Tag: عالمی وبا

  • کرونا سے اموات میں اضافہ، 8 مریض جاں بحق

    کرونا سے اموات میں اضافہ، 8 مریض جاں بحق

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا انفیکشن کے باعث مزید 8 مریض انتقال کر گئے۔

    نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 761 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جب کہ وائرس سے مزید آٹھ مریضوں کی موت واقع ہو گئی۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 20 ہزار 843 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں مثبت کیسز کی شرح 3.65 فی صد رہی۔

    ہیلتھ انسٹیٹیوٹ کے مطابق کووِڈ نائنٹین سے ہونے والے انفیکشن کے باعث ملک بھر کے مختلف اسپتالوں میں داخل 170 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جنھیں‌ انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر اب تک 15 لاکھ 52 ہزار 632 کرونا کیسز سامنے آ چکے ہیں، جب کہ مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 482 ہو چکی ہے۔

  • دنیا کو ایک اور وبا سے بچانے کے لیے سائنسدانوں کی مشترکہ کوشش شروع

    دنیا کو ایک اور وبا سے بچانے کے لیے سائنسدانوں کی مشترکہ کوشش شروع

    دنیا بھر کے ماہرین نے کرہ ارض کو ایک اور عالمی وبا سے بچانے کے لیے چمگادڑوں پر تحقیق شروع کردی، ماہرین کے مطابق چمگادڑ انسانوں اور مویشیوں میں مہلک وائرس منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث سائنسدانوں نے اگلی عالمی وبا سے بچاؤ کے لیے چمگادڑوں پر توجہ مرکوز کردی ہے اور برازیل کے سائنسدان بھی اسی تحقیق کی دوڑ میں شامل ہیں۔

    برازیل کے دوسرے بڑے شہر ریو ڈی جینیرو کے پیڈرا برانکا اسٹیٹ پارک میں رات کے وقت چمگادڑوں کی تلاش کی گئی، نومبر کے مہینے میں رات کے وقت انجام دی جانے والی سرگرمی برازیل کے ریاستی فیوکرز انسٹی ٹیوٹ کے پروجیکٹ کا حصہ تھی جس کا مقصد جنگلی جانوروں بشمول چمگادڑوں کو جمع کرنا اور ان میں موجود وائرسز پر تحقیق کرنا تھا۔

    کئی سائنسدان یہ مانتے ہیں کہ کرونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کا تعلق چمگادڑوں سے ہے۔

    اب اس تحقیق کا مقصد دیگر وائرسز کی نشاندہی کرنا ہے جو انسانوں کے لیے انتہائی جان لیوا اور مہلک ثابت ہوسکتے ہیں اور ان معلومات کو ایسا پلان مرتب کرنے میں استعمال کرنا کہ لوگوں کو ان کا شکار ہونے سے بچایا جاسکے، یعنی ممکنہ عالمی مرض کے پھیلاؤ کو روکنا ہے اس سے قبل کہ وہ شروع ہوجائے۔

    برازیل کی یہ ٹیم دنیا بھر کی کئی ٹیمز میں سے ایک ہے جو اسی صدی میں دوسری عالمی وبائی کے خطرے کو کم کرنے کی دوڑ میں شامل ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بات کا کافی امکان موجود ہے کہ کسی مداخلت کے بغیر ایک اور نوول وائرس جانور سے انسان (ہوسٹ) میں منتقل ہوگا اور جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے کا موقع تلاش کرے گا۔

    یہ خیال کیا جاتا ہے کہ چمگادڑ متعدد وائرسز کے اصل یا انڈرمیڈری ہوسٹس (یعنی کسی اور چیز سے منتقل ہو کر وائرس بعد میں چمگادڑ کے ذریعے انسانوں میں پھیلا) ہے، جو حال ہی میں کووڈ 19، سارس، مرس، ایبولا، نیپاہ وائرس، ہیندرا وائرس اور مار برگ وائرس کی وبا کی وجہ بنی۔

    خیال رہے کہ چمگادڑ ایک متنوع گروہ ہے، جس کی انٹارکٹیکا کے سوا ہر براعظم میں 1400 سے زائد اقسام موجود ہیں لیکن اکثر میں ایک چیز مشترک ہے کہ وہ انسانوں اور مویشیوں میں مہلک وائرس منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ خود چمگادڑوں میں ان بیماریوں کی علامات ظاہر نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں۔

