Tag: عامر خان

  • عامر خان بیٹی کی شادی پر سابق اہلیہ رینا کے ساتھ محو رقص!

    عامر خان بیٹی کی شادی پر سابق اہلیہ رینا کے ساتھ محو رقص!

    بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان اپنی بیٹی کی شادی پر سابق اہلیہ رینا دتہ کے ساتھ رقص کرتے نظر آئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    مسٹر پرفیکشنسٹ کی صاحبزادی ایرا خان جب سے شادی کے بندھن میں بندھی ہیں ان کی بارات کے حوالے سے متعدد خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہی ہیں۔ گلوکار آشو شرما کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں عامر خان اپنی پہلی سابق اہلیہ رینا دتہ کے ساتھ محو رقص نظر آرہے ہیں۔

    شیئر کی گئی ویڈو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوک گائیک آشو ایرا خان کی بارات میں گانا گاتے نظر آرہے ہیں۔ اس میں عامر خان بھی سیاہ ٹی شرٹ پہنے نظر آتے ہیں۔

    اس دوران اداکار عامر خان کو اپنی سابق بیویوں کے ساتھ رقص کرتے دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ اداکار تقریب میں سب سے پُرتپاک اندازمیں بھی ملتے نظر آرہے ہیں۔

    بالی وڈ اداکار اپنے بیٹے جنید خان کو ساتھ ڈانس میں شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن جنید وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

    تقریب کے دوران عامر خان کی سابق بیوی آزاد راؤ کو بھی اپنے والدین کے ساتھ رقص کرتے دیکھا گیا، مداح اس ویڈیو پر مختلف تبصرے کرتے ہوئے عامر خان کو مبارکباد دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بالی وڈ کے سُپر اسٹار عامر خان کی بیٹی ایرا خان اور نوپور شیکھرے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جس کی تصاویر اور ویڈیوز منظر عام پر آئی تھیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کی مختصر تقریب ممبئی کے علاقے باندرہ کے تاج لینڈز اینڈ میں منعقد کی گئی تھی، شادی رجسٹرڈ کروانے کے موقع پر جوڑے کے والدین، قریبی رشتے دار اور چند دوست شریک تھے۔

    آئرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تقریب 8 جنوری کو ادے پور میں منعقد کی جائے گی جس میں مہمانوں کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔

  • زندگی کے مشکل دور میں عامر خان نے میری مدد کی، سائرہ بانو

    زندگی کے مشکل دور میں عامر خان نے میری مدد کی، سائرہ بانو

    نئے سال کی آمد پر ماضی کی نامور اداکارہ اور لیجنڈ دلیپ کمار کی بیوہ سائرہ بانو سے ملنے بالی وڈ سپراسٹار عامر خان ان کے گھر پہنچ گئے۔

    اس موقع پر عامر خان کے ہمراہ ان کی ماں زینت حسین اور سابق بیوی کرن راؤ بھی موجود تھیں۔ سائرہ بانو نے مسٹر پرفیکشنسٹ اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

    سائرہ بانو نے عامر خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’عامر کافی مشکل وقتوں میں بھی میرے ساتھ رہے ہیں۔ جب میں دلیپ صاحب کی سوانح عمری ’دی سبسٹنس اینڈ دی شیڈو‘ کے لیے مواد اکٹھا کر رہی تھی، عامر نے میری کافی مدد کی۔

    سائرہ نے عامر اور اپنے آنجہانی شوہر اداکار دلیپ کمار کے درمیان تعلقات کے بارے میں بھی بات کی۔ سائرہ نے بتایا کہ دلیپ کمار عامر کی حقیقت سے قریب اداکاری کو پسند کرتے تھے۔

    سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سائرہ صوفے پر بیٹھی ہیں جبکہ عامر ان کے قریب نیچے قالین پر بیٹھے ہیں۔

    کرن راؤ قریب ہی صوفے پر بیٹھی نظر آرہی ہیں جبکہ عامر کی والدہ بھی سائرہ کے پاس بیٹھی ہیں اور وہ کسی بات پر ہنس رہے ہیں۔ تصاویر میں ان کی بہن نگہت خان بھی نظر آرہی ہیں۔

