Tag: عامر خان

  • علی رضا عابدی کو منانا رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے، فاروق ستار

    علی رضا عابدی کو منانا رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے، فاروق ستار

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ علی رضا عابدی ہمارا اثاثہ ہیں، انھیں منانا رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کے موقع ان کے مزار پر حاضری دی، اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان نے علی رضا عابدی کے حوالے سے بات چیت کی۔

    فاروق ستار نے کہا ’علی رضا عابدی ہمارا اثاثہ ہیں، ضمنی ٹکٹ ان کا حق تھا، رابطہ کمیٹی میں مجھے بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے مگر میں دل بر داشتہ نہیں ہوا ہوں۔‘

    انھوں نے عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کی مناسبت سے کہا کہ سندھ کی دھرتی پیار اور امن کی دھرتی ہے، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے درخت لگانے کی ضرورت ہے۔

    ایم کیو ایم کے رہنما نے مزید کہا ’ماڑی پور میں لگایا گیا ٹریٹمنٹ پلانٹ بند پڑا ہوا ہے، ٹریٹمنٹ پلانٹ بند ہونے کی ذمہ داری حکومتِ سندھ پر ہے۔‘


    کراچی: ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر گرفتار، 6 افراد کے قتل کا اعتراف


    مزار پر حاضری دینے کے لیے آنے والے ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ وہ علی رضا عابدی سے بات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہیں۔

    عامر خان نے کہا ’علی رضا عابدی کا استعفیٰ ہمیں نہیں ملا ہے، تاہم انھیں اگر کسی قسم کے تحفظات تھے تو پارٹی سے بات کر لیتے۔‘

    رہنما ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ علی رضا عابدی ہماری ٹیم کا حصہ تھے اور رہیں گے۔ دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے مزار پر پھول چڑھائے اور ملک کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

  • عامر خان نے دوسری محبت اور شادی سے متعلق خاموشی توڑ دی

    عامر خان نے دوسری محبت اور شادی سے متعلق خاموشی توڑ دی

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار عامر خان نے اپنی دوسری محبت اور شادی کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے تمام حقیقت بیان کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ میں مسٹر پرفیکٹ کے نام سے مشہور عامر خان ویسے تو نجی زندگی کے معاملات میں خاموش رہتے ہیں تاہم انہوں نے پہلی بار خود ہی دوسری شادی کے حوالے سے لب کشائی کر ڈالی۔

    چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے عامر خان نے اپنی پہلی بیوی سے علیحدگی اور دوسری شادی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور اپنی زندگی کے کچھ اہم رازوں سے پردہ بھی اٹھایا۔

    ایک سوال کے جواب میں مسٹر پرفیکٹ نے بتایا کہ ’میری دوسری اہلیہ کرن ہیں جن سے پہلی ملاقات فلم لگان کے سیٹ پر ہوئی کیونکہ وہ ہدایت کار کے ماتحت اپنے امور سرانجام دے رہی تھیں، اس دوران ہمارے درمیان کوئی خاص بات چیت نہیں ہوئی البتہ جب میری پہلی بیوی سے علیحدگی ہوئی تو کرن سے کچھ خاص ہی رشتہ ہوگیا‘۔

    مزید پڑھیں: بلاک بسٹر فلم تھری ایڈیٹس کے سیکوئیل پر کام شروع، عامر خان کا کردار کون نبھائے گا؟

    انہوں نے بتایا کہ ’ایک وقت میں بہت ہی زیادہ پریشان اور مشکل صورتحال میں تھا کہ کرن کا فون آیا اور میں پھر باتیں کرنے میں اپنی پریشانی بھول گیا، جب لائن کاٹی تو مجھے احساس ہوا کہ بات کر کے مجھے کتنا سکون اور خوشی ملی‘۔

    عامر خان اپنی دوسری اہلیہ کرن راؤ کے ساتھ، فائل فوٹو

    عامر خان کا کہنا تھا کہ’ کال کے بعد ہمارے درمیان قربتیں بڑھنے لگیں اور پھر ہم ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے جس کے بعد ہم دونوں نے شادی سے قبل کافی وقت ایک ساتھ گزارا اور پھر 2005 میں ازدواجی بندھن میں بند گئے‘۔

