کراچی (28 جولائی 2025): شہر قائد کے علاقے گارڈن میں ٹریفک پولیس چوکی کے قریب سے رات گئے ملنے والی لاش کی شناخت عبداللہ اعوان کے نام سے ہو گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ رات گارڈن ٹریفک پولیس چوکی کے قریب سے ایک لڑکے کی لاش ملی تھی، جسے سول اسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کیا گیا تھا، مقتول کے پاؤں میں چپل بھی نہیں تھی، اور عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ انھوں نے علاقے میں فائرنگ کی کوئی آواز نہیں سنی۔
پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو معلوم ہوا ہے کہ لڑکے کو قتل کیا گیا تھا اور اس کی شناخت عبداللہ اعوان کے نام سے ہوئی، جو پولیس اہلکار مبارک کا بیٹا اور گارڈن ہیڈ کوارٹر کا رہائشی تھا۔
ٹریفک پولیس نے متعدد ٹریفک اہلکاروں کے چالان کر دیے
پولیس حکام نے بتایا کہ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول عبد اللہ 2 روز سے گھر سے غائب تھا، وہ نشے کا عادی تھا اور اکثر گھر سے باہر رہتا تھا، تاہم اس بار شاید اس کی گم شدگی ممکنہ طور پر اغوا ہونے کی وجہ سے تھی، جس کے بعد اسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
مقتول کا والد پولیس اہلکار مبارک شیٹ کلرک ہے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، اور بتایا کہ عبد اللہ کی لاش جہاں سے ملی ہے وہاں کیمرے موجود ہیں، ہو سکتا ہے اسے کسی اور جگہ قتل کیا گیا ہو اور لاش یہاں پھینک دی گئی ہو، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