Tag: عالمی مقابلے

  • سعودی عرب میں اذان اور تلاوت قرآن کے عالمی مقابلے کا اعلان

    سعودی عرب میں اذان اور تلاوت قرآن کے عالمی مقابلے کا اعلان

    ریاض : حکام کی جانب سے حسن تلاوت قرآن کریم کے عالمی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں 12 ملین ریال کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام اذان اور حُسنِ تِلاوت قرآن کریم کے بین الاقوامی مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس مقابلے میں پوری مُسلم دنیا کے موذن اور قراءحضرات شرکت کرسکتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مقابلہ جیتنے والے خوش نصیبوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ ریال کے نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

    امریکی کرنسی میں انعامی رقم کی مالیت 32 لاکھ ڈالرسےزیادہ ہے۔ خیال رہے کہ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی طرف سے رواں سال جنوری میں اس مقابلے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    عرب ٹی وی کے مطابق تفریحی ادارے کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے حسن تلاوت و اذان مقابلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پوری دنیا میں تلاوت کلام پاک کے کلچر کوعام کرنا ہے کیونکہ قرآن پاک اپنے صوتی حسن، اپنے معنوی اور روحانی اثرات اور سامع پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے اپنی امتیازی خصوصیت رکھتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس مقابلے کے انعقاد سےعالمی سطح پر قرآن پاک، علوم قرآن اور اس کتاب اللہ کی رشد وہدایت پرمبنی تعلیمات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مقابلے میں پہلا انعام حاصل کرنے والے خوش نصیب کو 50 لاکھ ریال، دوسرے کو 20 لاکھ اور تیسرے کو 10 لاکھ ریال کی رقم جب کہ چوتھے نمبر پر آنے والے کو پانچ لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائےگی۔

    تلاوت کلام پاک کے ساتھ ساتھ اذان کے مقابلے کا مقصد دُنیا بھر میں اذان کی اہمیت اور حرم نبوی الشریف میں میں بلند ہونے والی اذان کی آواز کو دور دور تک پہنچانا ہے۔

    اذان کے مقابلے میں پہلے پوزیشن حاصل کرنے والے کو 20 لاکھ ریال، دوسرے کو 10 لاکھ، تیسرے کو نصف ملین اور چوتھے درجے پرآنے والے موذن کو اڑھائی لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائے گی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تلاوت قرآن اور اذان کے عالمی مقابلے میں حصہ لینے کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے۔ دلچسپی رکھنے والے قراءحضرات (قرآن احسن ایوارڈ) پر اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

  • پاکستان کو بیڈ منٹن کے عالمی مقابلوں کی میزبانی مل گئی

    پاکستان کو بیڈ منٹن کے عالمی مقابلوں کی میزبانی مل گئی

    اسلام آباد: پاکستان کو بیڈ منٹن کے عالمی مقابلوں کی میزبانی مل گئی۔ انٹرنیشنل بیڈ منٹن فیڈریشن نے پاکستان کو آگاہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ہونے والے بیڈ منٹن کے عالمی مقابلے میں ترکی،انڈونیشیا، سری لنکا، نیپال، مالدیپ، شام، افغانستان، ویتنام اور کولمبیا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

    عالمی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 9 سے 12 نومبر تک اسلام آباد میں ہوگا۔ ایونٹ کے دوران، مینز اور ویمنز کے سنگل اور ڈبلز مقابلے ہوں گے۔

    جیتنے والی ٹیموں میں 8 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم بھی تقسیم کی جائے گی۔

    انٹرنیشنل بیڈ منٹن فیڈریشن نے اس سلسلے میں پاکستان کو آگاہ کردیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی لاہور کی مسیحی کھلاڑی

    عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی لاہور کی مسیحی کھلاڑی

    لاہور: مضافاتی علاقوں کی تنگ گلیوں، چھوٹے گھروں میں رہنے والوں کے خواب اونچے تو ضرور ہوسکتے ہیں، مگر ان میں چند ایک ہی ایسے ہوتے ہیں جن کی قسمت کا ستارہ چمکتا ہے اور وہ عروج پر پہنچنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

    بلند مقاصد پر نظر رکھنے والے قسمت کی اس تبدیلی سے بے نیاز صرف اپنی محنت پر یقین رکھتے ہیں اور یہ سوچ کر اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہیں کہ ایک نہ ایک دن ان کی قسمت کا ستارہ ضرور چمکے گا۔ لاہور کی رہائشی ٹوئنکل سہیل اور سونیا عظمت بھی اسی بات پر یقین رکھتی ہیں۔

    t4

    خواتین کی پاور لفٹنگ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی یہ دونوں خواتین مسیحی برادری سے تعلق رکھتی ہیں۔ گزشتہ برس ٹوئنکل نے پہلی بار ویٹ لفٹنگ میں پاکستانی خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے ایشین بنچ پریس چیمپئن شپ کے جونیئر ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

    اس ایونٹ میں اگلے ہی دن ان کی ٹیم میٹ سونیا نے پاکستان کے لیے دوسرا سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ یوں دونوں خواتین پاکستانی کھیلوں کی تاریخ میں منفرد مقام بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔

    اسی ایونٹ میں ایک اور پاکستانی ویٹ لفٹنگ کی کھلاڑی شازیہ کنول نے بھی پاکستان کے لیے تیسرا گولڈ میڈل جیتا۔

    t5

    ان خواتین کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے انہیں اگلے سال امریکی ریاست فلوریڈا میں ہونے والی ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں بھی بھیجا جارہا ہے۔

    ٹوئنکل نے اپنے کیریئر کا اغاز ایک سائیکلسٹ کی حیثیت سے کیا، لیکن ورزش کے دوران ان کے کوچز نے ان کی صلاحیتوں کی نشاندہی کی اور انہیں پاور لفٹنگ کی طرف جانے کا مشورہ دیا۔

    t3

    سونیا کے والد اپنے خاندان سے الگ رہتے ہیں اور والدہ مختلف نوکریاں کر کے زندگی کی گاڑی کھینچ رہی ہیں۔ سونیا کی والدہ اپنی بیٹی کی صلاحیتوں پر بے حد فخر کرتی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ایک دن پاکستان ان کی بیٹی کے نام سے جانا جائے گا۔

    t8

    سونیا اور ٹوئنکل کھیلوں کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی اقلیتی خواتین نہیں ہیں۔ اس سے قبل ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والی ایک اور کھلاڑی شیتل آصف بھی عالمی مقابلوں میں شرکت کر چکی ہیں۔

    سونیا اور ٹوئنکل کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے والی ان کی دوست حرا ارشد بھی اپنی دوستوں کی کامیابی پر خوش ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’ان دونوں کی کامیابی نہ صرف میسحی برادری بلکہ پورے ملک کی خواتین کے لیے ایک مثال ہے۔ ان کی کامیابی تمام پاکستانی لڑکیوں کو مہمیز کرے گی کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرلیں‘۔

    t2

    t9

    سونیا اور ٹوئنکل کو اپنی صلاحیتوں اور جدوجہد پر پورا بھروسہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ ایک دن وہ اپنے خوابوں کی تعبیر ضرور حاصل کریں گی۔ پاکستانی لڑکیوں کے لیے ان کا پیغام ہے، ’آؤ، آگے بڑھو اور پاکستان کو عروج کی نئی بلندیوں پر لے جاؤ‘۔