Tag: عثمان ڈار

  • آصف زرداری کا کرپشن کے خلاف تحریک چلانا قیامت کی نشانی ہے: عثمان ڈار

    آصف زرداری کا کرپشن کے خلاف تحریک چلانا قیامت کی نشانی ہے: عثمان ڈار

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے سیاسی مخالفین کو معاشی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا محاسبہ کیا جا رہا ہے اس لیے یہ اکھٹے ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستانی ان رہنماؤں کی باتوں کو بھولے نہیں ہیں، ماضی میں یہ ایک دوسرے کے دست و گریبان تھے، آج بلاول اور مریم بہن بھائی کی شکل میں سامنے آ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ آصف زرداری کا کرپشن کے خلاف تحریک چلانا قیامت کی نشانی ہے، ن لیگ نے 5 سال پورا ملک سبسڈی کے ساتھ چلایا، کوئی عوامی سیکٹر کا ادارہ نہیں جس سے عوام کو فائدہ ہو رہا ہو۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری کا عید کے بعد سڑکوں پرحکومت مخالف تحریک چلانےکااعلان

    عثمان ڈار نے کہا کہ ان لوگوں نے کرپشن کے لیے باریاں لگا رکھی تھیں، افطار ڈنر کے پیسے فالودے والے کے اکاؤنٹ سے تو نہیں دیے؟ ان لوگوں کی کرپشن کا بوجھ مہنگائی کی شکل میں اٹھانا پڑ رہا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ معاشی دہشت گرد ہیں، بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ان کو خوف ہے عمران خان سال ڈیڑھ سال میں معیشت کو مستحکم کر دیں گے، معاشی دہشت گردوں کا محاسبہ کیا جا رہا ہے اس لیے یہ سب اکٹھے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ شہباز شریف صحت کا بہانہ بنا کر لندن میں بیٹھ گئے ہیں، ان کو پہلے سے ہی نظر آ رہا ہے کہ تحریک ناکامی سے دوچار ہوگی، دیکھتے ہیں آج یہ لوگ کیا اعلان کرتے ہیں، ن لیگ تاش کے پتوں کی طرح تتر بتر ہو چکی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مولانا کو حلقے کے لوگ مسترد کر چکے، وہ سیاست کے 12 ویں کھلاڑی ہیں، فضل الرحمان اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لیے سب کچھ کر رہے ہیں۔

  • قوم ابھی تک کیلبری فونٹ کا قصہ نہیں بھولی، عثمان ڈار

    قوم ابھی تک کیلبری فونٹ کا قصہ نہیں بھولی، عثمان ڈار

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ جیل روانگی سے قبل مریم نواز اپنے والد سے اشرف وتھرا کے بارے میں پوچھیں۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے ٹویٹ پرپاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ نقل کے لیے عقل کے استعمال کا مشورہ مریم کو زیب نہیں دیتا۔

    انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں مریم بی بی خود نقل کے ریکارڈ توڑ چکی ہیں، قوم ابھی تک کیلبری فونٹ کا قصہ نہیں بھولی، عقل سے کام لیا ہوتا تو نقلی ٹرسٹ ڈیڈعدالت میں جمع نہ کرواتیں۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ نواز شریف اپنے ساتھ مریم کے کئے کی بھی سزا بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ وزیراعظم پرتنقید چھوڑیں والد کوجیل پہنچانے کے انتظامات کریں۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ 7مئی کو پہلا روزہ ہے اوراسی دن نواز شریف جیل جا رہے ہیں، آپ نے ٹھیک کہا قدرت بھی کس کس طرح بدلے چکاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جیل روانگی سے قبل مریم اپنے والد سے اشرف وتھرا کے بارے میں پوچھیں، اشرف وتھرا کونوازشریف دورمیں گورنراسٹیٹ بینک تعینات کیا گیا۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ اُس وقت اشرف وتھرا آئی ایم ایف بورڈ آف گورنرز کا حصہ تھے، کیا نوازشریف نے بھی خزانے کی چابی آئی ایم ایف کے حوالے کی تھی؟۔

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف جواب نہ دیں تو مریم اشتہاری اسحاق ڈارسے رابطہ کریں، بلا وجہ تنقید سے قبل اپنے دورحکومت کے کارناموں پربھی نظرڈالیں۔

