Tag: عالمی خبریں

  • ڈھونڈورا پیٹ کر نہیں حکومتی اجازت ملتے ہی جنگ کریں گے،بھارتی آرمی چیف

    ڈھونڈورا پیٹ کر نہیں حکومتی اجازت ملتے ہی جنگ کریں گے،بھارتی آرمی چیف

    نئی دہلی : بھارتی آرمی چیف نے ایک بار پھر جنگ کا اعلان کردیا اور کہا جنگ ڈھنڈورا پیٹ کر نہیں ہوتی، حکومت کی اجازت ملتے ہی جنگ شروع ہوجائے گی، ہمارا پلان تیار ہے، ضروری نہیں کہ سرجیکل اسٹرائیک ہوں، لیکن کارروائی کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیاں رکنے کا نام ہی نہیں لے رہیں، ایک بار پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے بپن راوت نے کہا جنگ ڈھونڈوراپیٹ کر نہیں حکومت کی اجازت ملتے ہی شروع کریں گے۔

    بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمارا پلان تیار ہے، ضروری نہیں کہ سرجیکل اسٹرائیک ہوں، لیکن کارروائی کرسکتے ہیں، پاکستان کو مجبور کریں گے کہ دہشتگردوں کی مدد نہ کرے۔

    دو روز قبل بھی بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں ایک اورسرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے لیکن تفصیل نہیں بتا سکتا، پاکستان کو معمول کے تعلقات کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے، مذاکرات اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

    مزید پڑھیں : ہمیں ایک اورسرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے ،بھارتی آرمی چیف کی پھرہرزہ سرائی

    اس سے قبل بھی بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے پاکستان کوبراہ راست دھمکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات اور دہشت گردی ساتھ نہیں‌ چل سکتے، پاکستان سے بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے۔

    بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کوسرپرائز دیں گے، انھیں بھی وہی تکلیف محسوس ہونی چاہیے، جو ہم نے برداشت کی۔

    جس کے بعد پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ کسی نے ہمارے صبر کا امتحان لیا تو پاک فوج قوم کو مایوس نہیں کرے گی، پاکستان جنگ کیلئے تیار ہے، کسی بھی قسم کی کارروائی ہوئی تو پاکستان اس کا بھرپورجواب دے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت نے اب بھی مذاکرات کی دعوت دی ہے جبکہ بھارت ہمیشہ مذاکرات سے بھاگا ہے، بھارتی فوج سرجیکل اسٹرائیک کا جواب اپنی پارلیمنٹ میں اب تک نہیں دے سکے، بھارتی فوج توجہ ہٹانے کیلئے جنگ کی طرف رخ موڑ رہی ہے۔

    میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب دینے کو تیار ہے، بھارتی آرمی چیف امن وامان کی صورتحال خراب نہ کریں، ہم جنگ کی تیاری پوری رکھ کر امن کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

  • جنرل اسمبلی اجلاس ، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی ننھی پری کے ساتھ تصاویر وائرل

    جنرل اسمبلی اجلاس ، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی ننھی پری کے ساتھ تصاویر وائرل

    نیویارک : نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا نے اپنی تین ماہ کی بیٹی کے ساتھ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں  شرکت کرکے تاریخ رقم کردی، جس کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے ننھے مہمان کے ساتھ انٹری دی، تین ماہ کی نیو کو اجلاس میں شرکت کے لئے خصوصی پاس جاری کیا گیا، جس پر پیدائش کے بعد لی گئی پہلی تصویر لگی تھی۔

    ننھی نیوی تے آروہ اجلاس میں سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

    تین ماہ کی نیو والد کی گود میں اپنی ماں کو خطاب کرتے دیکھتی رہی تو کبھی دنیا بھر کے نمائندگان کو اپنی معصوم حرکتوں سے متوجہ کرتی رہی۔

    خیال رہے اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا جب کسی 3 ماہ کے بچے نے جنرل اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی میں شرکت کی ہو۔

