Tag: عثمان ڈار

  • عثمان ڈار کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    عثمان ڈار کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    راولپنڈی: 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں عدالت نے عثمان ڈار کی بیرون ملک جانے کی درخواست منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں ایک اور ملزم شہیر سکندر پر فرد جرم عائد کر دی گئی، مجموعی طور پر 118 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔

    عدالت نے 13 جنوری کے بعد نو مئی جی ایچ پی او حملہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دے دیا، اور 13 جنوری کو استغاثہ کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کروانے کا حکم دیا۔

    عدالت نے عثمان ڈار کی بیرون ملک جانے کی درخواست منظور کر لی، اور انھیں 13 جنوری سے 21 فروری تک بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی، بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے اور میڈیکل چیک اپ سے متعلق درخواست بھی منظور کر لی گئی۔

    بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی کو تحریری مطالبات دینے کی اجازت دے دی

    بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کے دیگر ملزمان بھی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل لائے گئے، ملزمان اجمل صابر راجہ اور غضنفر اقبال کی بریت کی درخواستوں پر دلائل نہ ہو سکے۔

    اڈیالہ جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی، عمر ایوب کی کیس سے متعلقہ ریکارڈ فراہمی کی درخواست ملتوی کر دی گئی، عدالت نے نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔

  • میرے گھر پر حملے کی منصوبہ بندی میں خواجہ آصف براہ راست ملوث ہیں: عثمان ڈار

    میرے گھر پر حملے کی منصوبہ بندی میں خواجہ آصف براہ راست ملوث ہیں: عثمان ڈار

    سیالکوٹ: پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے الزام لگایا ہے کہ ان کے گھر پر حملے کی منصوبہ بندی میں خواجہ آصف براہ راست ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ان کے گھر پر حملے کی منصوبہ بندی میں خواجہ آصف براہ راست ملوث ہیں، اس لیے اب مگر مچھ کے آنسو بہانا بند کریں۔

    عثمان ڈار نے خواجہ آصف کے بیان پر اپنے ردِ عمل میں کہا کہ شدید عوامی رد عمل آنے پر ندامت کا ڈراما کیا جا رہا ہے، میرے خلاف حکومتی مشینری خواجہ آصف کے ایما پر متحرک ہوئی۔

    پی ٹی آئی رہنما نے خواجہ آصف کی ہمدردی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ’’ان کی ہمدردی کی ضرورت نہیں‘‘ عثمان ڈار نے خواجہ آصف کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی اعلان کیا۔

    خواجہ آصف نے پی ٹی آئی خواتین سے بدسلوکی پر معافی مانگ لی

    واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے گزشتہ دنوں احتجاج کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی خواتین سے بدسلوکی پر معافی مانگ لی ہے۔ انھوں نے کہا پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چادر اور چار دیواری کی بے حرمتی ہوئی جس پر میں شرمندہ ہوں، اگر عثمان ڈار کی والدہ نے اجازت دی تو میں ان سے ان کے گھر پر جا کر معافی مانگوں گا۔

  • مسلم لیگ ن کا عثمان ڈارکے پی اے کے اعترافی بیان پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ

    مسلم لیگ ن کا عثمان ڈارکے پی اے کے اعترافی بیان پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ

    وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عثمان ڈار پی اے کا اقبالی بیان آیا پچاس لاکھ روپے ٹھیکیداروں سے لے کر عثمان ڈار کو دیے اس پر از خود نوٹس لیا جائے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ایک ملزم کو ساتھ بٹھا کر پریس کانفرنس کی جس نے رشوت لی اور پیسے آگے پہنچائے۔

    عطاتارڑ نے کہا کہ آپ کی پارٹی کےلوگ کرپشن کرتے اور آپ دفاع میں سامنے آگئے، نوجوان نسل کو گمراہ کیاجارہاہے، کچھ لوگ کچھ لوگوں کو فائدہ دیتے ہیں اس لیے بینچ فکسنگ کی ٹرم آئی ہے ہم نےفل کورٹ کامطالبہ کیا ہے۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان قوم کیساتھ مذاق کرنا چھوڑ دیں، انہوں نے فرحت شہزادی کو فرنٹ مین رکھا ہوا تھا، آپ نے بیٹی اور توشہ خانہ کیس میں تاخیری حربے استعمال کئے، آپکی پارٹی کےلوگ کرپشن کرتے اور آپ دفاع میں سامنے آگئے۔

    عطاتارڑ کا مزید کہنا تھا کہ انصاف صرف ہونا نہیں چاہئے ہوتا نظر بھی آنا چاہئے، ایک کو بیٹےسے تنخواہ نہ لینے پر نکالا، دوسرے کو بیٹی چھپانے پر بھی نہ نکالیں، ایک کو لاڈلہ ڈکلیئر کیا جاتا ہے دوسرے کو کٹہرے میں سزادی جاتی ہے۔

  • ’عمران خان کو اقتدار کی ہوس ہوتی تو کیا وہ اسمبلیاں توڑتے؟‘

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کو الیکشن کی طرف جانا ہوگا یہ مزید بھاگ نہیں سکتے۔

    پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ ملک اس وقت الیکشن کی طرف جارہا ہے موجودہ حکومت کو الیکشن کی طرف جانا ہوگا یہ الیکشن سے مزید بھاگ نہیں سکتے، جب تک عام انتخابات نہیں ہوں گے تب تک معاشی استحکام نہیں آسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے اختیارات کو انہوں نے اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا ہے، 125 اراکین اسپیکر کو استعفیٰ دیں گے اور یہ ان پر انتخابات کروائیں گے۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ نیب میں ترامیم کرکے انہوں نے خود کو ریلیف دیا آج ملک بینک کرپٹ ہوچکا ہے سعودی عرب اور چین کے پیسے دینے ہیں، ملک میں معیشت خراب ہے عوام کو ریلیف دینا ہے، نئے انتخابات کروانے ہوں گے، نئی حکومت آکر معاہدے کرے گی اور ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے حکومت قربان کردی غلامی قبول نہیں کی اگر انہیں اقتدار کی ہوس ہوتی تو کیا وہ دو صوبوں کی اسمبلیاں توڑتے، عمران خان جنرل (ر) باجوہ کو کہتے تھے اس طرح کی سازش کو روکا جائے۔

  • جیل بھروتحریک: تحریک انصاف کے کارکنان بڑی تعداد میں  شناختی کارڈ  جمع کرانا شروع

    جیل بھروتحریک: تحریک انصاف کے کارکنان بڑی تعداد میں شناختی کارڈ جمع کرانا شروع

    سیالکوٹ : جیل بھروتحریک کا حصہ بننے کے لئے تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شناختی کارڈ جمع کرانا شروع کردیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کارکنان سےجیل بھروتحریک کا حصہ بننےکی درخواست کردی۔

    جیل بھروتحریک کا حصہ بننے کے لئے کارکنان کی بڑی تعداد نے شناختی کارڈ عثمان ڈار کو جمع کرانا شروع کردیئے ہیں۔

    عثمان ڈار نے کہا ہے کہ گرفتاریوں کی دھمکیاں دینے والوں کو کہتا ہوں ہم کشتیاں جلا کرنکلے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کارکنان نے”جیل بھرو تحریک” کا آغازکردیا ہے ، تمہاری جیلیں کم پڑ جائیں گی مگرعمران خان کے چاہنے والے ختم نہیں ہوں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا فیصلہ ایک ہی ہے کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور، وقت آیا تو عمران خان کا ہر کارکن اس تحریک کا حصہ بننے کیلئے تیار ہوگا۔

  • شدید عوامی ردعمل، تحریک انصاف کے رہنما  عثمان ڈار کو رہا کردیا گیا

    شدید عوامی ردعمل، تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کو رہا کردیا گیا

    ظفروال: تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار سمیت کارکنان کو رہا کر دیا گیا، عثمان ڈار نے کہا کہ آج سیالکوٹ سمیت پورے پاکستان کی عوام اپنا فیصلہ دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے گرفتار تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کو رہا کر دیا گیا ، رہنماؤں میں عثمان ڈار ،حافظ حامد رضا اوردرجنوں کارکنان شامل ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما اورکارکنان تھانہ لیسر کلاں سے سیالکوٹ روانہ ہوگئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت بھی رہنماؤں کے ہمراہ جلسہ گاہ کی طرف رواں دواں ہیں۔

    عثمان ڈار نے رہائی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم کسی صورت ڈرنےوالےنہیں ہیں، آج سیالکوٹ سمیت پورےپاکستان کی عوام اپنافیصلہ دے گی اور عمران خان آج ہرصورت سیالکوٹ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

    یاد رہے آج صبح پولیس نے سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کی جلسے کی تیاری میں مصروف کارکنوں پر دھاوا بول دیا اور اسٹیج سے کرسیاں سمیت دیگرسامان اٹھا کر پھینک دیا۔

    تحریک انصاف کے کارکنوں سے پنڈال خالی کرانے کیلئے پولیس کی آنسو گیس اورلاٹھی چارج کیا، جس کے باعث کئی کارکن زخمی ہوگئے۔

    پولیس نےکرین کی مدد سےاسٹیج ہٹانے کی کوشش کی تو کارکنان سامنےآگئے اور مزاحمت پر عثمان ڈارسمیت متعدد کارکنان کو گرفتار کرکے ساتھ لے گئے۔

  • کامیاب جوان پروگرام: 29 ارب روپے پنجاب میں تقسیم

    کامیاب جوان پروگرام: 29 ارب روپے پنجاب میں تقسیم

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام سے بہت سارے منصوبے پورے ہو چکے ہیں، ابھی تک 29 ارب روپے پنجاب میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام سے بہت سارے منصوبے پورے ہو چکے ہیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ابھی تک 29 ارب روپے پنجاب میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، ساڑھے 5 ارب روپے لاہور کے جوانوں میں تقسیم کیے ہیں۔ ہزاروں لوگ پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 65 ہزار اسکالر شپس پنجاب میں دی گئیں، 9 ہزار اسکالر شپس لاہور کے نوجوانوں کو دی گئی ہیں۔ کل گوجرانوالہ میں ویٹ لفٹنگ پروگرام کا آغاز کر رہے ہیں۔

