Tag: عام آدمی پارٹی

  • بھارت: وقف ترمیمی بل کو عام آدمی پارٹی نے بھی چیلنج کردیا

    بھارت: وقف ترمیمی بل کو عام آدمی پارٹی نے بھی چیلنج کردیا

    نئی دہلی: بھارت میں وقف ترمیمی بل 2025 کی مخالفت زور پکڑ گئی، کانگریس کے بعد عام آدمی پارٹی نے بھی اس متنازع بل کو چیلنج کردیا۔

    اپوزیشن جماعتیں بھارت میں وقف ترمیمی بل کے خلاف میدان میں آگئیں، عام آدمی پارٹی کے رہنما، دہلی کے اوکھلا حلقے سے ایم ایل اے اور دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے اس متنازع بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

    عام آدمی پارٹی کے رہنما امانت اللہ خان نے کہا کہ وقف ترمیمی بل مسلمانوں کی مذہبی اور ثقافتی خودمختاری پر حملہ ہے، یہ بل اقلیتوں کے اُن بنیادی حقوق کو متاثر کرتا ہے جن کے تحت وہ اپنے مذہبی اور رفاہی اداروں کا انتظام چلاتے ہیں۔

    امانت اللہ خان کی جانب سے بھارتی سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وقف ترمیمی بل کو غیرآئینی قرار دے کر مسترد کیا جائے۔

    وقف ترمیمی بل غیرآئینی اور مسلمانوں کی توہین، اسدالدین اویسی نے بل پھاڑ دیا

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ بل بھارتی لوک سبھا کے دونوں ایوانوں میں 2 اور 3 اپریل کو ہونے والی طویل بحث کے بعد منظور کیا گیا تھا، بل کے حق میں 288 اور مخالفت میں 232 ووٹ پڑے تھے۔

    اس کے علاوہ راجیہ سبھا میں 128 ووٹ بل کے حق میں اور 95 مخالفت میں آئے تھے۔ بل کو منظوری کے لیے بھارتی صدر کو ارسال کیا جائے گا۔

    مختلف مسلم تنظیموں نے بھی وقف ترمیمی بل کی مخالفت کرتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بل کا مقصد وقف املاک پر حکومتی کنٹرول کو بڑھانا اور مسلم اداروں کو بے اختیار بنانا ہے۔

    اس سے قبل کانگریس کے رکن پارلیمان اور بہار کے کشن گنج سے ایم پی محمد جاوید بھی عدالت میں بل کے خلاف درخواست دائر کرچکے ہیں۔ محمد جاوید اس بل پر بنائی گئی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے رکن بھی تھے۔

    سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ وقف ترمیمی بل وقف املاک اور ان کے انتظام پر غیر ضروری پابندیاں عائد کرتا ہے، جو آئین کے مطابق مذہبی آزادی کے منافی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/controversial-waqf-bill-passed-in-india-congress-announces-to-challenge-the-bill/

  • نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ پر مرچ سے حملہ ، فوٹیج سامنے آگئیں

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ پر مرچ سے حملہ ، فوٹیج سامنے آگئیں

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت کے وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال پر ایک شخص نے لال مرچ کا پاؤڈر پھینکا جسے پولیس نے فوری گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اپنے دفتر کے چیمبر سے باہر نکل رہے تھے کہ اسی دوران ایک شخص اُن کے قریب گیا اور پھر اُس نے لال مرچ پھینک دیں جو اُن کی آنکھوں میں چلی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد سیکریٹریٹ میں بھگدڑ بھی مچی جس کے باعث اروند کیجریوال کا چشمہ بھی ٹوٹ گیا جبکہ پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔

    سیکریٹریٹ میں نصب سی سی ٹی وی واقعے کی فوٹیج محفوظ ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح مذکورہ ملزم نے وزیراعلیٰ پر مرچیں پھینکیں۔

    وزیراعلیٰ پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت چالیس سالہ انیل کمار کے نام سے ہوئی جس نے اپنی وابستگی بھارتیہ جنتا پارٹی سے بتائی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا۔

    عام آدمی پارٹی کی ترجمان اور رکن اسمبلی القا لامبا نے الزام عائد کیا ہے کہ کارروائی کے پیچھے بھارتیہ جنتا پارٹی کا ہاتھ ہے کیونکہ وزیراعظم مودی کے حکم پر نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ کی سیکیورٹی گزشتہ روز ہی کم کی گئی تھی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی دہلی پولیس نے سوشل میڈیا پر مخالف مہم چلانے والے عناصر کو گرفتار کیا تھا، تمام ملزمان کو بھارتیہ جنتا پارٹی نے رہائی دلوائی کیونکہ سب کا تعلق بی جے پی سے ہی تھا۔

    دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی کے ڈپٹی چیف منسٹر نئی دہلی منیش نے واقعے کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اروند کیجریوال نے سستی شہرت اور مشہوری کے لیے اپنے ہی حامی سے خود یہ حرکت کروائی‘۔

  • بھارتی وزیرجنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار

    بھارتی وزیرجنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار

    دہلی : بھارتی دارالحکومت دہلی میں پولیس نےعام آدمی پارٹی کے سابق وزیر برائے خواتین اور بچوں کی بہبود سندیپ کمار کو جنسی زیادتی کا الزام لگنے کے بعدگرفتار کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق تین روز قبل ایک مبینہ ٹیپ منظر عام پر آنے کے بعد سندیپ کمار کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے.اس ویڈیو میں انہیں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طور پردیکھا جاسکتا تھا.

    ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ تقریباً ایک برس قبل کا ہے اور یہ ویڈیو ان کے علم کے بغیر بنائی گئی ہے.اس خاتون نے اب سابق وزیر پر زیادتی کا الزام لگایا ہے.

    دوسری جانب سندیپ کمار کا کہنا ہے کہ وہ کسی قسم کی غلط حرکت نہیں کی ہے اور مبینہ ویڈیو جعلی ہے.

    انہوں نے کہا کہ جس سی ڈی کے حوالے سے انہیں برطرف کیا گیا ہے اس میں وہ نہیں ہیں. یہ تفتیش کا معاملہ ہے اور میرا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے.

    دہلی میں اس وقت عام آدمی پارٹی کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اسکینڈل یا بدعنوانی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گی.

    اس سے قبل دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ ان کو سندیپ کمار کی ایک ’قابل اعتراض‘ سی ڈی موصول ہوئی تھی اور کمار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا.

    واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی کی دہلی میں حکومت ہے اور وہ اس جماعت کے ایسے دوسرے وزیر ہیں جن کو عہدے سے برطرف کیا گیا.گذشتہ سال وزیر خوراک کو رشوت لینے کے الزام میں برطرف کیا گیا تھا.

  • بھارت میں خاتون سیاسی کارکن کی خودکشی

    بھارت میں خاتون سیاسی کارکن کی خودکشی

    نئی دہلی: بھارت میں عام آدمی پارٹی کی ایک خاتون کارکن نے خودکشی کرلی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کو ایک پارٹی کارکن کی جانب سے مبینہ طور پر جنسی ہراساں کیا گیا جس سے دل برداشتہ ہو کر انہوں نے خودکشی کی۔

    یہ واقعہ دہلی کے علاقے نیرالہ میں پیش آیا۔ خاتون اس سے قبل پارٹی کے ایک کارکن رمیش ودھوا کے خلاف شکایت درج کرواچکی تھیں کہ اس نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رمیش کو حراست میں لیا تھا تاہم بعد ازاں ضمانت پر رہا کردیا۔

    بھارتی اداکارہ پوجا مشرا اجتماعی زیادتی کا شکار *

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیش کے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد خاتون شدید ڈپریشن کا شکار تھیں۔ مبینہ ملزم کو ایک رکن قانون ساز اسمبلی کی پشت پناہی بھی حاصل تھی۔

    بی جے پی کے علاقائی صدر ستیش اپادھائے کا دعویٰ ہے کہ خاتون نے مذکورہ کارکن کے خلاف عام آدمی پارٹی کے سینئر کارکنان کو شکایت کی تھی لیکن انہوں نے اسے نظر انداز کردیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور ملزم کی پشت پناہی کرنے والا مقامی ایم ایل اے شرد چوہان خاتون کی موت ذمہ دار ہیں۔

    بھارت کی پہلی خاتون ٹیکسی ڈرائیور پراسرار طور پر ہلاک *

    عام آدمی پارٹی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے موت پر سیاست قرار دیتے ہوئے اسے شرمناک عمل قرار دیا۔ پارٹی کے ترجمان دیپک بجپال نے کہا کہ پولیس کو درج کروائی گئی شکایت میں کسی ایم ایل اے کا ذکر نہیں جبکہ خاتون کو ہراساں کرنے والے شخص کا عام آدمی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون نے زہریلی دوا پی اور بعد ازاں لوک نائیک اسپتال میں طبی امداد کے دوران چل بسی۔

  • نئی دہلی : ریاستی انتخابات کے لئے ووٹنگ شروع

    نئی دہلی : ریاستی انتخابات کے لئے ووٹنگ شروع

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ریاستی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں، عام آدمی پارٹی اور بی جے پی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    بھارت کی راج دھانی نئی دلی پر حکمرانی کے لئے جھاڑو کے نشان کے ساتھ عام آدمی پارٹی کے اروند کیجریوال اور ہندوانتہا پسند بی جے پی کی کرن بیدی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

    گذشتہ انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے اروند کیجریوال مخلوط حکومت بنا کر وزیرِاعلی تو بن گئے لیکن جلد ہی استعفی دے کر اقتدارچھوڑ دیا تھا۔ اس مرتبہ عوام کوبجلی، پانی اورٹرانسپورٹ کی سہولتیں دینے کے وعدے کے ساتھ ساتھ انہوں نے یہ وعدہ بھی کیا کہ وہ اقتدارکی مدت پوری کریں گے۔

    سابق دبنگ پولیس افسرکرن بیدی بھی دلی کی تقدیر بدلنے کا وعدہ کرچکی ہیں۔

    دلی کے سترارکان کی اسمبلی کے لئے چھ سو تہتر امیدوار میدان میں ہیں، ایک کروڑ تیس لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، انتخابات کے نتائج کا اعلان دس فروری کو کیا جائے گا۔

    عام انتخابات کے موقع پر نئی دہلی میں پچپن ہزار سیکورٹی اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