Tag: عام انتخابات

  • عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے اجراء اور وصولی کا آغاز

    عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے اجراء اور وصولی کا آغاز

    اسلام آباد : ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے اجرا اور وصولی کا آغاز ہوگیا، امیدواران آٹھ جون تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں، امیدواروں کی فہرست آٹھ جون کو جاری کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں عام انتخابات 2018 کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا اور کاغذات نامزدگی کے اجرا اور  وصولی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تین حلقوں کے کاغذات نامزدگی ایف ایٹ کچہری سے وصول اور  جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

    قومی اسمبلی کی سات اور پنجاب کی پندرہ نشستوں کے کاغذات نامزدگی کیلئے جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں امیدواروں کی آمد جاری ہے، سٹی کورٹ کراچی سے  پہلا نامزدگی فارم قومی اسمبلی کےحلقے این اے دو سو چھیالیس کیلئے ممکنہ آزاد امیدوار محمدارشاد نے حاصل کیا۔

    لاہور ،کوئٹہ اور   پشاور میں بھی کاغذات نامزدگی کے اجرا اور  وصولی کا آغاز ہوگیا۔

    کاغذات نامزدگی آٹھ جون شام چار بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں، امیدواروں کی فہرست بھی آٹھ جون کو جاری کی جائے گی، کاغذات نامزدگی کی جان پڑتال چودہ جون تک مکمل کرلی جائے گی۔

    کاغذات نامزدگی سے متعلق اپیلیں انیس جون تک دائر کی جاسکتی ہیں، اپیلٹ ٹریبونل چھبیس جون تک کاغذات نامزدگی سے متعلق فیصلے کرےگا۔

    امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست ستائیس جون کو شائع ہوگی جبکہ امیدوار اٹھائیس جون تک دستبردار ہوسکیں گے اور انتیس جون کو انتخابی نشانات الاٹ کردیے جائیں گے۔

    یاد  رہے کہ لاہورہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی میں ترامیم کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پرانا فارم بحال کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت کے مطابق مذکورہ ترمیم شدہ فارم میں آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کو غیر مؤثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

    جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل روک دیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، خیبرپختونخوامیں350ڈیم کہاں گئے؟ سعد رفیق

    عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، خیبرپختونخوامیں350ڈیم کہاں گئے؟ سعد رفیق

    لاہور : سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر کی آوازیں آرہی ہیں لیکن ملک میں عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، خیبرپختونخوامیں350ڈیم کہاں گئے؟

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، نگراں وزیراعظم اورچیف جسٹس بھی کہہ چکے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، انتخابات میں تاخیر کی آوازیں نہیں آنی چاہئیں۔

    اپنی گفتگو میں انہوں نے پی ٹی آئی اور خیبر پختونخوا حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں دھرنے، گالیاں اور جھوٹ بولنے والوں کو ناکامی ہوگی، عوام انہیں مسترد کردیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دھرنے، سازشیں اور  نااہلی جیسے فیصلے نہ آتے تو ملک  بھر سے لوڈشیڈنگ ختم ہوجاتی، جمہوریت کو عمران خان کے رویےنے نقصان پہنچایا جبکہ ہم نے بڑھکیں نہیں ماریں، کام کرکے دکھایا۔

    سعد رفیق نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ نالائقوں تم نے کیا کیا؟ ڈینگی سے ڈر کر نتھیا گلی بھاگ گئے تھے، تم نے جو عوام سے وعدہ کیا تھا خیبر پختونخوا میں وہ350ڈیم کہاں گئے؟

    سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہئے، ملک کو آگےلے کر جانے کیلئے گالی اور نفرت کو ختم کرنا ہوگا، نوازشریف نےجمہوریت کیلئےبہت جدوجہدکی، نواز شریف کے نااہل ہونے سے ملک کو نقصان ہوا، وزرائےاعظم کی تذلیل نہیں ہونی چاہئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • عام انتخابات میں 10 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں‌ گے: الیکشن کمیشن

    عام انتخابات میں 10 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں‌ گے: الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کو حتمی شکل دے دی، جن کے مطابق آئندہ انتخابات میں 10 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ووٹرزکی تفصیلات جاری کردیں، ملک میں ووٹرز کی کل تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار407 ہے.

    ملک میں خواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار145 ہے، جب کہ 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار262 مرد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں‌ گے.