  • ‘ایک ہفتے کا منصوبہ لے کر کراچی آئے ہیں’

    ‘ایک ہفتے کا منصوبہ لے کر کراچی آئے ہیں’

    کراچی: وفاقی حکومت کا کامیاب جوان پروگرام کراچی پہنچ گیا ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے شہر قائد پہنچ کر اعلان کیا ہے کہ وہ ایک ہفتے کا منصوبہ لے کر کراچی آئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار کامیاب جوان پروگرام کے ساتھ کراچی پہنچ گئے ہیں، منگل کو وہ سندھ اسمبلی میں صبح 10 بجے اعداد و شمار کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے۔

    میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا ہم ایک ہفتے کا منصوبہ لے کر کراچی آئے ہیں، سندھ میں کامیاب جوان پروگرام کو دو مراحل میں پورا کیا جائے گا، وزیر اعظم کی خاص ہدایت ہے کہ سندھ کے نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑنا، ایک ہفتے کا پلان ہے، پہلے فیز میں ایک ہفتہ رکیں گے۔

    انھوں نے کہا ہم نے یہ کبھی نہیں سوچا سندھ میں ہماری حکومت نہیں ہے، وفاق اپنی ذمہ داری پوری کرے گا، صحت کارڈ سے سندھ کے لوگ بھی مستفید ہونے چاہئیں، ہم سندھ حکومت کی تکلیف کو سمجھتے ہیں، تعلیم اور صحت کے معاملے پر سندھ کے لوگوں کو نظر انداز کیا گیا، سندھ حکومت کے ایسے کیسز سامنے آ رہے ہیں کہ اسکولوں کا حال تباہ ہو چکا ہے۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو وفاق کے ساتھ ہاتھ ملانا چاہیے، احساس پروگرام یا نیا ہاؤسنگ اسکیم ہو، ہمارے تمام فلاحی پروگرام عوام کے لیے ہیں، ان کے ثمرات سندھ کے لوگوں تک پہنچائیں گے، سندھ حکومت کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اور صحت کارڈ پر وفاق کا ساتھ دینا چاہیے۔

  • نوجوانوں کو فوری روزگار فراہمی سے متعلق بڑی خوش خبری

    نوجوانوں کو فوری روزگار فراہمی سے متعلق بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے کامیاب جوان ’’جاب فیئر‘‘ کا آغاز ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی معیشت میں بہتری آنے کے ثمرات اب نوجوانوں تک پہنچانے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں، اس سلسلے میں سربراہ کامیاب جوان پروگرام نے کامیاب جوان ’’جاب فیئر‘‘ کا آغاز کر دیا۔

    جاب فیئر کے تحت نجی کمپنیوں کی شراکت داری سے نوجوانوں کو فوری روزگار فراہم کیا جا رہا ہے، نوجوان واک ان انٹرویو کے بعد فوری اپائنٹمنٹ لیٹر حاصل کر سکیں گے۔

    عثمان ڈار نے بتایا کہ ہماری معیشت 5.37 فی صد کی شرح سے ترقی کر رہی ہے، اب معاشی استحکام کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانا ضروری ہے، کامیاب جوان جاب فیئر کا مقصد نوجوانوں کو فوری روزگار کی فراہمی ہے۔

    عثمان ڈار کے مطابق نجی شعبے کے ساتھ مل کر حکومت نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرے گی، اور جاب فیئر کا اگلا مرحلہ صوبائی اور ضلعی سطح پر بھی لے جایا جائے گا۔

    کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ نے ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے والے اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اے آر وائی نے اس کی ابتدا کی ہے، جس پر سی ای او سلمان اقبال کے شکر گزار ہیں۔

  • کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا: امریکی قونصل جنرل

    کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا: امریکی قونصل جنرل

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوان عثمان ڈار اور امریکی قونصل جنرل کے درمیان ملاقات ہوئی، قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل نے وزیر اعظم آفس کا دورہ کیا جہاں ان کی وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے امور نوجوان اور کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے لیے یو ایس ایڈ کے ذریعے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان ڈار نے امریکی قونصلیٹ جنرل کو قرض کے تازہ اعداد و شمار پر بریفنگ دی جبکہ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے فارمولے سے بھی آگاہ کیا۔

    امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ منصوبے میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ہم منصوبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے خواہش مند ہیں، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی حکومتی سطح پر سرپرستی قابل تعریف ہے، مشترکہ تعاون سے نوجوانوں کو مزید مواقع دیے جا سکتے ہیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت کی فراہمی ترجیح ہے، کامیاب جوان اور ہنر مند پاکستان پروگرام کے اعداد و شمار تسلی بخش ہیں، پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی توجہ کا مرکز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، پاک امریکا باہمی اشتراک سے روزگار کے نئے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