Tag: عبدالستار ایدھی

  • لاہور ہاکی اسٹیڈیم عبدالستار ایدھی سے منسوب

    لاہور ہاکی اسٹیڈیم عبدالستار ایدھی سے منسوب

    لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لاہور ہاکی اسٹیڈیم کا نام عبد الستار ایدھی سے منسوب کردیا گیا۔

    صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن سجاد کھوکھر کے مطابق فخر پاکستان عبدالستار ایدھی کی خدمات قابل تعریف اور قابل تقلید ہیں، انسانیت کے مسیحا عبدالستار ایدھی قومی ہیرو ہیں، ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لاہور ہاکی اسٹیڈیم کا نام عبد الستار ایدھی سے منسوب کردیا گیا ہے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں واقع ہاکی کلب آف پاکستان اب ڈاکٹر عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کہلائے گا۔

    ’بیچ ایونیو‘  سڑک ’عبدالستار ایونیو‘ میں تبدیل

    اس سے قبل ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کراچی نے معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خیابانِ اتحاد ڈیفنس فیز 8 سے دو دریا تک کی پانچ کلو میٹر طویل سٹرک کا نام تبدیل کر کے عبدالستار ایونیو رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

    ڈی ایچ اے حکام کے مطابق ایدھی صاحب کی انسانیت کی خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ’’بیچ ایونیو‘‘ کے نام کی سڑک کو ’’عبدالستار ایونیو‘‘ کے نام سے منسوب کردیا جائے۔

     قومی اور بین الاقوامی اعزازات

    واضح رہے کہ گزشتہ روز عبدالستار ایدھی کو سرکاری اعزاز میں توپوں کی سلامی کے ساتھ ایدھی ویلج میں سپر د خاک کیا گیا ۔

    عبدالستار ایدھی دنیا کی ان عظیم سماجی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنھوں نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا حصہ سفر میں گزارا،ان کی سماجی خدمات کا سفر ایک لمحے کیلئے بھی نہیں رکا۔

  • عبدالستارایدھی کی وفات پرسیاسی رہنماؤں کی تعزیت، قرآن خوانی کا انعقاد

    عبدالستارایدھی کی وفات پرسیاسی رہنماؤں کی تعزیت، قرآن خوانی کا انعقاد

    کراچی / ٹنڈو الہٰ یار: عبدالستار ایدھی کی وفات پرفیصل ایدھی سے تعزیت کیلئے سیاسی جماعتوں کی قیادت بھی پہنچ گئی۔ ملک بھر میں عبدالستار ایدھی کے سوئم پر دعائیں اور فاتحہ خوانی کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فخر انسانیت عبدالستارایدھی کی وفات پر ان کے اہل خانہ سےتعزیت کرنے سیاسی رہنماؤں اور اہم شخصیات کا تانتا بندھا ہوا ہے۔

    پپلزپارٹی کےقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ، اسپیکرسندھ اسمبلی سراج درانی کے ہمراہ عبدالستارایدھی مرحوم کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی سے تعزیت کااظہار کیا، دونوں رہنماؤں نےمیڈیا سے گفتگو میں عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    ایم کیوایم رہنما ڈاکٹرفاروق ستار نے فیصل ایدھی سے ملاقات میں تعزیت کی اوراپنے تاثرات پیش کئے، علاوہ ازیں ن لیگ کی رہنما تہمینہ درانی نے کراچی میں فیصل ایدھی ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی کوئی حکمران نہیں بلکہ عوام کے حقیقی خادم تھے۔

    عبدالستار کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے ان کے غم اوردکھ میں شریک افراد کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں ایدھی صاحب کا مشن کامیابی سے لے کر چلنے کی ہمت دے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایدھی صاحب کی ہدایت کے مطابق ان کی دونوں آنکھیں عطیہ کردی گئی ہیں اور جنہیں یہ آنکھیں لگائی گئی ہیں وہ اب دیکھ سکتے ہیں۔