    الیکشن کمیشن کے اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں کل ووٹرزکی تعداد 6 کروڑ6 لاکھ 72 ہزار 868 ہے، پنجاب میں 2 کروڑ 69 لاکھ 92 ہزار876 خواتین اور 3 کروڑ 36 لاکھ 79 ہزار 992 مرد الیکشن میں‌ ووٹ ڈالیں گے.

    سندھ میں 2 کروڑ 23 لاکھ 91 ہزار 244 شہری ووٹ ڈالیں‌ گے، جن میں‌ مرد ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 24 لاکھ 36 ہزار844، جب کہ خواتین ووٹرزکی تعداد 99 لاکھ 54 ہزار400 ہے.

    خیبرپختونخواہ میں ووٹرزکی کل تعداد 1 کروڑ 53 لاکھ 16 ہزار299 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 87 لاکھ 5 ہزار831 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 66 لاکھ 10 ہزار 468 ہے۔

    بلوچستان میں ووٹرزکی تعداد 42 لاکھ 99 ہزار 494 ہے، بلوچستان میں 24 لاکھ 86 ہزار 230 مرد اور 18 لاکھ 13 ہزار 464 خواتین اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    عام انتخابات میں فاٹا کے 25 لاکھ 10 ہزار 154 اور وفاقی علاقے میں 7 لاکھ 5 ہزار 348 ووٹرز الیکشن کے روز ووٹ ڈالیں گے۔


    الیکشن کمیشن کی صدر کو عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی سمری ارسال


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عام انتخابات کیلئے پولنگ اسکیم کا ڈرافٹ تیار

    عام انتخابات کیلئے پولنگ اسکیم کا ڈرافٹ تیار

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے پولنگ اسکیم کا ڈرافٹ تیار کرکے ویب سائیٹ پر جاری کردیا ہے، اسکیم میں ووٹرزکی تعداداورپولنگ اسٹیشن کی تفصیلات دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انتخابات2018 کی تیاریاں تیزی سے جاری ہے ، الیکشن کمیشن نے ملک بھر کےلیےپولنگ اسکیم کاڈرافٹ جاری کر دیا، پولنگ اسکیم میں ووٹرزکی تعداداورپولنگ اسٹیشن کی تفصیلات شامل ہیں جبکہ پولنگ اسکیم میں شماریاتی بلاک کوڈکی تفصیلات بھی فراہم کردی گئیں۔

    الیکشن کمیشن نے پولنگ اسکیم ڈرافٹ تیار کرکے ویب سائیٹ پر تفصیلات جاری کردی ہے، فاٹااورچاروں صوبوں کی الگ الگ تفصیلات جاری کی گئی ہے ۔

    ڈرافٹ کے مطابق ملک بھر میں 85252 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے جبکہ پولنگ بوتھ کی تعداد دو لاکھ اکتالیس ہزار ایک سو بتیس رکھی گئی ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب میں اڑتالیس ہزار610چھ سو دس پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے ، ان میں ایک لاکھ 31 ہزار26 پولنگ بوتھ ہوں گے، سندھ میں 17ہزار 627 اور بلوچستان میں 4 ہزار 493 پولنگ اسٹیشن جبکہ 11ہزار سے زائد پولنگ بوتھ ہوں گے۔

    ڈرافٹ کے مطابق فاٹا اور کے پی میں 14ہزار 522پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔

    اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات پر اخراجات کا ابتدائی تخمینہ لگایا تھا ، جس کے مطابق انتخابات میں لگ بھگ 20ارب سے زائد خرچ ہوں گے جبکہ حکومت نے فنڈزکی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کیلئے صدر مملکت ممنون حسین کو سمری بھجوادی ہے، ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے صدر کو3 تاریخیں تجویز کی ہیں، انتخابات کیلئے جولائی کے آخری ہفتے کی 3تاریخیں تجویز کی گئی ہے، تجویز کردہ تاریخیں 25 تا 27 جولائی 2018 کی ہیں۔

    واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد جولائی کے مہینے میں انتخابات کے انعقاد کا امکان ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • الیکشن کمیشن کا عام انتخابات میں 20ارب سے زائد کے اخراجات کا تخمینہ

    الیکشن کمیشن کا عام انتخابات میں 20ارب سے زائد کے اخراجات کا تخمینہ

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ  عام انتخابات میں 20ارب سے زائد کے اخراجات  آنے کا امکان ہے، حکومت نے فنڈزکی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات پر اخراجات کا ابتدائی تخمینہ لگالیا ، جس کے مطابق انتخابات میں 20ارب سے زائد لاگت آنے کا امکان ہے۔

    الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں سیکیورٹی پر ایک ارب،الیکشن ڈیوٹی کی مد میں 6سے7ارب کے اخراجات آئیں گے جبکہ ٹرانسپورٹیشن کی مد میں ایک ارب سے زائد اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    بیلٹ پیپرکی خریداری اورچھپائی پر ڈھائی ارب روپے کے اخراجات آئیں گے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے فنڈزکی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے، حکومت پہلے بھی فنڈزدےچکی ہے، فنڈزکی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    گذشتہ روز  الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کیلئے صدر مملکت ممنون حسین کو سمری بھجوائی تھی۔


    مزید پڑھیں : الیکشن کمیشن کی صدر کو عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی سمری ارسال


    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے صدر کو3 تاریخیں تجویز کی ہیں، انتخابات کیلئے جولائی کے آخری ہفتے کی 3تاریخیں تجویز کی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق تجویز کردہ تاریخیں 25 تا 27 جولائی 2018 کی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عام انتخابات 2018 کے لئے الیکشن کمیشن یکم جون کو شیڈول جاری کرے گا جبکہ صدر مملکت ممنون حسین کی طرف سے سمری کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن عام انتخابات کی شیڈول کا باقاعدہ اعلان کرے گا۔

    واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد جولائی کے مہینے میں انتخابات کے انعقاد کا امکان ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن کی صدر کو عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی سمری ارسال

    الیکشن کمیشن کی صدر کو عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی سمری ارسال

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی سمری ارسال کردی، جس میں 25تا 27جولائی 2018 کی تاریخیں تجویز کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہے ، عام انتخابات کا مجوزہ شیڈول تیار کرلیا گیا اور الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کیلئے صدر مملکت ممنون حسین کو سمری بھجوا دی۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے صدر کو3 تاریخیں تجویز کی ہیں، انتخابات کیلئے جولائی کے آخری ہفتے کی 3تاریخیں تجویز کی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق تجویز کردہ تاریخیں 25 تا 27 جولائی 2018 کی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2018 کے لئے الیکشن کمیشن یکم جون کو شیڈول جاری کرے گا جبکہ صدر مملکت ممنون حسین کی طرف سے سمری کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن عام انتخابات کی شیڈول کا باقاعدہ اعلان کرے گا۔

    یاد رہے 8 جولائی کو اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا تھا، اجلاس میں عام انتخابات کی پولنگ کے لیے دو تاریخوں پر غور اور پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا تھا۔


    مزید پڑھیں : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی دو تاریخوں پرغور شروع کردیا


    ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخاب 2018 کے انعقاد کیلئے دو مجوزہ تاریخوں پر غور شروع کردیا ہے، جس میں سے ایک تاریخ کا حتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن 2018 کی پولنگ کے لیے 25 یا 26 جولائی کی تاریخوں پر غور کیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد جولائی کے مہینے میں انتخابات کے انعقاد کا امکان ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی دو تاریخوں پرغور شروع کردیا

    الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی دو تاریخوں پرغور شروع کردیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے25 یا 26جولائی کو عام انتخابات کی مجوزہ تاریخ پر غور شروع کردیا ہے، امکان ہے کہ حتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے گا، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران، صوبائی الیکشن کمشنرز اور چاروں چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔

    اس موقع پر  شرکاء نے  عام انتخابات کی پولنگ کے لیے دو تاریخوں پر غور اور پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر پیش رفت کا جائزہ لیا ۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخاب 2018 کے انعقاد کیلئے دو مجوزہ تاریخوں پر غور شروع کردیا ہے،  جس میں سے ایک تاریخ کا حتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے گا، ذرائع کے مطابق الیکشن 2018 کی پولنگ کے لیے 25 یا 26 جولائی کی تاریخوں پر غور کیا جارہا ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پنجاب کے470میں سے363پولنگ اسٹیشنز میں سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں، پنجاب کے107پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولتوں کیلئے جلد کام شروع ہوگا۔

    اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے1226 میں سے 532پولنگ اسٹیشنز پر سہولتیں مہیا کی گئی ہیں، خیبر پختونخوا کے694پولنگ اسٹیشنز پر جلد سہولتیں جلد دی جائیں گی۔

