Tag: عدالت

  • ٹریفک سارجنٹ قتل کیس: عبد المجید اچکزئی پرفردجرم عائد

    ٹریفک سارجنٹ قتل کیس: عبد المجید اچکزئی پرفردجرم عائد

    کوئٹہ: عدالت نے ٹریفک سارجنٹ کوگاڑی سےکچلنے کے مقدمے میں رکن اسمبلی بلوچستان عبدالمجید اچکزئی پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے ایم پی اے کوقتل کےمقدمے میں سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے عبدالمجید اچکزئی پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزم نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کردیا۔

    عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کےگواہان کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

    خیال رہے کہ عبدالمجید اچکزئی پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رکن ہیں اور وہ حلقہ پی بی 13 سے بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔


    کوئٹہ میں رکن بلوچستان اسمبلی کی گاڑی نے ٹریفک اہلکار کو کچل دیا


    یاد رہے کہ رواں برس 23 جون کو کوئٹہ میں بلوچستان کے رکن صوبائی اسمبلی مجید اچکزئی کی گاڑی نے ٹریفک پولیس اہلکار کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں ٹریفک اہلکار عطااللہ جاں بحق ہوگیا تھا


    جس جگہ میرے والد کو کچلا گیا ملزم کو وہیں‌ پھانسی دی جائے، بیٹی


    واضح رہے کہ رکن بلوچستان اسمبلی مجید اچکزئی کی گاڑی سے کچلے گئے ٹریفک پولیس اہلکار عطا اللہ کی بیٹی کا کہنا تھا کہ جس جگہ میرے باپ کو کچلا گیا ایم پی اے کو اسی جگہ پھانسی دی جائے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • عدالت نےکرکٹر شاہ زیب کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

    عدالت نےکرکٹر شاہ زیب کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

    لاہور: پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث کرکٹر شاہ زیب حسن کو عدالت نے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں معطل کرکٹر شاہ زیب حسن کے کیس کی سماعت جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کی۔ سماعت کے آغاز پرشاہ زیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میچ فکسنگ کیس ٹریبونل میں زیر سماعت ہے جس کا ابھی فیصلہ نہیں آیا۔

    انہوں نے سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت کسی بھی شہری کو شفاف ٹرائل کے بغیر مجرم نہیں قراردیا جا سکتا نہ ہی اس کے خلاف قانون کے برعکس کوئی کاروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

    شاہ زیب کے وکیل نے کہا کہ ٹریبونل کے فیصلے سے قبل ہی پی سی بی کی ایماء پر وزارت داخلہ نے شاہ زیب کا نام غیر قانونی طور پرای سی ایل میں شامل کردیا ہے جبکہ ان کا نام کسی مقدمے میں شامل نہیں مگر نام ای سی ایل میں شامل کرکے باہر جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔


    اسپاٹ فکسنگ: شاہ زیب نے الزامات کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا


    انہوں نے استدعا کی کہ شاہ زیب کو اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لیے انگلینڈ جانے کی اجازت دیتے ہوئے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

    دوسری جانب ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب عثمان انور نے عدالت کو بتایا کہ پی سی بی کی درخواست پر کرکٹرز کےخلاف تحقیقات کیں اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا اگر شاہ زیب واپسی کی گارنٹی دے تو باہر جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

    پی سی بی کے وکیل نے کہا کہ شاہ زیب کے خلاف 5 ستمبر سے ٹربیونل بھی کارروائی شروع کر رہا ہے ان کی ٹربیونل میں شمولیت قانونی تقاضا ہے۔

    عدالت نے مشروط طور پر شاہ زیب کو ایک مرتبہ بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے ایف آئی اے کو کرکٹر کی رضامندی سے بیرون ملک جانے کی مدت طے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ رواں سال 17 مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہ زیب حسن کو اسپاٹ فکسنگ اسیکنڈل میں مبینہ طورپر ملوث ہونے پر معطل کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ شاہ زیب حسن سے قبل پی سی بی نے خالد لطیف، شرجیل خان اور محمد عرفان کو اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پرمعطل کیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • لیونل میسی کو جیل کی سزا ختم‘ اضافی جرمانہ عائد