    پہلی بیوی ’رینا‘ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مسٹر پرفیکٹ کا کہنا تھا کہ ’رینا بھی بہت زبردست شخصیت کی مالک تھیں مگر افسوس کہ ہمارا رشتہ زیادہ عرصے تک چل نہ سکا البتہ ہم دونوں آج بھی ایک کمپنی میں ساتھ ہی کام کررہے ہیں‘۔

    یہ بھی پڑھیں: عامر خان “ٹھگز آف ہندوستان” میں‌ ایک بے ایمان شخص کا کردار نبھائیں‌ گے

    ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ ’پہلی بیوی سے علیحدگی کے بعد میں بہت زیادہ ٹوٹ گیا تھا اور زندگی پر سے اعتبار ختم گیا تھا البتہ کرن نے سہارا دیا اور اب میں اپنی دوسری محبت کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کرسکتا‘۔

    عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں خود کو بہت زیادہ خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے کرن جیسی اہلیہ ملی جو میری بہت اچھی دوست اور زبردست شخصیت کی مالک ہے‘۔

  • بلاک بسٹر فلم تھری ایڈیٹس کے سیکوئیل پر کام شروع، عامر خان کا کردار کون نبھائے گا؟

    بلاک بسٹر فلم تھری ایڈیٹس کے سیکوئیل پر کام شروع، عامر خان کا کردار کون نبھائے گا؟

    ممبئی: بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم تھری ایڈیٹس کے سیکوئیل پر کام شروع ہوگیا، فلم کی ریلیز آیندہ دو برس میں متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہندوستانی انڈسٹری کے ممتاز ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے تھری ایڈیٹس کے اسکرپٹ پر کام شروع کر دیا ہے، البتہ کاسٹ کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    یاد رہے کہ تھری ایڈیٹس میں عامر خان، مادھون، شرمن جوشی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، اسکریٹ اور ہدایت کاری کے فرائض راج کمار ہیرانی نے نبھائے، جب کہ فلم کو ونو ونود چوپڑا نے پروڈیوس کیا۔

    گو اس فلم کو ریلیز ہوئے ایک دہائی گزر چکی ہے، مگر اس کی دیوانگی اب بھی قائم ہے اور اس کے کردار اور کہانی آج بھی شایقین میں بہت مقبول ہے، جس کے پیش نظر اس کے سیکوئیل کا ڈول ڈالا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ تھری ایڈیٹس اپنے زمانے کی بلاک بسٹر فلم تھی، یہ پہلی فلم تھی، جس نے 200 کروڑ کا جادوئی ہندسہ عبور کیا۔ یہ ریکارڈ کئی برس شاہ رخ خان کی چنائی ایکسپریس نے توڑا۔

    یہ امر بھی دل چسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ تھری ایڈیٹس میں عامر خان کا رول پہلے شاہ رخ خان ہی کو آفر کیا گیا تھا۔

    تھری ایڈیٹس نے چینی باکس آف پر بھی حیران کن کامیابی حاصل کی اور عامر خان کو چین میں ہر دل عزیز اسٹار بنا دیا۔

    یاد رہے کہ راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں تیار ہونے والی فلم ’’سنجو‘‘ جولائی کے آخر میں ریلیز ہوگی، جس میں رنبیر کپور سنجے دت کا کردار نبھا رہے ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم زبرست بزنس کرے گی۔


    عامر خان “ٹھگز آف ہندوستان” میں‌ ایک بے ایمان شخص کا کردار نبھائیں‌ گے


  • عامرخان نےکینیڈین باکسرکو 40 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کردیا

    عامرخان نےکینیڈین باکسرکو 40 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کردیا

    لندن : دو سال بعد رنگ میں اترنے والے پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان نے تابڑتوڑ حملوں سے کینیڈین باکسرفل لوگریکو کو چاروں شانے چت کرکے میدان مار لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیورپول کے ایکو آرینا میں ہونے والے میچ میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کا مقابلہ کینیڈین باکسرفل لوگریکو سے ہوا۔

