Tag: عثمان بزدار

  • مری میں سانحہ، وزیر اعلیٰ پنجاب پارٹی کی تنظیم سازی میں مصروف رہے

    مری میں سانحہ، وزیر اعلیٰ پنجاب پارٹی کی تنظیم سازی میں مصروف رہے

    لاہور: ملک کے اہم ترین سیاحتی مقام مری میں جب شدید سرد موسم اور برف باری کی وجہ بڑا سانحہ پیش آیا، وہاں وزیر اعلیٰ پنجاب پارٹی کے لیے تنظیم سازی میں مصروف تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مری میں سانحہ رونما ہو رہا تھا تو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم سازی میں مصروف رہے۔

    برفباری میں پھنسے سیاحوں کی زندگی بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی بجائے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پارٹی کی تنظیم سازی ا جلاس میں جا کر بیٹھ گئے تھے، اور ادھر 22 افراد جان سےگئے۔

    وفاقی وزیر شفقت محمود نے بتایا کہ آج پنجاب ایڈوائزری کونسل کی میٹنگ ہوئی تھی، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب نے خصوصی شرکت کی، یہ میٹنگ ڈھائی گھنٹے جاری رہی، اور پارٹی معاملات پر تفصیل سے بات ہوئی۔

    ادھر وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ مجھے پنجاب کے اجلاس سے متعلق نہیں پتا، البتہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے رابطہ ہوا تھا اور ان سے ریسٹ ہاؤسز کھولنے کی بات ہوئی۔

    سیرو تفریح کیلئے مری جانیوالے اسلام آباد کے اے ایس آئی خاندان سمیت جاں بحق

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان سے سانحہ مری سے متعلق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے 2 مرتبہ رپورٹ لی۔

    واضح رہے کہ مری میں شدید برفباری کے باعث 22 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جو اپنی نوعیت کا ایک بڑا اور سنگین واقعہ ہے، جس میں 2 خواتین اور 8 بچے بھی شامل ہیں۔

  • پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں چلانے کی ہدایت

    پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں چلانے کی ہدایت

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزید فیڈر بسیں چلانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو ایکو فرینڈلی اربن بس پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔

    عثمان بزدار نے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں چلانے کی ہدایت کی جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزید فیڈر بسیں چلانے کا حکم دیا۔

    اجلاس میں لاہور میں پہلے مرحلے میں 100 فیڈر بسیں چلانے کے فیصلے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنا اہم ضرورت ہے، ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے بس پراجیکٹ لا رہے ہیں، ایکو فرینڈلی اربن بسیں چلنے سے اسموگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ شہروں میں عوام کو بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔

    اجلاس میں ٹھوکر نیاز بیگ پر انٹرنیشنل لیول بس اسٹینڈ منصوبے پر رپورٹ طلب کرلی گئی، وزیر اعلیٰ نے ٹھوکر نیاز بیگ بس ٹرمنل کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرمنل سے شہر میں ٹریفک اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔

  • پنجاب کے دیہات میں 500 گراؤنڈز تیار کیے جائیں گے: عثمان بزدار

    پنجاب کے دیہات میں 500 گراؤنڈز تیار کیے جائیں گے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبے کے دیہات میں پلے گراؤنڈز بنا رہی ہے، رواں برس دیہات کی سطح پر 500 پلے گراؤنڈز تیار ہوجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈز کی تعداد بڑھانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبے کے دیہات میں پلے گراؤنڈز بنا رہی ہے، رواں برس دیہات کی سطح پر 500 پلے گراؤنڈز تیار ہوجائیں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ گراؤنڈز میں کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کی سہولت بھی دی جائے گی، پنجاب میں کرکٹ کے 2 نئے ہائی پرفارمنس سینٹرز بنائے جا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر کھیل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی، کمیٹی کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈز کی تعداد بڑھانے کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