    لیونل میسی کو جیل کی سزا ختم‘ اضافی جرمانہ عائد

    بارسلونا: اسپین کی عدالت نے ٹیکس فراڈ مقدمے میں لیونل میسی اور ان کے والد کی سزاختم کرتے ہوئےاضافی جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کےمطابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی اور ان کے والد کو ٹیکس فراد مقدمے میں دی گئی سزا اسپین کی عدالت نےختم کرکے اضافی جرمانہ عائد کردیا ہے۔

    لیونل میسی اور ان کے والد پر الزام ہے کہ انہوں نے بیلز، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ اور یوراگوئے میں موجود کمپنیوں کا استعمال کرتے ہوئے 2007 سے 2009 تک میسی کی تصاویر کے حقوق سے حاصل ہونے والی 4.16ملین یوروز کی کمائی کا ٹیکس بچایا اور اسی جرم میں 2016 میں ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    خیال رہےکہ اسپین کی عدالت نے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کی ٹیکس فراڈ کے خلاف اپیل کو مسترد کرتے ہوئے 21ماہ جیل اور 2.25ملین ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی۔


    ٹیکس فراڈ: لیونل میسی کو 21 ماہ قید کی سزا


    یاد رہےکہ لیونل میسی اور ان کےوالد نے سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی جس کے بعد میسی کے والد کی سزا 15ماہ تک محدود کردی گئی تھی جبکہ فٹبالر کی سزا کو برقرار رکھا گیا تھا البتہ بارسلونا کی عدالت نے جمعے کو دونوں کی سزا کی مدت ختم کرتے ہوئے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    واضح رہےکہ اب لیونل میسی کو سابقہ جرمانے کے ساتھ اضافی دولاکھ 52ہزار یوروز اور ان کے والد کو ایک لاکھ 80ہزار یوروز جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • قتل کا ملزم 11 سال جیل میں گزارنے کے بعد بری

    قتل کا ملزم 11 سال جیل میں گزارنے کے بعد بری

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے قتل کے ملزم ریاض احمد کو 11 سال بعد بری کردیا۔ ملزم کو ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ نے سزائے موت سنائی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے 11 سال بعد قتل کے ملزم ریاض احمد کو بری کردیا۔

    اپنے فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ استغاثہ اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ سماعت کے دوران جسٹس کھوسہ نے کہا کہ دونوں عدالتوں نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے تمام سزائیں معطل کر کے ریاض احمد کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    ریاض احمد پر سنہ 2005 میں عامر فاروق نامی شخص کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ اس سے قبل ریاض احمد کو ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ سزائے موت سنا چکی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سزائے موت کے ملزم صفدر علی کو 12 سال بعد بری کیا گیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ٹرمپ یونیورسٹی کیس: عدالت کاڈونلڈ ٹرمپ کو2کروڑ50 لاکھ ڈالرادا کرنےکاحکم

    ٹرمپ یونیورسٹی کیس: عدالت کاڈونلڈ ٹرمپ کو2کروڑ50 لاکھ ڈالرادا کرنےکاحکم

    واشنگٹن : امریکی عدالت نے ٹرمپ یورنیورسٹی کیس میں صلح نامے کی توثیق کرتے ہوئےامریکی صدر ٹرمپ کو2کروڑ50 لاکھ ڈالرادا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کےمطابق امریکی عدالت کےجج نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹرمپ یونیورسٹی کیس میں صلح نامے کے لیے ڈھائی کروڑ ڈالر اداکرنے کا حکم سنادیا۔

    ٹرمپ یونیورسٹی کےطلبا کا کہنا تھا کہ ان سےغلط بیانی کرکےزیادہ فیسیں وصول کی گئیں کہ انہیں ٹرمپ کےسرمایہ کاری کرنےکےراز بتائے جائیں گےجبکہ ایسا نہیں ہوا۔

    ٹرمپ یونیورسٹی کی جانب سے طالب علموں سے35ہزار ڈالرز کی فیس وصولی گئی۔اس حوالےسےڈونلڈ ٹرمپ کوانتخابی مہم میں بھی تنقید کا سامنا رہا۔


    مزید پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا یونیورسٹی مقدمات میں سمجھوتہ