    کنگ آف رنگ عامر خان نے ویلٹر ویٹ کیٹگری کے مقابلے میں کینیڈین حریف باکسرفل لوگریکو کو پہلے ہی راونڈ میں صرف 40 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کردیا۔

    فل لوگریکو سے فائٹ جیتنے کے بعد باکسرعامرخان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رنگ میں اسی لیے واپس آیا ہوں کہ آپ کو بتا سکوں کہ عامرخان کیا ہے۔

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مزید بڑے مقابلے ہونے ہیں، چاہتا ہوں باکسنگ اسٹیڈیم مکمل بھرے ہوئے ہوں۔

    [bs-quote quote=”کنگ آف رنگ عامر خان کا کہنا ہے کہ دوبارہ چیمپین بننا چاہتا ہوں، اگلاہدف دوبارہ ٹائٹل حاصل کرنا ہے۔
    ” style=”default” align=”center” author_name=”عامر خان ” author_avatar=”https://arynewsudweb.wpengine.com/wp-content/uploads/2018/04/KHAN-KHAN.jpg”][/bs-quote]

    خیال رہے کہ عامر خان مئی 2016 میں آخری مرتبہ میکسیکو کے باکسر کنیلو الویراز کے مدمقابل آئے تھے اور اس مقابلے میں انہیں شکست ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل باکسرعامر خان اکتیس بار فائٹ اپنے نام کرچکے ہیں اور4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انیس مقابلوں میں انہوں نے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔ آج ہونے والے میچ کا فیصلہ ناک آؤٹ پرہوا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عامر خان "ٹھگز آف ہندوستان” میں‌ ایک بے ایمان شخص کا کردار نبھائیں‌ گے

    عامر خان "ٹھگز آف ہندوستان” میں‌ ایک بے ایمان شخص کا کردار نبھائیں‌ گے

    بالی وڈ:باکس آفس کے بے تاج بادشاہ عامر خان طویل انتظار کے بعد اپنے مداحوں کو پھر چونکانے آرہے ہیں، اپنی نئی فلم میں وہ ایسا کردار نبھائیں گے، جو ناظرین کو حیران کر دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ’’پی کے‘‘ اور ’’دنگل‘‘ جیسی آل ٹائم بلاک بسٹر فلمیں دینے والے مسٹر پرفیکٹ دیوالی پر ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘ میں انوکھے روپ میں دکھائی دیں گے، جس کے حوالے سے وہ خاصے پرتجسس ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق عامر خان فلم میں ایک بے اصول، بے ایمان شخص کا کردار نبھا رہے ہیں، جو دولت اور کامیابی کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے۔ یہ ایک ایسا کردار ہے، جو مسٹر پرفیکٹ نے پہلے کبھی نہیں نبھایا۔

    یاد رہے کہ اس میگا بجٹ فلم میں بگ بی امیتابھ بچپن بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ وہ بھی انوکھے انداز میں جلوہ گر ہوں گے، فلمی مداح ان دو عظیم اداکاروں کو ایک ساتھ ایک فریم میں دیکھنے کے لیے بے چین ہیں، فلم کا شدت سے انتظار ہورہا ہے۔

    عامر خان نے اپنے حالیہ بیان میں یہ بھی کہا کہ اس فلم میں کوئی پیغام یا سبق نہیں، یہ ایک بھرپور کمرشل فلم ہے، جس کا مقصد عوام کو عمدہ تفریح فراہم کرنا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ناظرین اپنی فیملی کے ساتھ آئیں اور یہ فلم دیکھیں۔

    توقع کی جارہی ہے کہ فلم ایکشن اور مار دھاڑ سے بھرپور ہوگی، فلمی پنڈتوں کے مطابق مسٹر پرفیکٹ کی یہ فلم ان کی سابق فلموں کو چیلنج کر سکتی ہے، یاد رہے کہ عامر خان کی دنگل بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے۔