    دوسری جانب سندھ کے 3824میں سے 3688پولنگ اسٹیشنز پر سہولتیں مہیا کردیں گئی ہیں اور بلوچستان کے576پولنگ اسٹیشنز پرسہولیات کی فراہمی کیلئے کام تیزی سے جاری ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے معذور افراد کیلئے پولنگ اسٹیشنز پر ریمپ لگانے کی خصوصی ہدایت کی ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگیں گے۔

    انہوں نے صوبائی حکومتوں کو پولنگ اسٹاف کی تعداد مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے ہدایات دی ہیں کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اورآر اوز کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، اجلاس میں الیکشن کمیشنر نے پولنگ اسٹیشنز کی جائزہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    یاد رہے کہ موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد جولائی کے مہینے میں انتخابات کے انعقاد کا امکان ہے۔

  • الیکشن کمیشن میں عام انتخابات کی تیاریوں سےمتعلق اجلاس

    الیکشن کمیشن میں عام انتخابات کی تیاریوں سےمتعلق اجلاس

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان میں عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس کا شروع ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردارمحمد رضا کی زیرصدارت عام انتخابات کی تیاریوں سےمتعلق اجلاس جاری ہے جس میں چیف الیکشن کمشنر، سیکریٹریز، ایڈیشنل چیف سیکریٹری شریک ہیں۔

    اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ضلعی سطح پرسہولتوں کی عدم موجودگی کی رپورٹ پر پیش رفت، انتہائی حساس اسٹیشنوں پرسی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، پولنگ کے عملے کی تقرری کے لیے افسران اور عہدیداروں کی فہرست کی دستیابی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردارمحمد رضا کی زیرصدارت اجلاس میں وزیرداخلہ احسن اقبال پرحملے کے تناظر میں پولنگ سے پہلے انتخابی مہم سمیت انتخابی عمل کے دوران امن وامان کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔


    الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے خلائی مخلوق والے بیان کی تردید کردی

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلائی مخلوق والے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بیان آئین کی روح، الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کے خلاف ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی وقانونی ذمہ داریوں میں مکمل آزاد ہے اور آئندہ انتخابات کے لیے مکمل تیارہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سب سے زیادہ سیٹیں کراچی سے تحریک انصاف جیتے گی: نعیم الحق

    سب سے زیادہ سیٹیں کراچی سے تحریک انصاف جیتے گی: نعیم الحق

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں سب سے زیادہ سیٹیں کراچی سے تحریک انصاف جیتے گی اور انشااللہ شہر کی سب سے بڑی جماعت بھی ہماری ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کراچی میں 2، 3 سیٹوں سے زیادہ نہیں جیتے گی، جبکہ تحریک انصاف دیگر جماعتوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ سیٹیں جیت کر سب سے بڑی جماعت بن جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام اب تمام جماعتوں کو مسترد کر دیں گے، تحریک انصاف نے نیا پاکستان کا نعرہ لگایا ہے جس کے لیے شہر کے عوام ہمارا ساتھ دیں گے، ملک کو کرپشن سے پاک کر کے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

    یہ بجٹ نہیں بلکہ حکومت کی جانب سے جمع تفریق کی مشق ہے: نعیم الحق

    گذشتہ روز تحریک انصاف کے مینار پاکستان پر ہونے والے تاریخی جلسے سے متعلق نعیم الحق کا کہنا تھا کہ کل لاہور میں جو جلسہ ہوا ایسا جلسہ کافی عرصے سے نظر نہیں آیا لیکن اس جلسے سے مخالفین کو بڑی تکلیف ہوئی ہے، کل جلسے میں لاہور کے لوگ چاروں طرف موجود تھے۔

    سراج الحق نے شروع ہی سے ہماری پیٹھ میں خنجر گھونپا: نعیم الحق

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں 2011 کا جلسہ کل کے جلسے سے بڑا نہیں تھا، جلسوں سے ووٹر کا اندازہ لگانے کی فضول کوشش کی جاتی ہے، جلسے میں یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ پارٹی لیڈر کا پیغام عوام تک پہنچا ہے یا نہیں پہنچا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیس بک کے جعلی اکاؤنٹس پاکستان میں عام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں،  مارک زکر برگ

    فیس بک کے جعلی اکاؤنٹس پاکستان میں عام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں، مارک زکر برگ

