Tag: عثمان

  • ’زہر کھالوں گا لیکن شادی نہیں کروں گا‘

    ’زہر کھالوں گا لیکن شادی نہیں کروں گا‘

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’سکون‘ میں عدنان صمد خان ’عثمان‘ کا کہنا ہے کہ زہر کھا لوں گا لیکن شادی نہیں کروں گا۔

    ڈرامہ سیریل ’سکون‘ میں احسن خان (ہمدان)، ثنا جاوید (عینا)، خاقان شاہ نواز (رضا)، سدرہ نیازی (شانزے)، لیلیٰ واسطی (عینا کی والدہ)، قدسیہ علی (آئمہ)، عدنان صمد خان (عثمان)، عثمان پیرزادہ، اسما عباس ودیگر شامل ہیں۔

    ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض سراج الحق نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی مصباح نوشین نے لکھی ہے۔

    سکون کی کہانی عینا نامی ایک نوجوان لڑکی کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار باصلاحیت ثنا جاوید نے پیش کیا ہے جسے ایک فرضی رشتے کی وجہ سے اپنی محبت کی زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے، عینا کے سابق منگیتر عثمان پر آئمہ سے شادی کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے جبکہ عینا کا نکاح ہمدان سے ہوچکا ہے۔

    گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ ’والدہ کہتی ہیں کہ دیکھ رہی ہوں کہ یہ میرا بیٹا عثمان تو نہیں ہے جو میری بات ٹالٹا ہی نہیں تھا۔‘

    عثمان کہتے ہیں کہ ’آپ کا بیٹا بدل گیا ہے یقین کرلیں۔‘ وہ کہتی ہیں کہ ’ماں کی بات مان لے گا تو تیری زندگی بدل جائے گی۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ’زندگی سے ہار جاؤں گا اگر آپ کی بھتیجی کو بیاہ کر لے آیا، اس کے لیے اتنی منت کرنے کی ضرورت نہیں ہے مجھے زہر دے دیں کھا لیتا ہوں برباد تو ہوچکا ہوں میں مر بھی جاتا ہوں۔‘

    والدہ کہتی ہیں کہ ’اللہ نہ کرے ایسا ہو میرا یہ مطلب نہیں تھا۔‘ عثمان کہتے ہیں کہ ’آپ نے جو کہنا ہے اپنے بھائی سے کہیے مجھے کچھ نہیں سننا، وہ آپ کی بات مان جائیں تو ٹھیک مجھ سے ایسی امید نہیں رکھئے گا۔‘

    عثمان کہتے ہیں کہ ’آپ جاکر انکار کردیں ورنہ میں کردوں گا۔‘

    کیا عثمان آئمہ سے شادی کے لیے راضی ہوجائیں گے؟ یہ جاننے کے لیے ’سکون‘ کی اگلی قسط دیکھیں۔

  • کراچی، نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں طالب علم ڈوب کر جاں بحق

    کراچی، نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں طالب علم ڈوب کر جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں طالب علم ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسکول کا سوئمنگ پول ننھے طالب علم کی زندگی نگل گیا، حادثہ پی آئی ڈی سی کے قریب واقع کیمپس میں پیش آیا، 11 سالہ طالب علم عثمان چھٹی جماعت کا طالب علم تھا۔

    رپورٹ کے مطابق طالب علم عثمان کی لاش ساؤتھ سٹی اسپتال منتقل کردی گئی۔

    پولیس نے نجی اسکول کے 2 سوئمنگ ٹرینرز کو حراست میں لے لیا، زیر حراست ٹرینر کے مطابق عثمان سوئمنگ چیمپئن تھا۔

    زیر حراست ٹرینر کا کہنا ہے کہ عثمان نے ڈائیو ماری اور 5 سے 6 سیکنڈ تک اوپر نہیں آیا، سوئمنگ پول میں جاکر عثمان کو پانی سے اوپر لے کر آئے اور فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق واقعے کے بعد اسکول انتظامیہ غائب ہوگئی اور سیکیورٹی شفٹ تبدیل کردی گئی، سیکیورٹی انچارج کا کہنا تھا کہ میری ڈیوٹی شام کی شفٹ میں ہے دوپہر میں کیا ہوا مجھے کچھ معلوم نہیں ہے۔

    ایڈیشنل پولیس سرجن کا کہنا ہے کہ بچے کا مکمل پوسٹ مارٹم کیا ہے، بچے کے جسم پر چوٹ کا کوئی نشان نہیں ہے، موت پھیپھڑوں میں پانی بھرجانے کے باعث ہوئی ہے۔

    طالب علم عثمان کے چچا کا کہنا ہے کہ ساڑھے تین بجے مجھے عثمان کی والدہ کا فون آیا تھا کہ عثمان کی اسکول میں طبیعت خراب ہوگئی ہے۔

    عثمان کے چچا کا کہنا ہے کہ بچے کو اسپتال لے جایا گیا جہاں جاکر پتا چلا کہ وہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا ہے۔