    فلم کے ہدایت کار وجے اچاریہ ہیں، جو ماضی میں ’’دھوم تھری‘‘ جیسی سپرہٹ فلم بنا چکے ہیں، فلم میں قطرینا کیف اور دنگل گرل فاطمہ ثنا شیخ بھی جلوہ گر ہوں گی۔


    ٹھگ آف ہندوستان: عامر خان کی پہلی جھلک، تصاویر وائرل 

  • بھارتی حکومت کے تعصب کے شکار کینیڈین وزیراعظم کی خانز سے خصوصی ملاقات، تصاویر وائرل

    بھارتی حکومت کے تعصب کے شکار کینیڈین وزیراعظم کی خانز سے خصوصی ملاقات، تصاویر وائرل

    ممبئی: بھارتی دورے پر آئے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو معتصب بھارتی حکومت مسلسل نظراندازہ کر رہی ہے، البتہ انھیں کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے خانز کی خصوصی توجہ میسر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں کینیڈا کے ہر دل عزیز اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کوشاں نوجوان وزیراعظم کی تصاویر وائرل ہوگئیں، جن میں وہ مسٹرپرفیکٹ عامر خان اور کنگ خان شاہ رخ خان کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔

    ملاقاتوں میں جسٹن ٹروڈو کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔ کینیڈین وزیر اعظم نے شیروانی پہن رکھی تھی۔ ان کی بیگم نے ساڑھی، جب کہ بچوں نے بھی مشرقی لباس زیب تن کر رکھے تھے۔ ان رنگا رنگ تصاویر میں جسٹن ٹروڈو بولی وڈ کی معروف ہستیوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں نظر آرہے ہیں۔

    تقریب کے بعد جسٹن ٹروڈو نے کنگ خان کے ساتھ اپنی تصویر ٹویٹ کی، جس میں انھوں نے کہا کہ ’آج ہم نے کینیڈین فلم انڈسٹری اور بولی وڈ کے درمیان نئے اور مضبوط رشتے کا جشن منایا اور اس کام کے لیے شاہ رخ سے بہتر بھلا کون ہوسکتا ہے، آپ سے ملنا شان دار رہا۔‘

    تقریب میں انھوں نے کنگ خان اور مسٹر پرفیکٹ کے علاوہ فرحان اختر، مادھون اور انوپم کھیر سے بھی ملاقات کی، جن کی تصویروں پر میڈیا پر زبردست ردعمل آیا۔

    کینیڈین وزیر اعظم کو بھارتی سپراسٹارز اور عوام کی جانب سے ملنے والے پذیرائی ان معنوں‌ میں‌ اہم ہے کہ انھیں‌ انتہاپسندی کی شکار بھارتی حکومت کی جانب سے مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے.

    یاد رہے کہ وزیراعظم جسٹس ٹروڈو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ 7 روزہ سرکاری دورے پر پیر کے روز بھارت پہنچے تو مودی حکومت نے ان کے دورے کو کوئی اہمیت نہیں دی، جس کا سبب ان کی مسلمان، سکھ اور دیگر اقلیتوں کے لیے ہمدردیاں اور پالیسیاں‌ ہیں، البتہ بولی وڈ خانز نے حکومت کی انتہاپسندانہ سوچ کو رد کرتے ہوئے ہر دل عزیز کینیڈین وزیر اعظم سے خصوصی ملاقاتیں کیں.

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں بھارت پہنچنے والے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا نہ صرف پرتپاک استقبال کیا گیا تھا، بلکہ بھارتی وزیر اعظم ہر جگہ اُن کے ساتھ ساتھ نظر آئے. بگ بی سمیت کئی اداکاروں کی ان سے ملاقات کا اہتمام کیا گیا، جن کے ساتھ لی جانے والی بگ بی کی سیلفی پر خاصی تنقید کی گئی.

