لاہور : تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کیخلاف درج مقدمات سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا گیا۔
جس میں بتایا گیا کہ تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی کے خلاف مجموعی طور پر 21 مقدمات درج ہیں۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہنا ہے کہ لاہور میں 3، قصور میں 7، گوجرانوالہ میں 1، راولپنڈی میں 4، میانوالی میں 2 اور فیصل آباد میں 4 مقدمات درج ہیں۔
پی ٹی آئی میں اختلافات کی اطلاعات ہیں تاہم اب پارٹی جنرل سیکریٹری سلمان اکرم نے عالیہ حمزہ سے اختلافات ختم کر دیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف جس میں پارٹی قائدین میں اختلافات کی خبریں پہلے ہی گردش کر رہی ہیں۔ ان اطلاعات کو دو روز قبل پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر عالیہ حمزہ کے پارٹی قیادت کے خلاف طنزیہ ٹویٹ نے تقویت دی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے گزشتہ اس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا انتباہ بھی دیا تھا۔
اب جب سلمان اکرم راجا کا غصہ ٹھنڈا ہوا تو انہوں نے عالیہ حمزہ سے اپنے اختلافات ختم کر دیے اور اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں کوئی نفاق نہیں ہے۔ میں جلد عالیہ حمزہ بہن کے ساتھ بیٹھوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹیوں میں تلخ کلامی ہو جاتی ہے، لیکن سب متحد ہیں۔ ہم نے آگے بہت لمبی سیاسی جنگ لڑنی ہے۔ پاکستانی عوام کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔
واضح رہے کہ یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور پی ٹی آئی کی دیگر قیادت لاہور میں موجود تھی اور پارٹی اجلاس بھی منعقد کیا گیا تھا۔
تاہم اس اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو مدعو نہ کیے جانے پر انہوں نے پارٹی قیادت کے خلاف طنزیہ ٹویٹ کیا اور تحریک کے حوالے سے بھی سوالات اٹھا دیے تھے۔
عالیہ کے اس ٹویٹ کا پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا کام ٹویٹ کرنا نہیں بلکہ پنجاب میں تنظیم سازی کو مضبوط کرنا ہے۔ آئندہ اس طرح کی کسی بھی حرکت پر فوری کارروائی کی جائے گی۔
پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر عالیہ حمزہ کے طنزیہ ٹویٹ کے بعد پارٹی رہنماؤں کی لفظی گولہ باری سلمان اکرم راجا نے کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف جس میں پہلے ہی اختلافات کی خبریں سر اٹھا رہی ہیں۔ اب دو روز قبل پی ٹی آئی قیادت کے لاہور میں ہونے اور اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر کو نظر انداز کرنے پر عالیہ حمزہ نے پارٹی قیادت کے خلاف طنزیہ ٹویٹ کیا تھا۔ اس طنزیہ ٹویٹ نے پارٹی میں نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے اور پارٹی رہنماؤں نے ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری شروع کر دی ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے عالیہ حمزہ کے طنزیہ ٹویٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک اچھے ایونٹ کو اپنے بیوقوفانہ ٹویٹ سے متنازع بنایا۔ یہ عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سلمان اکرم کا کہنا تھا کہ عالیہ کو پنجاب میں پارٹی کو متحرک کرنے کے لیے مقرر کیا نا کہ ٹویٹ کرنے کے لیے۔ انہیں جس کام کے لیے مقرر کیا گیا، وہی کریں۔
پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ لاہور ایونٹ کو سازش کے تحت متنازع بنایا گیا۔ انہیں اس پر ٹویٹ نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ایسے ٹویٹ کو مسترد کرتا ہوں اور دوبارہ ایسا کرنے پر خبردار کرتا ہوں۔
سلمان اکرم راجا نے عالیہ حمزہ کے خلاف کارروائی کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ انہیں پارٹی سے نہیں نکالا جائے گا، لیکن اگر ایسا ہی رویہ رہا تو کارروائی کریں گے۔ ہم بانی عمران خان کے حکم کے مطابق ہی تحریک چلائیں گے۔
انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ جس نے غلطی کی وہ معافی مانگے، اسے رابطے کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ لاہور میں جو نہیں آیا، وہ اپنی مرضی سے نہیں آیا، یہ مدعو کرنے کا مسئلہ نہیں تھا۔
سلمان اکرم راجا نے واضح کیا کہ عمران خان نے تحریک کی جو تاریخ دی ہے، وہی رہے گی۔ کسی کے 90 دن کوئی معنی نہیں رکھتے۔ میں ٹھیک بات کر رہا ہوں، کسی میں رد کرنے کی ہمت ہے تو میں اس کو دیکھ لوں گا۔
واضح رہے کہ عالیہ حمزہ نے لاہور میں پی ٹی آئی کی قیادت کی موجودگی اور اجلاس میں نہ بلانے پر طنزیہ ٹویٹ کرتے ہوئے پارٹی قائدین پر کئی سوالات اٹھا دیے تھے۔
لاہور (13 جولائی 2025): پی ٹی آئی صوبہ پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے دلبرداشتہ ہوکر پارٹی قیادت کے لیے طنز بھرا ٹویٹ کر دیا۔
عالیہ حمزہ کا شمار پاکستان تحریک انصاف کی سرگرم رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ ہمیشہ پارٹی کی احتجاجی تحریکوں میں بڑھ چڑھ کر شامل ہوتی رہی ہیں۔ تاہم آج پی ٹی آئی قیادت کے دورہ لاہور کے دوران پارٹی اجلاس میں صوبے کی چیف آرگنائزر ہونے کے باوجود انہیں مدعو نہیں کیا گیا۔
یوں نظر انداز کیے جانے پر عالیہ حمزہ نے پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کے نشتر چلا دیے اور ان کے خلاف ظنز بھرا ٹویٹ کر دیا۔ جس میں کئی سوالات بھی اٹھا دیے۔
پنجاب کی چیف آرگنائزر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پارٹی قیادت کی اطلاعات کے مطابق میں گزشتہ دو دن سے بہت مصروف تھی۔ ایسی مصروفیات جن کا شاید مجھے بھی علم نہیں تھا۔ کیا کوئی اس پر روشنی ڈالے گا۔
عالیہ نے اس کے ساتھ ہی سوال بھی اٹھا دیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے کس لائحہ عمل کا کل یا آج اعلان ہوا ہے۔ تحریک کہاں سے اور کیسے چلے گی۔ 5 اگست کے بجائے 90 دن کا منصوبہ کہاں سے آیا ہے۔ اگر آپ میں سے کسی کی نظر سے یہ منصوبہ گزرا ہو تو میری بھی رہنمائی کر دیں۔
عالیہ حمزہ نے کہا کہ ہمارا پورا فوکس اور نشانہ عمران خان کی رہائی اور نعرہ صرف ایک ہی کہ ڈٹ جاؤ یا ہٹ جاؤ۔
ویسے تو میرے تک پہنچنے والی کچھ اطلاعات کے مطابق میں پچھلےدو دن سے بہت مصروف تھی ایسی مصروفیات جن کا شاید مجھے بھی عمل نہیں تھا! کیا کوئی روشنی ڈالے گا؟ وزیراعظم خان کی رہائی کے لیے کس لائحہ عمل کا کل یا آج اعلان ہوا ہے؟ تحریک کہاں سے اور کیسے چلے گی؟ 5اگست کے مقابلے میں 90…
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پنجاب کے دارالخلافہ لاہور پہنچے اور پارٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ تاہم حیرت انگیز طور پر اس اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو مدعو نہیں کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے لاہور میں پارٹی کے ہونے والے اجلاس میں صوبے کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو مدعو نہ کیے جانے پر موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مصروف ہیں۔
عالیہ حمزہ نے سلمان اکرم راجا کے اس موقف کے جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے پلان سے بھی لاعلمی کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ عالیہ حمزہ کا شمار پی ٹی آئی کے نظریاتی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ 9 مئی 2023 کے واقعات میں ملوث ہونے پر وہ ایک سال سے زیادہ عرصہ تک جیل میں قید رہی ہیں۔
رواں برس جنوری میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ان کی بحیثیت چیف آرگنائزر پنجاب کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹانے کی خبروں کی تردید کردی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹانے کی تردید کردی۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹانے کی خبر درست نہیں، عالیہ حمزہ بدستور عہدے پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں، 4 رکنی کمیٹی ان کی معاونت کیلئے قائم کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی پنجاب کے اندر بڑھتے ہوئے اندرونی اختلافات کے درمیان پنجاب کی قیادت ایک بار پھر تبدیل کردی گئی اور پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