  • اسلامی ترقیاتی بینک کا ’کامیاب نوجوان‘ پروگرام میں شراکت دار بننے کا فیصلہ

    اسلامی ترقیاتی بینک کا ’کامیاب نوجوان‘ پروگرام میں شراکت دار بننے کا فیصلہ

    اسلام آباد: نوجوانوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے مشن میں حکومت کو ایک اور اہم کامیابی حاصل ہوگئی، اسلامی ترقیاتی بینک نے ’کامیاب نوجوان‘ پروگرام میں پاکستان کا شراکت دار بننے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطح وفد کی اسلام آباد آمد ہوئی، وفد کی وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی۔

    اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر مشیر ولید الووحیب اور دیگر حکام وفد میں شامل ہیں۔ عثمان ڈار نے وفد کو نوجوانوں سے متعلق مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔

    بینک کے وفد نے ’کامیاب نوجوان‘ پروگرام میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کی فلاح و بہبود میں پاکستان کا شراکت دار بننے کا فیصلہ کیا۔ بینک حکام کا کہنا تھا کہ منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان سے اشتراک اور تعاون پر تیار ہیں۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم جلد ’کامیاب جوان‘ پروگرام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، حکومت پاکستان خطیر رقم نوجوانوں پر خرچ کرے گی۔

    عثمان ڈار نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ خود منصوبے پر غور کر رہے ہیں، کابینہ سے منظوری کے ساتھ ہی پروگرام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

  • بلاول اپنے والد آصف زرداری کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں: عثمان ڈار

    بلاول اپنے والد آصف زرداری کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں: عثمان ڈار

    اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے والد آصف زرداری کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کیا. انھوں نے کہا کہ راؤانوار کو بہادر بچہ کون کہتا رہا ہے، سب جانتے ہیں، بلاول آصف زرداری کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ بلاول کی گفتگوسے واضح ہوگیا کہ فوج مخالف بیانیہ صرف پی ٹی ایم کا نہیں، بلاول نے پاک فوج جیسے ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کی.

    عثمان ڈار نے کہا کہ یہی حرکت بلاول کے والد نے کی تھی، پھرخودساختہ جلا وطنی کاٹی، بلاول والد سے پوچھیں اینٹ سے اینٹ بجانےکا بیان دے کرکہاں چھپے تھے.

    مزید پڑھیں: پارلیمنٹ میں لائے بغیر آئی ایم ایف ڈیل نہیں مانیں گے، بلاول بھٹو

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ احتساب سے بچنے کے لئے قومی اداروں کو متنازع بنانا ملک کی خدمت نہیں، بلاول کی جانب سے اداروں کو متنازع بنانے کابیان شرم ناک ہے.

    انھوں نے مزید کہا کہ بلاول بظاہر قومی مفادپرذاتی فائدے کو ترجیح دینے کا فیصلہ کرچکے ہیں، افسوس ہوتا ہے، 30،30 سال تک حکومتیں کرنے والی جماعتیں چند ماہ کے اقتدارسے خوفزدہ ہیں.

    پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے مزید کہا فوجی عدالتوں کا قیام فوج کی نہیں قوم کی ضرورت تھی.

  • بلاول بھٹو کی ابو بچاؤ تحریک دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، عثمان ڈار

    بلاول بھٹو کی ابو بچاؤ تحریک دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، عثمان ڈار

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی ابو بچاؤ تحریک دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، انہیں ہوش کے ناخن لیتے ہوئے سنجیدہ سیاست کرنی چاہیے۔

    یہ بات انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل میں کہی، انہوں نے کہا کہ پلانٹڈ سوال اور لکھا ہوا جواب خود بلاول کی جگ ہنسائی کا باعث بنا، پلانٹڈ پریس کانفرنس کے بعد یقین ہے کہ بلاول بھٹو کو کچھ نہیں معلوم۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اب بلاول بھٹو کی ابو بچاؤ تحریک دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، صدارتی نظام اور18ویں ترمیم کی باتیں صرف وقت کا ضیاع ہیں، بلاول کی اچانک آئین اور جمہوریت سے محبت کی وجہ سب جانتے ہیں۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ بلاول بھٹو کو نہ قوم کا درد ہے نہ عوام کی بھلائی کی فکر بلکہ ان کا مطالبہ صرف اپنے والد کی مقدمات سے رہائی ہے، پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آصف زرداری سمیت پوری پیپلزپارٹی اپنے چیئرمین کو استعمال کر رہی ہے، بلاول بھٹو  زرداری ہوش کے ناخن لیں اور سنجیدہ سیاست کریں۔