    یاد رہے کہ خانز نے اسرائیلی وزیراعظم کے لیے منعقد تقریب میں شرکت سے اجتناب برتا تھا.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • امیتابھ بچن نے دپیکا پڈون کو اپنی ’’ سی وی ‘‘ پیش کردی

    امیتابھ بچن نے دپیکا پڈون کو اپنی ’’ سی وی ‘‘ پیش کردی

    ممبئی : بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ امیتابھ بچن نے خوبصورت و دراز قد حسینہ دپیکا پڈون کو ملازمت کے لیے اپنی ’’ سی وی ‘‘ پیش کردی ہے۔

    گزشتہ پانچ دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری میں راج کرنے والے امیتابھ بچن کی فن اداکاری نے فلم بینوں کے دلوں وہ انمٹ مہر ثبت کی ہے کہ جس کے بعد کوئی اور اداکار اس کی جگہ نہیں لے پایا ہے، وہ اپنی بزلہ سنجی کی وجہ سے ہر دلعزیز شخصیت بھی ہے جس کا عملی مظاہرہ انہوں نے اپنی حالیہ ٹویٹ میں بھی کیا جس کا زکر آگے آ رہا ہے۔

    بہتر سالہ امیتابھ بچن آج بھی شوخ اور شرارت سے بھرپور شخصیت کے مالک ہے جو حس مزاح کے کسی بھی موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دیتے یہی وجہ ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سایٹس پر اُن کے چاہنے والوں کی تعداد کسی بھی بین الااقوامی شخصیت کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے جب کہ مائکرو بلاگنگ کی ویب سایٹ ٹویٹر پر متحرک امیتابھ بچن کے فالورز کی تعداد 33.1 ملین تک جا پہنچی ہے۔

    اپنی ایک حالیہ ٹویٹ میں امیتابھ بچن نے شوبز سے متعلق خبر کے ایک ٹکڑے کی تصویر شیئر کی جس میں کہا گیا تھا کہ عامر خان اور شاہد کپور کے مقابلے میں دپیکا پدون دراز قد اداکارہ ہے جس کے باعث ہدایت کاروں کو سین کی فلم بندی میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے اور دپیکا کے قد کے برابر کے ہیروز نہ ہونے کے برابر ہیں اس لیے دپیکا کے مدمقابل ہیرو منتخب کرنا جان جوکھوں کا کام ہے۔

    اس تصویر پر امیتابھ بچن نے اپنی ’’ سی وی ‘‘ بنا کر پیش کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ 76 سالہ امیتابھ بچن اپنے 49 سالہ فلمی کیریر میں 200 سے زائد فلموں میں کام کرچکے ہیں جب کہ اُن کا قد بھی 6 فٹ 2 انچ ہے چنانچہ دپیکا کے مد مقابل کبھی قد کا ایشو نہیں رہے گا۔

    امیتابھ بچن کے مداح اور ٹویٹر صارفین اس مزاحیہ پوسٹ سے انتہائی محظوظ ہوئے اور 57 ہزار لوگوں نے اس ٹویٹ کو پسند کیا جب کہ تین ہزار لوگوں نے دلچسپ تبصرے کیے جب دس ہزار لوگوں نے اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا اور لوگوں نے رومانٹک ہیرو کی حس مزاح کو سراہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • الیکشن کمیشن کا انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا موقف جانب دارانہ ہے: عامر خان

    الیکشن کمیشن کا انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا موقف جانب دارانہ ہے: عامر خان

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما عامر خان کی جانب سے الیکشن کمیشن کے موقف پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے نئے کنوینر کے لیے انٹرا پارٹی الیکشن کی شرط پر تنقید کرتے ہوئے عامر خان نے کہا ہے کہ یہ موقف کسی طور درست نہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ایک سیاسی جماعت ہے، ہم اپنے پارٹی آئین کے مطابق فیصلہ کریں‌ گے. یہ ٹانگہ پارٹی نہیں ہے، کسی اور جماعت کے آئین پر عمل نہیں کریں گے.

    عامر خان نے الیکشن کمیشن کا پہلےانٹراپارٹی الیکشن کرانے کے موقف پر کہا ہے کہ جب عشرت العباد کو ہٹا کر عمران فاروق کو کنونیر بنایا، ب پارٹی الیکشن نہیں ہوتے تھے، اسی طرح جب ندیم نصرت کو کنونیر بنایا گیا تب بھی انٹرا پارٹی الیکشن نہیں ہوئے.

