ممبئی: بالی وڈ کے ممتاز پروڈیوسر نے خانز سمیت تمام بڑے اداکاروں کو اسکرپٹ کو اہمیت دینے کا مشورہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سال 2018 خانز کی ناکامیوں کا سال ثابت ہوا ہے، سلمان خان کی ’’ریس تھری‘‘، عامر خان کی ’’ٹھگز آف ہندوستان ‘‘اور شاہ رخ خان کی ’’زیرو‘‘ کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
ایسے میں ودھو ونود چوپڑا نے خانز سمیت ان تمام اداکاروں کو جو خود کو سپر اسٹار سمجھتے ہیں، یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی مقبولیت کے بجائے اسکرپٹ کو اہمیت دیں۔
’’تھری ایڈیٹس‘‘، ’’پی کے‘‘ اور ’’سنجو‘‘ جیسی بلاک بسٹر فلمیں پرڈیوس کرنے والے ودھو ونود چوپڑا نے طنزیہ پیرائے میں کہا کہ خود ساختہ سپراسٹارز اب کہانی کی ترجیح دیں، کیوں کہ ناظرین اسکرپٹ ہی کو سب سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ فلمی پنڈت سال 2018 کو خانز کے زوال کا سال کہہ رہے ہیں. ایک طرف جہاں اس برس رنویر کپور کی ’’سنجو‘‘ اور رنویر سنگھ کی ’’پدماوت‘‘ نے تین سو کروڑ کا بڑا ٹارگیٹ پورا کیا، وہیں آیوشمان کھرانا اور راج کمار راؤ جیسے نئے مگر سنجیدہ فلموں کے اداکار بھی سو کلب کا کا حصہ بن گئے.
ہالی وڈ انڈسٹری میں تیلگو اور تامل انڈسٹری کے بڑھتے اثرات اور نئے چہروں کی مقبولیت نے سپراسٹارز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے.
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ کہاں غلطی ہوئی، فلم اولاد کی طرح ہوتی ہے، انھیں بہت دکھ ہے ٹھگز آف ہندوستان ناکام ہوئی۔
یاد رہے کہ دیوالی کے تہوار پر ریلیز ہونے والی میگا بجٹ فلم ٹھگز آف ہندوستان کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا.
بالی وڈ کی اس مہنگی ترین فلم میں عامر خان، امیتابھ بچن اور کترینا کیف جلوہ گر ہوئے تھے، مگر وہ ناظرین کو متاثر کنے میںناکام رہے.
ممبئی: دیوالی پر ریلیز ہونے والی میگا بجٹ فلم "ٹھگز آف ہندوستان” کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد عامر خان کے کیریر پر سوالیہ نشان لگ گیا.
تفصیلات کے مطابق عامر خان، امیتابھ بچن، کترینا کیف اور فاطمہ ثنا شیخ جیسی بڑی اسٹار کاسٹ پر مشتمل ٹھگز آف ہندوستان بالی وڈ کی مہنگی ترین فلم تھی، جس کی تکمیل میں دو سال کا عرصہ لگا تھا.
ناقدین اور شائقین کو فلم سے کئی امیدیں وابستہ تھیں، البتہ فلم باکس آفس پر منہ کے بل گر گئی اور پہلے دن ریکارڈ 52 کروڑکرنے کے باوجود بری طرح فلاپ ثابت ہوئی.
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ نہ صرف سال 2018، بلکہ بالی وڈ میں گذشتہ پانچ برس کی بدترین ناکامی تصور کی جارہی ہے.
فلم کی ریلیز کے بعد یہ سوال کھڑا ہوگیا کہ کیا عامر خان کا کیریر ختم ہوگیا ہے؟
عامر نے فی الحال کسی نئی فلم کا اعلان نہیں کیا اور اب ان کی توجہ اپنے ٹی وی شو پر مرکوز ہے، جس کی وجہ سے اگلے ڈیڑھ سال میں ان کی کسی فلم کی ریلیز متوقع نہیں.
یہ خبر بھی گردش کر رہی ہے کہ عامر خان نے ’’مہابھارت‘‘ پر مبنی میگا بجٹ ویب سیریز کی تیاری کا حتمی فیصلہ کر لیا، جس کی تکمیل میں تین سے چار سال لگ سکتے ہیں ۔
اگر ایسا ہوا، تو "مسٹر پرفیکشنسٹ” اگلے پانچ برس تک بڑے پردے پر دکھائی نہیں دیں گے، جس کے بعد ان کا کم بیک مزید مشکل ہوجائے گا.
