Tag: عام انتخابات

  • پنجاب میں عام انتخابات کے لیے آر اوز اور ڈی آر اوز تعینات

    پنجاب میں عام انتخابات کے لیے آر اوز اور ڈی آر اوز تعینات

    لاہور: صوبہ پنجاب میں عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران (آر او)، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران (اے آر اوز) کی تعیناتیاں کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران (آر او) اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) کی تقرری کردی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کو بیورو کریسی سے لیا گیا ہے، پنجاب میں انتخابات کے لیے 36 ڈی آر اوز اور 297 آر اوز کی تعیناتی کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں پنجاب میں انتخابات کے لیے 594 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر (اے آر اوز) کی بھی تعیناتی کردی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کے لیے سعید گل کی بطور آر او تعیناتی کی گئی ہے۔

  • الیکشن کا التوا: پی ڈی ایم نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا

    الیکشن کا التوا: پی ڈی ایم نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا

    اسلام آباد: صوبوں اور مرکز میں عام انتخابات کے التوا کی بھونڈی کوشش شروع کردی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کے التوا کے لئے حکومتی اتحادی جماعتوں میں ابتدائی مشاورت مکمل کرلی گئی ہے، الیکشن کے التوا کے لئے پی ڈی ایم کا پلیٹ فارم استعمال کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

    ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس معاملے پر پی ڈی ایم عدالت سےرجوع کرسکتی ہے جس کا ہوم ورک مکمل کرلیاگیا ہے اور عدالت میں پٹیشن دائرکرنےکیلئےقانونی ماہرین سے مشاورت جاری ہے۔

    اس سے قبل وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انتخابات میں التوا کی آئین میں اجازت موجود ہے، اس کےلیے نئی قانون سازی کی ضرورت نہیں۔

    اعظم نذیرتارڑ کا کہنا تھا کہ انتخابات میں التوا کےلیے ٹھوس وجوہات کا ہونا ضروری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی آئینی کام اس وجہ سے غیرآئینی نہیں ہوتا کہ وہ مقررہ مدت کے بعد کیا جائے۔

    دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان کئی مواقعوں پر کہہ چکے کہ کسی صورت انتخابات کا التوا نہیں ہونے دینگے، ہم نے دو اسمبلیاں تحلیل کیں، قانون کے مطابق نوے روز میں الیکشن کرانا لازمی ہے۔

  • عام انتخابات کا معاملہ  : الیکشن کمیشن کو 18 ارب روپے کی رقم موصول

    عام انتخابات کا معاملہ : الیکشن کمیشن کو 18 ارب روپے کی رقم موصول

    اسلام آباد : وفاقی حکومت کی جانب سے پری الیکشن اخراجات کی مد الیکشن کمیشن کو 18 ارب روپے کی رقم موصول ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو 18 ارب روپے کی رقم موصول ہوگئے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پری الیکشن اخراجات کی مد میں رقم فراہم کی گئی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات میں رقم استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے انتخابی اخراجات سے متعلق نیا تخمینہ بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے ، دو اسمبلیوں میں الگ انتخابات کے باعث اخراجات 10 ارب سے زائد بڑھ گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے پہلے عام انتخابات پر 47 ارب روپے کا تخمینہ بھجوایا تھا لیکن اب دو اسمبلیوں میں الگ انتخابات کی وجہ سے کل اخراجات 57 ارب سے زائد ہوں گے۔

  • پنجاب، کے پی میں عام انتخابات اپریل میں کیے جائیں: الیکشن کمیشن کی تجویز

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختون خوا میں عام انتخابات اپریل میں کرنے کی تجویز سامنے رکھ دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے اپریل کے پہلے ہفتے میں پنجاب، خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تجویز سامنے آئی ہے، تاہم پولنگ کب ہوگی، اس کا حتمی فیصلہ گورنرز کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن 90 روز میں عام انتخابات کرانے کا پابند ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن اگلے ہفتے گورنرز سے خط و کتابت کا آغاز کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب اور کے پی کے میں عام انتخابات میں قانونی رکاوٹ آڑے نہیں آ سکتی، الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ نئی مردم شماری پر بھی الیکشن مقررہ دنوں میں ہی کرائے جائیں گے، جب کہ الیکشن کمیشن 2017 کی مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے مطابق انتخابات کرائے گا۔

    الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 2 ہفتوں میں مشاورت کر کے عام انتخابات کا شیڈول تیار کیا جائے، اور تجویز سامنے رکھی گئی ہے کہ اتوار کے روز پولنگ ہو، کیوں کہ چھٹی کے روز ٹرن آؤٹ زیادہ ہوتا ہے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ای سی پی کی جانب سے گورنرز کو ایک سے زائد پولنگ ڈیز کی تجویز ارسال کی جائے گی، جب کہ پولنگ ڈے کا حتمی فیصلہ پنجاب اور کے پی گورنرزکریں گے، کیوں کہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت پولنگ ڈے پر صرف تجویز گورنر کو بھیج سکتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پولنگ ڈے مقرر کرنے کا اختیار صوبوں میں گورنرز کے پاس ہے، جب کہ قومی اسمبلی اور چاروں صوبوں میں ایک ساتھ عام انتخابات کا اختیار صدر مملکت کو ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی ڈرافٹ پولنگ اسکیم تیار کرلی

    الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی ڈرافٹ پولنگ اسکیم تیار کرلی

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی ڈرافٹ پولنگ اسکیم تیار کرلی، انتخابات کیلئے ملک بھر میں تقریباً ایک لاکھ پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں تیز کردی ، ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی ڈرافٹ پولنگ اسکیم تیار کرلی ہے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں تقریباً ایک لاکھ پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے، ایک پولنگ اسٹیشن پر ووٹرز کی زیادہ سے زیادہ تعداد بارہ سو رکھی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق انتخابی شیڈول جاری ہونے پر ڈرافٹ پولنگ اسکیم ڈی آر اوز کے حوالے کی جائے گی اور سیلاب کے باعث اسکولز کی متبادل سرکاری عمارتوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔

    خیال رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئے عام انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کے لئے اقدامات کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس سے قبل ای سی پی کی جانب سے الیکشن رولز میں بڑی تبدیلی کی گئی تھی ، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق انتخابات میں پولنگ ایجنٹس کا حلقے کا ووٹر ہونا لازم قرار دے دیا گیا اور کہا تھا کہ کسی بھی امیدوار کے پولنگ ایجنٹ کا تعلق دوسرے حلقے سے نہیں ہوسکتا۔

  • اگلے برس الیکشن ہوں گے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن نے اہم خط لکھ دیا

    اگلے برس الیکشن ہوں گے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن نے اہم خط لکھ دیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ مردم و خانہ شماری کی فہرستیں تاخیر سے ملیں تو اگلے برس عام انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، موجودہ حالات میں الیکشن کمیشن کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی مشق شروع کرنا مشکل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ شماریات نے مردم و خانہ شماری کی فہرستیں 31 دسمبر 2022 تک فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کردی۔ محکمہ شماریات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 30 اپریل 2023 تک ہی مردم و خانہ شماری کے عبوری نتائج فراہم کیے جاسکتے ہیں۔

    اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال حسین نے وزارت منصوبہ بندی کے وفاقی سیکریٹری کو خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری اور خانہ شماری کے بغیر عام انتخابات نہیں کروا سکتے، موجودہ حالات میں الیکشن کمیشن کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی مشق شروع کرنا مشکل ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ 31 مارچ 2023 تک فہرستیں نہ ملیں تو آئین کے آرٹیکل 51(5) پر عمل درآمد ممکن نہیں ہوگا۔

