اسلام آباد(22 اگست 2025): استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کر دیا، آئی پی پی کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں کو موجودہ تقاضوں کے مطابق 3،3 نئے صوبوں میں تقسیم کیا جائے۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام کی سفارشات پیش ی گئی، آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے بعد نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے، پنجاب سندھ، کے پی کے اور بلوچستان میں نئے صوبے بننے چاہئیں۔
پارٹی اجلاس میں گفتگو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر صوبے میں اسی نام کے ساتھ نارتھ، ساؤتھ اور سینٹرل نئے صوبے بنانے ہونگے، استحکام پاکستان پارٹی کی سینٹرل کمیٹی پہلے ہی نئے صوبوں کے قیام کی قرارداد پیش کر چکی ہے۔
آئی پی پی پارٹی کے صدر نے کہا کہ آئی پی پی نے اپنے قرداد میں کہا ہے کہ نئے صوبوں سے عوام کے مسائل کا حل ان کی دہلیز پر ممکن ہو گا، نئے صوبوں میں ہائیکورٹس، چیف سیکرٹری اور آئی جی بہتر کام کر سکیں گے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے نئے صوبے جلد بنائیں جائیں، سیکرٹریٹ میں میلوں دور سے آنے والے شہریوں کو ریلیف ملے گا، موجودہ صوبوں کو اسی شناخت کے ساتھ 3 حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے، گزشتہ 25 سال سے صوبوں کی تقسیم کی بات چل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک نئے صوبوں پر صرف سیاست ہوئی، زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں ہوا لیکن اب وقت آگیا ہے کہ باہمی مشاورت سے نئے صوبوں کے قیام کی راہ ہموار ہو، نئے صوبے ملکی استحکام اور معیشت کی بہتری میں معاون ثابت ہو نگے۔