    زیادہ تر تصاویر میں عامر خان سائرہ کے گھٹنوں پر ہاتھ رکھے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ سائرہ نے تصاویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’کیلنڈر کے ہر موڑ کے ساتھ، زندگی کھلتی اور بدلتی رہتی ہے۔ جیسے جیسے وقت آگے بڑھتا ہے، ہمارے وجود میں نئی زندگی سانس لیتی نظر آتی ہے‘۔

  • عامر خان کی بیٹی آئرا خان کی شادی کا جشن، والدہ بھی پہنچ گئیں (ویڈیو)

    عامر خان کی بیٹی آئرا خان کی شادی کا جشن، والدہ بھی پہنچ گئیں (ویڈیو)

    بالی ووڈ کے سُپر اسٹار عامر خان کی بیٹی آئرا خان کی شادی کا جشن شروع ہو گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رینا دتہ (سابقہ بیوی) اور عامر خان کی بیٹی آئرا خان 3 جنوری کو نپور شیکھرے کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں، آج ہلدی کی تقریب کے ساتھ شادی سے پہلے کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔

    آئرا کی شادی کے جشن کے لیے عامر خان کا گھر برقی قمقموں سے روشن ہو گیا ہے، کرن راؤ اور رینا دتہ نواری میں آئرا خان نپور شیکھرے کی ہلدی کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچ گئی ہیں۔

    باندرہ میں عامر خان کی رہائش گاہ اس وقت جوش و خروش سے بھرا ہوا ہے، جہاں سارا خاندان شادی کی تیاریوں میں لگا ہوا ہے، اور گھر روشنیوں میں نہا رہا ہے۔

    اس جوڑے کی شادی 3 جنوری کو باندرہ کے عالیشان ہوٹل میں ہوگی، جوڑے کی دو استقبالیہ پارٹیز منعقد ہوں گی، ایک دہلی میں اور دوسری جے پور میں ہوگی۔

    27 سالہ دلہن آئرا کی شادی کا آغاز گزشتہ ماہ ہواتھا، جب آئرا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنے منگیتر نپور شیکھرے کے ہمراہ چند تصاویر پوسٹ کیں، جو کہ اُن کی شادی کے آغاز کی رسم ’کیلوان‘ کے دوران لی گئی تھیں۔

  • عامر خان کلاسیکی موسیقی سیکھنے میں مصروف، روزانہ ریاض کرنے لگے

    عامر خان کلاسیکی موسیقی سیکھنے میں مصروف، روزانہ ریاض کرنے لگے

    عامر خان ویسے تو بلا کے اداکار ہیں ہی مگر اب وہ گلوکاری میں بھی مہارت حاصل کرنے کے لیے باقاعدہ اس کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

    بالی وڈ پر تین دہائیوں سے راج کرنے والے عامر خان ان دنوں کلاسیکی موسیقی سیکھنے میں مصروف ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسٹر پرفیکشنسٹ کی عرفیت سے مشہور اداکار روزانہ کی بنیاد پر موسیقی کی ایک گھنٹے مشق کررہے ہیں۔

    اس سے قبل عامر خان مراٹھی زبان بھی سیکھ چکے ہیں جبکہ مراٹھی اسپیکنگ میڈیا اور فوٹوگرافرز سے وہ مراٹھی میں بھی بات کرتے نظر آئے ہیں۔

    ذرائع نے انکشاف کیا کہ کلاسیکل موسیقی میں مہارت حاصل کرنے کے لیے عامر خان نے موسیقی کے استاد کی خدمات بھی حاصل کر رکھی ہیں اور وہ روزانہ ریاض بھی کرتے ہیں۔

    عامر خان ہمیشہ ہی کچھ نہ کچھ سیکھنے کی جستجو میں رہتے ہیں وہ کئی برسوں سے متعدد مشغلے اپنا چکے ہیں اور وہ اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔

    جنوری کی تین تاریخ کو عامر خان کی بیٹی ایرا کی شادی ہے، عامر خان اس سلسلے میں بھی مصروف ہیں۔ اداکار حال ہی میں اپنی بیمار ماں کی دیکھ بھال کے لیے چنئی بھی گئے تھے۔