    یاد رہے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا نے بے نظیر کی سالگرہ والے دن بیٹی کو جنم دیا تھا، یہ خبر انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے شوہر اور نومولود بیٹی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرکے دی تھی۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے ہاں ننھی پری کی آمد

    جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بچی کا نام بینظیر رکھنے کی تجویز دی تھی۔

    واضح رہے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم بینظیربھٹو کے بعد دوران وزارت عظمیٰ ماں بننے والی دوسری عالمی شخصیت ہیں۔

  • ہمیں ایک اورسرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے ،بھارتی آرمی چیف کی پھرہرزہ سرائی

    ہمیں ایک اورسرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے ،بھارتی آرمی چیف کی پھرہرزہ سرائی

    نئی دہلی : بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک اورسرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے لیکن تفصیل نہیں بتا سکتا، پاکستان کو معمول کے تعلقات کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی آرمی چیف بپن راوت کی ایک بار پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا پاکستان پر ایک اورسرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے لیکن تفصیل نہیں بتاسکتا، پاکستان معمول کے تعلقات چاہتا ہے تو اقدامات کرے، مذاکرات اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

    بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کا پاکستان سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ درست ہے، دہشت گرد ختم کرنے کے لیے جدیدٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان سے بدلہ لینے کا وقت آگیا: بھارتی آرمی چیف دھمکیوں‌ پر اتر آئے

    یاد رہے دو روز قبل بھی بھارتی آرمی چیف وپن راوت نے پاکستان کوبراہ راست دھمکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات اور دہشت گردی ساتھ نہیں‌ چل سکتے، پاکستان سے بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے۔

    بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کوسرپرائز دیں گے، انھیں بھی وہی تکلیف محسوس ہونی چاہیے، جو ہم نے برداشت کی۔

    جس کے بعد پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ کسی نے ہمارے صبر کا امتحان لیا تو پاک فوج قوم کو مایوس نہیں کرے گی، پاکستان جنگ کیلئے تیار ہے، کسی بھی قسم کی کارروائی ہوئی تو پاکستان اس کا بھرپورجواب دے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت نے اب بھی مذاکرات کی دعوت دی ہے جبکہ بھارت ہمیشہ مذاکرات سے بھاگا ہے، بھارتی فوج سرجیکل اسٹرائیک کا جواب اپنی پارلیمنٹ میں اب تک نہیں دے سکے، بھارتی فوج توجہ ہٹانے کیلئے جنگ کی طرف رخ موڑ رہی ہے۔

    میجر جنرل آصف غفور  کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب دینے کو تیار ہے، بھارتی آرمی چیف امن وامان کی صورتحال خراب نہ کریں، ہم جنگ کی تیاری پوری رکھ کر امن کی جانب  بڑھ رہے ہیں۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا بھارت کی جانب سے وزرائے خارجہ کی ملاقات سے انکار پر کہنا تھا کہ بھارت کےمنفی جواب پرمایوسی ہوئی، بھارت کوامن مذاکرات کی دعوت دی تھی، میری دعوت پر بھارت کا جواب منفی اور تکبر بھرا ہے۔

  • تجارتی جنگ ، چین کا امریکہ سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان

    تجارتی جنگ ، چین کا امریکہ سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان

    بیجنگ : امریکہ اورچین میں جاری تجارتی جنگ میں تیزی آگئی، چین نے امریکہ سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چینی  وفد کا دورہ امریکہ بھی منسوخ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اورچین کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرنے لگا، دنیا کی دوبڑی معیشتوں میں بڑھتی تجارتی جنگ میں دونوں جانب سے کارروائیاں جاری ہے، ٹیکسوں کے نفاذ کے بعد مذاکرات بھی منسوخ کر دیے گئے۔

