Tag: عباسی اسپتال

  • عباسی اسپتال کا آپریشن تھیٹر بیماریوں کی آماجگاہ بن گیا

    عباسی اسپتال کا آپریشن تھیٹر بیماریوں کی آماجگاہ بن گیا

    کراچی : عباسی شہید اسپتال کا آپریشن تھیٹر کی حالت نہایت خراب ہے جہاں پر گندگی، خون اور پان کے نشانات اور آلات جراحی سمیت دیگر سہولیات کے فقدان نے انتظامیہ کی قلعی کھول دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عباسی شہیداسپتال جو کراچی میں کے ایم سی کے تحت چلنے والا اسپتال ہے اور سرجانی ٹاؤن سے صدر تک کے لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کا واحد ذریعہ بھی ہے تاہم یہ اسپتال شدید بد انتظامی کا شکار ہے جہاں سہولیات تو ایک طرف صفائی ستھرائی کا بھی کوئی نظام نہیں۔

    کسی بھی اسپتال کا سب سے اہم حصہ آپریشن تھیٹر ہوتا ہے جہاں حساس نوعیت کے آپریشنز کیے جاتے ہیں اور جہاں صفائی سھترائی کے ساتھ ساتھ آلات جراحی اور دیگر سہولیات کا ہمہ وقت میئسر رہنا بہت ضروری امر ہوتا ہے۔

    تاہم عباسی اسپتال کےشعبہ آپریشن تھیٹر کی حالاتِ زار بہت بری ہے جہاں نہ صرف یہ کہ طبی سہولیات کا فقدان ہے اور فرش و دیوار بھی جا بہ جا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں بلکہ چھت بھی سیلنگ کے باعث کمزور ہو چکی ہے اور ڈر ہے کہ کوئی حصہ گر نہ جائے۔

    آپریشن تھیٹر میں صفائی اولین ضرورت ہے لیکن یہاں صفائی کا عملہ بھی غائب رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ آپریشن تھیٹر کی خون سے بھری چادریں بھی اٹھائی نہیں جاتیں اور ہر مریض کے لیے ایک ہی چادر استعمال کی جاتی ہیں جس پر خون کے دھبے لگے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے امراض کی منتقلی کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

    عباسی اسپتال میں سرجری کے فرائض انجام دینے والے مختلف شعبے کے سرجنز نے بھی آپریشن تھیٹر میں گندگی اور غلاظت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صحت و صفائی کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے اور بالخصوص آپریشن تھیٹر میں معیاری اسٹرلائزیشن کے انتظام پر ذور دیا ہے تا کہ انفیکشن کے تبادلے سے محفوظ رہا جا سکے۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری حکومت اور صوبائی حکومت کے درمیان فنڈز کے معاملات کے باعث اسپتال کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے جس کے باعث انتظامیہ کسی قسم کے اقدامات کرنے سے قاصر نظر آتی ہے تاہم اس وجہ سے سب سے مشکل میں اسپتال میں آنے والے وہ مریض ہیں جو قلت آمدنی کے باعث اپنا علاج نجی اسپتال میں نہیں کرا سکتے ہیں۔

  • عباسی شہید اسپتال سے نومولود بچی اغواء ہو گئی

    عباسی شہید اسپتال سے نومولود بچی اغواء ہو گئی

    کراچی : ناظم آباد میں واقع بلدیہ عظمی کراچی کے ماتحت چلنے والے عباسی شہید اسپتال سے پیدائش کے3گھنٹےبعدہی بچی کواغواء کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات آج بھری دوپہر کو عباسی شہید اسپتال کے زچہ و بچہ وارڈ سے ایک نومولد بچی کو اغواء کر لیا گیا ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاہ برقعے میں ملبوس خاتون جو لال ڈوپٹہ اوڑھے ہوئی تھی کس طرح باآسانی نو زائیدہ بچے کو اپنے ہمراہ لے گئی۔

    اس حوالے سے بچی کے والد نازک حسین نے بتایا کہ بچی کی ولادت جمعہ کے روز 12 بجے ہوئی اور 2بجے کےقریب گائنی وارڈسےایک خاتون بچی کو لےکرچلی گئی جس کےاغواءکا مقدمہ ناظم آباد تھانےمیں والد نازک حسین کی مدعیت میں درج کرا دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم ایس عباسی شہید اسپتال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نومولود بچی کےاغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہےجس کی روشنی میں گائنی وارڈکےملازمین سےتفتیش کی جاری ہے۔

    دوسری جانب عباسی اسپتال سے نومولود بچی کے اغواء کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی محمد علی نے غفلت برتنے پر گائنی وارڈ کے عملے میں شامل دو خواتین کو معطل کردیا ہے۔