Tag: عامر خان

  • کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے باکسر عامر خان کا ایل او سی کے دورے کا اعلان

    کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے باکسر عامر خان کا ایل او سی کے دورے کا اعلان

    اسلام آباد: بھارت کے یک طرفہ اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں وحشیانہ بربریت پر عالمی چیمپئن لائٹ ویٹ باکسر عامر خان نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور لائن آف کنٹرول جائیں گے اور مقبوضہ کشمیر کے سلسلے میں اپنی آواز بلند کریں گے۔

    عامر خان نے کہا کہ وہ کشمیر میں بد ترین صورت حال کے حوالے سے وسیع سطح پر آگاہی پھیلانا چاہتے ہیں۔

    پاکستان نژاد باکسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزیوں اور کشمیر میں نسل کشی کے خلاف آواز بنیں گے۔

    انھوں نے کہا کشمیریوں کی آواز بننے کے لیے لائن آف کنٹرول کا دورہ کروں گا۔ باکسر عامر خان نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے خصوصی اظہار تشکر بھی کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر نظر ہے: یو این سیکریٹری جنرل

    واضح رہے کہ آج اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر ان کی نظر ہے، اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    قبل ازیں، وزیر خارجہ شاہ محمود نے یو این سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گفتگو کی گئی اور بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں یک طرفہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، خطے میں امن و امان کی مخدوش صورت حال پر بھی گفتگو کی گئی۔

  • عامر خان چیئرمین ایس ای سی پی تعینات ، نوٹی فکیشن جاری

    عامر خان چیئرمین ایس ای سی پی تعینات ، نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد : عامرخان نے چیئرمین ایس ای سی پی کے عہدے کاچارج سنبھال لیا ، کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں عامر خان کوتعینات کرنےکی منظوری  دی تھی، عامرخان کا کارپوریٹ بینکنگ، مالیاتی مصنوعات، کپیٹل مارکیٹ کا وسیع تجربہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے عامرخان کو چیئرمین ایس ای سی پی تعینات کرکے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ، جس کے بعد عامرخان نےچیئرمین ایس ای سی پی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔

    کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں عامر خان کوتعینات کرنےکی منظوری دی تھی ، عامر خان کو نومبر 2018 میں ایس ای سی پی میں کمشنر تعینات کیا گیا تھا۔

    عامرخان کاکارپوریٹ بینکنگ، مالیاتی مصنوعات، کپیٹل مارکیٹ کا وسیع تجربہ ہے جبکہ انھوں نے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج میں مرابحہ متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    عامر خان نے وئیر ہاوسز میں الیکٹرانک رسیدوں کے ذریعے اجناس کی ٹریڈنگ کے ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل میں کردار ادا کیا اور مائیکرو فنانس کمپنیوں کو ایس ای سی پی کے دائرہ کار میں شامل کرنے کے لئے اصلاحات متعارف کیں۔

    عامر خان شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اصلاحات کا بھر پور عزم رکھتے ہیں۔

    یاد رہے حکومت نے چیئرمین ایس ای سی پی فرخ سبزواری کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ فرخ سبزواری کو ہٹانے کا فیصلہ اسٹاک ایکسچینج کے معاملات صحیح طرح نہ چلانے پر کیا گیا۔

  • عامر خان نے آسٹریلوی باکسر بلی ڈب کو ناک آؤٹ کردیا

    عامر خان نے آسٹریلوی باکسر بلی ڈب کو ناک آؤٹ کردیا

    جدہ: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے آسٹریلوی باکسر بلی ڈب کو فائٹ کے چوتھے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ کے کنگ عبداللہ اسٹیڈیم میں ہونے والی فائٹ میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسنگ چیمپئن عامر خان نے آسٹریلوی باکسر بلی ڈب کو ہرا دیا۔

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر فائٹ کے تینوں راؤنڈز میں آسٹریلوی باکسر پرحاوی رہے اور چوتھے راؤنڈ میں حریف باکسر بلی ڈب کو ناک آؤٹ کردیا۔

