عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے 40 سال بعد اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی اولمپئین ارشد ندیم کے لیے کیش انعام کا اعلان کردیا۔
عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی، انہوں نے ارشد ندیم کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے ناصرف پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا بلکہ اُنہوں نے 92.97 میٹر کی تھرو کرکے اولمپکس کی تاریخ میں ریکارڈ قائم کردیا۔
علی ظفر نے نے کہا کہ میں اس تاریخی کامیابی پر ارشد ندیم کو اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے 10 لاکھ روپے رقم بطورِ انعام دوں گا۔

ساتھ ہی پاکستان کے گلوکار علی ظفر نے حکومت پاکستان سے ارشد ندیم کے نام پر اسپورٹس اکیڈمی قائم کرنے کی اپیل بھی کی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتِ پاکستان اور پوری قوم ارشد ندیم کا شاندار استقبال کرے۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے کھلاڑیوں کو وہ سپورٹ ملنا شروع ہو جائے جس کے وہ مستحق ہیں تو ہم ایک سال میں 10 گولڈ میڈل جیت سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل میئر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سندھ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ روپے انعامی رقم کا اعلان کیا تھا۔
اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی ارشد ندیم کیلئے 10 لاکھ روپے انعامی رقم کا اعلان کر چکے ہیں۔
شاباش ارشد ندیم! پاکستانی ایتھلیٹ تاریخ میں پہلی بار انفرادی اولمپک گولڈ میڈل جیت گئے
یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپک میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔
ارشد ندیم نے فائنل مقابلے میں اولمپک میڈل کیلئے بھرپور کوشش کرتے ہوئے اپنا پہلا تھرو کیا جو کہ ضائع ہوگیا، جس کے بعد پاکستان کے ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو 92.97 میٹر کی کر کے نیا اولمپک ریکارڈ بنا دیا، ارشد ندیم کی یہ اس مقابلے کی اب تک سب سے بہترین تھرو ہے۔
پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو فائنل کے دوسرے راؤنڈ میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 79.40 میٹر کی کی، جبکہ انہوں نے ٹاپ 8 کی دوسری باری میں 87.84 میٹر کی۔
تیسری باری میں ارشد ندیم نے ایک اور شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے 91.7 میٹر کی تھرو کی اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ بن گئے۔