  • دنیا بھر میں کرونا وائرس 64 ہزار 743 جانیں لے گیا

    دنیا بھر میں کرونا وائرس 64 ہزار 743 جانیں لے گیا

    کراچی: دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 12 لاکھ سے تجاوز کر گئی، اب تک عالمی سطح پر وائرس 64 ہزار 743 جانیں لے چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے ہلاکتوں کی تعداد بہت تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے، خدشہ ہے آیندہ ایک ہفتے کے دوران یہ ہلاکتیں 1 لاکھ تک پہنچ جائیں گی۔

    کرونا وائرس نے 206 ممالک اور علاقوں میں اپنے پنجے گاڑ لیے ہیں، اٹلی میں کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ 15 ہزار 362 اموات واقع ہو چکی ہیں۔ مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 24 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، 4 ہزار کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ 21 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    اسپین میں بھی اموات کی تعداد نہایت تیزی سے بڑھتی جا رہی ہیں، اب تک 11 ہزار 947 افراد کرونا وائرس کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اسپین میں وائرس کے نئے کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر امریکا کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ اس وقت اسپین دنیا کا دوسرا ملک ہے جہاں کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 1 لاکھ 26 ہزار ہو چکی ہے۔ 34 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں لیکن ساڑھے 6 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    امریکا میں مسلسل چوتھے روز کرونا ایک ہزار سے زائد جانیں لے گیا، امریکا میں اموات کی تعداد 8 ہزار 454 ہو گئی ہے، اموات کی تعداد کی لحاظ سے امریکا دنیا کا تیسرا ملک ہے، تاہم وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد کے لحاظ سے تاحال پہلا ملک ہے جہاں 3 لاکھ 11 ہزار سے بھی تعداد تجاوز کر چکی ہے۔ اب بھی امریکا میں 8 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ نیویارک میں 24 گھنٹے میں ریکارڈ 630 افراد ہلاک ہوئے، جہاں اموات کی تعداد 3 ہزار 560 ہو گئی ہے۔

    برطانیہ میں ایک دن میں 700 افراد ہلاک ہونے کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 313 ہو گئی ہے، برطانیہ میں کرونا وائرس سے 41 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    ایران میں 55 ہزار افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 3452 اموات ہو چکی ہیں، بھارت میں متاثرین کی تعداد ساڑھے 3 ہزار ہوگئی، سعودی عرب میں 2370 افراد متاثر ہو چکے جب کہ اموات کی تعداد 29 ہو گئی۔

  • تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستان فن کار وطن واپسی کے منتظر

    تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستان فن کار وطن واپسی کے منتظر

    لاہور: فلم کی شوٹنگ کے لیے تھائی لینڈ جانے والی پاکستانی فن کاروں کی ٹیم کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث تھائی لینڈ میں پھنس گئی ہے، جنھیں وطن واپس لانے کے لیے وزیر توانائی پنجاب متحرک ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر توانائی پنجاب اختر ملک تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانی فن کاروں کی واپسی کے لیے متحرک ہو گئے ہیں، ڈاکٹر اختر ملک نے اس سلسلے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے رابطہ کر کے انھیں معاملے سے آگاہ کیا۔

    اختر ملک کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے فن کاروں کی جلد وطن واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے، پاکستانی سفارت خانہ فن کاروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، ہمارے آرٹسٹ ملک کا سرمایہ ہیں، وہ جلد گھروں کو لوٹ آئیں گے۔

    خیال رہے کہ یہ فن کار گزشتہ ماہ فلم عشرت میڈ اِن چائنا کی شوٹنگ کے لیے تھائی لینڈ گئے تھے، بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 21 کریو ممبرز تھائی لینڈ کے ایک مقامی ہوٹل میں پھنسے ہیں، ان فن کاروں میں شمعون عباسی، سارہ لورین، صنم سعید اور ڈائریکٹر محب مرزا بھی شامل ہیں۔

    اداکار شمعون عباسی نے اس سلسلے تھائی لینڈ سے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں انھوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کہ ان کی وطن واپسی کے سلسلے میں اقدامات کیے جائیں، شمعون کا کہنا تھا کہ وہ کریو کے ساتھ اس وقت تھائی لینڈ پہنچے تھے جب کرونا وائرس کی وبا کو عالمی وبا قرار نہیں دیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ تھائی لینڈ میں کرونا وائرس کی وبا اس طرح نہیں پھیلی جس طرح یورپ اور امریکا میں اس نے تباہی مچائی ہے، اب تک تھائی لینڈ میں کرونا وائرس کے 1,978 کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 19 ہے۔