    باکسر عامر خان نے فائٹ جیتنے کے بعد کہا کہ یہاں آکر خوشی ہوئی، جدہ میں دوبارہ آؤں گا انہوں نے اسٹیڈیم میں موجود شاہقین کا تھینک یو جدہ کہہ کر شکریہ ادا کیا

    سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فائٹ جیتنے کے بعد باکسر عامر خان کو گلے لگا کر مبارکبادی وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی فائٹ دیکھی۔

    امریکی باکسرٹیرنس کرافورڈ نے باکسرعامرخان کوفائٹ میں ہرا دیا

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں امریکی باکسر ٹیرنس کرافورڈ نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو ویلٹر ویٹ ٹائٹل فائٹ میں شکست دی تھی

  • پرل بیلٹ فائٹ: عامر خان نے بھارتی باکسر کا چیلنج قبول کرلیا

    پرل بیلٹ فائٹ: عامر خان نے بھارتی باکسر کا چیلنج قبول کرلیا

    کراچی: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھارتی باکسر کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے جدہ میں فائٹ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں باکسر عامر خان اور بل ڈو سانج نے پریس کانفرنس کی جس میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کا کہنا تھا کہ بھارتی باکسر نے مجھے چیلنج دیا کہ سرحد پر کیوں لڑتے ہیں آئیں رنگ میں مقابلہ کرتے ہیں۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت بارڈر کی جنگ میں کئی معصوم لوگ جان گنوا چکے ہیں، دونوں ممالک کے باکسر جدہ میں مدِ مقابل آکر پاک بھارت تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے، میرے لیے یہ مقابلہ آسان نہیں ثابت ہوگا مگر پوری کوشش کروں گا کہ پہلے پاکستان اور پھر انگلینڈ کا جھنڈا بلند کروں۔

    مزید پڑھیں: باکسر عامر خان کا امریکی حریف ٹیرنس کرافورڈ سے مقابلہ

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کا کہنا تھا کہ بھارت میں پریس کانفرس کے بعد شائقین کی بڑی تعداد نے مجھ سے ملاقات کی اور بہت زیادہ خوش آئند ہے، میں انجری سے صحت یاب ہوچکا اور جلد ٹریننگ کا آغاز کروں گا۔

    انہوں نے بتایا کہ بھارتی باکسر نیرج گویات نے مجھے پرل بیلٹ کے لیے فائٹ کرنے کا چیلنج دیا، انہوں نے خود کہا کہ بارڈر پر کیوں لڑتے ہیں رنگ میں آمنے سامنے آجائیں۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور ڈبلیو بی سی ایشین چیمپئن نیرج گویات کی فائٹ 12 جولائی کو جدہ میں ہوگی۔

    عامر خان کے پروموٹر بل ڈوسانج کا کہنا تھا کہ یہ ایشیا کی ایک بڑی فائٹ ثابت ہونے جارہی ہے، جو ڈبلیو بی سی پرل بیلٹ کے لیے لڑی جائے گی، عامر خان اولمپیئن اور دو مرتبہ کے عالمی چیمپئن ہیں، یہ مسلم باکسر کے لحاظ سے تاریخ ساز مقابلہ رہے گا کیونکہ لیجنڈری باکسر محمد علی کو بھی جدہ میں لڑنے کا کبھی موقع نہیں ملا۔

    یہ بھی پڑھیں: باکسر عامر خان رنگ میں اترنے کے لیے تیار

    ڈوسانج کا کہنا تھا کہ عامر خان اور نیرج گویات کا مقابلہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا، عامر خان  جدہ ٹائیگرز اور بھارتی باکسر جدہ شارکس کی نمائندگی کریں گے۔

  • بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ لیجنڈ پاکستانی اداکار معین اختر کے مداح نکلے

    بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ لیجنڈ پاکستانی اداکار معین اختر کے مداح نکلے