جس کے بعد عالیہ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں نئی بنے والی کمیٹی کے قیام سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ میں کل رات دیر تک سمبڑیال حلقے میں الیکشن کمپین میں تھی وہاں نیٹ ورک کا بہت مسئلہ تھا۔
عالیہ حمزہ نے کہا کہ نہ مجھے کسی کمیٹی کے بارے میں علم ہے اور نہ مجھے کسی نے اس بارے میں بتایا ہے، میرے لیے نہ کوئی عہدہ ضروری ہے نہ کوئی کمیٹی۔
لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی صدر عالیہ حمزہ ملک کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے اندر بڑھتے ہوئے اندرونی اختلافات کے درمیان سامنے آیا اور پنجاب کی قیادت ایک بار پھر تبدیل کردی گئی۔
پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے عالیہ حمزہ کی جگہ پنجاب میں پارٹی کے تنظیمی امور کی نگرانی کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
کمیٹی میں سلمان اکرم راجہ ،عمر ایوب ،احمد خان بھچر اور میاں اکرم عثمان شامل ہیں۔
دوسری جانب سابق چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے نئی بنے والی کمیٹی کے قیام سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور پنجاب کے اراکین پارلیمنٹ نے بھی پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز کی قیادت پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اور شیخ امتیاز کیخلاف سلمان اکرم راجہ ،بیرسٹر گوہر کو خط لکھ دیا۔
یاد رہے عالیہ کو باضابطہ طور پر جنوری 2025 میں پنجاب کے لیے پارٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات پر مبنی ایک اور ویڈیو لیک ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی وومن ونگ کی صدر کنول شوزب نے ویڈیو میں علیمہ خانم پر پارٹی خراب کرنے کی کوششوں کا الزام لگایا ہے۔
ویڈیو میں کنول شوزب کا کہنا تھا کہ علیمہ خانم نے سیاست کرنی ہے تو کھل کر پارٹی میں آئیں، انہوں نے کیوں کہا کہ بیرسٹر گوہر کون ہے، چیئرمین تو بانی ہیں۔
لاہور : پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے میں سینیٹ کا الیکشن نہ لڑوں، صنم جاوید سینیٹ الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لینےکیلئے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی درخواست دائرکی ، پارٹی نے فیصلہ کیا ہے میں سینیٹ کا الیکشن نہ لڑوں۔
عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ میں کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرا رہی۔ صنم جاوید سینیٹ الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
خیال رہے عالیہ حمزہ جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاج اور پرتشدد واقعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کو بھی گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری ہے، سابق گورنر پنجاب سرفراز چیمہ، سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر، علی زیدی، راجہ عدیل احمد سمیت کئی رہنما گرفتار کئے جاچکے ہیں،اس کے علاوہ مزید رہنماؤں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد سے بھی ایک اور گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جہاں سابق رکن قومی اسمبلی اور متحرک سیاستدان عالیہ حمزہ کو بھی ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں تشدد اور توڑ پھوڑ کے بعد تھانہ ترنول، رمنا سمیت دیگر تھانوں میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے۔
لاہور : تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ نے خاتون اول بشریٰ بی بی کے خلاف میڈیا پروپیگنڈے سے متعلق پیمرا میں درخواست جمع کرادی۔
