Tag: عام انتخابات

  • عام انتخابات کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

    عام انتخابات کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی عام انتخابات کے لیے تیاریاں جاری ہیں، کمیشن نے عالمی مبصرین کو کارڈ جاری کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کر لی، جب کہ معلومات کی بروقت فراہمی کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عالمی مبصرین کے لیے خصوصی فیچرز ایکریڈیشن کارڈز کی چھپائی آخری مراحل میں داخل ہے، عالمی مبصرین وزارت خارجہ کی آن لائن سروس پر درخواست اور ویزا حاصل کر سکیں گے، جب کہ الیکشن کمیشن کو وزارت خارجہ عالمی مبصرین کی مکمل فہرست فراہم کرے گا۔

    الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مبصرین کی سیکیورٹی کلیئرنس وزارت داخلہ کرے گی، یورپی یونین، کامن ویلتھ سمیت بیش تر فورمز کو مراسلے بھجوا دیے گئے ہیں۔

    عالمی مبصرین کے لیے الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ایک ڈیسک قائم کیا جائے گا، اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں سہولت سینٹر قائم ہوں گے۔

  • عام انتخابات : الیکشن کمیشن کا  انتخابی افسران کے سروس ریکارڈ کی چھان بین کا فیصلہ

    عام انتخابات : الیکشن کمیشن کا انتخابی افسران کے سروس ریکارڈ کی چھان بین کا فیصلہ

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے انتخابی افسران کے سروس ریکارڈکی چھان بین کا فیصلہ کرلیا اور کہا بہترین شہرت والے افسر ڈی آراو اور آر او بنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2024 کی تیاریاں جاری ہے ، الیکشن کمیشن نے انتخابی افسران کےسروس ریکارڈ کی چھان بین کافیصلہ کرلیا۔

    ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ بہترین شہرت کے حامل افسران کو ڈی آراو، آر اوتعینات کیاجائےگا، آراوزکے لیے منتخب کیے گئے افسروں کے سروس ریکارڈ کی مکمل پڑتال کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی کے لیے رولز میں تبدیلی کر دی، الیکشن کمیشن نے افسران کی بطورڈی آر اوز اور آر اوز تعیناتی سے پہلے سروس ریکارڈ چیک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ انتظامی افسران کی فہرست کے ساتھ سروس ریکارڈ بھی الیکشن کمیشن کو بھیجنا لازمی قرار دیا جبکہ ڈی آر اوز اور آر اوز کے لیے بہترین شہرت کا افسر ہونا بھی لازمی قرار دیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ڈی آر اوز کی تعیناتی کےلیےگریڈ 18یا اس سے اوپر کا افسر تعینات کیاجائے گا ، ڈی آر او تعیناتی سے قبل افسر کی ریٹائرمنٹ مدت کم سے کم ایک سال باقی ہونی چاہیے۔

    اس کے علاوہ ریٹرننگ افسران کے لیے کم از کم گریڈ 17 کا افسر ہونا لازم ہے، آراوزکی تعیناتی سے قبل متعلقہ افسرکی ریٹائرمنٹ کی مدت کم سےکم ایک سال ہونی چاہیے۔

    ذرائع کے مطابق اےآراوکم از کم گریڈ 16 کا افسر تعینات کیا جائے گا، اے آراوزکی تعیناتی سے قبل ریٹائرمنٹ کی مدت کم سےکم 6ماہ ہونی چاہیے جبکہ ہرپولنگ اسٹیشن کےایک بوتھ کے لیے ایک اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسر تعینات کیا جائے گا، 6ماہ سےکم سروس والےافسران کوپریذائیڈنگ افسران تعینات نہیں کیاجائےگا۔

  • عام انتخابات : جی ڈی اے کی پانچوں جماعتوں نے اہم فیصلہ کرلیا

    عام انتخابات : جی ڈی اے کی پانچوں جماعتوں نے اہم فیصلہ کرلیا

    نواب شاہ : جی ڈی اے کی پانچ جماعتوں کے رہنماؤں نے 8 فروری کو ہونے والے الیکشن کے حوالے سے متفقہ طور پر حتمی فیصلے کا اعلان کردیا۔

    نواب شاہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صفدرعباسی، سردارعبدالرحیم اور دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ جی ڈی اے کی پانچوں جماعتیں انتخابات میں مشترکہ طور پر حصہ لیں گی۔

