Tag: عالمی کتب میلہ

  • عالمی کتب میلہ: ’’درآمدی کاغذ کی قیمتوں میں کمی کے لیے وفاق سے بات کریں گے‘‘

    عالمی کتب میلہ: ’’درآمدی کاغذ کی قیمتوں میں کمی کے لیے وفاق سے بات کریں گے‘‘

    کراچی: نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ درآمدی کاغذ پر ڈیوٹی کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے، تاہم سندھ حکومت درآمدی کاغذ کی قیمتوں میں کمی کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اٹھارواں انٹرنیشنل بک فیئر شروع ہو چکا ہے، جمعرات 14 دسمبر کو نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے عالمی کتب میلے کا افتتاح کیا، تقریب میں اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔

    کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری اٹھارویں کراچی بین الاقوامی کتب میلے کے پہلے دن صبح ہی سے طلبہ و طالبات اور شہری بڑی تعداد میں پہنچ گئے تھے، طلبہ و طالبات نے نصابی اور درسی کتب کے علاوہ تاریخی اور کہانیوں کی کتب میں دل چسپی ظاہر کی، اسکول و مدرسہ کے ہزاروں طلبہ بسوں اور وینوں کے ذریعہ کتب میلے میں شریک ہوئے۔ شام سے قبل ہی پارکنگ کی جگہ تقریبا بھر چکی تھی، پبلشرز کی جانب سے کتب پر 30 فی صد سے 70 فی صد تک رعایت دی جا رہی ہے۔

    مقبول باقر نے اس موقع پر کہا کتاب لوگوں میں شعور پیدا کرتی ہے اور ذہنی تقویت کا باعث بنتی ہے، کتاب معاشرہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے اس کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    پاکستان پبلشرز ایند بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد نے کہا 2005 سے 2023 تک مسلسل کتب میلے کا انعقاد کامیابی سے جاری ہے، کتب میلے کے ذریعے کتب بینی کا کلچر دوبارہ آ رہا ہے، بڑے شہروں کے علاوہ چھوٹے گاﺅں دیہات میں اب بھی علم کا ذریعہ کتابیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ درآمدی کاغذ پر ڈیوٹی کی شرح میں اضافے سے پاکستان میں کاغذ انتہائی مہنگا ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے کتابوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، لوکل فیکٹریاں جو کاغذ بناتی ہیں وہ بھی ضروریات کو پورا نہیں کر پا رہی۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ کاغذ پر ڈیوٹی کی کمی کے حوالے سے وفاق سے بات کی جائے۔

    درآمدی کا غذ کی ڈیوٹی میں اضافے کے باعث کتب مہنگی ہونے کے حوالے سے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا مجھے پبلشرز کی مشکلات کا اندازہ ہے تاہم درآمدی کاغذ پر ڈیوٹی وفاق کا معاملہ ہے اس لیے اس پر وفاق سے بات کی جائے گی کہ ڈیوٹی کم کی جائے، اس حوالے سے میں اپنی ہر ممکن کوشش کروں گا۔

    ایم کیو ایم کے رہنما اور سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا درآمدی کاغذ پر انحصار کرنے کی بجائے کاغذ کی مقامی انڈسٹریز کو فروغ دیا جانا چاہیے، ہمارے ملک میں 95 فی صد لوگ ایسے ہیں جنھوں نے اپنے نصاب کے علاوہ کوئی کتاب نہیں پڑھی، کتابوں سے قربت انتہائی ضروری ہے۔

  • عالمی کتب میلہ، ہزاروں شہری ایکسپو سینٹر پہنچ گئے

    عالمی کتب میلہ، ہزاروں شہری ایکسپو سینٹر پہنچ گئے

    کراچی: شہر قائد میں منعقدہ عالمی کتب میلے کا آج تیسرا روز ہے، ایکسپو سینٹر میں زبردست گہماگہمی دیکھی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں آج عالمی کتب میلے کا تیسرا روز ہے، ہزاروں شہری ایکسپو سینٹر پہنچ گئے ہیں، اندر داخل ہونے کے لیے طلبہ اور شہریوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