ممبئی: کنگ خان کی ہیروئن نے عامر خان کی فلم "ٹھگز آف ہندوستان” کو مایوس کن اور وقت کا ضیاع قرار دے دیا.
تفصیلات کے مطابق 1994 میںریلیز ہونے والی کنگ خان کی فلم ’’کبھی ہاں، کبھی ناں‘‘ کی اداکارہ سچترا کرشنا مورتی کی جانب سے فلم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے.
دیوالی کے تہوار پر ریلیز ہونے والی عامرخان، امیتابھ بچن اور کترینا کیف کی میگا بجٹ فلم "ٹھگز آف ہندوستان” پہلے دن تو ریکارڈ بزنس (52 کروڑ) کرنے میں کامیاب رہی، البتہ ناقدین اور شائقین کی جانب سے فلم کو مکمل طور پر رد کر دیا گیا.
انٹرنیٹ پر منفی تبصروں اور تنقیدی تجزیوں کا طوفان آگیا اور ٹھگز آف ہندوستان سے متعلق طرح طرح کے لطیفے گڑے جانے لگے.
ممبئی: بالی ووڈ اداکارعامرخان نے کہا ہے کہ دھوم تھری کے وقت سے میرا کترینا کیف پر دل آیا ہوا ہے، مجھے تو وہ اس سیارے کی لگتی ہی نہیں ہیں وہ ایلین ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کی باربی ڈول فلم ٹھگ آف ہندوستان میں عامر خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کترینا کیف کی تعریفوں کے پل باندھنے میں مصروف عمل ہیں۔
عامر خان نے فلم ٹھگ آف ہندوستان کے گانے ’ثریا جان’ میں کترینا کیف کے ساتھ رقص کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا آخر کترینا کیف اتنا اچھا رقص کس طرح کرلیتی ہیں، مجھے تو وہ اس سیارے کی لگتی ہی نہیں ہیں وہ ایلین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب کترینا کیف نے گانے ثریا جان کے اسٹیپس کرنا تھے تو مجھے لگتا تھا وہ اتنے مشکل اسٹیپس نہیں کرپائیں گی لیکن انہوں نے مجھے غلط ثابت کردیا اور بہت اچھا ڈانس کیا وہ بہت محنتی اداکارہ ہیں۔
چند روز قبل ثریا جان گانے کی ریلیز سے قبل بھی عامر خان کا کہنا تھا کہ کترینا اتنا اچھا رقص کرتی ہیں وہ دس سال میں ان جیسا رقص نہیں کرسکتے، وہ اس سے قبل بھی دھوم تھری کے موقع پر کترینا کی اداکاری اور رقص کی تعریف کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ’ٹھگ آف ہندوستان’ کی ہدایت کاری کے فرائض وجے کرشنا اچاریا انجام دی ہیں، فلم کے اداکاروں میں امیتابھ بچن، عامر خان، کترینا کیف ودیگر نمایاں ہیں۔
فلم کے حوالے سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ ٹھگ آف ہندوستان ریلیز کے ابتدائی تین دنوں میں ہی سو کروڑ کا بزنس کرلے گی۔
ممبئی: بالی ووڈ اداکار عامر خان نے جنسی ہراسانی کے الزامات کی زد میں آنے والی شخصیات سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔
’کافی ود کرن‘ شو میں مسٹر پرفیکٹ نے جنسی ہراسانی کے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ’جو لوگ بھی اس گھناؤنے کام میں ملوث ہیں ہمیں معاشرتی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اُن سے کنارہ کرنا چاہیے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے معاملات صرف فلم انڈسٹری تک محدود نہیں بلکہ اس کی وجہ سے عام خواتین بھی متاثر ہورہی ہیں، اس عمل کی وجہ سے خواتین بہت زیادہ رنجیدہ ہوجاتی ہیں‘۔
کرن جوہر نے مسٹر پرفیکٹ سے بالی ووڈ میں شروع ہونے والی ’می ٹو مہم‘ کے حوالے سے سوال کیا، اس پر عامر خان کا کہنا تھا کہ ’میں اور اہلیہ نے فیصلہ کیا کہ الزامات کی زد میں آنے والے لوگوں کے ساتھ مستقبل میں کوئی کام نہیں کریں گے اور اُن کا اُس وقت تک سوشل بائیکاٹ کریں گے جب تک الزام کا فیصلہ نہیں ہوجاتا‘۔