    بیجنگ: بالی ووڈ انڈسٹری کے نامور اداکار عامر خان بھی باصلاحیت پاکستانی لیجنڈ فنکار معین اختر کے مداح نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق قہقہوں کے بادشاہ معروف اداکار، کامیڈین معین اختر کا فن آج بھی زندہ ہے، فن کی دنیا میں مزاح سے لے کر پیروڈی تک اسٹیج سے ٹیلی ویژن تک معین اختروہ نام ہے جس کے بغیر اردو مزاح کی تاریخ نامکمل ہے۔

    پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے معین اختر 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن پر اپنے کام کا آغاز 6 ستمبر 1966ء کو پاکستان کے پہلے یوم دفاع کی تقاریب کے لیے کیے گئے پروگرام سے کیا۔

    جس کے بعد انہوں نے کئی ٹی وی ڈراموں، سٹیج شوز میں کام کرنے کے بعد انور مقصود اور بشرہ انصاری کے ساتھ ٹیم بنا کر کئی معیاری پروگرام پیش کیے، اُن کی شوبز کے لیے گراں قدر خدمات کے آج بھی لوگ معترف ہیں۔

    مزید پڑھیں: لوز ٹاک: معین اختر کے یادگار بہروپ

    معین اختر اپنی مثال آپ تھے جن کی فنکاری کا کوئی مول نہیں، موجودہ دور کے کئی مزاحیہ فنکار لیجنڈ اداکار سے اس قدر متاثر ہیں کہ وہ خود کو سب سے بڑا مداح کہلوانے میں فخر محسوس کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کے صفِ اول اداکار اور مسٹر پرفیکشنسٹ کا لقب حاصل کرنے والے عامر خان بھی معین اختر کے فین نکلے۔

    مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکار عامر خان کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ خوش گوار موڈ میں اداکار کے ساتھ مصافحہ کرتے نظر آرہے ہیں۔

    مشاہد حسین نے یہ بھی کہا کہ چین کے صدر شی جنگ پنگ کی میزبانی میں منعقدہ ایشیائی تہذیبوں کے درمیان پہلے مکالمے میں عامر خان کے ساتھ اچھی ملاقات رہی۔

    انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا کہ عامر خان کی فلم ’دنگل‘ چین میں سپر ہٹ رہی ہے جب کہ عامر خان نے ملاقات کے دوران کہا کہ ’میں لیجنڈ اداکار معین اخترکا بہت بڑا مداح ہوں، وہ حیرت انگیز اور با صلاحیت اداکار تھے‘۔

  • فاروق ستار اور عامر خان پر جرمانہ عائد، رقم ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کی ہدایت

    فاروق ستار اور عامر خان پر جرمانہ عائد، رقم ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کی ہدایت

    کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں عامر خان اور ڈاکٹر فاروق ستار پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے رقم ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر، اے آر وائی حملہ اور سانحہ 12 مئی کے مقدمات کی علیحدہ علیحدہ سماعت ہوئی۔

    سانحہ 12 مئی کیس کی سماعت کرنے والے جج نے تاخیر سے آنے پر ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم کیو ایم رہنما عامر خان پر جرمانہ عائد کیا۔ عدالت نے ملزمان کو 5 ، 5 سو روپے ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر کی سماعت بھی ہوئی جس میں فاروق ستار، عامر خان، قمر منصور، شاہد پاشا، جنید لاکھانی پیش ہوئے جبکہ خواجہ اظہار ، رؤف صدیقی اور کنور نوید جمیل کے وکلا نے عدالت میں استشنیٰ کی درخواست دائر کی۔ عدالت نےدرخواستیں منظور کرتے ہوئے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی۔

    علاوہ ازیں اے آر وائی نیوزدفترپرحملے کے کیس کی بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت ہوئی جس میں فاروق ستار، عامر خان سمیت دیگر نامزد ملزمان پیش ہوئے۔

     جوڈیشل مجسٹریٹ کلیم اللہ کلھوڑو کے بیان پر ملزمان کے وکلاء نے جرح کی، جبکہ مقدمے میں نامزد ملزم جاوید شوکت کےوکیل نےمجسٹریٹ کے بیان پر جرح مکمل کرلی۔

    مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کے وکلا نے آئندہ سماعت پر جرح کرنے کا فیصلہ کیا جس پر عدالت نے کارروائی 13 اپریل تک ملتوی کردی۔

    قبل ازیں عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے قیام کا کریڈٹ حیدرآباد کے عوام کوجاتاہے، مجھے امید ہے اس مرتبہ اب یہ صرف اعلان نہیں ہوگا بلکہ عملی اقدامات بھی ہوں گے۔

    فاروق ستار نے عمران خان کو حیدرآباد آنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ آپ آئیں عوام شکریہ ادا کریں گے۔

    ایم کیو ایم کے سابق رہنما کا کہنا تھا کہ ماضی میں حیدرآباد کو بری طرح سے نظر انداز کیا گیا، حکومت جو اقدامات کررہی ہے وہ خوش آئند ہے،  زیادہ مناسب یہ ہوتا کہ یونیورسٹی کے سنگِ بنیاد کی تقریب حیدرآباد میں ہی منعقد کی جاتی۔

  • کیا ہم واقعی آزاد ہیں؟ عامر خان کا بھارتیوں سے سوال

    کیا ہم واقعی آزاد ہیں؟ عامر خان کا بھارتیوں سے سوال

    ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے بھارتیوں سے سوال پوچھا ہے کہ کیا ہم واقعی میں آزاد ہیں؟ ہمیں آزادیِ اظہار رائے کی اجازت ہے؟۔

    تفصیلات کے مطابق عامر خان کے بھارت کی آزادی کے حوالے سے بنائی جانے والی ٹیلی فلم ’روبرو روشنی‘ کا ٹریلر جاری ہوگیا جسے 26 جنوری کو نشر کیا جائے گا۔

    ٹریلر میں عامر خان نے بھارتی شہریوں سے زندگی سے متعلق سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ ’کیا ہمیں آزادی اظہارِ رائے کی مکمل اجازت ہے؟ ویڈیو کے آخر میں مسٹرپرفیکٹ نے یہ بھی سوال اٹھایا ’کیا ہم واقعی آزاد ہیں؟‘۔

    مزید پڑھیں: ویرات کوہلی سب سے بدتہذیب کھلاڑی ہے: نصیر الدین شاہ

    عامر خان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ہم گٹھن والے معاشرے میں زندہ ہیں اور ایک پنجرے میں بند ہوکر اپنی زندگی گزار رہے ہیں جس کی چابی کسی اور کی جیب میں ہے۔

    مسٹر پرفیکٹ نے بھارتی شہریوں سے اہم پیغام میں بھارتیوں کا شعور بیدار کیا اور اُن سے گزارش کی کہ وہ بھی اپنی زندگی اور حقوق سے متعلق سوالات کریں کیونکہ یہ اُن کا حق ہے۔

    عامر خان کی یہ ٹیلی فلم کالج طالب علموں کی زندگیوں پر مبنی ہے جس میں ایک نوجوان کو قتل کردیا جاتا ہے علاوہ ازیں ’روبرو روشنی‘ میں بھگت سنگھ کا کردار بھی شامل کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت کے تعلیمی نظام کا پردہ چاک کرنے والی فلم ’چیٹ انڈیا‘ کو بڑا دھچکا

    یاد ہے کہ 2015 میں عامر خان نے اس قسم کے سوالات اٹھائے تھے جس کے بعد انہیں اور گھر والوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں تھیں۔ روبرو روشنی کی پروڈکشن عامر خان خود کررہے ہیں۔

  • دو سپراسٹار باپ کے کردار میں، تصاویر وائرل

    دو سپراسٹار باپ کے کردار میں، تصاویر وائرل

    ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی باپ کے کردار میں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور عامر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے بیٹے ابرام اور آزاد کے ساتھ تصاویر شیئر کی جو وائرل ہوگئیں۔

    تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر خان بیٹے آزاد کو کاندھے پر بٹھائے گہری سوچ میں ڈوبے ہوئے ہیں جبکہ شاہ رخ خان اور ابرام کی تصویر سے واضح ہے کہ دونوں ابھی ابھی سو کر اُٹھے ہیں۔