    ایکسپو سینٹر میں طلبہ و طالبات اور اساتذہ سمیت عمائدین شہر بھی بڑی تعداد موجود ہیں، اس وقت تمام ہال مکمل طور ہر بھر چکے ہیں اور باہر طویل ترین قطاریں بھی لگی ہوئی ہیں۔

    کتب میلے میں میں 30 سے 50 فی صد رعایت پر کتابیں دستیاب ہیں، شہری بڑی تعداد میں کتابیں خریدنے میں دل چسپی دکھا رہے ہیں، شہری فیملیز کے ساتھ میلے میں شرکت کر رہے ہیں۔

    کنوینر کتب میلہ وقار متین خان کے مطابق یہ پانچ روزہ کتب میلہ کل ختم ہوگا۔

    یاد رہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 17 ویں عالمی کتب میلے کا آغاز جمعرات 8 دسمبر سے ہوا تھا، جو اتوار 11 دسمبر 2022 تک جاری رہے گا، اس میلے میں 17 ممالک کے 40 سے زائد اداروں نے اپنی کتب پیش کی ہیں۔

    منتظمین کا کہنا تھا کہ رواں برس کتب میلے میں 5 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں کراچی سمیت ملک بھر کے شہری شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ کتب میلہ پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کیا جاتا ہے، چیئرمین ایسوسی ایشن عزیز خالد کے مطابق 2005 سے لگا تار منعقد ہونے والے کراچی بین الاقوامی کتب میلے کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی میلے کا اعزاز حاصل ہے، جس میں نہ صرف پاکستان بھر سے بلکہ ہندوستان، ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے پبلشنگ ادارے حصہ لیتے ہیں۔

  • کراچی میں عالمی کتب میلے کا آغاز

    کراچی میں عالمی کتب میلے کا آغاز

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 17 ویں عالمی کتب میلے کا آغاز ہوگیا، میلے میں 17 ممالک کے 40 سے زائد ادارے اپنی کتب پیش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 5 روزہ کتب میلے کا آغاز جمعرات 8 دسمبر سے ہوگیا جو اتوار 12 دسمبر 2022 تک جاری رہے گا۔

    کتب میلے میں کتابوں کے 330 اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں مقامی و بین الاقوامی مصنفین کی کتابیں موجود ہیں، 17 ممالک کے 40 ادارے میلے میں اپنی کتابیں پیش کریں گے۔

    کتب میلے میں 60 سے 70 فیصد رعایت پر کتابیں دستیاب ہوں گی۔

    منتظمین کا کہنا ہے کہ رواں برس کتب میلے میں 5 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں کراچی سمیت ملک بھر کے شہری شامل ہیں۔

  • کتب بینی: دنیا کے امیر ترین، ذہین اور قابل لوگ کیا کہتے ہیں؟

    کتب بینی: دنیا کے امیر ترین، ذہین اور قابل لوگ کیا کہتے ہیں؟

    کہتے ہیں کتابیں دماغ کو روشنی، مطالعہ عقل اور ذہانت کو قوت دیتا اورعلم و آگاہی کے دیپ جلاتا ہے۔

    دنیا بھرکے حکیم و دانا، عقل مند اور دانش ور پچھلے دور اور اپنے زمانے کے صاحبانِ علم و فن کی صحبت میں رہ کر ان کے علم، مشاہدات اور تجربات سے استفادہ کرنے اور کتابوں کا مطالعہ کرنے کے عادی رہے ہیں۔

    موجودہ دور کی ایک مثال وارن بفٹ ہیں جو مشہور سرمایہ دار ہیں اور دنیا کی سب سے بڑی ملٹی نیشنل کمپنی اور امریکا کی متعدد قابلِ ذکر اور اہم کمپنیوں کے سربراہ بھی ہیں۔

    ان کا شمار امیر ترین شخصیات میں ہوتا ہے، لیکن کاروباری مصروفیات اور عام ٓآدمی کے مقابلے میں روزانہ مختلف امور کی انجام دہی کے لیے بہت سا وقت دوسروں سے رابطے رکھنے پر مجبور وارن بفٹ روزانہ مطالعہ کرتے ہیں۔