    یہ مائنس ون کے بعد اب مائنس ٹو کر رہے ہیں، فاروق ستار

    انھوں نے مثال دی کہ جب 22 اگست کے بعد ایم کیو ایم نے بانی قائد سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور فاروق ستار ندیم نصرت کو ہٹا کر کنونیر بنے، تب بھی انٹرا پارٹی الیکشن نہیں ہوئے تھے۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے اس موقف سے جانب داری کا تاثر ابھر رہا، ایم کیو ایم ایک سیاسی جماعت ہے، جو اپنے آئین کے مطابق فیصلے کرے گی۔

    فاروق ستارکے اختیارات دراصل کامران ٹیسوری کے ہاتھ میں تھے: خالد مقبول صدیقی

    واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقیسم پر پارٹی دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی تھی، رابطہ کمیٹی کی جانب سے فاروق ستار کو عہدے سے سبکدوش کرکے خالد مقبول صدیقی کو نیا کنوینر مقرر کیا اور پارٹی ان کے نام رجسٹرڈ کرانے کی قرارداد الیکشن کمیشن میں جمع کردا دی تھی۔

    دوسری جانب فاروق ستار نے ان اقدامات اور اجلاسوں کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے رابطہ کمیٹی کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دونوں ترجمان الیکشن کمیشن کا موقف سامنے آیا تھا کہ عہدوں کی تبدیلی کے لیے ایم کیو ایم کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانا ہونگے اس کے بعد ہی الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ساری زندگی کنوینرنہیں بنوں گا: عامرخان آبدیدہ ہوگئے

    ساری زندگی کنوینرنہیں بنوں گا: عامرخان آبدیدہ ہوگئے

    کراچی:‌ایم کیو ایم کے سینئر رہنما عامر خان سلمان مجاہد کی جانب سے سازش کے الزامات پرآبدیدہ ہوگئے اور ساری زندگی کنوینرنہ بننے کا اعلان کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سیاست میں لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورت حال میں ایک اور ڈرامائی موڑ آ گیا ہے، کچھ دیر قبل پاک سر زمین پارٹی سے وابستہ سلمان بلوچ نے پی آئی بی پہنچ کر فاروق ستار کی حمایت کرتے ہوئے عامر خان پر سازشیں کرنے کا الزام عائد کیا تھا.

    سلمان بلوچ کی تقریر کے فوری بعد رابطہ کمیٹی نے بہادر آباد میں‌ پریس کانفرنس کی، جہاں‌ کئی جذباتی مناظر دیکھنے میں‌ آئے. عامر خان نے کہا کہ انھوں‌ نے کبھی سربراہی کی خواہش نہیں‌ کی، بےہودہ الزامات لگائے گئے، مگر میں کسی بات کا جواب نہیں دوں‌ گا.

    انھوں نے کہا کہ کراچی کی سیاسی جنگ نے میرے بیٹے کو قتل کیا، جس کے چند ماہ بعد میں‌ نے پانچ ہزارلوگوں کے سامنے شہدا کے ورثا سے معافی مانگی تھی، کارکن ہونا میرا لیے اعزاز ہے، فیصلہ کیا ہے، ساری زندگی کنوینرنہیں بنوں گا۔

    قاتل کے ساتھ نہیں فاروق ستار کے ساتھ ہوں، سلمان مجاہد کی دوبارہ شمولیت

    اس موقع ایک اور اہم پیش رفت ہوئی، جب کنورنوید جمیل نے الیکشن کمیشن کو لکھے خط کو واپس لینے کا اعلان کر دیا.

    ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کو الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط پراعتراض تھا، فاروق ستار نے کہا ہے کہ پہلے آپ یہ لیٹرواپس لیں، پھر بہادر آباد آئوں گا، تو ہم خط واپس لیتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سب بزرگ ساتھی فاروق ستار کا پیغام لائے ہیں، سب ڈپٹی کنوینرز پی آئی بی جارہے ہیں، پارٹی کو تقسیم اوردراڑسے بچانے کے لئےانتہائی اقدام تک جائیں گے.