    دوسری جانب عبدالستار ایدھی کی قبر پر بھی بڑی تعداد میں لوگوں کی فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں ایدھی ہوم کے یتیم خانوں میں مقیم بچے اپنے سرپرست کی قبر پرفاتحہ خوانی کے لئے پہنچ گئے۔

    خادم انسانیت عبدالستار ایدھی کی قبر پر فاتحہ خوانی کیلئے شہریوں اور اہم شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ایدھی ہومز میں پرورش پانےوالے یتیم بچے بھی اپنے محسن کی قبر پرپہنچے اور ہاتھ اٹھا کر ان کی مغفرت کیلئے دعا کی۔

    اس کے علاوہ عبدالستار ایدھی کے ایصال ثواب کے لیے ایس ایس پی آفس ٹنڈو الہٰ یار میں قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر کے پولیس افسران و اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    ، اس موقع پر ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی و دعا کی گئی، بعدازاں ایس ایس پی شاہ جہاں پھٹان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی انسانیت کا علمبردار تھے اس شخصیت کو کسی ایوارڈ کسی تمغے اور نہ کسی شہرت کی ضرورت تھی بلکہ وہ صرف انسانیت کی خدمت میں مصروف تھے۔ ان کی شخصیت غریبوں کہ لیے مسیحا اور امیروں کیلئے رول ماڈل تھی۔

     

  • عبدالستار ایدھی کی وفات نے بھارت کی گیتا کو بھی رُلا دیا

    عبدالستار ایدھی کی وفات نے بھارت کی گیتا کو بھی رُلا دیا

    اندور : بھارت کی رہائشی گیتا بھی عبدالستار ایدھی کی وفات پر رو پڑی، اس کا کہنا ہے کہ ایدھی صاحب باپ کی طرح پیار کرتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق غلطی سے پاکستان آنے والی قوت گویائی اور سماعت سے محروم بھارت جانے والی گیتا بھی اپنے محسن عبدالستار ایدھی کی وفات پر آبدیدہ ہوگئی۔


    Indian girl Geeta fondly remembers father… by arynews

    بولنے سے قاصر اور لاوارث گیتا کو تین سال قبل ایدھی ٹرسٹ میں پناہ ملی۔ جہاں سے اسے گزشتہ دنوں بھارت بھجوا دیا گیا، گیتا آج کل بھارت کے شہر اندور میں ایک این جی او کے ساتھ رہ رہی ہے ۔ عبدالستار ایدھی کی وفات کی خبر سن کر گیتا کے آنسو بہنے لگے۔

    گیتا نے اپنے جذبات کا اظہار اشاروں کی زبان میں کیا، جس کا پریس نوٹ بھارتی این جی او کی سربراہ مسز کپور نے جاری کیا۔

    گیتا کا کہنا ہے کہ ایدھی صاحب باپ کی طرح پیار کرتے تھے۔ گیتا نے بتایا کہ بلقیس ایدھی نے اسے بھارت سے مورتیاں لاکر دیں تاکہ وہ پوجا کرسکے۔

    گیتا نے بتایا کہ ایدھی صاحب اس سے اشاروں کی زبان میں بات کرتے تھے۔ وہ ناراض ہونے پر غصہ بھی کرتے تھے۔ ایدھی صاحب تہواروں پر اس کے لئے کپڑے جوتے اور مٹھائیاں بھی لاتے تھے۔ میں ان کا پیار کبھی نہیں بھلا پاؤں گی۔

     

  • سماجی رہنماؤں کی جانب سے عبدالستار ایدھی کی خدمات پر خراج تحسین

    سماجی رہنماؤں کی جانب سے عبدالستار ایدھی کی خدمات پر خراج تحسین

    کراچی: مختلف سماجی تنظیمیوں کے رہنماؤں نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عبدالستار ایدھی کو سلام عقیدت پیش کیا۔