  • سال 2023 بالی وڈ خانز کے لیے کیسا رہا

    سال 2023 بالی وڈ خانز کے لیے کیسا رہا

    اگر سال 2023 کو شاہ رخ خان کا سال کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا، اس سال انھوں نے بالی وڈ پر پھر سے اپنی بادشاہت کا سکہ جمایا۔ کنگ خان نے لگاتار تین بلاک بسٹر فلمیں دے کر شائقین اور ناقدین دونوں کو ہی مسحور کیا۔

    تاہم اگر دیگر دو خانز یعنی سلمان اور عامر کی بات کی جائے تو ان کے لیے یہ سال بالکل بھی خاص نہیں رہا بلکہ دبنگ خان کے لیے تو یہ عرصہ ناکامیوں سے پُر رہا۔ ماس سینما کے شائقین سلمان کو بہت پسند کرتے ہیں، ان کے ایکشن سے بھرپور سینز دیکھنے کے لیے ایک مووی کو سینما میں جا کر دو تین بار بھی دیکھ آتے ہیں۔ تاہم سلو میاں شاید اپنے کیریئر میں اس سال کو یاد کرنا پسند نہیں کریں گے۔

    آئیے نظر ڈالتے ہیں اس سال بالی وڈ پر برسوں سے راج کرنے والے تین خانز کی کارکردگی پر کہ انھوں نے اپنی فلمی کیریئر میں امسال کیا کھویا اور کیا پایا۔

    سب سے پہلے شاہ رخ خان کی فلموں پر نظر ڈالتے ہیں کیوں کہ یہ سال ان کی کامیابیوں سے عبارت رہا۔ اس سال وہ چھائے رہے اور ہندی سینما کی تاریخ میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بھی شاہ رخ کے نام ہوگئی۔

    شاہ رخ خان
    پٹھان: جنوری کی 15 کو ریلیز ہونے والی فلم پٹھان اس سال شاہ رخ خان کی پہلی مووی تھی۔ اس فلم سے کنگ خان نے چار سال کے طویل عرصے کے بعد بالی وڈ میں واپسی کی تھی۔ ان کی یہ واپسی شاندار رہی اور پٹھان نے باکس آفس پر دھوم مچا دی۔

    پہلے چار دنوں میں ہی دنیا بھر میں پٹھان نے 400 کروڑ کا بزنس کرتے ہوئے کئی ریکارڈ پاش پاش کرڈالے۔ باکس آفس پر اپنی ریلیز کے پہلے دن سے ہی فلم پٹھان نے ناظرین کا دل جیت لیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم پٹھان نے محض دو روز کے اندر ہی کے جی ایف ٹو جیسی فلم کو شکست دے دی تھی، کے جی ایف ٹو کے ہندی ورژن نے دوسرے دن 47 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا مگر پٹھان نے تو ڈبل سینچری بناڈالی۔

    اس فلم نے مقبوضہ کشمیر میں بھی خوب پزیرائی حاصل کی ہے، جس کے باعث 32 سال بعد وادی میں سینما گھروں میں ہاؤس فل کا بورڈ بھی لگا۔ پٹھان نے بھارت میں 543 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ دنیا بھر میں اس کی کمائی 1050 کروڑ رہی۔

    جوان: اس کے بعد 7 ستمبر کو شاہ رخ خان کی فلم جوان ریلیز ہوئی اور اس نے ہندی سینما کی تاریخ بدل ڈالی۔ سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم ’جوان‘ نے سال 2023 میں باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

    انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ’جوان‘ نے دنیا بھر میں 1100 کروڑ روپے کا بزنس کیا جبکہ یہ بھارت میں رواں سال کی سب سے زیادہ پسند کی جانی والی فلم بھی رہی۔

    فلم نے صرف بھارت میں 640 کروڑ کی کمائی کرتے ہوئے ایسا ریکارڈ قائم کیا جو کہ اب تک کوئی ہندی فلم نہیں بناسکی۔ یہ تاریخ کی پہلی ہندی فلم بھی بنی جس نے بھارت میں 600 کروڑ روپے کمائے۔ شاہ رخ نے اس فلم میں ڈبل رول ادا کیا تھا جبکہ ان کے مختلف روپ کو بھی شائقین نے کافی پسند کیا۔

    دلچسپ بات یہ ہے ہک فلموں کے حوالے سے مشہور صفِ اول کی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی نے ’جوان‘ کے ڈائریکٹر ایٹلی کو ایوارڈ سے نوازا اور اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ان کی تصویر بھی شیئر کی۔