  • کرونا سے یورپ، امریکا میں تباہی، اموات 53 ہزار 218 ہو گئیں

    کرونا سے یورپ، امریکا میں تباہی، اموات 53 ہزار 218 ہو گئیں

    کراچی: نئے اور مہلک ترین ثابت ہونے والے وائرس کو وِڈ نائنٹین نے یورپ اور امریکا سمیت دنیا بھر میں تباہی مچا دی ہے، وائرس سے اموات کی تعداد 53 ہزار 218 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات 53 ہزار 218 ہو گئیں، وائرس کے متاثرین کی تعداد بھی 10 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، دوسری طرف صحت یاب افراد کی تعداد بھی بڑھ کر 2 لاکھ 13 ہزار ہو گئی۔ اب تک 204 ممالک اور علاقے وائرس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔

    وائرس نے امریکا میں 6088 افراد کو شکار کر لیا ہے جب کہ 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں، امریکا میں ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اٹلی میں ہلاکتیں 13,915 ہو چکی ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 15 ہزار سے بڑھ گئی۔ اسپین بھی وائرس سے بری طرح متاثر ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر پانچ سو تک اموات ہو رہی ہیں، اب تک اسپین میں 10,348 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 12 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

    فرانس میں بھی وائرس کی ہلاکت خیزی میں تیزی آ گئی ہے، اب تک 5,387 افراد وائرس کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 59,105 ہے۔ ایران بھی وائرس سے شدید متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے جہاں 3,160 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 50,468 افراد متاثرہ ہیں۔ برطانیہ میں بھی ہلاکتیں بڑھ کر 2,921 ہو گئی ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد 33,718 ہے۔

    جرمنی میں ہلاکتیں 1,107 ہو گئیں، نیدرلینڈز میں 1,339، بیلجیئم میں 1,011، سوئٹزرلینڈ میں 536، ترکی میں 356 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3,322 ہے۔ برازیل میں327، سوئیڈن میں 308 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہوئے، پرتگال میں 209، جنوبی کوریا میں 174، کینیڈا میں 173 ہلاک ہوئے، انڈونیشیا میں 170، آسٹریا میں 158، ڈنمارک میں 123، ایکواڈور میں 120، رومانیہ میں 115، فلپائن میں 107 جب کہ بھارت میں کرونا وائرس سے 72 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • اٹلی میں چوبیس گھنٹوں میں 837، بیلجیئم 192، برطانیہ میں 381 اموات

    اٹلی میں چوبیس گھنٹوں میں 837، بیلجیئم 192، برطانیہ میں 381 اموات

    روم: گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اٹلی، بیلجیئم اور برطانیہ میں ہونے والی اموات کی تعداد نے دنیا بھر کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ، برطانیہ اور امریکا میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ اموات کی شرح بھی خطرناک تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، اٹلی، بیلجیئم اور برطانیہ میں 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 1410 اموات واقع ہو گئی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی میں کرونا وائرس کے باعث اموات 12 ہزار 428 ہو گئی ہیں، صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں 837 افراد جان سے گئے، جب کہ اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اطالوی حکومت نے کرونا وائرس سے متاثر سیزنل و ایگریکلچر ورکرز کی امداد کا اعلان کر دیا ہے، بے روزگار ہونے والے ان ملازمین کو 600 یورو دیے جائیں گے، آمدن کے ذرایع نہ ہونے والے خاندانوں کو بھی 300 یورو ملیں گے۔

    کرونا وائرس نے دنیا بھر میں 42 ہزار جانیں نگل لیں

    بیلجیئم میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 192 افراد جان سے گئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 705 ہو گئی، وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد 876 ہے، برسلز میں 146 اولڈ نرسنگ ہومز میں سے ایک تہائی وائرس سے متاثر ہیں۔

    برطانیہ میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 381 اموات واقع ہو چکی ہیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 789 تک پہنچ گئی، جب کہ25 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، کنگز کالج اسپتال کا 13 سالہ نوجوان بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔ دوسری جنگ عظیم میں بچ جانے والا سپاہی 97 سالہ ہیرالڈ پئیرسن بھی جان سے گیا۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ویڈیو لنک پر کابینہ اجلاس میں برطانیہ میں غیر ملکی میڈیکل اسٹاف کے ویزے ایک سال کے لیے بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

  • دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات 34 ہزار ہو گئیں

    دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات 34 ہزار ہو گئیں

    کراچی: دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 23 ہزار سے تجاوز کر گئی، وائرس سے متاثرہ 34,000 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے عالمی سطح پر اموات کی تعداد 34,000 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اب تک 151,833 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    اٹلی میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 10 ہزار 779 ہو گئیں، 97 ہزار سے زائد متاثر ہیں، اسپین میں وائرس 6803 جانیں نگل گیا، 80 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ چین میں 3,304 افراد کرونا وائرس سے ہلاک جب کہ81 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔ ایران میں وائرس سے اموات کی تعداد 2640 ہو گئی، اور 38 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔

    فرانس میں کرونا وائرس 2606 جانیں نگل گیا، 40 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے، امریکا میں کرونا وائرس سے 2489 افراد ہلاک، ایک لاکھ 42 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔ برطانیہ میں وائرس سے اموات کی تعداد 1228 ہو گئی، جب کہ 19 ہزار سے زائد متاثر ہیں، نیدرلینڈز میں وائرس 771 جانیں نگل گیا، 10 ہزار سے زائد متاثر ہیں، جرمنی میں وائرس سے 541 افراد ہلاک اور 62 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔

    کرنا وائرس سے بیلجیئم میں 431، سوئٹزرلینڈ میں 300، جنوبی کوریا میں 158، برازیل میں 136 افراد وائرس سے ہلاک ہوئے۔ ترکی میں 131 افراد جاں بحق، 9 ہزار سے زائد متاثرہ وئے، پرتگال میں 119 افراد ہلاک، انڈونیشیا میں 114، سوئیڈن میں 110، آسٹریا میں 86، ڈنمارک میں 72، فلپائن میں 71، ایکواڈور میں 58، جاپان میں 54، بھارت میں وائرس سے 27 افراد ہلاک جب کہ ایک ہزار سے زائد متاثر ہیں۔

  • عالمی وبا میں بھی مودی سرکار کشمیریوں سے جیلیں بھرنے میں مصروف

    عالمی وبا میں بھی مودی سرکار کشمیریوں سے جیلیں بھرنے میں مصروف

    سری نگر: کرونا وائرس کی عالمی وبا بھی مودی سرکار کی آنکھیں نہ کھول سکی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے 400 سے زائد کشمیری نوجوان گرفتار کر لیے، کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کی بجائے مودی سرکار جیلیں بھرنے میں مصروف نظر آ رہی ہے۔

    حریت قیادت کا کہنا ہے کہ جیلوں میں بے گناہ قید رہنماؤں اور کارکنوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا تھا کہ عالمی برادری بھارت پر زور ڈالے کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث کشمیری قیدی شدید مشکلات کا شکار ہیں، مقبوضہ کشمیر میں کرونا سے 2 اموات بھی ہوئی ہیں۔

    پاکستان نے کشمیری قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کردیا

    ترجمان کے مطابق پاکستان نے کشمیری قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، ہزاروں کشمیری نوجوان، صحافی اور کشمیری رہنما، بھارتی جیلوں میں قید ہیں، بیش تر افراد نامعلوم مقامات پر قید کیے گئے ہیں، سینئر حریت قیادت بھی مختلف جیلوں میں بند ہے، حریت رہنما یاسین ملک اور آسیہ اندرانی سمیت دیگر کو جعلی الزامات پر قید کیا گیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لے، مواصلات کی پابندیوں کو ختم، میڈیکل، ضروری سامان کی اجازت دی جائے۔

  • کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار کا ہندسہ بھی پار کر گئی

    کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار کا ہندسہ بھی پار کر گئی

    کراچی: نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 19 سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار کا ہندسہ بھی پار کر گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی تیزی کے ساتھ جاری ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں اب تک ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 31,771 ہو چکی ہے، جب کہ وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد نہایت تیزی سے بڑھ کر 678,910 ہو گئی ہے۔

    وائرس کا پھیلاؤ بھی بدستور جاری ہے، اور اب تک 199 ممالک اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، تاہم وائرس کی نوعیت ایسی ہے کہ اکثر کیسز میں یہ معمولی طبیعت کی خرابی کا باعث بنتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب تک 146,319 افراد اس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