    چھیپا ویلفیئر کے سربراہ اور معروف سماجی رہنما رمضان چھیپا نے کہا ہے کہ ایدھی صاحب انسانیت کی خدمت کرنے میں ایک درس گاہ کا درجہ رکھتے تھے، اُن کے انتقال سے خلا کو پُر نہیں کیا جاسکتا۔

    سماجی کاموں میں حصہ لینے والے ایدھی صاحب کے دیرینہ ساتھی اور سابق وزیر پیٹرولیم حاجی حنیف طیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایدھی صاحب رضا کاروں کو دوست اور بھائی کی طرح سمجھتے تھے انہوں نے کبھی کسی کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

    سہارا ویلفئیر کے سربراہ اور پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ’’عبدالستار ایدھی کو انسانیت کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایدھی صاحب کے انتقال سے یتیم بچے پھر سے یتیم ہوگئے‘‘۔

    تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والے گلوکار اور سہارا ٹرسٹ کے سربراہ شہزاد روائے نے کہا کہ ’’ایدھی صاحب کے بعد ہمیں انسانیت کی خدمت کے وژن کو زندہ رکھنے کے لیے فیصل ایدھی کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا چاہیے، انسانیت کی خدمت کرنے والے عبدالستار ایدھی لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے‘‘۔

  • قومی ہیروز کو پاک فوج کاسلام ! 3شخصیات کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

    قومی ہیروز کو پاک فوج کاسلام ! 3شخصیات کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

    کراچی: پاکستان میں انسانیت کومتعارف کرانے والے عظیم بے مثال انسان عبدالستار ایدھی کو پورے فوجی اعزاز میں انیس توپوں کے ساتھ سپردخاک کردیا ۔

    ملکی تاریخ میں اس سے پہلے صرف تین شخصیات کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی، قومی پرچم میں لپٹے جسد خاکی کو پاک بحریہ کے سیکیورٹی حصار میں گن کیرج وہیکل پر میٹھا در سے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا گیا۔

    4

    نیشنل اسٹیڈیم میں درویش صفت ایدھی صاحب کے جسد خاکی کو آرمی کے جوان پورے اعزاز کے ساتھ جنازے کے مقام پر لائے، جہاں مولانا احمد خان نیازی کی امامت میں جنازہ پڑھایاگیا۔

    تینوں مسلح افواج کےسربراہان نے عبدالستار ایدھی کو سلامی پیش کی، پاک فوج کے مسلح جوانوں نےقوم کے محسن کو توپوں کی سلامی میں رخصت کیا، انسانیت کے خادم عبدالستار ایدھی تیسرے پاکستانی ہیں جنھیں پاک فوج نے سلامی دی اور مکمل اعزاز کے ساتھ لحد میں اتارا۔

    5

    سب سے پہلے بابائے قوم محمد علی جناح کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئی، قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کی وہ پہلی شخصیت تھے جن کی میت گن کیرج وہیکل پر لائی گئی تھی، بابائے قوم کاجسد خاکی لحد میں اتارتے وقت پاک فوج نےگارڈ آف آنر پیش کیا تھا۔

    3

    دوسری مرتبہ یہ اعزاز پاک فوج کے سربراہ جنرل ضیاء الحق کونصیب ہوا، انہیں بھی فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیاگیا تھا۔

    1

    عبدالستارایدھی تیسرے پاکستانی ہیں جنھیں پاک فوج نے سلامی دی اور مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ لحد میں اتارا گیا۔

    6

    عسکری روایات کے مطابق فوجی اعزاز کے طور پر جنازے کو گن کیرج وہیکل پر لایا جاتا ہے، یہ روایت برطانیہ کے شاہی توپ خانے نے قائم کی تھی، برطانیہ کی ملکہ وکٹوریہ کا تابوت بھی گن کیرج وہیکل پر ہی لایا گیا تھا۔

    2

     