    امریکہ نے چین کی پانچ ہزار منصوعات پردوسوارب ڈالرکے زائد ٹیکس لگائے تو چین نے بھی جواباً امریکہ سے تمام تجارتی مذاکرات منسوخ کر دیے۔

    چینی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ کے اس اقدام کے بعد مذاکرات کا جواز نہیں ہے، آئندہ ہفتے چینی نائب صدر کی صدارت میں وفد کو امریکہ جانا تھا تاہم اب یہ دورہ منسوخ کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : تجارتی جنگ: امریکی اقدامات کے ردعمل میں چین نے بھی اضافی ٹیکس عائد کردیے

    خیال رہے امریکی اقدامات کے جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر ساٹھ ارب ڈالرکی ڈیوٹیز عائد کی تھی۔

    اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر 200 ارب ڈالر کے نئے ٹیکس عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ چین کی ناانصافی پرمبنی تجارتی طریقوں کا جواب ہے۔

    یاد رہے امریکا نے چین پر روس سے جیٹ طیارے اور میزائل خریدنے پر پابندی عائد کی تھی ، امریکا نے چینی فوجی ادارے پر الزام عائد کیا کہ چین نے روس سے ایس یو 25 فائٹر جیٹ اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایس 400 میزائل خریدے، چین کی یہ خریداری پابندیوں سے متعلق امریکہ کے 2017 کے قانون کی خلاف ورزی ہے ۔

    مزید پڑھیں : امریکا نے پابندیاں نہ ہٹائیں تو سنگین نتائج کیلئے تیار رہے، چین کی دھمکی

    جس پر چین نے دھمکی دی تھی کہ امریکا فوری پابندیاں ہٹائے، ورنہ سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔

    دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے روس کے 33 افراداور کمپنیوں کو بھی بلیک لسٹ کردیا، روس کا کہنا تھا کہ امریکا آگ سے کھیل رہا ہے ،جو خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

  • بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 28لاکھ روپے

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 28لاکھ روپے

    نئی دہلی : بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کروڑ پتی نکلے، ان کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 28لاکھ روپے ہے، مودی کے پاس پچاس ہزارسے بھی کم نقد رقم موجود ہے جبکہ ان کے پاس گاڑی بھی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے اثاثوں کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں ، جس کے مطابق مارچ 2018 تک نریندرمودی کےاثاثوں کی مالیت 2کروڑ28لاکھ روپے ہے اور ان کے پاس 50ہزار سے کم نقدی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق موجود نقدی گزشتہ سال کے مقابلے میں 67فیصدکمی ہوئی، گزشتہ سال نریندرمودی کے پاس ڈیڑھ لاکھ موجود تھے اور رقم رواں سال31 مارچ تک کم ہوکر 48944رہ گئی۔

    اعداد و شمار کے مطابق مودی کے پاس اسٹیٹ بینک آف انڈیا گاندھی نگر میں 11 لاکھ سے زائد رقم بینک میں جمع ہے، اس کے علاوہ گاندھی نگر میں 3 ہزار 500 اسکوئر فٹ پر تعمیر ایک گھر بھی بھارتی وزیراعظم کی ملکیت ہے، جس کی مالیت تقریباََ ایک کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔

    اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم نے سونے کی خریداری نہیں کی، مودی کے پاس سونے کی 4 انگوٹھیاں ہیں، جن کا وزن تقریباََ 45 گرام ہے اور ان کی مالیت ایک لاکھ 38 ہزار 60 روپے ہیں۔

    مودی نے کسی بینک سے قرض نہیں لیا اورنہ ہی وہ کسی گاڑی کے مالک ہیں۔

  • شمالی ،جنوبی کوریا کا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لائحہ عمل پراتفاق

    شمالی ،جنوبی کوریا کا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لائحہ عمل پراتفاق

    پیانگ یانگ : جنوبی کوریا کے صدرمون جائے کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے جوہری ہتھیاروں کے خاتمےکے لائحہ عمل پراتفاق کیا۔

