Tag: عبدالرشید غازی قتل کیس

  • عبدالرشید غازی قتل کیس : سابق صدرپرویزمشرف اشتہاری ملزم قرار

    عبدالرشید غازی قتل کیس : سابق صدرپرویزمشرف اشتہاری ملزم قرار

    اسلام آباد : عدالت نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں سابق صدر پرویزمشرف کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا۔ ان کی زر ضمانت ضبط کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اسلام آباد پرویز قادر میمن کی عدالت میں عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں پرویز مشرف کی عدم پیشی پر پہلے سے محفوظ فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جانب سے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔ مقدمے کی مزید سماعت 25 جون کو ہوگی۔

    یاد رہے کہ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر 14جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اس سے قبل عدالت سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کرچکی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدرپرویزمشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کیا تھا جس کے خلاف وفاق نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

    عدالت عظمیٰ نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ وفاق کی جانب سے نام ای سی ایل سےنکالنےکےبعد سابق صدربیرون ملک روانہ ہوئے تھے۔

    گزشتہ ماہ کے اوائل میں عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج پرویزالقادرمیمن نے بھی سابق صدر کی بیرونِ ملک روانگی پراظہارِ برہمی کیا تھا۔

     

  • عبدالرشید غازی کیس :‌ پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی،عدالت کا اظہار برہمی

    عبدالرشید غازی کیس :‌ پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی،عدالت کا اظہار برہمی

    اسلام آباد : سیشن عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر اظہار برہمی کیا ہے۔

    اسلام آبادکے ایڈیشنل سیشن جج پرویز القادر میمن کی عدالت میں عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت ہوئی، وفاقی سیکریٹری داخلہ عارف احمدخان کیجانب سے سیکشن افسر ای سی ایل ڈاکٹر وقارمقصود اور آئی جی کیجانب سے اظہر شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔

    مشرف کوبیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر اظہاربرہمی کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج کاکہنا تھا کارروائی قانون کے مطابق آگے بڑھائیں گے۔

    سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدرپرویزمشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کیا تھا جس کیخلاف وفاق نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی،عدالت عظمیٰ نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ وفاق کیجانب سے نام ای سی ایل سےنکالنےکےبعد سابق صدربیرون ملک روانہ ہوئے تھے۔

  • عبدالرشید غازی قتل کیس: پرویز مشرف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    عبدالرشید غازی قتل کیس: پرویز مشرف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد: ایڈیشنل سیشن جج واجدعلی خان نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

    سماعت کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل نے حاضری سے استثنی کی دراخوست دائر کی، جس پر عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے استثنی کی دراخوست مسترد کردی اور سابق صدر پرویز مشرف کے دو ضامن کی گارنٹیاں منسوخ کرتے ہوئے پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کرنے کا حکم دیا ہے ۔

    کیس کی مزید سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے اس سے قبل غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے قابلِ ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کئے تھے۔

    اپنے فیصلے میں عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کوحکم دیا کہ وہ دو اپریل تک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروائیں۔

    یاد رہے کہ 2007 میں اسلام آباد میں واقع لال مسجد میں ہونے والے فوجی آپریشن میں مسجد کے نائب خطیب مولاناغازی عبدالرشید ہلاک ہوگئے تھے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے جولائی 2013 میں اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی تھی کہ سنہ 2007میں لال مسجد پر ہونے والے فوجی آپریشن سے متعلق سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف اگر کوئی جُرم بنتا ہے تو اُن کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

  • غازی قتل کیس:18جنوری کو پرویز مشرف یا میڈیکل رپورٹس پیش کرنے کا حکم

    غازی قتل کیس:18جنوری کو پرویز مشرف یا میڈیکل رپورٹس پیش کرنے کا حکم

    عبدالرشید غازی قتل کیس میں عدالت نے اٹھارہ جنوری کو سابق صدر پرویز مشرف یا ان کی میڈیکل رپورٹس پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

    عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت سیشن جج واجد علی کی عدالت میں ہوئی، کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ پرویز مشرف کو آج عدالت پیش ہونا تھا، وہ کیوں نہیں آئے جس پر مشرف کے وکلا کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ پرویز مشرف بیمار ہیں، اس لئے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔

    عدالت نے کیس کی سماعت اٹھارہ جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے وکلا کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت میں پرویز مشرف کو پیش کیا جائے یا ان کی بیماری کی صورت میں میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی جائیں۔
        
       

  • عبدالرشید غازی قتل کیس: مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید ابراہیم پراچہ کا گواہ بننے کا فیصلہ

    عبدالرشید غازی قتل کیس: مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید ابراہیم پراچہ کا گواہ بننے کا فیصلہ

    عبدالرشید غازی قتل کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما سابق ایم این اے جاوید ابراہیم پراچہ نےگواہ بننےکافیصلہ کرلیا، مقدمےمیں پرویز مشرف ضمانت پر ہیں۔

    لال مسجدآپریشن میں عبدالرشید غازی کےقتل کیس میں ن لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ابراہیم پراچہ گواہ کے طور پر سا منے آگئے۔ ترجمان لال مسجدکے مطابق جاوید ابراہیم پراچہ نے مقدمے کے مدعی عبدالرشید غازی کے بیٹے ہارون رشید سے رابطہ کیا ہے۔

     انھیں کیس میں گواہ بننے کا عندیہ دیا ہے۔ہارون رشید غازی نے اپنے والد ،اور دادی کےقتل کا مقدمہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف درج کروا رکھا ہے اور وہ اس مقدمے میں ضمانت پر ہیں، کیس میں سابق وزیرداخلہ آفتاب شیرپاؤ ،اور سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق بھی پرویز مشرف کے خلاف بیان دے چکے ہیں۔

    ہارون رشید غازی نے جاوید پراچہ کا نام گواہوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے اور ان کا نام بطور گواہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو بھی بھجوادیا ہے، جاوید ابراہیم پراچہ آئندہ چندر وز میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کروایں گے۔