    صدارتی نظام پاکستان کے لئے نقصان دہ اور غیر جمہوری ہوگا،: بلاول بھٹو زرداری

    واضح رہے کہ پاکستان بار کونسل کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نیب کالا قانون اور مشرف کا بنایا ہوا ادارہ ہے، جسے پولیٹیکل انجینئرنگ اور سیاسی مفادات کے لئے بنایا گیا، احتساب بلاتفریق ہونا چاہیے، سب کے لئے ایک قانون ہونا چاہیے.

    انہوں نے کہا کہ اس وقت شاید نیا سسٹم لانا مشکل ہوگا، اگر حکومت سسٹم کو ٹھیک کرنا چاہے تو ہم اس کا ساتھ دیں گے، مگر حکومت یوٹرن لیتی ہے، اب تک ایک بل پاس نہیں ہوا، حکومت کو ملک ،پارلیمنٹ اور معیشت چلانے میں کوئی دلچسپی نہیں. ریفرنڈم لانے کی باتیں غیرقانونی ہیں ایسی تجاویز نہیں دینی چاہیے۔

  • اپوزیشن کی حالت قابل رحم ہے،سب ضمانت پر ہیں، عثمان ڈار

    اپوزیشن کی حالت قابل رحم ہے،سب ضمانت پر ہیں، عثمان ڈار

    اسلام آباد : وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل سے متعلق کہا پوری دنیا میں کارکردگی کی بنیادپر ردوبدل کی جاتی ہے تاہم پاکستان میں پہلی بار ایسا ہوا ہے، اپوزیشن کی موجودہ حالت قابل رحم ہے، سب ضمانت پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار وزیراعظم کے فیصلے کے دفاع کیلئے میدان میں آگئے، اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نےکہاہےوزیروں کی کارکردگی چیک کی جاتی رہےگی، پوری دنیامیں کارکردگی کی بنیاد پر کابینہ میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے ، پنجاب سمیت کہیں بھی کارکردگی پرتبدیلی کی جاسکتی ہے۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائےاعلیٰ کو بھی اپنی ٹیموں کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔

    وزیراعظم کےمعاون خصوصی نے کہا تھا اپوزیشن کی حالت قابل رحم ہے،نیب کیسزسب کے سامنے ہیں، سب ضمانت پرہیں، یہ کیا ایجنڈا لے کر سڑکوں پر آئیں گے۔

    دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے خیبرپختونخوا میں بھی تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا وزرا کی کارکردگی پر نظر رکھی جا رہی ہے، وفاقی کابینہ کے بعدخیبرپختونخوا میں بھی تبدیلی ہوسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل

    یاد رہے گذشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کیں تھیں ، جس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے غلام سرور کو وزیر پیڑولیم لے کر ایوی ایشن کی وزارت دے دی گئی تھی، وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے وزارت داخلہ کا قلمدان اعجاز شاہ کو سونپا تھا جبکہ اسد عمر کی جگہ ڈاکٹر حفیظ شیخ مشیر خزانہ بنا دیا تھا۔

    فواد چوہدری سے وزیراطلاعات واپس لے کر سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت دے دی گئی جبکہ وزارت پالیمانی امور اعظم سواتی کے سپرد اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اطلاعات کی مشیر بنا دی گئیں تھیں۔

     

  • قوم تیاری کرلے اچھی خبریں آنے والی ہیں ، عثمان ڈار

    قوم تیاری کرلے اچھی خبریں آنے والی ہیں ، عثمان ڈار

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کو نوٹس جاری ہوگیا ہے،  قوم تیاری کرلے اچھی خبریں آنے والی ہیں، آصف زرداری قوم کو بتائیں گے مہرین شاہ کون ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آصف علی زرداری کا کیس میرٹ پر ہے، پہلے بھی عدالت سے مجھے کامیابی ملی ہے ، آصف زرداری قوم کو بتائیں گے مہرین شاہ کون ہیں ، ان تمام کی کڑیاں بےنامی اکاؤنٹ سےجڑتی ہیں۔

