افراد جاں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

    عراقی پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کمیشن کے مطابق ملکی دارالحکومت اور جنوبی حصے میں مظاہروں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 93 ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 4 ہزار کے قریب ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ آج کئی روز سے نافذ کرفیو جزوی طور پر اٹھا دیا گیا تھا، اس دوران اہم شاہراہوں تک رسائی محدود رکھی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایران، عراق میں جاری عوامی احتجاج کو فسادات کا رنگ دے رہا ہے، عرب میڈیا

    ادھر عراق میں احتجاجی مظاہروں کے بعد وزیر اعظم عادل عبد الہمدی نے ملک میں قانونی اور مالیاتی اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم نے بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتیں دینے، کم آمدن والے شہریوں کو رہایشی اراضی الاٹ کرنے کے اعلانات کیے، اور سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں حکومت سے تعاون کیا جائے۔

    اعلان کردہ اصلاحات کے تحت عراقی شہری ملک بھر سے رہایشی اراضی کے لیے درخواست دے سکیں گے، اور مستحقین میں اقامتی پلاٹ تقسیم کیے جائیں گے، سود سے پاک قرضے کا پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔

  • عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی

    عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی

    بغداد: عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد احتجاجی مظاہرے تیسرے روز میں داخل ہو گئے ہیں، بغداد سمیت عراق کے جنوبی شہروں میں ہلاک افراد کی تعداد 19 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں مہنگائی کے خلاف پر تشدد مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد انیس ہو گئی ہے، مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے تین روز سے جاری ہیں۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے عراقی شہروں الناصریہ اور العمارہ میں پر تشدد مظاہرے زوروں پر ہیں، عراقی وزیر اعظم کے حکم پر آج صبح 5 بجے سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین حکومت کی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی میں ناکامی پر برہم ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  عراق میں معاشی بدحالی کے خلاف مظاہرے، پولیس فائرنگ سے چار ہلاک، 200 زخمی

    واضح رہے کہ تین دن سے عراق میں بد عنوانی، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، اس دوران پولیس کی فائرنگ سے متعدد لوگ ہلاک اور 200 سے زاید زخمی ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ روز مشتعل مظاہرین نے سڑکوں پر جلاؤ گھیراؤ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، تحریر اسکوائر پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس اور آبی توپوں کا استعمال کیا گیا۔

    بتایا گیا ہے کہ عراقی پولیس نے مظاہرین کو گرین زون میں جانے سے روکنے کے لیے براہ راست فائرنگ، شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔

  • پولیس نے چور کا طوطا بھی گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا

    پولیس نے چور کا طوطا بھی گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا

    نیدرلینڈز: پولیس نے بولنے والے ایسے طوطے کو حراست میں لے کر تھانے میں بند کر دیا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے وہ اپنے چور مالک کے خلاف گواہی دے سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ڈچ طوطے کو پولیس نے گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے طوطے کو گواہ کے طور پر تحویل میں لیا ہے۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ طوطے نے اپنے مالک کے خلاف چوری کی گواہی دی ہے۔

    یہ واقعہ نیدرلینڈز کے شہر یوٹریکٹ میں پیش آیا، پولیس کے مطابق ایک دکان میں چوری کرنے والے مشتبہ شخص کو گزشتہ جمعرات کو گرفتار کیا گیا تو اس وقت اس کے کندھے پر طوطا بھی بیٹھا ہوا تھا۔

    پولیس نے کہا ہے کہ چور مالک کے خلاف گواہی میں یہ بولتا طوطا مددگار ہو سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پالتو کتوں کو 24 گھنٹے باندھے رکھنے پر 4 ہزار ڈالر جرمانہ ہوگا

    طوطے کو حراست میں لیے جانے کے بعد اسے رکھنے کا مسئلہ پیدا ہو گیا تھا، پولیس کے مطابق تھانے میں کوئی پنجرا نہ ہونے کے سبب اسے مجرموں کے عام سیل میں رکھا گیا۔

    پولیس اہل کاروں کی جانب سے لاک اپ میں طوطے کو پانی اور سینڈوچ بھی کھانے کو دی گئی۔

    پولیس کی جانب سے انسٹاگرام پر زیر حراست طوطے کی تصویر جاری کیے جانے کے بعد لوگوں نے پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور طوطے کے ساتھ ہم دردی کا اظہار کیا۔

    طوطے کو حراست میں دیکھ کر کچھ لوگوں نے اس کے لیے قانونی معاونت کی پیش کش بھی کی۔

  • او آئی سی کا مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یک جہتی، کرفیو اٹھانے کا مطالبہ

    او آئی سی کا مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یک جہتی، کرفیو اٹھانے کا مطالبہ

    جدہ: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وادی سے کرفیو اٹھایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن نے مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال سے متعلق ایک اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

    او آئی سی نے اعلامیے میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے پر تنظیم کو تحفظات ہیں۔

    تنظیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی بھارت کا یک طرفہ اقدام ہے، او آئی سی اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق کشمیر کی خصوصی حیثیت تسلیم کرتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کی گھناؤنی سازش، او آئی سی رابطہ کمیٹی برائے جموں کشمیر کا ہنگامی اجلاس طلب

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی یقین رکھتا ہے مسئلہ کشمیر کا حل یو این قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔

    یاد رہے پانچ دن قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انھیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویش ناک صورت حال سے آگاہ کیا تھا جس پر سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مقبوضہ وادی کی صورت حال پر ان کی گہری نظر ہے۔

    رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں او آئی سی رابطہ کمیٹی برائے جموں و کشمیر کا ہنگامی اجلاس بھی بلایا گیا۔

  • سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق

    سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق

    نیویارک: ذرایع نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے تمام 15 رکن ممالک متفق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکورٹی کونسل کا مقبوضہ کشمیر پر اجلاس بلانے کے لیے تمام رکن ممالک نے اتفاق رائے کر لیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ مستقل ارکان میں فرانس کے سوا سب نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

    ذرایع کے مطابق چین، روس اور برطانیہ نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کی، روس نے پہلی بار سیکورٹی کونسل اجلاس میں پاکستان کی حمایت کی۔

    برطانیہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے، مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں امریکا سمیت کسی ملک نے بھارت کی حمایت نہیں کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کشمیر کے اسٹیٹس کا فیصلہ یو این چارٹر کے مطابق ہوگا: سیکرٹری جنرل یو این

    یاد رہے کہ پاکستان کی درخواست پر 16 اگست کو مسئلہ کشمیر پر سیکورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اہم ترین بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیر کے اسٹیٹس کا فیصلہ یو این چارٹر کے مطابق ہوگا۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم وادی کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