    آزاد عامر خان کے چھوٹے بیٹے ہیں اور ان کی دوسری اہلیہ کرن راؤ کے بیٹے ہیں جبکہ عامر خان کے پہلی اہلیہ رینا دتہ سے بھی ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے جن کا نام جنید اور ایرا ہے۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں شاہ رخ خان کی فلم زیرو باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی تھی تاہم انوشکا شرما کے معذور لڑکی کے کردار کو مداحوں کی جانب سے پسند کیا گیا تھا۔

    View this post on Instagram

    Gehri soch 🙂

    A post shared by Aamir Khan (@_aamirkhan) on

    شاہ رخ ان دنوں خلاء پر جانے والے راکیش شرما کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں کام کررہے ہیں، فلم کا نام ’سلیوٹ‘ رکھا گیا ہے، فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

    عامر خان کی فلم ٹھگز آف ہندوستان بھی باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی تاہم فلم نے 300 کروڑ کا بزنس ضرور کرلیا، یش راج فلم ٹھگز آف ہندوستان کو چائنا بھی ریلیز کیا گیا تھا تاہم وہاں بھی وہ ناکام ثابت ہوئی۔

  • علی رضاعابدی قتل کیس: پولیس کی ایم کیو ایم رہنما عامر خان سے تفتیش

    علی رضاعابدی قتل کیس: پولیس کی ایم کیو ایم رہنما عامر خان سے تفتیش

    کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی علی رضاعابدی قتل کیس میں ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان سے تفیتش کی گئی.

    تفصیلات کے مطابق علی رضا عابدی کے قتل کیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما عامر خان کو آج صبح‌ساؤتھ زون انویسٹی گیشن دفترطلب کیا گیا.

    تحقیقاتی کمیٹی نے اس سلسلے میں دو روز قبل ایم کیو ایم پاکستان (پی آئی بی گروپ) کے فاروق ستارکوبھی انٹرویوکے لئے طلب کیا تھا.

    تفتیشی ذرائع کے مطابق عامرخان کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے دیگر رہنماؤں کوبھی طلب کیا جائے گا.

    پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ادارے مختلف پہلوؤں پر کام کر رہے ہیں، امید کی جارہی ہے کہ جلد پیش رفت ہوگی.


    مزید پڑھیں: علی رضا عابدی کے قاتلوں کی گرفتاری تک خاموش نہیں بیٹھیں گے ،فاروق ستار


    واضح رہے کہ 25 دسمبر کی شام علی رضا عابدی کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنی رہائش گاہ کے باہر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے، انھیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

    اس حوالے سے آئی جی سندھ کلیم امام نے وارداتوں میں قابو نہ پانے اور فرائض میں غفلت برتنے پر ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے ہٹا دیا تھا.

  • علی رضا عابدی کے قاتل کون ہیں، حکومت بے نقاب کرے، خواجہ اظہار، عامر خان

    علی رضا عابدی کے قاتل کون ہیں، حکومت بے نقاب کرے، خواجہ اظہار، عامر خان

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان اور خواجہ اظہار نے مطالبہ کیا ہے کہ علی رضا عابدی کے قاتل کون ہیں حکومت انہیں بے نقاب کرے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان اور خواجہ اظہار نے علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے۔

    ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، وہ ہمارے اچھے ساتھی رہے، ان کی جان کو خطرات لاحق تھے۔

    عامر خان نے کہا کہ علی رضا عابدی کو مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی تھی، محب وطن پاکستانیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل کے کیا مقاصد ہوسکتے ہیں سراغ لگایا جائے، علی رضا عابدی کا قتل امن و امان تباہ کرنے کی سازش ہے۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، بہت سے لوگوں کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں۔

    واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے، انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    علی رضا عابدی کو سر اور گردن میں 2،2 گولیاں لگی تھیں، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 5 خول ملے ہیں جبکہ آئی جی سندھ نے علی رضا عابدی پر فائرنگ کا نوٹس لے کر ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