Tag: عاملہ

  • ’آسیب سے چھٹکارے‘ کے لیے ماں کا خوفناک اقدام، بچی کی موت

    ’آسیب سے چھٹکارے‘ کے لیے ماں کا خوفناک اقدام، بچی کی موت

    سری لنکا میں ایک ماں نے اپنی بچی کو خود ساختہ آسیب سے نجات دلانے کے لیے جلاد عاملہ کے حوالے کردیا جس نے بہیمانہ تشدد کرکے بچی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں پیش آیا، بچی کی ماں جو اب پولیس کی حراست میں ہے، کا خیال تھا کہ اس کی 9 سالہ بچی کو کسی آسیب نے جکڑ لیا ہے۔

    اس سے نجات دلانے کے لیے وہ اسے علاقے کی ایک عورت سے پاس لے گئی جو جادو ٹونا کرنے کے لیے مشہور تھی۔

    پولیس کے مطابق جعلی عاملہ نے بچی کو چھڑی سے نہایت بے دردی سے پیٹا اور اس دوران ماں سامنے کھڑی دیکھتی رہی۔

    بہیمانہ تشدد کے دوران بچی ہوش و حواس سے بیگانہ ہوگئی جس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں اسپتال عملے نے بچی کی موت کی تصدیق کردی۔

    پولیس کے مطابق بچی کو نہایت بہیمانہ طریقے سے پیٹا گیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی، پولیس نے جادو ٹونا کرنے والی عورت اور ماں دونوں کو گرفتار کرلیا تاہم اس بات کا تعین نہیں کیا جاسکا کہ دونوں پر کن جرائم کی دفعات عائد ہوں گی۔

    پولیس کے مطابق اس سے پہلے بھی اس نوعیت کے کئی واقعات ہوچکے ہیں، پولیس نے عوام کو ایسے ڈھونگی عاملوں سے محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔

  • گوجرانوالہ: جعلی عاملہ نے کم سن بچے کو دہکتے کوئلوں پر بٹھا دیا

    گوجرانوالہ: جعلی عاملہ نے کم سن بچے کو دہکتے کوئلوں پر بٹھا دیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں جعلی عاملہ نے جن نکالنے کے لیے کم سن بچے کو بری طرح جلا ڈالا۔ متاثرہ بچے کو فوری طور پر زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں جعلی عاملہ نے جن نکالنے کے بجائے بچے کو ہی جلا ڈالا۔

    کھیالی کے رہائشی محنت کش کرامت حسین کا 15 سالہ بیٹا ناصر کافی عرصے سے بیمار تھا جس کے علاج معالجے کے لیے وہ کھیالی کی عاملہ یاسمین کے پاس علاج کے لیے لے گئے۔

    یاسمین نے بچے میں جن کے اثرات بتائے اور کہا کہ کوئلہ جلا کر تعویذ جلائے جس کے بعد بچہ ٹھیک ہوجائے گا، مگر عاملہ نے تعویذ کے بجائے بچے کو جلتے کوئلوں پر بٹھا دیا جس سے بچے کا نچلا دھڑ بری طرح جھلس گیا۔

    بچے کے والدین اسے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے گئے۔ بچے کے والد کرامت حسین کا کہنا ہے ان کے منع کرنے کے باوجود عاملہ نے بچے کو جلایا۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ کھیالی پولیس نے موقع پر پہنچ کر جعلی عاملہ یاسمین کو حراست میں لے کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں ضعیف الاعتقادی، جہالت اور کم علمی کے سبب اکثر افراد اپنے مختلف مسائل کے حل اور بیماریوں کے علاج کے لیے پیر فقیروں سے رجوع کرتے ہیں جو اکثر اوقات جعلی نکلتے ہیں۔

    ان جعلی پیروں کے غیر انسانی سلوک، تشدد اور ناقص مشوروں کی وجہ سے کئی افسوسناک حادثات پیش آچکے ہیں۔

    اس سے قبل صوبہ پنجاب ہی کے شہر ڈیرہ غازی خان میں جعلی پیر کے تشدد سے 34 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی تھی۔ جعلی پیر نے جن نکالنے کے بہانے خاتون پر شدید تشدد کیا تھا اور ہاتھ پاؤں بھی داغے۔

    مقتولہ ثریا 3 بچوں کی ماں تھی۔ پولیس تاحال جعلی پیر اور اس کے چیلوں کی تلاش میں ہے۔