Tag: عتیق میر

  • مریم ہمیں دے دیں‌! کراچی کے تاجر رہنما عتیق میر نے یوٹرن لے لیا

    مریم ہمیں دے دیں‌! کراچی کے تاجر رہنما عتیق میر نے یوٹرن لے لیا

    کراچی : کراچی کے تاجر رہنما عتیق میر نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا مریم نواز اور مرادعلی شاہ سے متعلق بیان مذاق تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تاجر رہنما عتیق میر نے مریم ہمیں دے دیں کے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور مرادعلی شاہ سے متعلق بیان مذاق تھا۔

    تاجر رہنما کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پنجاب میں کون سے ایسے جھنڈے گاڑ دیے جو ہم انہیں مانگیں گے۔

    دوسری جانب سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا عتیق میر نے یوٹرن لے لیا، پاکستان میں لوگوں کو یوٹرن لینے کی عادت پڑگئی ہے اور مخصوص تاجر ٹولہ سندھ کے مینڈیٹ کی توہین کررہا ہے۔

    سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے کا حال سب کے سامنے ہے، مریم نواز چاہیں تو سندھ آکر سیکھ سکتی ہیں۔

    خیال رہے وفاقی وزیراحسن اقبال کراچی آئے توتاجروں کےساتھ بیٹھک لگائی، جس میں تاجروں نے اپنے اپنے مسائل بتائے۔۔ شہر قائد کے دُکھڑے سنائے۔

    تاجر رہنما عتیق میر نے احسن اقبال سے مکالمے میں کہا کہ مریم نواز سندھ کو دے دیں۔۔ مراد علی شاہ آپ لے لیں، جس کے بعد ایک نیا محاذ کھل گیا۔

  • پیر سے چاند رات تک افطار کے بعد رات 12 بجے تک کاروبار کی اجازت دی جائے،عتیق میر

    پیر سے چاند رات تک افطار کے بعد رات 12 بجے تک کاروبار کی اجازت دی جائے،عتیق میر

    کراچی: چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر کا کہنا ہے کہ پیر سے افطار کے بعد رات12 بجے تک کاروبار کا وقت بڑھا دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے سندھ حکومت سے کل سے افطار کے بعد رات 12 بجے تک کاروبار کھولنے کا مطالبہ کر دیا۔

    انہوں نے کہا کہ چاند رات تک افطار کے بعد رات12 بجے تک کاروبار کی اجازت دی جائے،اجازت نہ دی تو تاجر ازخود ایس او پی کے تحت افطار کے بعد دکانیں کھول دیں گے۔

    عتیق میر کا کہنا تھا کہ حقوق کے لیے جیل جانا پڑا تو سب سے پہلے میں جاؤں گا،سیل شدہ مارکیٹوں کو فوری کاروبار کی مشروط اجازت دی جائے۔

    دوسری جانب کراچی چیمبر آف کامرس نے کل سے 6 دن کے لیے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیر سے ہفتے تک 6 دن کے لیے مکمل نرمی کرنی ہی ہوگی۔

    سراج تیلی کا کہنا تھا کہ کرونا کہیں جانے والا نہیں،یہ زندگی کا حصہ بن گیا ہے،ہم اپنے کاروبار ہمیشہ کے لیے بند نہیں کرسکتے،کرونا کی موجودگی میں کاروبار کے طریقے وضع کرنے ہوں گے۔

  • لاک ڈاؤن کے باعث کتنا کاروباری نقصان ہوا؟ عتیق میر نے بتا دیا

    لاک ڈاؤن کے باعث کتنا کاروباری نقصان ہوا؟ عتیق میر نے بتا دیا

    کراچی: چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا ہے کہ رواں برس عید سیزن میں بمشکل 10ارب کا ٹارگٹ مکمل کرسکے، ماضی کے مقابلے میں یہ بہت کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں عتیق میر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث کراچی سمیت ملک بھر میں کاروباری نقصان ہوا، گزشتہ برس عید سیزن 35 ارب روپے تک محدود رہا تھا، جبکہ رواں سال بمشکل 10 ارب ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس حالات بہتر تھے اور مارکیٹیں 24گھنٹے کھل رہی تھی، گزشتہ رمضان 3 عشرے تک کاروبار مکمل فعال تھا، رواں برس صرف 8روز کا کاروبار جزوی طور پر بمشکل بحال ہوا ہے۔

    چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد کا کہنا تھا کہ پہلے ہفتے کے چار روز شٹر اٹھانے کی اجازت ملی لیکن اس دوران مارکیٹوں کو سیل بھی کیا گیا، اس سال مردو خواتین نے اپنی شاپنگ کو ترک کردیا ہے۔