    ٹرین مارچ کے حوالے سے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ بلاول اپنی ہی حکومت کے خلاف ٹرین مارچ کر رہے ہیں۔

    آصف زرداری قوم کو بتائیں گے مہرین شاہ کون ہیں ، ان تمام کی کڑیاں بےنامی اکاؤنٹ سےجڑتی ہیں

    انھوں نے کہا آصف علی زرداری کو نوٹس جاری ہوگیا ہے ، ہماری کوشش منزل تک پہنچنے والی ہے ، ہمیں امید ہے کہ اب یہ میدان چھوڑ کر بھاگیں گے نہیں ، قوم تیاری کرلے اچھی خبریں آنے والی ہیں۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا آصف علی زرداری کی نشست خالی ہوگی، سیٹ پر پاکستان تحریک انصاف جیتے گی، خورشید شاہ ایک دور میں لیڈر تھےآج زمیندار کیسے بن گئے ؟

    آصف علی زرداری کی نشست خالی ہوگی، سیٹ پر پاکستان تحریک انصاف جیتے گی

    عثمان ڈار نے کہا ہم چیف جسٹس صاحب کے مشکور ہیں ، جے آئی ٹی کو تو اسکول کی کتابوں کا حصہ بنا دینا چاہیے، ہمارے ملک کے بچوں کو پتہ ہونا چاہیے، لوٹ مار کرنے والوں کے بچے بھی سوال کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا پیپلز پارٹی 11 سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے، بھٹو کے جیالے پانی کےلیےترسے ہوئے ہیں ، جیالوں سےپوچھا جائےتعلیم اورعلاج مل رہاہے تو جواب ہوگانہیں۔

    خیال رہے آصف زرداری کی نااہلی کے لیے عثمان ڈار کی درخواست پر پہلی سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتےمیں جواب طلب کرلیا ہے۔

  • اپریل میں مزید مہنگائی کا خدشہ ہے، مفتاح اسماعیل: خوشی سے مہنگائی نہیں کر رہے، عثمان ڈار

    اپریل میں مزید مہنگائی کا خدشہ ہے، مفتاح اسماعیل: خوشی سے مہنگائی نہیں کر رہے، عثمان ڈار

    لاہور: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، میرا خیال ہے مہنگائی آگے جا کر اور بڑھے گی، خدشہ ہے اپریل میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ڈالر کو آہستہ آہستہ اوپر لے کر جاتے تو بہتر ہوتا، حکومت نے اسٹیٹ بینک سے بہت پیسے لیے، ڈالر کی قیمت میں اضافے اور پیسا چھاپنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں بھی بہت زیادہ اضافہ کیا گیا ہے، ن لیگ نے صنعتوں کے لیے گیس کی قیمتیں بڑھائی تھیں، عام عوام کے لیے نہیں، قیمتیں بڑھانا حکومت کی بڑی غلطی ہے، گیس کی قیمتیں 10 سے 20 فی صد بڑھا دینے سے کوئی حرج نہیں ہوتا، لیکن 140 فی صد اضافے سے درآمدات میں کمی ہوئی۔

    مفتاح اسماعیل نے مشورہ دیا کہ حکومت کو نیوٹرل معاشی ماہرین رکھ لینے چاہئیں، آئی ایم ایف کے پاس پہلے ہی چلے جاتے تو دوست ممالک سے پیسے لینے کی ضرورت نہ ہوتی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کوئی شک نہیں مہنگائی ہوئی ہے، لیکن یہ فیصلہ بوجھل دل کے ساتھ کیا گیا ہے، حکومت خوشی سے مہنگائی نہیں کر رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہوا ہے، ن لیگ نے گزشتہ 5 سال مصنوعی طور پر معیشت کو چلایا، قرضے لے کر مہنگے منصوبے کرتی رہی۔

    عثمان ڈار نے پی ٹی آئی حکومت کے عزم کو دہرایا کہ قوم کو مشکل حالات سے ضرور نکالیں گے، اپوزیشن سے کہتا ہوں کہ آئیں اور چارٹر آف معیشت بنائیں۔