    شاہ رخ خان کی ’جوان‘ کے لیے مداحوں نے جس طرح بیتابی اور دلچسپی ظاہر کی وہ اس سے پہلے کسی فلم کے لیے دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔

    ڈنکی: سال کے آخر میں 21 دسمبر کو شاہ رخ کی فلم ڈنکی ریلیز ہوئی جس کی ہدایت کاری کے فرائض معروف ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے انجام دیے ہیں۔ یہ پہلی بار ہے کہ شائقین کو کسی فلم کے لیے کنگ خان اور ہیرانی کا امتزاج دیکھنے کو ملا ہے۔

    ڈنکی نے پہلے دن بھارتی باکس آفس پر 29 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ فلم نے چھ دنوں میں تقریباً 140 کروڑ روپے چھاپ لیے ہیں۔ دنیا بھر میں فلم کی کمائی 250 کروڑ کے ہندسے کو عبور کرچکی ہے۔ گو کہ شاہ رخ کے حساب سے اس فلم کی کمائی کم تصور کی جارہی ہے مگر 120 کروڑ کے کم بجٹ سے بنائی گئی فلم نے محض چھ دنوں میں دنیا بھر سے اپنے بجٹ سے دگنی کمائی کرلی ہے۔ یہ چیز فلم کے سپر ہٹ ہو نے کے کافی خیال کی جاسکتی ہے۔

    فلم ماہرین کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کی ڈنکی اس سال کے آخر تک بھارت میں تقریباً 200 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ عالمی باکس آفس پر اس کی کمائی 31 دسمبر تک 350 کروڑ کے آس پاس ہوگی۔

    سلمان خان
    بالی وڈ کے اکلوتے کنوارے ہیرو سلمان خان جن کا نام پچھلے سال تک کسی بھی فلم کی کامیابی کی ضمانت کے لیے کافی خیال کیا جاتا تھا یہ سال ان کے لیے بالکل بھی خاص نہیں رہا۔ اگر اسے سلمان خان کی ناکامی کے سال سے تشبیح دی جائے تو کچھ اتنا غلط بھی نہیں ہوگا۔

    کسی کا بھائی کسی کی جان: عید کے موقع پر 21 اپریل کو سلمان خان کی فلم کسی کا بھائی کسی کی جان ریلیز ہوئی جس میں ان کے مقابل ساؤتھ کی اداکارہ پوجا ہیج نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ تاہم یہ فلم اپنی لاگت کو بھی پورا نہ کرسکی اور اس نے بھارتی باکس آفس پر صرف 110 کروڑ روپے کمائے۔

    فلم کی ناکامی کی ایک وجہ اس میں ضرورت سے زیادہ اداکاروں کی بھرمار تھی۔ فلم میں جگاپتھی بابو، راگھو جوئیل اور شہناز گل نے بھی اداکار کے جوہر دکھائے تھے تاہم وہ اپنی پرفارمنس کے ذریعے ناظرین کی توجہ مبذول کرانے میں ناکام رہے۔

    ٹائیگر 3: اس کے بعد 12 نومبر کو دبنگ خان کی فلم ’ٹائیگر تھری‘ ٹھیٹرز کی زینت بنی۔ اس فلم کا ٹریلر دیکھنے کے بعد فلمی نقادوں اور مداحوں کو بڑی توقع تھی کہ یہ شاہ رخ خان کی جوان کا ریکارڈ بھی توڑ سکتی ہے مگر ایسا نہ ہوسکا۔

    سلمان خان جن کے مداح پورے بھارت میں موجود ہیں یہاں تک کہ انھیں جنوبی بھارت میں بھی کافی پسند کیا جاتا ہے۔ تاہم ٹائیگر تھیر سلمان کے اسٹارڈم کے حساب سے جادو جگانے میں ناکام رہی اور بھارت بھر میں یہ فلم محض 282 کروڑ ہی کما سکی جبکہ عالمی باکس آفس پر فلم نے 466 کروڑ روپے کمائے۔