    خط کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس نے ساتویں مردم و خانہ شماری کروانے کی منظوری دی تھی، یہ مردم اور خانہ شماری ڈیجیٹل طریقے سے ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر 2022 تک پاکستان بیورو آف سٹیٹس ٹکس نے عبوری نتائج الیکشن کمیشن کو بھجوانے تھے، تاہم سافٹ ویئر، ہارڈویئر اور خدمات کی فراہمی میں این آر ٹی سی کی ناکامی کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔

    خط میں کہا گیا کہ این آر ٹی سی کی وجہ سے 4 ماہ کی تاخیر ہوگئی، نادرا سے بھی رابطہ کیا گیا۔ حکومت کی تبدیلی اور معاشی صورتحال سے مردم و خانہ شماری کروانے میں مزید تاخیر ہوگئی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بار بار کہہ چکے ہیں کہ 31 دسمبر 2022 تک مردم و خانہ شماری کی فہرستیں فراہم کی جائیں، فہرستیں ملنے پر ہی الیکشن کمیشن کلیدی انتخابی سرگرمیاں مکمل کر سکتا۔

    الیکشن کمیشن نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ فہرستیں ملنے پر ہی آئین کے متعین وقت کے مطابق 2023 میں عام انتخابات منعقد ہو سکیں گے۔

    اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کے خط کی کاپی وزیر اعظم کے سیکریٹری کو بھی بھجوادی گئی ہے۔

  • ملک میں عام انتخابات کب ہوں گے ؟ منظور وسان  کی  بڑی پیش گوئی

    ملک میں عام انتخابات کب ہوں گے ؟ منظور وسان کی بڑی پیش گوئی

    کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک میں عام انتخابات مئی اور جون کے درمیان ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سیاسی پیشگوئیوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان اقتدار جانے کے بعد ذہنی مریض بن چکے ہیں۔

    منظوروسان نے پیش گوئی کی کہ مجھے ملک میں عام انتخابات مئی اور جون کے درمیان ہوتے نظر آرہے ہیں اور عام انتخابات پی ڈی ایم کے رضا مندی سے ہوں گے۔

    عمران خان کے حوالے سے مشیرزراعت نے کہا کہ کیسز سامنے آئیں گے تو عمران خان کو پریشانی کا سامنا ہوگا تاہم بلاول بھٹو وزیراعظم ضرور بنیں گے۔

    یاد رہے مشیر زراعت منظور وسان نے عمران خان کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا آئندہ انتخابات میں عمران خان نظر نہیں آتے ، جو اقتدار سے جاتا ہے وہ جلدی واپس نہیں آتا ، انتظار کرنا پڑے گا۔

  • تحریک انصاف کی عام انتخابات کیلئے پارٹی بیانیے کی تیاریاں شروع ، اہم تجاویز سامنے آگئیں

    تحریک انصاف کی عام انتخابات کیلئے پارٹی بیانیے کی تیاریاں شروع ، اہم تجاویز سامنے آگئیں

    لاہور : تحریک انصاف نے انتخابات کیلئے پارٹی بیانیے کی تیاریاں شروع کردیں، پارٹی بیانیے کے لیے میڈیا اسٹریٹجک کمیٹی اور اہم رہنماؤں کی جانب سے تجاویز دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے معاملے پر پارٹی بیانیے کی تیاریاں شروع کردیں۔

    میڈیا اسٹریٹجک کمیٹی اور اہم رہنماؤں کی جانب سے تجاویز دینے کا سلسلہ جاری ہے ، مجوزہ بیانیے میں بدعنوانی اور تباہ حال معیشت کو ترجیح دینے کی تجویز دی ہے۔

    مجوزہ بیانیے میں پی ڈی ایم حکومت کی نیب اورانتخابی ترامیم کو بیانیے میں رکھا جائے اور کرپشن، ہوشربا مہنگائی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بیانیے میں شامل کیا جائے۔