    کہتے ہیں انھیں کتب بینی کا شوق نہیں بلکہ وہ جنون کی حد تک مطالعے کے عادی ہیں۔ یہ صرف ایک مثال ہے ورنہ ان کی طرح دنیا کے کئی امیر کبیر، نہایت مصروف اور ہر لحاظ سے کام یاب لوگ کتب بینی اور ہر لمحہ کچھ نیا سیکھنے، پڑھنے اور معلومات اکٹھی کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔

    یہاں ہم مطالعے کی اہمیت اور افادیت سے متعلق دنیا کی چند عظیم، اپنے شعبوں کی ممتاز اور نام ور شخصیات کے اقوال پیش کررہے ہیں۔

    مطالعے سے خلوت میں خوشی، تقریر میں زیبائش، ترتیب و تدوین میں استعداد اور تجربے میں وسعت پیدا ہوتی ہے۔ (بیکن)

    مطالعے کی عادت اختیار کرلینے کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے دنیا جہاں کے دکھوں سے بچنے کے لیے پناہ گاہ ڈھونڈ لی ہے۔ (سمر سٹ ماہم)

    دماغ کے لیے مطالعے کی وہی اہمیت ہے جو کنول کے لیے پانی کی۔ (تلسی داس)

    جس طرح بیج کاشت کرنے سے زمین زرخیز ہوجاتی ہے، اسی طرح مختلف عنوانات پر کتابوں اور رسالوں کا مطالعہ انسان کے دماغ کو منور کر دیتا ہے۔ (ملٹن)

    دنیا میں ایک باعزت اور ذی علم قوم بننے کے لیے مطالعہ ضروری ہے۔ مطالعہ میں جوہرِ انسانی کو اجاگر کرنے کا راز مضمر ہے۔ (گاندھی جی)

  • سعودی عرب میں انٹرنیشنل بک فیئر کا اہتمام، پاکستانی ثقافت کا رنگ نمایاں

    سعودی عرب میں انٹرنیشنل بک فیئر کا اہتمام، پاکستانی ثقافت کا رنگ نمایاں

    ریاض: سعودی عرب میں عالمی بک فیئر کا اہتمام کیا گیا جہاں میں ایک تقریب کے دوران پاکستانی ثقافت کو بھی خوب اجاگر کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں منسٹری آف ایجوکیشن کی جانب سے انٹرنیشنل بک فیئر کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر ایک تقریب میں پاکستان ثقافت کا رنگ نمایاں رہا۔

    عرب میڈیا کے مطابق جدہ انٹرنیشنل بک فیر میں پر سعودی عرب کے وزیر ثقافت کی جانب سے ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا جس میں پاکستان قونصلیٹ جدہ، پاکستان انٹرنیشنل اسکول عزیزیہ کے طلبہ اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

    ثقافتی لباس زیب تن کیے ہوئے اسکول کے بچوں نے چاروں صوبوں کے ثقافتی رقص اور قومی نغمے پیش کئے، حاظرین نے بچوں کی کاوشوں کو بہت سراہا۔

    اسکول کے طلبہ نے پاک سعودی دوستی کی مناسبت سے عربی زبان میں ایک خصوصی نغمہ بھی پیش کیا۔

    جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ کے پریس سیکریٹری ارشد منیر نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ایسے پروگراموں سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط میں اضافہ ہوگا۔

    دس دن تک جاری رہنے والے اس عالمی بک فیئر میں ہر دن پچاس ہزار سے رائد لوگوں نے شرکت کی، اور اپنے مطالعے کے ذوق کو مدنظر رکھتے ہوئے کتابوں کی خریداری کی۔

    خیال رہے کہ کتاب کا یہ عالمی میلہ آج اختتام پذیر ہوا، دنیا بھر سے لاکھوں پبلشر نے اپنی کتابیں فروخت کے لیے پیش کیں۔