عامر خان نے بالی ووڈ کی دیگر شخصیات اور مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بھی جنسی ہراسانی کے الزامات کی زد میں آنے والے افراد سے کنارہ کشی کرلیں، اسی طرح اگر کوئی خاتون کسی مرد پر غلط الزام لگائیں اُس کا بھی بائیکاٹ کریں کیونکہ محض ایک بات کی وجہ سے کسی کا مستقبل تباہ ہوسکتا ہے‘۔
مسٹر پرفیکٹ نے بالی ووڈ میں جنسی ہراسانی کے واقعات پر اٹھنے والی آوازوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ انڈسٹری سے ایسے لوگوں کا صفایا ہورہا ہے جو خواتین کے بارے میں غلط سوچ رکھتے ہیں، خواتین کی طرف سے سامنے لائے جانے والے نام پریشان کُن ضرور ہیں مگر یہ آواز قابلِ ستائش ہے‘۔
کراچی : اےآروائی نیوزحملہ اوراشتعال انگیزتقریر میں سہولت کاری کے الزام میں ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار اور عامر خان سمیت ساٹھ ملزمان پرفردجرم عائدکردی گئی۔ ملزمان کے صحت جرم سے انکار پرعدالت نے کہا خداکاخوف کریں اورسچ بولیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں میڈیا ہاؤسز پر حملے اور اشتعال انگیزتقریرکے مقدمات کی سماعت ہوئی، سماعت میں ایم کیوایم رہنماؤں سمیت ساٹھ ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
ملزمان میں فاروق ستار، عامر خان، کنور نوید جمیل ، قمر منصور، شاہد پاشا، گلفراز خٹک، ساتھی ایم اسحاق ، محفوظ یار خان اور دیگر شامل ہیں۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نےانگریزی میں ٹائپ فرد جرم اردو میں پڑھ کر سنائی، جس میں کہا گیا کہ بائیس اگست دو ہزار سولہ کو کراچی پریس کلب کےباہراشتعال انگیزتقریرکی گئی، ملزمان نےتقریرمیں سہولت کاری کی۔
فرد جرم میں مزید کہا گیا کہ تقریرمیں بغاوت کااعلان اور ملکی سالمیت کے خلاف بات ہوئی، بانی ایم کیو ایم نے اے آر وائی نیوزسمیت دو میڈیا ہاؤسز پر حملے کا کہا۔
اس موقع پر عدالت نے ملزمان سےاستفسار کیا کہ کیا آپ لوگوں نے یہ سنا؟ کمرہ عدالت میں موجود تمام ملزمان نے بیک وقت صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہاہم نےایسا کچھ نہیں سنا۔
ملزمان کے جواب پر عدالت نے کہا خدا کا خوف کریں اور سچ بولیں کیا ایسا کچھ نہیں کہا؟ ملزمان نے پھر جواب دیا ہم نے ایسا کچھ نہیں سنا۔
عدالت نے تفتیشی افسراورگواہوں کو یکم دسمبرتک طلب کرلیا۔
یاد رہے 23 اکتوبر کو بھی اشتعال انگیز تقریرسے متعلق مقدمات میں مئیر کراچی وسیم اختر، فاروق ستار، عامر خان ،خواجہ اظہارپر فردجرم عائد کی گئی تھی۔
عدالت نے ملزم ارشد،اشرف نور،جہانگیر،حسن عالم کی عدم پیشی پرشدید برہمی کا اظہار کیا ، ارشادبندھانی ایڈووکیٹ نے کہا تمام ملزمان کوپابندکیاتھاوہ لازمی آئیں۔
عدالت نے کہا کہ یہ عدالت ہےہرسماعت پرکوئی نہ کوئی غیرحاضرہوتاہے، سب غیر حاضر ملزمان کی ضمانت منسوخ کرکےجیل بھیجا جائے گا۔
ممبئی: نیا سال سپراسٹار عامر خان کے مداحوں کے لیے مایوس کن ثابت ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ”ٹھگ آف ہندوستان“ میں اپنے من پسند ہیرو کو ایکشن میں دیکھنے کے بعد شاید عامر خان کے مداح اگلے بر س انھیں بڑے پردے پر نہ دیکھ سکیں۔
یاد رہے کہ مسٹر پرفیکشنسٹ کہلانے والے عامر خان کی کی میگا بجٹ فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ رواں برس 8 نومبر کو ریلیز ہورہی ہے، جس میں امتیابھ بچن اور قطرینا کیف بھی ایکشن میں نظر آئے ہیں۔ البتہ یہ خبر گردش میں ہے کہ عامر خان اگلے برس کوئی فلم نہیں کریں گے۔