    پریس کانفرنس میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پی آئی بی جا کرایم کیوایم کے کنوینر فاروق ستارسے ملاقات کریں گے، فاروق ستار کو منائیں گے، امید ہے کہ اللہ ہماری کوشش کامیاب کرے.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • اشتعال انگیزتقریر اور میڈیا ہاوس پر حملہ کیس، فاروق ستار اور عامر خان  مجرم قرار

    اشتعال انگیزتقریر اور میڈیا ہاوس پر حملہ کیس، فاروق ستار اور عامر خان مجرم قرار

    کراچی : اشتعال انگیزتقریر اورمیڈیا ہاوس پر حملہ کیس میں پولیس نے ضمنی چالان میں فاروق ستاراور عامرخان کوقصوروار قراردیدیا پولیس نے چالان میں فاروق ستار اورعامر خان کا بانی ایم کیوایم کی تقریر سے لاتعلقی کا بیان بھی جھوٹا قراردیدیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور عامر خان کی مشکلات میں اور اضافہ ہوگیا ، پولیس نےضمنی چالان عدالت میں پیش کردیا ، جس مین کہا گیا ہے کہ فاروق ستار اور عامرخان بائیس اگست کی ہنگامہ آرائی اورمیڈیا ؤسز پر حملے میں ملوث ہیں۔

    پولیس نے ضمنی چالان میں فاروق ستار اور عامر خان کو مجرم قرار دے دیا، پولیس کے مطابق فاروق ستار اور عامر خان کا الطاف حسین کی تقریر سے لاتعلقی کا بیان جھوٹا ہے ، عامر خان نے الطاف حسین کی ملک مخالف تقریر کی مکمل تائید کی۔

    ویڈیو شواہد کے مطابق عامر خان نے کہا الطاف حسین کے حکم پر مکمل عمل درآمد ہوگا۔

    چالان کے متن کے مطابق عامر خان نے کہا اب ہمارا پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کا دل نہیں چاہتا ، تقریر کے فوری بعد فاروق ستار اور دیگر رہنما تالیاں بجاتے رہے، دونوں رہنماؤں پر الزامات ثابت ہوتے ہیں۔

    ولیس نےفاروق ستاراورعامرخان کوبائیس اگست کی ہنگامہ آرائی میں ملوث قراردیتے ہوئے کہا اگر فاروق ستار اور عامر خان کارکنوں کو اشتعال نہ دلاتے تو میڈیا ہاوس پر حملہ بھی نہ ہوتا ، اگر غیر قانون حکم کی تائید نہ ہوتی تو ہنگامہ آرائی اور ایک شخص کا قتل بھی نہ ہوتا ،فاروق ستار اور عامر خان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔


    مزید پڑھیں : بائیس اگست کی تقریر کیس، فاروق ستار اور عامر خان سے دوبارہ تفتیش کرنے کا فیصلہ


    پولیس نے چالان میں دونوں رہنما ؤں پر دانستہ روپوش رہنے کا الزام بھی عائد کیا۔

    دوسری جابط انسداددہشت گردی عدالت میں ایم کیوایم بانی کی اشتعال انگیز تقریر کے 28مقدمات کی سماعت ہوئی، ایم کیوایم رہنما خواجہ اظہار،روف صدیقی،عامر خان اور دیگر پیش ہوئے، فاضل جج کی رخصت کے باعث سماعت 20جنوری تک ملتوی کردی۔

    متحدہ بانی سمیت دیگر مفرور ملزموں کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہے، متحدہ رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف ملک سے بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں۔

    یاد رہے کہ 23 اگست کو قائد متحدہ کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کردیا تھا۔

    مظاہرین نے دفتر میں شدید توڑ پھوڑ کی، سیکیورٹی عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ خواتین سمیت دفتر میں موجود ملازمین کو ہراساں کیا گیا، واقعے کے بعد ایم کیو ایم رہنماؤں نے اپنے قائد کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ دو دھڑوں، ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن میں تقسیم ہوگئی۔

    حملے میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ حملہ آوروں میں شامل خواتین کو بھی گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہائی ملی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