  • سندھ میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دے کر غلطی کی: نبیل گبول

    سندھ میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دے کر غلطی کی: نبیل گبول

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نبیل گبول نے اعتراف کیا ہے کہ سندھ میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دے کر غلطی کی۔

    تفصیلات کے مطابق نبیل گبول نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام کے الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہ دے کر غلطی کی۔

    نبیل گبول کا کہنا تھا کہ سندھ میں پی اے سی کے لیے راستہ حکومت نے وفاق کے ذریعے دکھایا، سندھ کی اپوزیشن نے پی اے سی کے لیے نام ہی نہیں دیے، پی اے سی چیئرمین اپوزیشن کو بنانا چاہیے تھا، مانتا ہوں ہم نے غلطی کی۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ہم کیس منتقلی پر تنقید کر رہے ہیں، حیران ہیں سندھ اور کراچی میں تحقیقات سے کیا مسئلہ ہے، سندھ کے اسپیکر نیب کی حراست میں ہیں لیکن ہم نے تو کچھ نہیں کیا، ماضی میں کئی سیاسی قائدین کا راولپنڈی میں قتل ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ: بلاول بھٹو اور آصف زرداری آج نیب عدالت میں پیش ہوں گے

    انھوں نے کہا کہ نیب افسران کو خود نہیں معلوم کہ وہ کس چیز کی تفتیش کر رہے ہیں، آغا سراج نے بتایا کہ نیب افسران اپنے تفتیشی نکتے تک سے لا علم ہیں۔

    نبیل گبول کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو بتائیں گے کہ ہم برے وقت میں ان کے ساتھ ہیں، ہم عدالت کے اندر نہیں جائیں گے مگر باہر کھڑے رہیں گے۔

    رہنما پیپلز پارٹی نے پروگرام میں وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئیں انھیں دکھاؤں گا تھر میں سڑکیں بنی ہیں اور اسپتال بھی بنے، عثمان ڈار سے کہتا ہوں تھر کے ساتھ آپ کو لیاری بھی چلنا پڑے گا۔

  • مودی کی کوشش تھی کہ ہمیں دہشت گرد ریاست ڈکلیئر کیا جائے: عثمان ڈار

    مودی کی کوشش تھی کہ ہمیں دہشت گرد ریاست ڈکلیئر کیا جائے: عثمان ڈار

    لاہور: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی کوشش تھی کہ ہمیں ایک دہشت گرد ریاست قرار دے دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ مودی کوششوں میں تھا کہ ہمیں دہشت گرد ریاست ڈکلیئر کر دیا جائے۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نریندر مودی اپنےعزائم میں ناکام رہا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان نے دانش مندی سے بھارت سے مذاکرات کی بات کر کے مودی کو ناکام بنایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن خوش حال پاکستان کے لیے اکھٹے ہوں گے، پاک بھارت کشیدگی کے علاوہ آنے والے دنوں میں اپوزیشن اور حکومت ملک کے اندرونی مسائل کے حل لیے بھی ایک ہوں گے۔

    عثمان ڈارنے کہا کہ جنگ نریندر مودی کی سیاسی ضرورت ہو سکتی ہے کیوں کہ ان سے معاشی استحکام اور ترقی کی طرف جاتا ہوا پاکستان نہیں دیکھا جا رہا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات ٹھنڈے ہو رہے ہیں: فواد چوہدری

    انھوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں مودی کی بڑی سبکی ہوئی ہے، اس کشیدگی کو ہوا دینے کی وجہ سے بھارت میں تقسیم پیدا ہو گئی ہے، لوگ آواز اٹھا رہے ہیں کہ ’سے نو ٹو وار۔‘

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تقسیم کی شکار قوم جنگ نہیں لڑ سکتی، جب کہ اس کے مقابلے میں پاکستان متحد ہے، اس لیے بھارت آنے والے دنوں میں جنگ کے آپشن کی طرف نہیں جا سکتا۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی ملک کی سالمیت پر سیاست کی کوشش نہیں کی، او آئی سی میں بھی پاکستانی مؤقف کی حمایت کی گئی ہے۔