Tag: عالم اسلام

  • عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی 17 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی 17 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی آج 17ویں برسی منائی جارہی ہے، ملک کے مختلف حصوں سے جیالے لاڑکانہ پہنچ گئے، مزار پر فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔

    دو بار پاکستان کی وزیراعظم بننے والی بے نظیر بھٹو 21 جون 1953 میں پیدا ہوئیں انہوں نے اپنی زندگی میں سیاسی مخالفین کے سامنے خاتون ہونے کے باوجود سخت ترین حالات میں اپنی لیڈر شپ کا لوہا منوایا اور آمریتوں کا مقابلہ کیا۔

    بے نظیر بھٹو نے سیاسی گھرانے میں پرورش پائی، کونوینٹ آف جیزز اینڈ میری اور کراچی گرامر اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کی میراث کو آگے بڑھایا۔

    شہید بے نظیر بھٹو عوامی سیاسی رہنما کے ساتھ ایک ذمہ دار ماں بھی تھیں جس نے اپنے بچوں کو بہترین تعلیم اور تربیت دلانے کے ساتھ عوامی سیاست سے بھی روشناس کرایا جو آج تک بلاول اور آصفہ کی شخصیات میں نکھر کے سامنے نظر آ رہا ہے۔

    بینظیر بھٹو نے اپنے بچوں کو کھیل کود سے لیکر سیاسی سرگرمیوں تک گود میں بٹھائے رکھا، جب ان کے شوہر آصف علی زرداری کراچی سینٹرل جیل میں قید تھے تو بینظیر وہاں بھی اپنے بچوں کے ہمراہ جایا کرتی تھی، اس عظیم ماں کی تربیت نے بلاول اور آصفہ بھٹو زرداری کو عوام کے درمیان رہکر عوامی سیاست کو پروان چڑھانے میں مدد دی۔

    یاد رہے کہ 27 دسمبر 2007 کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سربراہ اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کے بعد خود کش حملہ اور فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا، اس حملے میں ان کے علاوہ مزید 20 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

  • ’وزیر اعظم نے پوری دنیا میں مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کر دیا‘

    ’وزیر اعظم نے پوری دنیا میں مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کر دیا‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے پوری دنیا میں مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کیا، عمران خان نہ صرف عالم اسلام کے ترجمان بلکہ عالمی رہنما کے طور پر سامنے آئے۔

    اپنے بیان میں مراد سعید کا کہنا تھا کہ ہمیں ایمان دار رہنما ملا ہے جو دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسلام کا مقدمہ لڑ رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب سے قبل ہی بھارتی نمائندوں نے راہ فرار اختیار کر کے شکست تسلیم کی۔

    انھوں نے کہا کہ پہلے قیادت پاناما، اقامہ اور جعلی اکاؤنٹس والوں کے پاس تھی، پہلے ہاتھ میں پرچی، جھکے سر اور ڈو مور پر جی حضور کہنے والے تھے، پہلے مودی کو گھر بلاتے تھے، جندال کی دعوتیں ہوتی تھیں، کھٹمنڈو میں خفیہ ملاقاتیں تھیں جو کلبھوشن کا نام لینے کے قابل نہیں تھے۔

    اقوام متحدہ خطاب : پاکستان کیخلاف مذموم عزائم اور کشمیر پر مظالم، وزیر اعظم نے بھارت کو خبردار کردیا

    انھوں نے مزید کہا کہ کرپشن سے بھرپور زرداری لیگ ڈرون حملوں پر خاموش تھی، زرداری لیگ آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے مزید ڈرونز کا مطالبہ کرتی تھی، کہتی تھی مزید ڈرون گراتے رہو ہم سنبھال لیں گے، کرپٹ قیادت کی وجہ سے ملک دہشت گردی کا شکار تھا، لیکن آج پاکستان ٹیرر ازم سے نہیں ٹورزم سے پہچانا جانے لگا ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ آج دنیا ڈو مور کا مطالبہ نہیں کرتی بلکہ افغانستان میں مدد کی درخواست کرتی ہے، عمران خان کو کوئی بلیک میل نہیں کر سکتا، آج دنیا میں پاکستان، اسلام کا اصل بیانیہ سامنے آ گیا ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو آج مضبوط آواز مل گئی ہے جو اقوام عالم میں گونج رہی ہے، پورا عالم اسلام آج شکریہ عمران خان کہہ اٹھا ہے۔

  • نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا کو اسلام کی دعوت

    نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا کو اسلام کی دعوت

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں ایک مسلمان نوجوان شہری نے وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن سے ملاقات کر کے ان کو اسلام قبول کرنے کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کے بعد مسلمانوں کے حق میں مسلسل سرگرم رہنے والی خاتون وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن کو ایک نوجوان نے اسلام قبول کرنے کی دعوت دے دی۔

    نوجوان شہری نے وزیرِ اعظم جیسنڈا کو اسلام کی دعوت ملاقات کے دوران دی، نوجوان نے کہا گزشتہ تین روز سے اللہ سے ایک ہی دعا کر رہا ہوں۔

    شہری نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ دوسرے لیڈر بھی آپ سے سیکھیں۔ خیال رہے کہ نوجوان شہری کا اشارہ مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے ان اقدامات کی طرف تھا جس نے ساری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مسلمانوں سے اظہاریکجہتی، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کوقتل کی دھمکیاں ملنے لگیں

    نوجوان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ ایک دن وہ یہ سنے کہ نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم اسلام میں داخل ہو گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ مسلمانوں سے بے مثال اظہار یک جہتی پر نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو قتل کی دھمکیاں بھی ملنے لگی ہیں۔ انھیں سوشل میڈیا پر پیغام میں گن کی تصویر بھیجی گئی جس پر لکھا تھا اب آپ کی باری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیوزی لینڈ‌ کے خبر رساں اداروں کا مسلمانوں سے اظہار یک جہتی

    دو دن قبل نیوزی لینڈ کے خبر رساں اداروں نے اپنے صفحہ اوّل پر خبر شایع کرنے کی بجائے ’سلام، ہمیں یاد ہے‘ اور شہدا کے نام لکھ کر مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کر کے نئی نظیر قائم کی۔

  • اب امریکا اپنی جنگ خود لڑے، عالم اسلام کو نئی معاشی منڈی بنانی ہوگی: سراج الحق

    اب امریکا اپنی جنگ خود لڑے، عالم اسلام کو نئی معاشی منڈی بنانی ہوگی: سراج الحق

    لندن: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکا اپنی لڑائی خود لڑے، ہم امریکی جنگ نہیں لڑیں گے، عالم اسلام مل کر اپنی معاشی منڈی بنانی ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے لندن میں پاکستانی کمیونٹی  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن سے پہلے کرپٹ عناصرکا محاسبہ ضروری ہے، پاناما لیکس کے باقی کرپٹ عناصرکا احتساب کون کرے گا، یہ سوال اہم ہے، کرپٹ عناصرکوسزائیں ملنےتک ہماری تحریک جاری رہے گی۔

    سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک میں پاکستان مخالف بینرز بھارتی سازش تھے، انتخابات کے بارے میں ابہام ہے، مگر چاہتے ہیں کہ انتخابات وقت پرہوں، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جن کے نام پاناما پیپرز میں ہیں، وہ الیکشن نہ لڑسکیں۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ہمیشہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا، سراج الحق

    انھوں‌ نے کہا کہ عالم اسلام مل کر اپنی معاشی منڈی بنائے، ٹرمپ کےاعلان کے بعد مدینہ کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے، مسلمان حکمران تعلیم پروسائل خرچ کریں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کرپشن روک لی، تو روز نئی یونیورسٹی بنا سکتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کاحق ملنا چاہیے، انھوں نے قبائلی علاقوں کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پرحل کیا جائے۔

    یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گذشتہ دنوں قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ امریکا نے ہمیشہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا، وقت آگیا ہے پاکستانی قوم اپنے پاؤں پر کھڑی ہو۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئر کریں۔