    گو کہ فلم نے اپنے بجٹ سے زیادہ رقم تو کمالی مگر سلمان خان، کترینہ کیف اس فلم کے لیے اپن چھاپ نہ چھوڑ سکے۔ فلم میں بطور ولن انٹری دینے والے عمران ہاشمی کی پرفارمنس کو شروع میں تو سراہا گیا مگر ان کا رنگ بھی جلد پھیکا پڑنے لگا اور فلم مقامی باکس آفس پر 300 کروڑ روپے کا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکی۔

    سلمان خان کو اس سال جو تھوڑی سی کامیابی ملی وہ 15 جنوری کو شاہ رخ خان کی ریلیز ہونے والی فلم جوان کی صوت میں تھی۔ مذکورہ فلم میں کنگ خان اور سلمان خان کے کیمیو کو شائقین نے کافی پسند کیا۔ فلم میں سلمان خان کی انٹری میں کافی تالیاں بھی بجیں اور ان کے مداحوں نے تو یہ تک کہا کہ فلم نے اچھی خاص کمائی سلمان کی وجہ سے بھی کی ہے۔

    عامر خان
    عامر خان کے لیے یہ سال بنا کسی فلم کی ریلیز کے گزر گیا۔ مسٹر پرفیکشنسٹ 2023 میں سینما تھیٹرز سے دور رہے۔ اداکار نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی فیملی کو وقت دینے کے لیے فلموں سے وقفہ لے رہے ہیں۔

    بالی وڈ اداکار کی آخری فلم ’لال سنگھ چھڈھا‘ تھی جو 2022 میں سینماؤں میں ریلیز ہوئی تھی تاہم یہ فلاپ ثابت ہوئی۔ فلم میں امیتابھ بچن اور کترینہ کیف کی موجودگی بھی اسے ناکامی سے نہ بچاسکی۔

    عامر خان کے ساتھ اس سال یہ ضرور ہوا کہ وہ چنئی میں طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال کے دوران وہاں پھنس گئے، جہاں سے امدادی کارکنوں نے انھیں ریسکیو کیا۔ بھارتی اداکار وشنو وشال نے سوشل میڈیا پر تصوریر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں اور عامر خان کو چنئی سے امدادی کارکنوں نے ریسکیو کیا۔

    اس سال عامر خان نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ اور ان کی بیٹی ڈپریشن کا شکار تھے۔ انھوں نے ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے موقع پر بیٹی ایرا خان کے ہمراہ ’تھراپی کے فوائد‘ سے متعلق ویڈیو بھی جاری کی۔

    عامر اور ایرا نے زور دیا کہ وہ ضرورت پڑنے پر ڈپریشن کا علاج کروائیں۔ دونوں نے انکشاف کیا کہ وہ کئی سالوں سے تھراپی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ہمیں کبھی اپنی ذہنی یا جذباتی صحت کے لیے مدد کی ضرورت ہو تو ہمیں ہچکچاہٹ کے بغیر پیشہ ور افراد کے پاس جانا چاہیے۔

    اس سال بالی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر نے ’لاہور 1947‘ کے نام سے فلم بنانے کا اعلان بھی کیا۔ مذکورہ فلم عامر خان پروڈکشن کے تحت بنائی جائے گی جس کے ہدایت کار راج کمار سنتوشی جبکہ پروڈیوسر خود عامر خان ہوں گے۔ فلم میں مرکزی کردار کیلیے سنی دیول کو چنا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اب عامر خان کی فلموں میں واپسی 2024 میں کرسمس کے موقع پر ہوگی۔ فلم کا نام اب تک سامنے نہیں آیا مگر اس پر کام کا آغاز 20 جنوری سے ہوگا۔ یعنی کے آئندہ سال پھر سے شائقین عامر خان کو بڑی اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔

  • چنئی: طوفانی بارش کے دوران پھنسے عامر خان کو ریسکیو ورکرز نے بچالیا

    چنئی: طوفانی بارش کے دوران پھنسے عامر خان کو ریسکیو ورکرز نے بچالیا

    چنئی میں میں طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال کے دوران بالی وڈ اداکار عامر خان بھی وہاں پھنس گئے، امدادی کارکنوں نے انھیں ریسکیو کیا۔

    بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی میں ان دنوں طوفانی بارشیں ہورہی ہیں اور ہوائوں کے جھکڑ چل رہے ہیں جس کے باعث وہاں ایمرجنسی کی صورتحال ہے۔ بھارتی اداکار وشنو وشال نے سوشل میڈیا پر تصوریر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں اور عامر خان کو چنئی سے امدادی کارکنوں نے ریسکیو کیا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’ہم جیسے لوگ جو پھنسے ہوئے تھے ان کی مدد کرنے پر فائر اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ۔‘ ساتھ ہی انھوں نے معروف اداکار عامر خان کے ساتھ تصوری بھی پوسٹ کی۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ ’کراپکم میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ہم نے3 کشتیوں کو امدادی کاموں میں حصہ لیتے دیکھا ہے۔ اس آزمائشی وقت میں تامل ناڈو کی حکومت زبردست کام کررہی ہے۔ تمام انتھک محنت کرنے والوں کا شکریہ۔‘

    ان کی پوسٹ پر اسٹیٹ انڈسٹری منسٹر ڈاکٹر ٹی آر بھی راجہ نے کہا کہ آپ اپنے ساتھ کھڑے عامر خان کا شکریہ ادا کرنا بھی نہ بھولیں جو واقعی ایک عظیم انسان ہیں۔

    منسٹر نے لکھا کہ ’عامر خان نے ریسکیو ہونے کے لیے اپنی باری کا انتظار کیا۔ انھوں نے اپنا نام استعمال کرنے سے قطعی گریز کیا۔ ان میں بہت زیادہ انکساری ہے وہ بہترین انسان ہیں۔‘

  • بالی وڈ کے ’خانز‘ کو کس فلم کے لیے ایک ساتھ کاسٹ کیا جارہا تھا؟ کئی سالوں بعد اہم انکشاف

    بالی وڈ کے ’خانز‘ کو کس فلم کے لیے ایک ساتھ کاسٹ کیا جارہا تھا؟ کئی سالوں بعد اہم انکشاف

    بالی وڈ کے شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کو ایک ساتھ انوپم کھیر نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کے لیے رابطہ کیا تھا لیکن ایک شرط کے بنا پر تینوں نے کام کرنے سے انکار کردیا۔

    بالی وڈ کے 3 خانز کا ایک ساتھ فلم میں اداکاری کرنا بہت سے فلمسازوں کا خواب رہا ہے، جہاں ہم نے شاہ رخ خان اور سلمان خان کو کرن ارجن میں اداکاری کرتے ہوئے دیکھا ہے وہی عامر خان اور  سلمان خان فلم ’’انداز اپنا اپنا‘‘ میں نظر آئے، اس کے بعد ایک دوسرے کی فلموں میں ان کے کیمیوز بھی ہیں۔

     تاہم تینوں نے ابھی تک ایک ساتھ فلم میں کام نہیں کیا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ انوپم کھیر نے ان تینوں خانوں سے ایک بار اپنی فلم میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا؟

    بھارت کی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی وڈ کے شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کو انوپم کھیر نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم اوم جئے جگدیش کے لیے رابطہ کیا تھا، ہدایت کار چاہتے تھے کہ فلم میں 3 خان مرکزی کردار ادا کریں۔

    اس فلم اداکار و ہدایت کار انوپم کھیر نے سلمان، شاہ رخ اور عامر کے ساتھ، فلم میں مرکزی اداکارہ کا کردار ادا کرنے کے لیے رانی مکھرجی، پریتی زنٹا اور کاجول سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن تینوں خانز نے ایک فلم کے لیے ایک ساتھ آنے سے انکار کر دیا تھا۔

    بعد میں انوپم کھیر یش راج فلمز کے پاس گئے اور ان سے فلم کی حمایت کرنے کو کہا، لیکن پش راج نے ایک شرط رکھی اور کہا کہ اگر تینوں خان اوم جئے جگدیش کے لیے تین بھائیوں کا کردار ادا کرنے کے لیے اکٹھے ہونے پر راضی ہو جائیں تو وہ اس فلم میں خرچ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    تاہم تمام چھ اداکاروں نے تاریخ کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے پیشکش کو مسترد کر دیا، اس کے فوراً بعد جب انوپم کھیر نے بھی فلم نہ بنانے کا فیصلہ کیا لیکن بھارت پروڈیوسر واشو بھگنانی نے بغیر کسی شرط کے اوم جئے جگدیش بنانے کا فیصلہ کیا۔