    عموماً یہ اعزاز ایسی شخصیت کو دیا جاتا ہے جو اپنی وفات کے وقت سربراہ مملکت ہو، تاہم عبدالستار ایدھی کو سربراہ مملکت نہ ہونے کے باوجود یہ اعزاز دیا گیا۔

    گن کیرج وہیکل

    7

     

  • ایدھی صاحب کا سوئم کل میمن مسجد میں ہوگا، فیصل ایدھی

    ایدھی صاحب کا سوئم کل میمن مسجد میں ہوگا، فیصل ایدھی

    کراچی : معروف سماجی رہنماء اور ایدھی فاؤنڈیشن کی باگ ڈور سنبھالنے والے فیصل ایدھی نے اعلان کیا ہے کہ عبدالستار ایدھی کا سوئم کل صبح ساڑھے 9 بجے میٹھادر میں واقع جامع مسجد میمن میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالستار ایدھی کی تدفین کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ ’’مسلح افواج کی جانب سے ایدھی صاحب کو خراج تحسین پیش کرنے پر شُکر گزار ہوں‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی کے نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے عوام کا مشکور ہوں اور اُن سے وعدہ کرتا ہوں کہ ’’عبدالستار ایدھی کی طرح ملک و قوم کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی‘‘۔

    فیصل ایدھی نے کہا کہ ’’ایدھی صاحب کا بچھڑنے سے ہمارے درمیان پیدا ہونے والے خلا کو پورا نہیں کیا جاسکتا تاہم ایدھی صاحب کے اس وژن کو جاری رکھنے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن کی باگ ڈور میں سنبھالوں گا‘‘۔

    قبل ازیں گزشتہ روز ایدھی صاحب کی وفات کے بعد فیصل ایدھی نے ایدھی فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا، عوام الناس کی جانب سے ایدھی ہوم کی ہیلپ لائن 115 پر روزانہ کی طرح مشکل میں پھنسے افراد کی مدد کے لیے کالز کا تانتا بندھا رہا، جس کے بعد ایدھی رضا کار غمزدہ حالت کے باوجود مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے اور عوام کے لیے فلاحی کاموں میں مصروف نظر آئے۔

     

     

  • ڈی ایچ اے کی 5 کلومیٹر طویل سڑک ایدھی سے منسوب کرنے کا اعلان

    ڈی ایچ اے کی 5 کلومیٹر طویل سڑک ایدھی سے منسوب کرنے کا اعلان

    کراچی : ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نے معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خیابانِ اتحاد ڈیفنس فیز 8 سے دو دریا تک کی پانچ کلو میٹر طویل سٹرک کا نام تبدیل کر کے عبدالستار ایونیو رکھنے کا اعلان کردیا۔

    ڈی ایچ اے حکام کے مطابق ایدھی صاحب کی انسانیت کی خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ’’بیچ ایونیو‘‘ کے نام کی سڑک کو ’’عبدالستار ایونیو‘‘ کے نام سے منسوب کردیا جائے۔

    اس فیصلے کے ذریعے عوام کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ ’’ایدھی صاحب نے بلا رنگ و نسل اور مذہب لوگوں کی خدمت میں اپنی زندگی کے 50 اہم سال وقف کیے اور اس کام کو آخری وقت تک جاری رکھا‘‘۔

    ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈیئر زبیر احمد نے بتایا کہ ’’یہ ڈیفنس کی سب سے بڑی شاہراہ کو ایدھی صاحب کے نام سے منسوب کرنے کے لیے جلد باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں کور کمانڈر کراچی سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات شرکت متوقع ہے‘‘۔

    واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد اُن کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایدھی فاؤنڈیشن کے تمام معاملات اب ان کے ہاتھ میں ہیں اور وہ اپنے والد کی طرح ملک و قوم کی خدمت میں اپنی زندگی وقف کردیں گے‘‘۔