    تفصیلا ت کے مطابق شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں جنوبی کوریا کے صدرمون جائے کی کم جونگ ان سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔

    جنوبی کوریا کے وزیرِدفاع اورشمالی کوریا کی فوج کے سربراہ نےعسکری تناؤ کم کرنے کے حوالے سے معاہدے پردستخط بھی کیے۔

    دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی معاہدہ خطے میں خطرات کو ختم کرنے اور امن کی جانب بڑا قدم ہے۔

    اس موقع پر جنوبی کوریا کے صدرمون جائے کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لئے لائحہ عمل پراتفاق کیا ہے اور صدرکم جونگ ان نے میزائل ٹیسٹ سائٹ کو امریکی اقدامات سے مشروط کرکے بند کرنے کی حامی بھی بھری ہے۔

    صدر مون جی ان نے مزید کہا کہ جنگ کے خاتمے کے دور کا آغاز ہوچکا ہے، شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان جلد جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے۔

    خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں ان دونوں رہنماؤں کی یہ تیسری ملاقات  ہے۔

    اس سے قبل جنوبی کوریائی صدر مون جے ان کے خصوصی مندوب نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کی تھی اور انہیں جنوبی کوریا کے صدر کا خصوصی خط بھی پیش کیا تھا۔

    مزید پڑھیں :  تاریخی ملاقات کے بعد جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات میں بہتری آنے لگی

    یاد رہے کہ مون جے ان اور کم جونگ ان نے تاریخی ملاقات رواں سال اپریل میں کی تھی، صدر شمالی کوریا خصوصی ملاقات کے لیے جنوبی کوریا پہنچے تھے۔

    بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے باہمی جنگ کے خاتمے کے اعلان کے ساتھ ساتھ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ پر بھی اتفاق کیا تھا۔

  • کرتارپورصاحب کا راستہ کھولنے کا معاملہ پاکستان سے اٹھانے پرسشما سوراج سدھو پر برس پڑیں

    کرتارپورصاحب کا راستہ کھولنے کا معاملہ پاکستان سے اٹھانے پرسشما سوراج سدھو پر برس پڑیں

    نئی دہلی : پاکستان کے لئے خیرسگالی کے جذبات اورعمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو مہنگی پڑگئی، وزیرخارجہ سشما سوراج نے سدھو کی سرزنش کرتے ہوئے کہا سدھو نے دورہ پاکستان کی اجازت کا غلط اور سیاسی استعمال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق انتہا پسند ہندوؤں کے بعد بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج بھی سابق اسٹارکرکٹراور رکن اسمبلی نوجوت سدھو پر برس پڑیں، کرتارپور صاحب کا راستہ کھولنے کا معاملہ پاکستان سے اٹھانے پر سشما سوراج نے سدھو کی خوب سرزنش کی۔

    سشما سوراج کا کہنا تھا سدھونے دورہ پاکستان کی اجازت کا غلط اور سیاسی استعمال کیا۔

    یاد رہے سدھو نے میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا پاکستان کرتارپور صاحب راستہ کھولنے پر تیار ہے، اپنے دوست اور پاکستان کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرنے کے لئےالفاظ نہیں ہیں، یہ پہل اتنی جلدی ہوئی کہ اس کا اندازہ بھی نہیں تھا، بھارت پاکستان کی خیرسگالی کاجواب دے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کرتاپور کا راستہ کھولنے کو تیار ہے، بھارت خیرسگالی کاجواب دے، سدھو

    سدھو نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی اور پاکستان کی جانب سے خیرسگالی کے جذبات پر بھارتی حکام کو بھی جواب میں پاکستان سے تعلقات بہتر بنانے پر زور دیا تھا۔

    خیال رہے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سکھ یاتریوں کے لئے جلد کرتار سنگھ بارڈر کھول دے گا، جس کے بعد یاتری ویزے کے بغیر گردوارہ دربار صاحب کے درشن کرسکیں گے۔