    دوسری طرف کئی ممالک میں یہ وائرس حیران کن طور پر بہت زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوا، جن میں سے اٹلی سرفہرست ہے، جہاں وائرس سے 10,023 افراد جانیں کھو چکے ہیں، جب کہ مریضوں کی تعداد 92 ہزار 472 ہے۔ دوسرے نمبر پر اسپین ہے جہاں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں ایک دم اضافہ ہوا، اور تعداد 6,528 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 78,797 ہو گئی ہے۔

    چین میں ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تعداد کے آگے روک لگا دی گئی ہے، اور اب تک ہلاک افراد کی مجموعی تعداد 3,300 ہے۔ ایران میں بھی کرونا وائرس بہت ہلاکت خیز ثابت ہوا، اب تک 2,640 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں، فرانس میں 2,314 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سپر پاور امریکا کو بھی وائرس نے بری طرح گھیر لیا ہے، ہلاکتوں میں تیزی سے اضافے کے ساتھ ساتھ امریکا کیسز کی تعداد میں پہلے نمبر پر آ چکا ہے، جہاں ہلاک افراد کی تعداد 2,229 اور متاثرین کی تعداد 123,776 ہو چکی ہے۔

    برطانیہ میں بھی صورت حال خراب ہے، وائرس سے 1,019 افراد ہلاک جب کہ 17,089 متاثرہ ہیں۔ نیدرلینڈز میں 639، جرمنی 455، بیلجیم 431، سویٹزرلینڈ 264 اموات ہو چکی ہیں۔ جنوبی کوریا، ترکی، پرتگال، برازیل، سویڈن اور انڈونیشیا میں ہلاکتوں کی تعداد 100 کا ہندسہ پار کر چکی ہے۔

  • کرونا وائرس: ہلاکتیں 24 ہزار 89 ہوگئیں، 5 لاکھ 32 ہزار متاثر

    کرونا وائرس: ہلاکتیں 24 ہزار 89 ہوگئیں، 5 لاکھ 32 ہزار متاثر

    کراچی: نئے اور مہلک وائرس COVID 19 دنیا کے 199 ممالک تک پھیل گیا ہے، ہلاکتیں بڑھ کر 24 ہزار 89 ہوگئیں، جب کہ 5 لاکھ 32 ہزار 237 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، دوسری طرف صحت یاب افراد کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ 24 ہزار 331 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وبائی مرض کرونا وائرس کا دنیا بھر میں پھیلاؤ تیزی کے ساتھ جاری ہے، وائرس کی ہلاکت خیزی کے آگے بھی تاحال کوئی قابل ذکر بندھ نہیں باندھا جا سکا، تاہم دنیا بھر میں سائنس دان وائرس کا توڑ نکالنے کے لیے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔

    یہ وائرس چین کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوا، چین کے اندر وائرس کے پھیلاؤ اور ہلاکت خیزی کو تقریباً کنٹرول کیا جاچکا ہے، تاہم دنیا کے دیگر ممالک میں وائرس چین سے بھی کہیں زیادہ تباہ کن ثابت ہوا۔

    اٹلی میں کو وِڈ نائنٹین سے اب تک اموات کی تعداد 8215 ہو گئی ہے، جب کہ 80 ہزار 589 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ اسپین میں کرونا وائرس 4365 جانیں نگل گیا، 57 ہزار 786 افراد متاثر ہوئے، چین میں 3292 افراد وائرس سے ہلاک جب کہ مجموعی طور پر 81 ہزار 340 متاثر ہو چکے ہیں، ان میں 74,588 صحت یاب افراد بھی شامل ہیں۔

    ایران میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2234 ہو گئی، 29 ہزار 406 افراد متاثر ہو چکے ہیں، فرانس میں وائرس 1696 جانیں نگل گیا جب کہ 29 ہزار 155 افراد متاثر ہیں، امریکا میں کرونا وائرس سے 1300 افراد ہلاک جب کہ 85 ہزار 594 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ برطانیہ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 578 ہو گئی،11 ہزار 658 متاثر ہیں۔

    نیدرلینڈز میں کرونا وائرس 434 جانیں نگل گیا جب کہ 7 ہزار سے زائد متاثر ہیں، جرمنی میں وائرس سے 267 افراد ہلاک اور 43 ہزار سے زائد متاثر ہیں، بیلجیئم میں 220، سوئٹزرلینڈ میں 192 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں 139، سوئیڈن اور برازیل میں 77،77 افراد وائرس سے ہلاک ہوئے۔ کو وِڈ نائنٹین ترکی میں 75، انڈونیشیا میں 78، پرتگال میں 60 جانیں نگل گیا۔