    جی ڈی اےرہنما صفدر عباسی نے کہا کہ ہم تمام جماعتوں کو اس اتحاد میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں، صوبہ سندھ کی تعلیم اور انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے کو ملنے والے ورلڈ بینک کے پیسے کہاں خرچ ہوئے کسی کو کچھ نہیں پتہ، سندھ میں 15سال پیسوں کے ذریعے ایک نظام مسلط رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کو عام انتخابات میں عوام مسترد کردینگے۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردارعبدالرحیم نے کہا کہ جی ڈی اے میں شمولیت کیلئے بہت سے لوگوں نے رابطہ کیا ہے، گزشتہ 16ماہ جی ڈی اے کی ایک خاتون رکن اسمبلی 13جماعتی اتحاد پر بھاری تھی۔

    سردارعبدالرحیم نے مزید کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سمیت دیگر سیاسی جماعتیں پی پی جیسے ناسور سے جان چھڑانے کیلئے متحد ہیں۔

  • ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے،   نوٹیفیکیشن جاری

    ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے، نوٹیفیکیشن جاری

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8فروری2024 کو عام انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا ہے کہ وفاق اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تاریخ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا ہے کہ عام انتخابات کا اعلان الیکشن ایکٹ کے سیکشن 57 کے تحت کیا گیا ہے۔

    نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں عام انتخابات آٹھ فروری 2024 کو ہوں گے، وفاق اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز ہونگے۔

    اس سے قبل گزشتہ رات گئے تک صدر مملکت اور الیکشن کمیشن کے درمیان انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کی گئی اور اٹارنی جنرل نے اس میں کردار ادا کیا۔

    الیکشن کمیشن کی ٹیم ایوان صدر گئی تھی، جس کے بعد آٹھ فروری کو انتخابات کی تاریخ پر اتفاق کیا گیا، جس کے بعد ایوان صدر اور الیکشن کمیشن کی طرف سے الگ الگ اعلامئے بھی جاری کئے گئے تھے۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کی عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز،  انتخابی دفاتر کھولنے کا   فیصلہ

    ایم کیو ایم پاکستان کی عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز، انتخابی دفاتر کھولنے کا فیصلہ

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان نے ایک سے دو روز میں کراچی میں انتخابی دفاتر کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایم کیو ایم قیادت نے سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی ایم کیو ایم پاکستان نے عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز کردی اور سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم نے ایک سے دو روز میں کراچی میں انتخابی دفاتر کھولنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، کراچی میں سو سے زائد انتخابی دفاتر کھولے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے آئندہ دو ماہ میں تین جلسے کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے لیاری میں بھی انٹری ڈالنے پر غور شروع کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق 4 نومبر کو برنس روڈ پر عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے پروگرام کیا جائے گا اور 26 نومبر کو ایم کیو ایم کورنگی میں میدان سجائے گی جبکہ کورنگی کے بعد انتخابی مہم کے حوالے سے دو دسمبر کو گلشن اقبال اور اسکے بعد لیاری میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ رواں ہفتے ایم کیوایم میں مختلف برادریاں اور اہم سماجی شخصیات بھی شمولیت اختیار کریں گی۔

  • سپریم کورٹ کی ہدایت : الیکشن کمیشن کا انتخابات کیلئے صدر سے مشاورت کا فیصلہ

    سپریم کورٹ کی ہدایت : الیکشن کمیشن کا انتخابات کیلئے صدر سے مشاورت کا فیصلہ

    اسلام آباد : سپریم کورٹ کی ہدایت ہر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کیلئے صدر مملکت عارف علوی سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق د سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے صدر مملکت عارف علوی سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا ہے، بہت جلد الیکشن کمیشن صدر سے مشاورت کرے گا اور اس حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے سپریم کورٹ میں90روزمیں عام انتخابات کےانعقادسےمتعلق کیس میں لیکشن کمیشن نے انتخابات کا شیڈول سے متعلق عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 29جنوری کوحلقہ بندیوں سمیت تمام انتظامات مکمل ہوں گے ، 11فروی کو ملک بھر میں انتخابات ہوں گے، 3سے 5 دن حتمی فہرستوں میں لگیں گے اور 5دسمبرکو حتمی فہرستیں مکمل ہو جائیں گی ، 5 دسمبر سے 54 دن گن لیں تو29 جنوری بنتی ہے۔

    وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام کی آسانی کیلئےاتوارڈھونڈرہے تھے، 4فروی کو پہلا اتوار بنتا ہے دوسرا اتوار 11فروری بنتا ہے، ہم نے اپنے طور پر یہ فیصلہ کیا 11 فروری والے اتوارکوالیکشن کرائے جائیں۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا صدر مملکت آن بورڈہیں؟ تو وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ہم صدر مملکت کو آن بورڈلینے کے پابند نہیں ہیں ، جس پر چیف جسٹس نے تاریخ دینے سےقبل صدرسےمشاورت نہ کرنےپر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت بھی پاکستانی ہیں اور الیکشن کمیشن بھی پاکستانی ہے، الیکشن کمیشن صدرسے مشاورت نہ کرنے پر کیوں ہچکچاہٹ کاشکار ہے،چیف جسٹس

    ہم جواب کا انتظار کر لیتے ہیں، صدر مملکت اور الیکشن کمیشن آپس میں بات کریں، صدر مملکت کیا ملک میں ہیں، صدر مملکت کیساتھ الیکشن کمیشن بات چیت کرے، کسی کو اعتراض ہے اگر الیکشن کمیشن صدر سے مشاورت کرے، ہم چاہتے ہیں جس کی ذمہ داری ہے وہ پوری کریں، انتخابات کب ہونا ہے یہ آئینی کھلاڑیوں نے فیصلہ کرنا ہے۔

    جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں انتخابات ہو جائیں، ہم ایک تنازع کو ختم کرنا چاہتے ہیں ، سب کو انتخابات چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ ادارے ترقی کریں، پارلیمنٹ اپنا کام کرے اور صدر مملکت اپنا کام کریں، الیکشن کمیشن اپنا کام کریں ہم بھی سوچ لیتے ہیں کیا کریں، آرڈر جاری کریں یا نہ کریں،ہر کسی کو اپنا کام خود کرنا ہوگا، ہم دوسروں کا کام نہیں کریں گے۔

  • عام انتخابات : الیکشن کمیشن کا انتخابی ڈیوٹی کیلئے نجی شعبے سے عملہ لینے پر غور

    عام انتخابات : الیکشن کمیشن کا انتخابی ڈیوٹی کیلئے نجی شعبے سے عملہ لینے پر غور

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے  انتخابی ڈیوٹی کیلیے نجی شعبے سے عملہ لینے پر غور شروع کردیا ، مجموعی طور پر 2 لاکھ 5 ہزار 388 اہلکاروں کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن 2024 کی تیاریوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن انتخابی ڈیوٹی کیلیے نجی شعبے سے عملہ لینے پر غور کررہی ہے اور پولنگ اسٹیشنز پر بھی نجی اداروں کے ملازمین کو انتخابی عملے کے طور پر تعینات کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    سندھ کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر نجی شعبے سے عملہ لینے کی تجویز ہے، انتخابات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 5 ہزار 388 اہلکاروں اور الیکشن ڈیوٹی کے لیے 2 لاکھ 38 ہزار 317 پولنگ اسٹاف کی ضرورت ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 لاکھ 23 ہزار 317 سرکاری محکموں سے لیے جائیں گے تاہم کم پڑنے والا 15 ہزار عملہ نجی شعبے سے پورا کیے جانے کی تجویز ہے۔

    یاد رہے الیکشن کمیشن نے انتخابات میں ڈیوٹی کرنے والے افسران کی فہرست تیار کی تھی، پریزائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ اسٹاف کی فہرست تیار کی گئی تھی، دستاویزات میں بتایا گیا تھا کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 10 لاکھ 7361 افسران کو تعینات کیا جائے گا۔

  • عام انتخابات کا 90 روز میں انعقاد، کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

    عام انتخابات کا 90 روز میں انعقاد، کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

    عام انتخابات کے 90 روز میں انعقاد سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا، چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بینچ سماعت کرے گا.