    واضح رہے بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی حلف برداری میں شرکت اور آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ مختصر ملاقات کی تھی، ملاقات میں آرمی چیف نے نوجوت سنگھ سدھو سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، خیریت دریافت کی اور گلے بھی ملے۔

    جس کے بعد بھارتی میڈیا اور انتہا پسند آگ بگولہ ہوگئے تھے، مشتعل افراد نے سدھو کے پوسٹر اور پتلے کو آگ لگائی گئی جبکہ انتہا پسند جماعتوں نے بھارت کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے، جس میں سدھو کے پتلے کو بھی نذر آتش کیا گیا تھا۔

  • شام میں روس کا جاسوس طیارہ اچانک  لاپتہ

    شام میں روس کا جاسوس طیارہ اچانک لاپتہ

    دمشق : شام کے شہر لتاکیہ پر اسرائیل کے فضائی حملے کے بعد روس کاجاسوس طیارہ لاپتہ ہو گیا، آئی ایل ٹوئنٹی طیارہ میں چودہ اہلکار سوار تھے ۔

    تفصیلات کے مطابق شام کے ساحلی شہرلتاکیہ پر اسرائیل نے فضائی حملہ کیا ہے، حملے کے وقت علاقے میں محو پرواز روسی جاسوس طیارہ لاپتہ ہوگیا۔

    روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس کے جاسوس طیارے آئی ایل ٹوئنٹی میں چودہ اہلکار سوار تھے، جس کا بحیرہ روم پر پرواز کے دوران رابطہ منقطع ہوگیا۔

    روسی حکام کے مطابق طیارے کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق چار اسرائیلی لڑاکا طیارے شامی اہداف کونشانہ بنا رہے تھے ۔

    روسی حکام کا کہنا ہے بحیرہ روم میں فرانسیسی بحری جہازسے بھی لتاکیہ پر میزائل داغے گئے ہیں اور خدشہ ہے شامی اہداف پر حملے کے دوران روسی جنگی طیارہ نشانہ بنا۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں بھی شامی شہر  لتاکیا میں روس کا ایک فوجی طیارہ حميميم کے فوجی اڈے پر گر پر تباہ ہو گیا تھا ، جہاں سے روس شام میں ہونے والی تمام فوجی کاررائیاں کرتا ہے۔

    فرروی 2018 میں باغیوں نے ادلیب صوبے میں روس کا سخوئی 25 طیارہ مار گرانے کا دعوی کیا تھا، جنگی طیارہ تباہ ہونے سے پہلے پائلٹ طیارے سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم پائلٹ جب زمین پرپہنچا تو اس کی باغیوں سے جھڑپ ہوئی اور وہ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔

    واضح رہے 2015  میں روس نے شام میں فوجی کارروائیوں کا آغاز  کیا تھا۔ روس کا کہناتھا اس نے فوجی کارروائی کا فیصلہ صدر بشار الاسد کی درخواست پر کیا ۔

  • ملالہ یوسف زئی کی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات

    ملالہ یوسف زئی کی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات

    اوٹاوا : نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کی، ملاقات میں دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کے اسکول جانے کے لئے کوششوں پر اتفاق کیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ملاقات کو زبردست قرار دیا۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں جسٹن ٹروڈو نے کہا ملالہ سے ملاقات میں جی 7 جینڈر ایکولیٹی ایڈوائزری کونسل سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کے اسکول جانے کیلئے کوششوں پر اتفاق ہوا۔

    ملالہ یوسف زئی نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا ملاقات کیلئے وقت دینے اور لڑکیوں اور ہر بچے کی تعلیم کے لئے عزم کا شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے 2012 میں مینگورہ میں ملالہ یوسف زئی پر اسکول سے گھر جاتے ہوئے طالبان نے حملہ کردیا تھا، جس میں وہ شدید زخمی ہوئی تھیں، ابتدائی طورپر ملالہ کو پاکستان میں ہی طبی امداد دی گئی تاہم بعد میں انہیں برطانیہ کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔

    امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے کے علاوہ متعدد ایوارڈ حاصل کرنے والی 20 سالہ ملالہ اس وقت برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں۔

    ملالہ یوسف زئی 3 سال تک دنیا کی بااثرترین شخصیات کی فہرست میں شامل رہیں جبکہ ان کو کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی دی گئی۔

  • نیویارک ٹائمز میں اپنے خلاف کالم لکھنے والے کو ڈھونڈ نکالوں گا،صدر ٹرمپ

    نیویارک ٹائمز میں اپنے خلاف کالم لکھنے والے کو ڈھونڈ نکالوں گا،صدر ٹرمپ

    واشگنٹن : امریکی صدر اور امریکی میڈیا میں تناؤ شدت اختیار کر گیا، صدر ٹرمپ نے نیویارک ٹائمز کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اپنے خلاف کالم نگار کو ڈھونڈ نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی میڈیا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا، نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والے کالم پر صدرٹرمپ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے نیویارک ٹائمز کو جھوٹا قرار دے دیا اور کہا ایسے کالمز بغاوت اور غداری کے زمرے میں آتے ہیں۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا نیویارک ٹائمز میں گمنام کالم لکھنے والے کو ڈھونڈ نکالیں گے۔

    اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ نے ٹویٹر پر طیش میں ردِ عمل دیتے ہوئے ایک لفظ ’غداری‘ لکھ دیا تھا۔

    یاد رہے نیویارک ٹائمز میں ٹرمپ کی ٹیم کے ایک رکن کی جانب سے گمنام لکھے گئے کالم میں ٹرمپ کو نااہل اور غیر مؤثر قرار دے کر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، کالم میں یہ دعوی بھی کیا گیا تھا کہ ٹرمپ کی ٹیم کے متعدد ارکان ٹرمپ کیخلاف مواخدہ چاہتے ہیں تاکہ انہیں ہٹایا جاسکے۔

    مزید پڑھیں : امریکی جریدے میں شایع ہونے والے گم نام خط نے ٹرمپ انتظامیہ میں کھلبلی مچا دی

    کالم میں کہا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک ایسے صدر ہیں جو اپنی خواہشات کے طابع، اخلاقیات سے عاری اور غیر سنجیدہ ہیں، یہ کہ ٹرمپ انتظامیہ کے متعدد اعلیٰ اہل کار ان کے ایجنڈے کے منفی اثرات زائل کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔

    خط کی اشاعت کے بعد سے خط لکھنے والے اہل کار کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں جبکہ مائیک پنس اور پومپیو نے خط سے اپنی لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے وضاحتی بیانات جاری کیے تھے۔

    نائب صدر کی طرف ٹویٹر پر جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا تھا کہ وہ اپنے مضامین پر اپنا نام تحریر کرتے ہیں، خط لکھنے والے اور نیویارک ٹائمز دونوں کو اس حرکت پر شرم آنی چاہے۔

    اس سے قبل بوب وڈورڈز کی نئی کتاب فئیر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق نئے انکشافات کے بعد بھی ہلچل مچ گئی تھی، کتاب کے مصنف کا کہنا تھا ٹرمپ کی صدارت نروس بریک ڈاؤن کا شکار ہے اور وہ صدارتی انتخاب میں روسی مداخلت کی تحقیقات سے خوفزدہ تھے۔

    کتاب میں دعوی کیا گیا تھا کہ اپریل 2017 میں جب شام میں کیمیائی حملے کی اطلاع ملی تو صدر ٹرمپ شامی صدربشار الاسد کو قتل کرانا چاہتے تھے لیکن وزیردفاع جیمزمیٹس نے بات نہیں مانی اور کہا معاملہ خود نمٹا دیں گے جبکہ ٹرمپ اور ان کا اسٹاف لوگوں سے نامناسب سلوک کرتا ہے۔