ایک ہندوستانی ویب سائٹس کے مطابق اگلے برس عامر خان کی کلی توجہ اپنے مقبول ترین سماجی شو ستیا میوجیاتی پر مرکوز رہے گی۔
توقع کی جارہی ہے کہ اس میں وہ ”می ٹو“ کے تحت شروع ہونے والے جنسی ہراسانی کے معاملے کو اٹھائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق پروگرام کی ٹیم اس ضمن میں کام مکمل کر چکی ہے اور پروگرام میں کئی خواتین اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور مظالم کی کہانی بیان کریں گی۔
کیوں کہ مسٹر پرفیکشنسٹ ہر پراجیکٹ کو اپنا سو فی صد دیتے ہیں، اس لیے یہ خبر گردش میں ہے کہ شاید اب وہ کئی فلم سائن نہ کریں اور اگلے برس ان کے مداح انھیں بڑی اسکرین پر دیکھنے سے محروم رہیں۔
یاد رہے کہ 2012 میں شروع ہونے والے اس شو کے تین شوز نشر ہوچکے ہیں، جن میں اہم سماجی مسائل کو اجاگر کیا گیا۔
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ حکومت کی 50 دن کی کارکردگی پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا ہے، ملک کے حالات نئی حکومت کے آنے سے پہلے ہی خراب تھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، عامر خان نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں ووٹنگ کا تناسب عام انتخابات سے کم ہوتا ہے، ایم کیو ایم پاکستان کو وزارت کا کوئی شوق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے کراچی کی 8 نشستیں چھینی گئیں، نتائج کی بنیاد پر چوری کا مینڈیٹ کہنے سے بہتر ہے ہم آگے بڑھیں، جن حلقوں پر تحفظات ہیں پی ٹی آئی سے انہیں کھلوانے کی بات کی ہے، وزیراعظم، گورنر سندھ سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے کراچی آپریشن منطقی انجام تک پہنچانے کی بات ہے، ضمنی الیکشن میں امیدوار لانے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم حکومت سے باہر جارہے ہیں، 22 اگست سے پہلے اور بعد والی ایم کیو ایم میں فرق ہے۔
شہباز شریف کی گرفتاری پر عامر خان نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب سمیت کسی بھی سیاست دان نے کرپشن کی ہے تو ایکشن ہونا چاہئے، کسی شخصیت کی گرفتاری کے معاملے میں سیاست کا تاثر نہیں جانا چاہئے۔
بالی وڈ فلموں کے مداح آج کل جس فلم کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ، وہ ٹھگز آف ہندوستان‘ ہے، فلم بینوں کے جذبات کو مہمیز کو کرتا فلم کا ٹریلر جاری کردیا ہے جسے دیکھ کر ہالی وڈ فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیریبئن‘( پی او سی) کی یاد تازہ ہوگئی۔
یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘ ٹھگز آف ہندوستان‘ کا ٹریلر آن لائن ریلیز کردیا گیا ہے۔ یقیناً یہ ٹریلرانٹرنیٹ کی دنیا کی سنسنی خیزی میں تواضافہ کرے گا لیکن فلم بینی کے شوقین افراد کی توقعات اب کچھ مدہم پڑگئی ہیں۔
ٹریلرکے لیے اسٹوری کے آخرمیں اسکرول کیجئے
ٹریلردیکھ کرلگتا ہے کہ امیتابھ بچن اورعامرخان جیسی اسٹار کاسٹ کو لے کربننے والی یہ فلم ، ہالی وڈ کی مشہورِ زمانہ فلم سیریزپائریٹس آف دی کیریبئن کا بھرپورچھاپا ثابت ہوگی۔ ہالی وڈ فلم ( پی او سی) بحری قذاقوں پربننے والی سیریز ہے اورجن فلم بینوں نے وہ سیریز دیکھ رکھی ہے، ٹھگز آف ہندوستان کاٹریلردیکھتے ہوئے ان کے ذہن میں ہالی وڈ بلاک بسٹرکے سین چلنے لگے ہیں۔
ٹریلرکو دیکھ کراندازہ ہوتا ہے کہ فلم کے ویژولزپربے پناہ محنت کی گئی ہے اور شائقین کواس کے ایکشن پرمبنی مناظر پسند آئیں گے، لیکن جب اس کا موازنہ والٹ ڈزنی جیسی مشہورِ زمانہ اینی میشن کمپنی کی فلم سے کیا جارہاہے تو کہنا پڑے گا کہ سی جی آئی ٹیکنالوجی کا ہالی وڈ کے درجے پر استعمال ابھی ہندوستانیوں کے بس کی بات نہیں ہے۔