تفصیلات کے مطابق خاتون اول کے خلاف میڈیا پروپیگنڈے متعلق تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ نے پیمرا میں درخواست جمع کرادی۔
درخواست میں کہا گیا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر خاتون اول کی تضحیک دیکھ کر افسوس ہوا، پاکستانی میڈیا کا پروپیگنڈا بھارتی ٹی وی چینلزنےبھی بریکنگ نیوزبناکر چلایا۔
عالیہ حمزہ نے استدعا کی کہ نجم سیٹھی اور ان کے اخبار سے وضاحت لی جائے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان، خاتون اول، حکومتی شخصیات اور اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا والے افراد کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائیاں تیز کر دیں۔
انٹیلی جنس بیورو نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ کی ہدایت پر پراپیگنڈا کرنے والوں کی لسٹیں تیار کر کے سائبر کرائم کو بھیج دیں ہیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو 270 سوشل میڈیا صارفین کی لسٹیں فراہم کی گئیں، جن پر کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
اسلام آباد: پارلیمانی سیکریٹری برائے صنعت و تجارت عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی بہترین پالیسوں سے ملکی معیشت میں بہتری آئی، وزیر اعظم نے پہلے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکریٹری برائے صنعت و تجارت عالیہ حمزہ نے رواں مالی سال کے 6 ماہ کے معاشی اعشاریوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔
عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے باوجود ڈیٹ ٹو جی ڈی پی کم ہو رہا ہے، گزشتہ سال کی نسبت رواں سال ایکسپورٹ گڈز میں 29 فیصد اضافہ ہوا اور پہلے 6 ماہ میں ایکسپورٹ گڈز 15.24 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ایکسپورٹ گڈز 11.82 ارب ڈالر رہی تھیں۔ ملبوسات برآمدات میں پاکستان نے بھارت اور بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑ دیا۔ امریکا کو ملبوسات برآمدات میں پاکستان 69 فیصد پر رہا جبکہ بھارت 33 فیصد اور بنگلہ دیش 28 فیصد پر رہا۔
پارلیمانی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک کو ملبوسات برآمدات میں پاکستان 27 فیصد پر رہا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال پہلے 6 مہینوں میں ترسیلات زر میں 11 فیصداضافہ ہوا۔ رواں سال ترسیلات زر 15.8 ارب ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال یہ 14.2 ارب ڈالر تھیں۔
عالیہ حمزہ نے بتایا کہ رواں سال ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں 26 فیصد اضافہ ہوا اور 9.38 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوئیں۔ رواں سال کے 6 ماہ میں آئی ٹی ایکسپورٹ 1.3 ارب ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ برس یہ 959 ملین ڈالر کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروں کی فروخت میں 71 فیصد اضافہ ہوا، بہترین پالیسی کی وجہ سے ٹریکٹرز کی سیلز میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔
پارلیمانی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ رواں سال ایف بی آر ریونیو میں 32 فیصد، زر مبادلہ کے ذخائر میں 32 فیصد، ڈومیسٹک سیمنٹ کی سیلز میں 2.8 فیصد، فرٹیلائزر یوریا کی سیلز میں 5 فیصد اور پیٹرولیم سیلز میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال کاٹن کی کاشت میں 37 فیصد، بجلی کی کھپت کے باعث رواں سال بجلی کی پیداوار میں 9.3 فیصد، پرائیوٹ سیکٹر کی کریڈٹ ادائیگی میں 344 فیصد، زرعی سیکٹر کی کریڈٹ ادائیگی میں 4 فیصد اور فارن ڈائریکٹ انویسمنٹ میں 20 فیصد اضافہ ہوا۔
عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی بہترین پالیسوں سے ملکی معیشت میں بہتری آئی، وزیر اعظم عمران خان نے پہلے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ ان کی بہترین پلاننگ سے کووڈ بحران سے بخوبی نمٹا گیا۔