Tag: عبوری ضمانت منظور

  • عمران خان کی لاہور کے تین مقدمات میں  4 اپریل تک عبوری ضمانت منظور

    عمران خان کی لاہور کے تین مقدمات میں 4 اپریل تک عبوری ضمانت منظور

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی لاہور کے تین مقدمات میں چار اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت پر سماعت کی ، عمران خان عدالت میں پیش ہوٸے۔

    سلمان صفدر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سیاسی بنیادوں پر عمران خان کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج ہو رہے ہیں، عمران خان کے خلاف 144 مقدمات ہیں ، جن میں روز کسی نہ کسی مقدمہ میں عدالت میں پیش ہونا پڑتا ہے لہذا ضمانت کے لیے لمبی تاریخ ڈالی جاٸے۔

    عدالت نے عمران خان کی تینوں مقدمات میں چار اپریل تک ایک ایک لاکھ مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کر لی ۔

    عدالت نے عمران خان کو ہدایت کی کہ وہ شامل تفتیش ہوں اورہر پیشی پر حاضرہوں، عمران خان کے خلاف ظل شاہ قتل ، پولیس پر حملہ اور جلا گھیراو کے الزام میں تین مقدمات درج کیے گٸے ہیں۔

    عمران خان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گٸے اور عمران خان کو بلٹ پروف گاڑی اور سیکیورٹی کے ساتھ احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت دی گٸی۔

    یاد رہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور میں 3مقدمات میں ضمانت کیلئے انسداددہشتگری عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    درخواست میں عمران خان کا کہنا تھا کہ شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں،پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر کے پولیس کوگرفتاری سے روکے۔

  • منی لانڈرنگ کیسز میں وزیراعظم کے بیٹے  سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت منظور

    منی لانڈرنگ کیسز میں وزیراعظم کے بیٹے  سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت منظور

    لاہور کی احتساب عدالت اور اسپیشل جج سینٹرل نے منی لانڈرنگ کیسز میں وزیراعظم کے بیٹے  سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

    احتساب عدالت نے سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت پر سماعت کی، سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ ملزم کو سیاسی بنیادوں پر  کیس میں شامل کیا گیا، تحقیقات میں پیش ہونا چاہتا ہوں ضمانت منظور کی جائے۔

    عدالت نے 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض 7 جنوری تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر دئیے۔

     سلیمان شہباز اسپیشل جج سینٹرل کے روبرو پیش ہوئے عدالت کو بتایا کہ 16 ارب منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم بری ہو چکے ہیں، جس کا حکم درخواست کے ساتھ منسلک ہے، ایف آئی اے تحقیقات میں شامل ہو کر جواب جمع کروا دیا ہے۔

    عدالت ضمانت منظور کرنے کا حکم دے، عدالت نے پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو سات جنوری کے لیے نوٹس جاری کر دئیے۔

  • پی آئی سی حملہ کیس ،وزیراعظم کے بھانجے کی عبوری ضمانت منظور

    پی آئی سی حملہ کیس ،وزیراعظم کے بھانجے کی عبوری ضمانت منظور

    لاہور :انسداد دہشت گردی عدالت نے پی آئی سی حملہ کیس میں وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے پی آئی سی حملہ کیس میں وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، حسان نیازی سماعت کے موقع پر تاخیر سے پہنچے، جس پر عدالت نے ان کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔

    عدالت نے قرار دیا کہ وکیل ہونے کہ باوجود آپ تاخیر سے آئے، جس پر حسان نیازی نے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے عبوری ضمانت کیلئے نئی درخواست دائر کر دی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تاخیر سے عدالت پہنچنے پر عبوری ضمانت خارج کی گئی، عدالت کےدروازےپرچیکنگ کے باعث تاخیر ہوئی، پی آئی سی حملہ کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے، کسی بھی شخص کو اشتعال دلایا اور نہ ہی حملہ کیا۔

    درخواست گزار نے استدعا کی عدالت عبوری ضمانت منظور کرکےگرفتاری سے روکنے کاحکم دے۔

    عدالت نے درخواست کی سماعت کے بعد حسان نیازی کی چھ جنوری تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا جبکہ دیگر 9 وکلا کی ضمانتوں میں بھی چھ جنوری تک توسیع کر دی۔

    دیگر ملزمان میں عبدالرحمان بٹ ، چوہدری مزمل ، سید زین ، اسامہ ، عمر غوری ، رانا عدیل ، سکندر صدیق ، عبدالماجد ، علی جاوید ملک شامل ہیں، ملزمان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کا ہی آئی سی حملہ.کیس سے کوئی تعلق نہیں ہولیس نے غیر قانونی طور ہر مقدمہ میں ملوث کیا لہذا عدالت ضمانت منظور کرے۔

    یاد رہے ایک ویڈیو کے تنازع پر وکلا آپےسےباہرہوگئے تھے ،وکلاء کی بڑی تعداد نے پنجاب انسی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بول کر شدید توڑ پھوڑ کی تھی اور اسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچایا تھا، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر فوٹیجز کی مدد سے حسان خان نیازی کی شناخت کی تھی۔

  • قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت منظور

    قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت منظور

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سندھ روشن پروگرام میں مبینہ کرپشن میں سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی 9 دسمبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشمل 2 رکنی بینچ نے سابق وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ضمانت کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ قائم علی شاہ اپنے وکیل بیرسٹر قاسم نواز عباسی کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری 9 دسمبر تک منظور کرلی اور نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ قائم علی شاہ نیب تحقیقات کا حصہ بنیں۔

    سابق وزیراعلیٰ سندھ نے 29 نومبر کو قومی احتساب بیورو کے ہاتھوں گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں بھی قائم علی شاہ نے اسی سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور اس وقت ان کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتار منظور کرلی گئی تھی۔ عدالت نے سابق وزیراعلیٰ سندھ کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھی۔

  • انکاؤنٹر اسپشلسٹ عابد باکسر کی عبوری ضمانت منظور

    انکاؤنٹر اسپشلسٹ عابد باکسر کی عبوری ضمانت منظور

    لاہور : پولیس مقابلوں کا ماہر سابق افسرعابد باکسر کی دس مختلف مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ، عابدباکسر  پر قتل، اقدام قتل سمیت مختلف مقدمات درج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے انکاؤنٹر اسپشلسٹ عابد باکسر کو لاہور کی سیشن عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے عابد باکسر کی دس مختلف مقدمات میں چار اگست تک عبوری ضمانتیں منظور کرلیں اور ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

    عدالت نے عابد باکسر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم جاری کر دیا ہے اور متعلقہ تھانوں کو عابدباکسر کو مکمل تحفظ دینے کا بھی حکم دیا ہے۔

    عابد باکسر پر قتل، اقدام قتل سمیت مختلف مقدمات درج ہیں۔

    گذشتہ روز انکاؤنٹر اسپشلسٹ عابد باکسر نے ایک ویڈیو میں سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا تھا کہ شریف برادران نے جھوٹے مقدمات میں نامزد کرکے انہیں مارنے کی منصوبہ بندی کی تھی، حمزہ شہباز نے فواد حسن فواد کو میرے خلاف کارروائی کا کہا۔


    مزید پڑھیں : انکاؤنٹر اسپشلسٹ عابد باکسر کے شریف بردارن سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات


    یاد رہے کہ فروری کے آغاز میں پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر اور معروف انکاؤنٹراسپیشلسٹ عابد باکسر کو دبئی میں انٹرپول کے ذریعے حراست میں لیا گیا تھا، ملزم جعلی پولیس مقابلوں میں مطلوب تھا۔

    ملزم عابد باکسر کے خلاف پنجاب میں قتل اور اقدام قتل کے درجنوں مقدمات درج ہیں جو جعلی پولیس مقابلوں میں قتل کیے گئے افراد کے لواحقین کی جانب سے درج کرائے گئے تھے تاہم پولیس افسر مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے دبئی فرار ہو گیا تھا۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے معطل کیے گئے پولیس انسپکٹر کے خلاف جعلی پولیس مقابلوں میں معصوم شہریوں کے قتل، اغواء برائے تاوان ،قواعد و ضوابد کی خلاف ورزی اور جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے پر زندہ و مردہ گرفتاری پر انعام بھی مقرر کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

     

  • ڈاکٹرعاصم کیس،انیس قائمخانی کی عبوری ضمانت منظور

    ڈاکٹرعاصم کیس،انیس قائمخانی کی عبوری ضمانت منظور

    کراچی: اے ٹی سی نے ڈاکٹر عاصم کیس میں انیس قائم خانی کی دو لاکھ روپے کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔

    انیس قائم خانی ڈاکٹر عاصم کیس میں عدالت کو مطلوب تھے۔انیس قائم خانی پر الزام ہے کہ انھوں نے ڈاکٹر عاصم کے اسپتال میں دہشتگردوں کے علاج و معالجہ میں معاونت کی۔انیس قائم خانی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔

    اے ٹی سی نے ایک اور مقدمے کی سماعت کے دوران اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر ایم کیو ایم قائد سمیت دیگر رہنماوں کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیا۔عدالت نے متحدہ کے رہنما روف صدیقی سے کہا کہ وہ اپنے دیگر رہنماوں کو بھی عدالت میں پیش ہونے کا کہیں ۔روف صدیقی نے عدالت میں بیان دیا کہ تمام افراد آخر بالغ ہیں انھیں خود پیش ہونا چاہئے جس پرعدالت نے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ ہمیں پیمرا کو حکم جاری کرنا پڑے کہ قائد ایم کیو ایم کی طرح دیگر رہنماوں پر بھی ٹی وی پر پابندی لگائی جائے۔

    اے ٹی سی نے را کے ایجنٹوں سے متعلق ایک مقدمے کی سماعت کے دوران سی ٹی ڈی کے انسپکٹر سہیل کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کردیا۔پولیس نے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے پانچ کارکنوں اور را کے ایجنٹ ہونے کے الزام پر گرفتار کیا تھا۔

    اسی عدالت میں سنی تحریک کے کارکن کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم کے تین کارکنوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیا۔