فلم کی کہانی ہندوستان میں انگریز راج کے آغاز اور آزادی کی جدوجہد شروع ہونے سے پہلے کے دور کے گرد گھومتی ہے جب امیتابھ بچن (خدا بخش نامی بحری قذاق) انگریزوں کی حاکمیت کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے برٹش سپاہیوں کے مدمقابل ڈٹ جاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ ہم پائریٹس آف دی کیریبئن میں بھی دیکھ چکے ہیں ، جہاں بحری قذاق سمندروں پرانگریزوں کی اجارہ داری تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مسلسل ان کے ساتھ مقابلے کے ماحول میں رہتے ہیں۔
امیتابھ بچن اس فلم میں ایک ایسے باغی قذاق کا کردار نبھا رہے ہیں جس نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی بالادستی تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں تباہ و برباد کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔ ایسا ہی کچھ کیپٹن جیک اسپیرو ( جانی ڈیپ) بھی ایسٹ انڈیا کمپنی اور ہسپانوی سلطنت کے خلاف کرتے نظر آتے تھے۔ تاہم ہندوستانی پسِ منظر کے سبب یہ فلم برصغیر کے فلم بینوں کو ’پی او سی‘ سے زیادہ متاثر کرسکتی ہے۔
ٹھگز آف ہندوستان کے ٹریلر میں ہمیشہ کی طرح امیتابھ بچن اپنے کردار کے ساتھ پوری طرح انصاف کرتے نظر آرہے ہیں۔ ان کے سپاہیوں میں سے ایک بے مثال لڑاکے کا کردار فاطمہ ثنا شیخ کرتی نظر آتی ہیں اور اپنے حصے کے ایکشن مناظر واقعی انہوں نے انتہائی خوبصورتی سے نبھائے ہیں۔
ٹریلر میں سمندری جہازوں کی لڑائی ، تلواروں کی جنگ اور بہت سے مناظر دیکھ کر آپ با ر بار کیپٹن جیک اسپیرو کو یا د کرنے پر مجبور ہوں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سب میں ہندوستان کا روایتی تڑکہ شامل ہے جوکہ فلم کو شائقین کے لیے دلچسپ اور مصالحے دار بنا رہا ہے۔
فلم میں مسٹر پرفیکشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان بھی اپنی پوری حشر سامانیوں کے ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں۔ ایک مقام پر عامر خان آپ کو برطانوی حکام کے ساتھ اپنی خدمات کے عوض بھاؤ تاؤ کرتے نظر آئیں گے ، یہاں آپ کو ایک بار پھر کپتان جیک اسپیرو اور برطانوی افواج کے درمیان ہونے والی دلچسپ اور پر مزاح سودے بازی یاد آئے گی۔
فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر اس میں جو نیا کچھ نظر آرہا ہے ، وہ یہ ہے کہ عامر خان بار بارخدا بخش کو برطانوی افواج کے لیے دھوکہ دیں گے اور اس دھوکہ دہی کا انجام کیا ہوگا، فی الحال اس پرسے پردہ نہیں اٹھایا گیا ہے۔ ویسے پائریٹس آف دی کیریبئن میں بھی کپتان جیک اسپیرو اورکیپٹن ہیکٹرباربوسہ ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل دھوکے بازی جاری رکھتے ہیں۔
اس سب کے باوجود ’ٹھگز آف ہندوستان کا ٹریلر اس وقت انٹرنیٹ پر ہلچل مچانے میں مصروف ہے اور امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم برصغیر کے فلم بینوں کی توجہ مکمل طور پر اپنی جانب مبذول کراتے ہوئے کم از کم باکس آفس پر تو کامیابی کے جھنڈے گاڑ ہی دے گی ، آخر کو عامر خان اور امیتابھ بچن کا کسی فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونا بھی تو کوئی اہمیت رکھتا ہے ، خصوصاً ایسی فلم جو کہ ہندوستان کی تحریک ِ آزادی کے موضوع پر بنی ہو۔ یہ فلم رواں سال آٹھ نومبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