  • حکومت ایدھی صاحب کونوبیل انعام دلانے کےلیے کوشش کرے، سراج الحق

    حکومت ایدھی صاحب کونوبیل انعام دلانے کےلیے کوشش کرے، سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی ایک شخصیت کا نہیں تحریک کا نام ہے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے رہنما برہان وانی کو انڈین آرمی نے شہید کیا۔

    لاہور منصورہ میں حریت لیڈر برہان وانی اور عبدالستار ایدھی کی مشترکہ غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ شدید بیماری میں بھی عبدالستار ایدھی نے پاکستان کو چھوڑنا گوارا نہیں کیا بلکہ اپنے اداروں پر اعتبار کیا، یہ موجودہ حکمرانوں کےلیے ایک سبق ہے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کو عبدالستار ایدھی سے محبت ہے تو وہ غریب بچوں کی کفالت اور مستحق لوگوں کے علاج کی ذمہ داری لے، عبدالستار ایدھی کو خدمات پر نوبیل پرائز ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے رہنما برہان وانی کو بھارتی فوج نے شہید کیا، انڈین آرمی کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی لڑائی ہورہی ہے اور احتجاج کیے جارہے ہیں، ہم انڈین آرمی کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، پاکستان کی مرکزی سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انڈیا کے ساتھ دوستی چھوڑ دے، انہوں نے کہا کہ انڈیا کے ساتھ دوستی پاکستان کی کسی بھی حکومت کےلیے زوال کا سبب ہے۔

  • ملک بھرمیں عبدالستارایدھی کی غائبانہ نمازہ جنازہ ادا

    ملک بھرمیں عبدالستارایدھی کی غائبانہ نمازہ جنازہ ادا

    کراچی : سڑکوں پر بیٹھ کر عوام کے لیے عوام سے بھیک مانگنے والے،انسانیت کے مسیحا اور لاوارثوں کے وارث عبدالستارایدھی کی ملک بھرمیں غائبانہ نمازہ جنازہ ادا کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں غائبانہ نمازجنازہ پڑھائی، امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی ایک شخصیت کا نہیں تحریک کا نام ہے۔

    فیصل آباد کے شہریوں نے چوک گھنٹہ گھر میں عبدالستار ایدھی کی غائبانہ نمازجنازہ پڑھی، نمازہ جنازہ کے بعد فیصل آباد کے تاجروں نے لنگر تقسیم کیا۔

    ملک بھر کی طرح نواب شاہ میں بھی شہری تاجر اتحاد کی جانب سے معروف سماجی شخصیت فخر پاکستان مرحوم عبدالستار ایدھی کی غائبانہ نماز جنازہ گھنٹہ گھر گول چکرہ بازار میں ادا کی گئی۔

    لاہور میں‌ وکلا تنظیموں نے پیر کو یوم سوگ کا اعلان کیا ہے، لاہور بار ایسوسی ایشن غائبانہ نماز جنازہ ادا کرے گی جبکہ راولپنڈی میں خادم انسانیت کی غائبانہ نمازہ جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    ملتان، پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی غائبانہ نماز جنازہ کے اجتماعات ہوئے جہاں عبدالستار ایدھی کے ایصال ثواب کے لیے ایدھی ہاؤس میں قرآن خوانی کی گئی تو شہریوں نے مرحوم انسانی خدمت گار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے شمعیں روشن کیں۔

    رنگ و نسل مذہب و فرقے سے بالاتر ہوکر خالصتاً انسانیت کی بھلائی او ر خیرخواہی کےلیے کام کرنے والے عبدالستار ایدھی اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے، عبدالستار ایدھی دنیا کی ان عظیم سماجی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنھوں نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا حصہ سفر میں گزارا،ان کی سماجی خدمات کا سفر ایک لمحے کے لیے بھی نہیں رکا۔

  • کراچی: عبدالستار ایدھی قومی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک، ہر آنکھ اشک بار

    کراچی: عبدالستار ایدھی قومی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک، ہر آنکھ اشک بار

