Tag: عبدالحکیم بلوچ

  • حلقہ این اے 258 : پیپلزپارٹی کےعبدالحکیم بلوچ کامیاب

    حلقہ این اے 258 : پیپلزپارٹی کےعبدالحکیم بلوچ کامیاب

    کراچی : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 میں جاری ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیداوارعبدالحکیم بلوچ نے 80 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی۔

    غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ نے 80 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے یہ معرکہ جیت لیا ہے۔

    اب تک ملنے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق عبد الحکیم بلوچ نے 80 ہزار 272 ووٹ حاصل کیے، 2013ء کے انتخابات میں بھی وہ یہیں سے منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے 57ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔

    عبد الحکیم بلوچ پہلے ن لیگ میں شامل ہوگئے تھے لیکن اس بار وہ پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑرہے ہیں اور انہیں اس بار 30 ہزار سے زائد ووٹ ملے ہیں۔

    عبدالحکیم بلوچ کا اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شیر کو یہاں سے ہی نہیں پورے سندھ سے بھگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ تبدیل ہونے پر خود بھی حیران ہوں۔

    یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 258 کی یہ نشست مسلم ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ کے استعفیٰ دینے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ایم کیوایم پاکستان نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 258 میں ضمنی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

    این اے 258 میں ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 8ہزار 613 ہے جبکہ حلقے میں 287 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ حلقے میں تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا اور ہرپولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز کے اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

    قومی اسمبلی کی نشست این اے 258 پر پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ سمیت 14امیدوار مد مقابل تھے۔انتخابی عمل پرسکون طریقے سے مکمل ہوا۔

  • ایم کیو ایم کا این اے 258 ضمنی الیکشن سے بائیکاٹ

    ایم کیو ایم کا این اے 258 ضمنی الیکشن سے بائیکاٹ

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مکنہ دھاندلیوں اور سندھ حکومت کی جانبداری کی وجہ سے این 258 ملیر کے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رابطہ کمیٹی نے متفقہ طور پر قومی اسمبلی کے حلقہ 258 کے لیے 24 نومبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے اس نشست پر ایم کیو ایم کے امیدوار ممتاز علی عمرانی تھے۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ سندھ حکومت تمام سرکاری مشینری استعمال کرتے ہوئے الیکشن کے نتائج پر اثر انداز ہو رہی ہے جس سے واضح نظر آرہا ہے کہ الیکشن میں سرکاری سطح پر دھاندلی کا منصوبہ بنالیا گیا ہے ۔

    واضح رہے قومی اسمبلی کے حلقہ 258 سے جنرل الیکشن 2008 میں عبد الحکیم بلوچ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے جب کہ جنرل الیکشن 2013 میں پی پی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر وہ مسلم لیگ کے امیدوار کے طور پر کامیاب ہوئے تھے تا ہم مسلم لیگ سے اختلاف کے باعث وہ اپنی نشست سے مستعفی ہو گئے اور اب ضمنی الیکشن میں دوبارہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں جن کی جیت کے امکانات کافی قوی ہیں۔