    میڈیا اسٹریٹجک کمیٹی اور اہم رہنماؤں نے تجویز دی ہے کہ ناکام معاشی پالیسیوں، بڑھتے ہوئے یوٹیلیٹی بلز کو بھی بیانیے کا حصہ بنایا جائے اور الیکشن کمیشن کے جانبدار سمیت عمران خان پر حملے کا معاملہ ، اجتماعات میں اجاگر کیا جائے۔

    پارٹی بیانیے میں پی ٹی آئی دورکی کامیاب معاشی پالیسیوں کو حصہ بنایا جائے، شریف فیملی، زرداری اور فضل الرحمان کی کرپشن کو بھی اجاگر کیا جائے گا، اس کے علاوہ ن لیگ اور پی پی رہنماؤں کو کرپشن کیسز میں ریلیف کو بھی بیانیے کا حصہ بنایا جائے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ عمران خان تجاویز پر مشاورت کے بعد عام انتخابات سے قبل حتمی منظوری دیں گے۔

  • عمران خان  نے عام انتخابات کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا

    عمران خان نے عام انتخابات کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا

    لاہور : تحریک انصاف نے پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے پارلیمانی بورڈ کی تشکیل پر کام شروع کردیا، 3 ریجن پرمبنی بورڈز تشکیل دئیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عام انتخابات کے لیے تیاریوں کا آغازکر دیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے پارلیمانی بورڈکی تشکیل پر کام شروع کردیا ہے ، پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے 3 ریجن پرمبنی بورڈز تشکیل دئیے جائیں گے۔

    ذرائع نے کہا کہ پارلیمانی بورڈزکووسطی ،جنوبی اور اپرپنجاب میں تقسیم کیا گیا ہے، تینوں بورڈز کے اجلاسوں کی صدارت عمران خان خود کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بورڈز میں شاہ محمود قریشی ، اسدعمر سمیت تینوں ریجن کےصدوراورسیکریٹریز شامل ہوں گے ، بورڈز کا اجلاس آئندہ ہفتے عمران خان کی قیادت میں زمان پارک میں مرحلہ وار ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق پارٹی کے 2018میں کامیاب ارکان کوٹکٹوں کی تقسیم میں فوقیت دی جائےگی، اسمبلی سےباہرموجودپارٹی کے سینئر رہنماؤں کوبھی ٹکٹس جاری کیے جائیں گے۔

    تمام ٹکٹوں کی تقسیم کافیصلہ پارٹی چیئرمین عمران خان خودکریں گے ، ٹکٹوں کی تقسیم میں مارچ میں متحرک رہنماؤں اور کارکنوں کو فوقیت دی جائے گی۔

  • الیکشن کمیشن کا عام انتخابات سے متعلق تیاریوں پر اظہار اطمینان

    الیکشن کمیشن کا عام انتخابات سے متعلق تیاریوں پر اظہار اطمینان

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے متعلق تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کردیا،الیکشن کمیشن کے تمام ونگز انتخابی منصوبہ بندی کے مطابق تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا عام انتخابات سے متعلق اہم اجلاس ہوا ، جس میں عام انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

    الیکشن کمیشن کے تمام ونگز انتخابی منصوبہ بندی کے مطابق تیار ہے ، الیکشن کمیشن نے اب تک کی تیاریوں پر ظہار اطمینان کیا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کیلئے بھی کاغذ حاصل کر لیا ہے اور انتخابات کےلئے دیگر ضروری سازوسامان بھی خرید لیا گیا ہے۔

    بعض ضروری کاغذات کی پرنٹنگ سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا اور حلقہ بندیوں کی تکمیل کے بعد امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں انتخابی فہرستوں کی تیاری بارے بھی آگاہ کیا گیا اور پولنگ اسٹاف کے اعدادوشمار کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    الیکشن کمیشن کو انتخابی عملےکی تربیت ،آر ایم ایس کس طرح استعمال ہو گا کی حکمت عملی پربھی بریفنگ دی گئی۔