    تفصیلات کے مطابق 90 دنوں میں عام انتخابات کے حوالے سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 2 نومبر کو سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس امین الدین خان شامل ہیں۔

    سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت کو نوٹس دیتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔ سپریم کورٹ بار، پی ٹی آئی سمیت دیگر نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

    فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس بھی سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم 2 رکنی بینچ یکم نومبر کو اس پر سماعت کرے گا۔

    رجسٹرار سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر تمام فریقین سے تحریری جواب طلب کیا تھا۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر نے نظرثانی درخواستیں واپس لینے کی استدعا کر رکھی ہے۔

  • عام انتخابات : الیکشن کمیشن نے غیر ملکی مبصرین کے لیے دعوت نامہ جاری کر دیا

    عام انتخابات : الیکشن کمیشن نے غیر ملکی مبصرین کے لیے دعوت نامہ جاری کر دیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے غیر ملکی مبصرین کے لیے دعوت نامہ جاری کر دیا، غیر ملکی مبصرین ویزے کے جلد حصول کیلیے وزارت خارجہ کے ”پاکستان آن لاٸن پورٹل“ پر کواٸف جمع کرا سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے غیر ملکی مبصرین کے لیے دعوت نامہ جاری کر دیا، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابات کی شفافیت کیلیے ملکی و غیر ملکی مبصرین کیلیے اوپن ڈور پالیسی ہے،غیر ملکی مبصرین کو الیکشن کمیشن میں ایکرڈیشن کروانا لازمی ہو گی۔

    الیکشن کمیشن نے بتایا کہ غیر ملکی مبصرین ویزے کے جلد حصول کیلیے وزارت خارجہ کے ”پاکستان آن لاٸن پورٹل“ پر کواٸف جمع کرا سکتے ہیں، غیر ملکی مبصرین کو پاکستان پہنچنے کے بعد الیکشن کمیشن میں ایکریڈیشن کروانا ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ایکرڈیشن فارم الیکشن کمیشن کی ویب ساٸٹ سے ڈاٶن لوڈ کیے جا سکتے ہیں تاہم سیاسی وابستگی کے حامل افراد کو ایکریڈیشن جاری نہیں کیا جائے گا جبکہ غیر ملکی مبصرین کیلیے سیکیورٹی کلیرنس لازمی قرار دی گئی ہے۔

    جاری دعوت نامہ میں کہا گیا ہے غیر ملکی مبصرین انتخابی بے قاعدگیوں کی رپورٹ جمع کراٸیں، غیر ملکی مبصرین رپورٹ میں انتخابی عمل کو مزید بہتر بنانے کیلیے تجاویز بھی دے سکتے ہیں۔

  • عام انتخابات کی تیاریاں: الیکشن کمیشن کا عالمی مبصرین کیلئے اوپن ڈور پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ

    عام انتخابات کی تیاریاں: الیکشن کمیشن کا عالمی مبصرین کیلئے اوپن ڈور پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں عالمی مبصرین کیلئے اوپن ڈور پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا اور وزارت خارجہ کو ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات تیاریوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا ، جس میں عالمی مبصرین کیلئے اوپن ڈور پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا.

    اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی طرف سے وزارت خارجہ کو ہدایات جاری کردیں ہیں ، جس میں کہا ہے کہ تمام عالمی مبصرین کوانتخابات میں دعوت دی جائے ، یہ کام فارن مشنز کےذریعے ایک ہفتے میں مکمل کیاجائے۔

    عالمی مبصرین کےویزا پراسس کوتیزی سےمکمل کریں اور ہرممکن سہولت فراہم کی جائیں۔

    الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے جوائنٹ الیکشن کمشنر فوکل پرسن تعینات کردیئے ہیں اور کہا ہے کہ عالمی مبصرین کی سکیورٹی کوبھی یقینی بنایا جائے اور سیکیورٹی سے متعلق تمام امور کو 2 ہفتےمیں مکمل کیاجائے۔

    الیکشن کمیشن اجلاس میں فیڈرل بورڈ آ ف ریونیو کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ عالمی مبصرین اورمیڈیانمائندگان کےتمام آلات کوکسٹم ڈیوٹی سےاستثنیٰ دیاجائے اور تمام آلات،کیمرےودیگرضروری سامان کو کسٹم ڈیوٹی سے استثنیٰ قرار دیا جائے۔

    الیکشن کمیشن نے اس بارے میں ایک ایکشن کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