  • عثمان بزدار نے تحریک لبیک سے مذاکرات کے لیے اہم قدم اٹھا لیا

    عثمان بزدار نے تحریک لبیک سے مذاکرات کے لیے اہم قدم اٹھا لیا

    لاہور: پنجاب میں صوبائی سطح پر تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انھوں نے تحریک لبیک سے مذاکرات کے لیے 2 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ تحریک لبیک سے مذاکرات کے لیے ہم نے پنجاب کابینہ کے سینئر اراکین راجہ بشارت اور چوہدری ظہیر الدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔

    حکومت کا کالعدم ٹی ایل پی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حضور اکرم ﷺ کی سنت کے مطابق ملک میں امن و آشتی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    یاد رہے کہ 29 اپریل 2021 کو ٹی ایل پی نے کالعدم قرار دیے جانے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کی تھی، یہ درخواست انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دی گئی تھی۔

    5 مئی کو وزارت داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی پابندی پر نظر ثانی کی اس درخواست پر تشکیل دی جانے والی کمیٹی کی سمری وزیر اعظم کو ارسال کر دی تھی۔

    آخر کار 13 جولائی کو وفاقی حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر پابندی ہٹانے سے متعلق بھیجی گئی سمری کو مسترد کرتے ہوئے اس پر پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

  • وادی سون میں ہزاروں سال قدیم قلعے کے آثار برآمد

    وادی سون میں ہزاروں سال قدیم قلعے کے آثار برآمد

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ماہرین آثار قدیمہ کی وادی سون میں مہم کامیاب رہی، وادی سون میں ہزاروں سال قدیم و تاریخی قلعہ تلاجہہ کے آثار برآمد ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں ہزاروں سال قدیم و تاریخی آثار قدیمہ کی دریافت پر کام جاری ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ماہرین آثار قدیمہ کی وادی سون میں مہم کامیاب رہی۔

    وادی سون میں ہزاروں سال قدیم و تاریخی قلعہ تلاجہہ کے آثار برآمد ہوگئے، پنجاب یونیورسٹی کی آرکیالوجی ٹیم خوشاب نے نوشہرہ کے نواح میں کام شروع کردیا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سیاحتی مقامات کی ڈویلپمنٹ سے پنجاب کو ٹورازم حب بنائیں گے، آثار قدیمہ کی دریافت غیر ملکی سیاحوں اور محققین کے لیے دلچسپی کا باعث ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دے کر مقامی معیشت کو فروغ دیا جائے گا۔

  • صدر مملکت کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب قومی اتحاد کا مظہر ہے: عثمان بزدار

    صدر مملکت کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب قومی اتحاد کا مظہر ہے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب قومی اتحاد کا مظہر ہے، اپوزیشن نے شور مچا کر اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب قومی اتحاد کا مظہر ہے، پارلیمنٹ کے 3 سال مکمل ہونے پر صدر مملکت نے عوامی امنگوں کی ترجمانی کی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے غیر پارلیمانی اور غیر جمہوری رویے کا مظاہرہ کیا، شور مچا کر اپوزیشن عناصر نے اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا۔

    انہوں نے کہا کہ نااہل اپوزیشن نے اس اہم موقع پر بھی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی، اپوزیشن جماعتوں کا اخلاق سے گرا رویہ قابل مذمت ہے۔ پاکستان کی ناکام ترین اپوزیشن نے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائیں۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا شور مچانا ان کی فرسٹریشن کو ظاہر کرتا ہے، اپوزیشن کی قسمت میں رونا لکھا ہوا ہے اور یہ آئندہ بھی روتے رہیں گے۔

  • پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ دور دراز علاقوں تک ریسکیو کا دائرہ کار وسیع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدات اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں صوبے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس سے متعلقہ امور جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ایئر ایمبولینس کے آغاز سے ریسکیو سروسز کو نئی شناخت ملے گی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب خطے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا، دور دراز علاقوں تک ریسکیو کا دائرہ کار وسیع ہوگا۔ ایئر ایمبولینس سروس کا اجرا وقت کا تقاضہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر انسانی جان قیمتی ہے اور بر وقت علاج معالجہ ہر فرد کا حق ہے، ایئر ایمبولینس کے اجرا کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں ریسکیو سروسز کی بہتری کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں، ریسکیو 1122 سروسز کی خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا۔

  • عثمان بزدار کی بیگم کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا

    عثمان بزدار کی بیگم کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی بیگم کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کی اہلیہ بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں، ان کا پی سی آر ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب 14 اگست حضوری باغ میں ہونے والی مرکزی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔

    دوسری طرف صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی اہلیہ نے ٹیسٹ کا نتیجہ آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کی اہلیہ کی طبعیت بہتر ہے، جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کے اسٹاف کا بھی گزشتہ روز کرونا ٹیسٹ کروایا گیا تھا، تاہم سب کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا۔

  • سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خلاف ناقابل فراموش خدمات انجام دیں، سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ نے سی ٹی ڈی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

    انہوں نے سی وی ای بلاک، سی ٹی ڈی ٹریننگ اسکول بلاک اور سی ٹی ڈی ہیلپ لائن 080011111 کا بھی افتتاح کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے سی ٹی ڈی فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھا اور سی ٹی ڈی کی جدید انداز میں مہارت اور صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ کو سی ٹی ڈی کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    وزیر اعلیٰ نے فائرنگ رینج میں سی ٹی ڈی کے کمانڈوز کی فائرنگ کا مظاہرہ دیکھا اور خود بھی پسٹل سے فائرنگ پریکٹس کی۔ انہوں نے سی ٹی ڈی فورس کے لیے 2 ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا بھی اعلان کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خلاف ناقابل فراموش خدمات انجام دیں، سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔

    عثمان بزدار نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کے لیے 54 کنال اراضی فوری طور پر فراہم کرنے اور مزید 10 اضلاع میں سی ٹی ڈی کے دفاتر کی تعمیر کے لیے اراضی دینے کا بھی اعلان کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوارٹر تک رسائی کے لیے سڑکوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر ہوگی، سی ٹی ڈی کو ڈرون لوکیٹر، اسنائپر اور دیگر آلات فراہم کیے جائیں گے، سی ٹی ڈی کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کا قیام عمل میں لائیں گے، سی ٹی ڈی کی دیگر ضروریات کو بھی پورا کیا جائے گا۔

  • صحت اور تعلیم کے میدان میں بزدار حکومت انقلاب برپا کرنے جا رہی ہے: فردوس عاشق اعوان

    صحت اور تعلیم کے میدان میں بزدار حکومت انقلاب برپا کرنے جا رہی ہے: فردوس عاشق اعوان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بجٹ میں انسانی ترقی پر خرچ کرنے کے لیے کثیر رقم مختص کی گئی ہے، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے میدان میں بزدار حکومت انقلاب برپا کرنے جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرپٹ اپوزیشن کی تمام تر گیدڑ بھبھکیوں کے باوجود وفاق اور پنجاب کا عوام دوست بجٹ منظور ہوگیا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بجٹ میں انسانی ترقی پر خرچ کرنے کے لیے کثیر رقم مختص کی گئی ہے، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے میدان میں بزدار حکومت انقلاب برپا کرنے جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نااہل اپوزیشن کی راہیں جدا جدا ہوچکی، یہ اسمبلی میں بھی متفق نہ ہوسکے۔ ان کو صرف اپنی چوری بچانے کی فکر ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی کا خاتمہ ہو رہا ہے، عثمان بزدار آج پنجاب اسمبلی میں عوامی نمائندوں اور عوام کے سامنے بدلتے، ترقی کرتے اور پھلتے پھولتے پنجاب کا نقشہ، فارمولا اور روڈ میپ پیش کریں گے۔