    کراچی: پیکر انسانیت و فخرِ پاکستان عبد الستار ایدھی کو قومی اعزازت کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا،صدر مملکت، تینوں مسلح افواج کے سربراہان،چیئرمین سینیٹ،گورنر سندھ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی خدمت کے چراغ کو روشن رکھنے والے عبد الستار ایدھی کا آخری سفر تمام ہوا،ان کے جسد خاکی کو فیصل ایدھی نے آہوں اور سسکیوں میں‌ قبر میں اُتارا اور اُن کی مغفرت کی دعا کی۔ ایدھی صاحب کی نماز جنازہ مولانا احمد خان نیازی کی امامت میں نیشنل اسٹیڈیم میں ادا کی گئی تھی۔

    صدر پاکستان ممنون حسین،تینوں مسلح افواج کے سربراہان،چیئرمین سینیٹ رضا ربانی،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، گورنر سندھ عشرت العباد سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے نیشنل اسٹیڈیم میں عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

    پیکرانسانیت و فخرِ پاکستان عبد الستار ایدھی کی نماز جنازہ میں سیاسی رہنماؤں صوبائی وزیر نثار کھو ڑو،سینیٹر سعید غنی،جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان،ایم کیوایم کے ڈاکٹر فاروق ستار،خواجہ اظہار الحسن پاک سرزمین پارٹی کے ڈا کٹر صغیر احمد،وسیم آفتاب نامزد ڈپٹی میئر ارشد وہرہ،اے این پی کے شاہی سید،پی ٹی آئی کے اسدعمر،عمران اسماعیل اور عارف علوی نے بھی شرکت کی۔

    عبدالستار ایدھی کی تدفین ایدھی ویلیج سپر ہائی وے پر ہوئی،میت کو غسل ان کے صاحبرادے فیصل ایدھی نےدیا،عبدالستار ایدھی کی آنکھیں ان کی وصیت کے مطابق عطیہ کردی گئیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق عبدالستار ایدھی کو گارڈ آف آنر اور سلامی دی گئی،پاک آرمی کے ترجمان کے مطابق عبدالستار ایدھی کو سرکاری اعزار کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

    E1

    نیشنل اسٹیڈیم کے دو دروازے وی وی آئی پیز اور چار دروازے عوام کے لیے مختص تھےجبکہ وی وی آئی پیز اور عام عوام کے لیے الگ الگ دروازوں کو استعمال کیا گیا، عوام کی بڑی تعداد نےنماز جنازہ میں شرکت کی۔

    نماز جنازہ سے قبل ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور عبدالستار ایدھی کے جنازے کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔

    اس موقع پر چار سو سے زائد رینجرز اہلکار اسٹیڈیم کے اندر اور باہر جبکہ پولیس اہلکار بھی اسٹیڈیم کے اندر تعینات کیے گئےتاہم نیشنل اسٹیڈیم میں شہریوں کے داخلے سے پہلے بم ڈسپوزل اسکواڈ سرچنگ اور سوئپنگ کی گئی۔

    E2

    عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ سے قبل حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم جانے والی سڑک بند کردی گئی تاہم پارکنگ ایکسپو سینٹر،پاکستان اسپورٹس کمپلکس،چائنا گراؤنڈ اور بحریہ یونیورسٹی میں قائم کی گئی ہے۔

    محسن انسانیت عبدالستار ایدھی کے انتقال پر سوگ میں کراچی اور حیدرآباد کے کاروبار بند رہیں گے۔

    *محسنِ انسانیت عبد الستار ایدھی اب ہم میں نہیں رہے

    ایدھی صاحب کئی روز سے کراچی میں واقع ایس آئی یو ٹی میں زیرعلاج تھے،عبدالستار ایدھی کے گردوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا،دوران ڈائلیسز انہیں سانس کی تکلیف کے سبب وینٹی لیٹر پرمنتقل کیا گیا،جہاں چھ گھنٹے کے بعد وہ خالق حقیقی سے جاملے۔