    2002 میں ریلیز ہونے والی فلم اوم جئے جگدیش میں انیل کپور، ابھیشیک بچن، اور فردین خان کو مرکزی کرداروں میں دیکھا گیا جب کہ ماہیما چوہدری، ارمیلا ماتونڈکر، اور تارا شرما نے انوپم کھیر کی ہدایت کاری میں اہم کردار ادا کیا۔

    اگرچہ یہ فلم باکس آفس پر شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں ناکام رہا لیکن یہ فلم اب بھی بہت سے لوگوں کو یاد ہے۔

  • عامر خان اور ان کی بیٹی نے ڈپریشن سے کیسے نجات حاصل کی؟ باپ بیٹی نے ویڈیو میں بتا دیا

    عامر خان اور ان کی بیٹی نے ڈپریشن سے کیسے نجات حاصل کی؟ باپ بیٹی نے ویڈیو میں بتا دیا

    ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے موقع پر بالی وڈ کے اداکار عامر خان نے اپنی بیٹی ایرا خان کے ہمراہ ’تھراپی کے فوائد‘ سے متعلق ویڈیو جاری کی ہے۔

    عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے اپنے والد کے ہمارہ ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ناظرین پر زور دیا کہ وہ ضرورت پڑنے پر علاج کریں۔

    ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے موقع پر عامر اور ان کی بیٹی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ کئی سالوں سے تھراپی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میتھ سیکھنے کے لیے ہم اسکول ٹیچر کے پاس جاتے ہیں، اگر بال کٹوانے ہوں تو ہم سیلون جاتے ہیں جہاں پر ایک پروفیشنل انسان ہمارے بال کاٹتا ہے۔

    دوسری جانب ایرا خان نے کہا کہ اسی طرح اگر ہمیں کبھی اپنی ذہنی یا جذباتی صحت کے لیے مدد کی ضرورت ہو، تو ہمیں ہچکچاہٹ کے بغیر کسی ایسے شخص سے مدد لینی چاہیے جو تربیت یافتہ اور پیشہ ور ہو۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Ira Khan (@khan.ira)

    عامر خان نے مزید کہا کہ میری بیٹی ایرا اور میں برسوں سے تھراپی کے فوائد حاصل کر رہے ہیں،  اگر آپ کو بھی لگتا ہے کہ آپ ذہنی یا جذباتی مسائل سے گزر رہے ہیں، تو آپ تربیت یافتہ پیشہ ور کی مدد لے سکتے ہیں، اس میں کوئی شرم کی بات نہیں۔

    واضح رہے کہ ہزاروں لوگ جو دماغی امراض میں مبتلا ہوتے ہیں اپنے انسانی حقوق سے محروم ہوجاتے ہیں، ان افراد کو نہ صرف سماج میں تنہا چھوڑ دیا جاتا ہے بلکہ دماغی اور جسمانی طور پر انکا استحصال بھی کیا جاتا ہے۔

    دماغی مسائل سے دو چار افراد علاج کے حق سے بھی محروم ہوجاتے ہیں، جبکہ دنیا بھر میں ذہنی امراض کا شکار ہزاروں افراد ہر سال مختلف وجوہات کے باعث خودکشی کرلیتے ہیں۔

    ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے منانے کا مقصد لوگوں کو ذہنی صحت کی ضرورت، دماغی امراض کے نقصانات اور اس سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔

  • عامر خان بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار، فلم کا نام بھی سامنے آگیا

    عامر خان بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار، فلم کا نام بھی سامنے آگیا

    ممبئی: بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ اداکار عامر خان کا فلموں سے بریک ختم ہوگیا، انہوں نے اپنے نئے پروجیکٹ کا اعلان کردیا۔

    فلم لال سنگھ چڈھا کی ناکامی کے بعد بالی وڈ کے اداکار عامر خان نے اپنے کام سے بریک لیا تھا تاہم اب انہوں نے اپنی اگلی فلم سے متعلق اعلان کیا ہے، یہ فلم ان کی 2007 کی کامیاب فلم ’ تارے زمین پر‘ کی طرح ہوگی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عامر خان نے یہ اعلان ممبئی میں ایک تقریب میں کیا جہاں انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ فلم ’ تارے زمین پر‘انہوں نے ایک بچے کی مدد کی تھی، اب اس فلم میں نوجوان لڑکے ہیں جو جذباتی طور پر ان کی مدد کریں گے۔