    واشنگٹن : فیس بک کےمالک مارک زکر برگ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نے فیس بک کے جعلی اکاؤنٹ رکھنے والے اس سال پاکستان میں ہونے والےعام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک کے سربراہ کو امریکی کانگریس میں پیشی پر ڈیٹا کے غیرمحفوظ ہونے پر سخت سوالات سامنا کرنا پڑا ، اس موقع پر پاکستان میں الیکشن کا تذکرہ بھی ہوا۔

    مارک زکربرگ نے کانگریس میں کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان کے انتخابات پراثرانداز ہونے کی کوشش کی جاسکتی ہے، پوری کوشش ہے کہ پاکستان میں الیکشن پر فیس بک کے ذریعے کوئی اثراندازنہ ہو۔

    بانی فیس بک کا کہنا تھا کہ رواں سال کئی ممالک میں انتخابات کاانعقاد ہورہاہے، کوشش ہے پاکستان سمیت دیگرملکوں میں ہونے والے انتخابات کی ساکھ متاثرنہ ہو، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کی ہرکوشش ناکام بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، روس میں بیٹھے کچھ افراد ہمارے سسٹم کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔


    مزید پڑھیں : فیس بک کے غلط استعمال سے روس امریکی نظام کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے: مارک زکربرگ


    فیس بک کےمالک مارک زکر برگ نے امریکی کانگریس کو بتایا کہ فیس بک جعلی اکائونٹس پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ایسے اکائونٹس بند کئے جا رہے ہیں، جن سے ماضی مین قبل انتخابی عمل میں ووٹ پراثرانداز ہونے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔

    مارک زکربرگ نے صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ میں ناکامی پرمعافی بھی مانگی اور اعتراف کیا کہ سماجی ویب سائٹ نے اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کے کوائف کا غلط استعمال روکنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے تھے، جس کی وہ پوری ذمہ داری قبول کرتےہیں ۔

    انہوں نے تسلیم کیا ٹولزکےغیرقانونی استعمال روکنے میں کوتاہی ہوئی جس سے جعلی خبریں پھیلیں۔

    خیال رہے کہ فیس بک کےبانی امریکی کانگریس کی مختلف کمیٹیوں کے سامنےپیش ہوں گے۔

    اس سے قبل امریکی سینیٹر جون کینیڈی نے مارک زکر برگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ فیس کے بانی ڈیٹا چوری کے حوالے سے سچ بولیں ورنہ ہم سچ تک خود پہنچنا جانتے ہیں۔

    یاد رہے کہ صارفین کے ڈیٹا کے غلط استعمال پر بانی فیس بک نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا اس صورتحال سے صارفین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی، اگر ہم عوام کے ڈیٹا کی حفاظت نہیں کر سکتے تو کام چھوڑ دینا چاہیے۔


    مزید پڑھیں : صارفین کے ڈیٹا کاغلط استعمال، فیس بک کے بانی نے غلطی تسلیم کرلی


    بعد ازاں فیس بک نے فیصلہ کیا کہ وہ ڈیٹا چوری کے حوالے سے صارفین سے رابطہ کرکے اس بارے میں آگاہ کریں گے، کمپنی کے مطابق متاثرہ صارفین کو ان کی نیوز فیڈ پر تفصیلی پیغام کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا، ان صارفین میں سے اکثریت ان کی ہے جنہوں نے اپنی معلومات ڈیٹا انالیٹیکس فرم کے ساتھ شیئر کی تھیں، ان میں سے 70 ملین افراد کا تعلق امریکا سے بتایا جاتا ہے۔

    تمام فیس بک صارفین کو بھی پروٹیکٹنگ انفارمیشن کا ایک ایپلی کیشن کے ساتھ نوٹس دیا جائے گا، ایپلی کیشن کے ذریعے یہ معلوم کیا جائے گا کون سی معلومات آپ نے شیئر کی ہیں، یہ اقدام کیمبرج انالیٹیکا کمپنی پر عائد الزام کے باعث کیا گیا ہے۔

    خیال رہے سیاسی مشاورتی کمپنی کی جانب سے امریکی صدارتی انتخاب میں فیس بک کے کروڑوں صارفین کا ڈیٹا بغیراجازت استعمال ہونے کے انکشاف کے بعد فیس بک کوشدیدتنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    واضح رہے انالیٹیکا کمپنی پر الزام ہے کہ انہوں نے لاکھوں امریکی شہری کی معلومات کو ایک سافٹ ویئر پروگرام کے تحت امریکی صدارتی الیکشن میں ووٹرز پر اپنا اثر و رسوخ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