    عتیق میر کا مزید کہنا تھا کہ اب سب کی توجہ صرف بچوں کی خریداری پر مرکوز ہے۔

  • رات 12 بجے تک کاروبار کا وقت بڑھایا جائے، تاجر اتحاد کا مطالبہ

    رات 12 بجے تک کاروبار کا وقت بڑھایا جائے، تاجر اتحاد کا مطالبہ

    کراچی: چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہرقائد میں سیل شدہ مارکیٹوں کو فوری کاروبار کی مشروط اجازت دی جائے اور افطار کے بعد رات 12 بجے تک کاروبار کا وقت بڑھایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں عتیق میر کا کہنا تھا کہ اہم تجارتی مراکز سیل ہونے سے دیگر مارکیٹس میں رش بڑھ رہا ہے، سیل شدہ مارکیٹوں کو کام کرنے کی اجازت دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ادارے عید تک مارکیٹوں میں عوام کو محدود رکھنے میں مدد کریں، کاروبار کا وقت کم ہونے سے خریدار ہڑبڑاہٹ کا شکار ہیں، افطار کے بعد رات 12 بجے تک کاروبار کا وقت بڑھایا جائے۔

    ایس او پیز کی خلاف ورزی، زینب مارکیٹ کے بعد گل پلازہ سمیت مختلف مارکیٹیں سیل

    خیال رہے کہ دو روز قبل ایس او پی کی خلاف ورزی پر زینب مارکیٹ کے بعد گل پلازہ سیل کردیا گیا تھا، اسسٹنٹ کمشنر اسمابتول نے بتایا کہ سینی ٹائزر، ماسک اور دستانوں کااستعمال نہیں کیا جارہا تھا۔

    شہر کے تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے سیل شدہ مارکیٹیں دوبارہ بحال کی جائیں۔

  • سندھ حکومت چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دے، عتیق میر کا مطالبہ

    سندھ حکومت چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دے، عتیق میر کا مطالبہ

    کراچی: کراچی تاجر اتحاد کے رہنما عتیق میر نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی تاجر اتحاد کے رہنما عتیق میر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی کوئی حقیقی شکل نہیں تھی، مکمل لاک ڈاؤن وفاقی یا صوبائی حکومت کے بس کی بات نہیں ہے، 15 دن بھی حقیقی لاک ڈاؤن ہوتا تو صورتحال الگ ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ غریب عوام 2 ماہ سے گھر پر بیٹھی ہے اور کوئی مدد نہیں کی جارہی، ایسی صورتحال میں غریب باہر نکلے گا اور روزگار مانگے گا، لوگوں کا باہر نکلنا بھی مجبوری ہے انہیں کھانا کون دے گا۔

    تاجر رہنما نے کہا کہ ہم نے سندھ حکومت کو مارکیٹوں کی فہرست فراہم کردی ہے، ہماری بھی پہلی ترجیح کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا ہے، سندھ حکومت سے کہا ہے چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دیں۔

    مزید پڑھیں: ایم کیو ایم وفد کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات، تاجروں کے تحفظات دور کرنے کا مطالبہ

    عتیق میر نے کہا کہ خوشحال ممالک میں بھی لوگ باہر نکل آئے ہیں، معاشی لحاظ سے بہتر ممالک میں لوگ کاروبار کھولنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ کا کہنا تھا کہ وفاق نے مارکٹیں کھولنے کی اجازت دے دی تو سندھ حکومت کو بھی اعلان کرنا ہوگا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے مایوس کیا کیونکہ وہ امید دلا کر پیچھے ہٹ جاتی ہے، اُن کے اس عمل سے تاجر تباہ اور مزدور بے روزگار ہوگیا ہے۔

  • ’’اب اس شہر کو کھلنا ہے‘‘، ایم کیو ایم  نے تاجر برادری کے مطالبات کی حمایت کردی

    ’’اب اس شہر کو کھلنا ہے‘‘، ایم کیو ایم نے تاجر برادری کے مطالبات کی حمایت کردی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے تاجر برادری کے مطالبات کی حمایت کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تاجر برادری اپنی ایس او پیز خود بنا کر فوری اپنے کاروبار کو بحال کرے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا کھیل بہت ہوا اب اس شہر کو کھلنا ہے، ملکی معیشت کو زندہ رکھنے کے لیے کراچی میں تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو بحال ہونا بے حد ضروری ہے۔

    سارے قانون توڑ کر کاروبار کھول دیں گے، عتیق میر

    دوسری جانب آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا کہ سارے قانون توڑ کر کاروبار کھول دیں گے، ہمیں اپنے بچوں کی روٹی چاہئے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل عتیق میر کا کہنا تھا کہ ہمیں وفاق نہیں بھوک اکسا رہی ہے، اگر لاک ڈاؤن کے معاملے میں سندھ حکومت مایوس کرے گی تو ہم ہر وہ دروازہ کھٹکھٹائیں گے جہاں سے انصاف کی امید ہوگی۔

    اس سے قبل چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی نے سندھ حکومت سے 15 رمضان سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطالبہ کیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ کرونا کی روک تھام کے حوالے سے سندھ حکومت کی تمام کاوشیں قابل تعریف ہیں مگر کاروبار ہمیشہ بند رکھنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے باعث 22 مارچ سے کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے، چند روز قبل صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن پورے رمضان جاری رہے گا۔