    عامر خان نے 35 سال کے بعد اداکاری سے بریک لے لیا

    عامر خان نے بتایا کہ اس فلم کا ٹائٹل ’ ستارے زمین پر ‘ ہے، دوسری جانب یہ قیاس آرائیاں عروج پر ہیں کہ ڈائریکٹر آر ایس پرسانا اس پروجیکٹ کو سنبھالیں گے لیکن عامر نے اعلان کے دوران کوئی نام ظاہر نہیں کیا۔

    بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ نے کہا کہ  میں اس بارے میں مزید بات نہیں کرسکتا لیکن میں عنوان بتا سکتا ہوں، فلم کا ٹائٹل ’ستارے زمین پر‘ ہے،  آپ کو میری فلم تارے زمین پر تو یاد ہی ہوگی اور اس فلم کا نام ’’ستارے زمین پر‘‘ ہے کیونکہ ہم اسی تھیم کے ساتھ 10 قدم آگے بڑھ رہے ہیں۔

    ’تارے زمین پر‘ میں عامر خان کی جگہ پہلا انتخاب کونسا اداکار تھا؟

    انہوں نے مزید کہا کہ  تارے زمین پر ایک جذباتی فلم تھی لیکن  یہ فلم آپ کو ہنسائے گی، اُس فلم نے آپ کو رلا دیا یہ آپ کو تفریح ​​فراہم کرے گی۔

    واضح رہے کہ ’تارے زمین پر‘ ایک ایسے بچے کی کہانی پر مبنی فلم ہے جس کی پڑھنے لکھنے کی صلاحیت بہت کمزور ہوتی ہے۔ والدین کمزوری کو سمجھنے میں ناکام رہتے ہیں۔ پھر اسکول ٹیچر رام شنکر اس کی ذمہ داری لیتے ہیں۔

  • عامر خان کی مشہور فلم کی وجہ سے کیارا کو ایکٹنگ کیریئر اپنانے کی اجازت ملی

    عامر خان کی مشہور فلم کی وجہ سے کیارا کو ایکٹنگ کیریئر اپنانے کی اجازت ملی

    کیارا ایڈوانی کو ان کے والد نے صرف عامر خان کی مشہور زمانہ فلم تھری ایڈیٹس کی وجہ سے ایکٹنگ کیریئر اپنانے کی اجازت دی، اس بات کا انکشاف اداکارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔

    بالی وڈ اداکارہ نے بتایا کہ فلم تھری ایڈیٹس نے ان کی فیملی پر گہر اثر ڈالا، فلم دیکھنے کے بعد ان کے والد اس بات پر راضی ہوگئے کہ انھیں ایکٹنگ میں اپنا کیریئر بنانے کی اجازت دی جائے جب کہ انھیں بھی اداکاری کی طرف آنے کے لیے مزید تقویت ملی۔

    کیارا نے بتایا کہ تھری ایڈیٹس دیکھنے سے قبل ان کے والد ہمشہ چاہتے تھے کہ میں پڑھائی کی طرف توجہ دوں لیکن میں ہمیشہ سے اس شعبے میں قسمت آزمانا چاہتی تھی۔

    دوسرے فکرمند والدین کی طرح میرے والد بھی مجھے اداکاری کا شعبہ اپنانے سے منع کرتے تھے کیوں کہ وہ انڈسٹری سے تعلق نہیں رکھتے تھے، مگر میں ان سے یہ ہی کہتی تھی کہ نہیں ڈیڈ میں یہی کام کرنا چاہتی ہوں۔

    تاہم تھری ایڈیٹس جیسی فیملی فلم دیکھے کے بعد والد کو احساس ہوا کہ بچوں کو وہی کرنے دینا چاہیے جو وہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ انھیں اپنے ماضی کو دیکھ کر کسی قسم کا پچھتاوا نہ ہو کہ من چاہے کام کے لیے کوشش بھی نہ کرسکے۔

    کیارا ایڈوانی کی حال ہی میں ستیا پریم کی کتھا ریلیز ہوئی ہے جس میں وہ کارتک آریان کے مدمقابل نظر آرہی ہیں۔