    خیال رہےکہ ڈونلڈٹرمپ کی یونیورسٹی کےخلاف 3 مقدمات 2010 میں دائر کیے گئے تھے۔ان میں سے 2مقدمات سان تیاگو کی عدالت میں تھے جبکہ ایک نیو یارک کی عدالت میں تھا۔

    یاد رہےکہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے یونیورسٹی مقدمات میں مفاہمت نہ کرنے کاارادہ ظاہرکیاتھااوران کا کہناتھا کہ وہ ہی یونیورسٹی کیس جیتیں گے۔


    مزید پڑھیں:وائٹ ہاؤس کےقریب سےمشتبہ شخص گرفتار


    واضح رہےکہ دو روز قبل وائٹ ہاؤ س کےقریب سے سیکورٹی حکام نے ایک مشتبہ شخص کو مشکوک پیکٹ کے ساتھ گرفتارکرلیاتھا۔

  • غیر معیاری اسٹنٹ کیس: صحت پر حکومتی کوتاہی برداشت نہیں: عدالت

    غیر معیاری اسٹنٹ کیس: صحت پر حکومتی کوتاہی برداشت نہیں: عدالت

    اسلام آباد: غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اسٹنٹ سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ مقامی سطح پر اسٹنٹ تیار ہوں۔ جب تک معاملہ عدالت میں نہیں آتا ریاست ذمہ داری نہیں لیتی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں دل کی شریانیں کھولنے کے لیے مبینہ طور پر مہنگے، ناقص اور غیر رجسٹرڈ اسٹنٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت نے حکومت سے مقامی سطح پر تیار ہونے والے اسٹنٹ سے متعلق معلومات طلب کرلیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ درآمد کردہ اسٹنٹ 6 سے 7 لاکھ روپے میں ڈالا جاتا ہے۔ مقامی سطح پر تیار اسٹنٹ کی قیمت 50 ہزار روپے تک ہوگی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ مریض کے دل کی شریانیں کھولنے کے لیے غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اسٹنٹ نہ ڈالا جائے۔ صحت کے معاملے پر حکومتی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ اس معاملے پر عدالت اپنی ہر ذمہ داری پوری کرے گی۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا کہ آپریشن تھیٹر میں مریض زندگی اور موت کی کشمکش میں ہوتا ہے، چاہتا ہے کہ زندگی بچ جائے۔ اس کااستحصال نہیں ہونا چاہیئے۔

    حکومتی وکیل رانا وقار نے عدالت کو بتایا کہ اسٹنٹ میں استعمال ڈیوائسز کو رجسٹرڈ کرنے کے قوانین نرم کیے ہیں۔

    کیس کی مزید سماعت اپریل کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

    اس سے قبل سماعت میں چیئر مین ہارٹ پیشنٹ سوسائٹی نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ پاکستان میں تیار اسٹنٹ تجرباتی مراحل میں ہے۔

  • یورپی عدالت نےملازمین کےحجاب پہننے پر پابندی عائد کردی

    یورپی عدالت نےملازمین کےحجاب پہننے پر پابندی عائد کردی

    بیلجیئم : یورپ کی اعلی ترین عدالت نے ایک مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے ملازمین کے حجاب پہننے پر پابندی عائد کردی جسے امتیازی سلوک نہیں سمجھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپین کورٹ آف جسٹس نے اپنے فیصلے میں اسلامی حجاب سمیت دیگر مذہبی، سیاسی اور فلسفہ و نظریات کی ترجمانی کرنے والے یا علامتی لباس و حجاب وغیرہ زیب تن کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔


    *لندن: مسلمان خاتون کا حجاب اتارنے اور سڑک پر گھسیٹنے کی کوشش


    عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ اس طرح کی کوئی بھی پابندی تمام ملازمین کے مکمل طور پرغیر جانب دارانہ لباس پہننے کی پالیسی پرمبنی ہونی چاہیے۔


    *امریکہ: مسلمان طالبہ پر تین افراد کا حملہ، حجاب اتارنے کی کوشش


    واضح رہے کہ اس مقدمے کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب بیلجیئم میں واقع ایک معروف کمپنی نے اپنے صارف کی شکایت پر ایک خاتون ریسیپشنسٹ کے حجاب پہننے پر ملازمت سے فارغ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھے کہ کمپنی کے صار فین کو حجاب پہنی ملازمین سے الجھن اور پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔


    *ٹرمپ کے حامی کا باحجاب مسلم ایئر ہوسٹس پر تشدد


    خاتون ریسپشنسٹ نے عدالت سے رجوع کیا جس پر یہ مقدمہ بیلجیئم کی عدالت نے یورپین کورٹ آف جسٹس میں بھیج دیا تھا جہاں آج اس مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا۔


    *برطانوی وزیراعظم نےحجاب پہننے کی حمایت کردی


    واضح رہے کہ آج کل حقوقِ اظہارِ رائے اور حقوقِ نسواں کے علم بردار ممالک میں بنیاد پرستی اور انتہا پرستی کی آڑ میں اسلامی تشخص حجاب کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور کئی ممالک کی درس گاہوں اور دفاتر میں حجاب پہننے کی پابندی پہلے ہی لگائی جا چکی ہے۔

  • ڈکیتی کیس :فیصل ایدھی کوسنگین نتائج کی دھمکیاں

    ڈکیتی کیس :فیصل ایدھی کوسنگین نتائج کی دھمکیاں

    کراچی : ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ انہیں ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی کا کہناہےکہ ایدھی ہوم میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی جانب سے انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں۔

    فیصل ایدھی کا کہناتھاکہ میں اور میرے وکیل سٹی کورٹ میں کیس کی سماعت کے بعد جیسے ہی باہر آئے توڈکیتی کےملزمان نےمجھے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ڈکیتی کے واقعے کے بعد بھی کوئی سبق نہیں سیکھا۔

    فیصل ایدھی نے اپنے وکیل کے ہمراہ متعلقہ پولیس اسٹیشن جاکر دھمکی کے خلاف شکایت درج کرادی۔

    مزید پڑھیں:ایدھی سینٹرمیں 5 کلوسونا اورلاکھوں روپے کی ڈکیتی

    یاد رہے کہ 19 اکتوبر 2014 کو 8 مسلح افراد نے میٹھادر کے ایدھی ہوم میں داخل ہوکر عملے کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا تھا اور ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی نقد رقم، سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    واضح رہےکہ فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سماعتوں سے صرف چند ملزمان عدالت میں پیش ہورہے ہیں جبکہ کچھ طبی بنیادوں پر عدالت نہیں آتے۔

  • جنوبی کوریا:عوام کابرطرف صدر کی گرفتاری کےلیےاحتجاج

    جنوبی کوریا:عوام کابرطرف صدر کی گرفتاری کےلیےاحتجاج

    سیول : جنوبی کوریا کی صدر پارک گن کی برطرفی کے عدالتی فیصلے کے بعد عوام کی جانب سے ان کی گرفتاری کےلیے مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق جمعے کےروز جنوبی کوریا کی آئینی عدالت کی نے پارک گن کےپارلیمنٹ کی جانب سے کیے جانے والے مواخذے کےحق میں فیصلہ سناتے ہوئے انہیں صدر کے عہدے سے فارغ کردیاتھا۔

    عدالتی فیصلے کے بعد جنوبی کوریا کے دارالحکومت میں ہزاروں افراد نےاحتجاجی ریلی نکالی اور پارک گن کی گرفتاری کامطالبہ کیا۔پارک گن جنوبی کوریا کی جمہوری طور پر منتخب پہلی رہنما ہیں جنہیں ان کے عہدے سے برطرف کیاگیا۔

    پارک گن کو اب صدارتی استثنیٰ حاصل نہیں ہے اور وہ فوجداری قوانین کے تحت مقدمات کا سامنا کر سکتی ہیں۔

    مزید پڑھیں:جنوبی کوریا کی صدر عہدے سے برطرف

    دوسری جانب ملک کے الیکشن کمیشن نے آزاد و شفاف انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔جس کےلیے ووٹنگ رواں سال نو مئی کوہوگی۔

    جنوبی کوریا میں کیےجانے والے سروے کےمطابق اس وقت ڈومیسٹک پارٹی کے مون جائے اِن اس وقت قائم مقام صدر وانگ یو آن جو کہ پارگ گن کے وفادار ہیں سے 22 فیصد آگے ہیں۔

    واضح رہےکہ پارک گن کی سہیلی چوئی سون سل دھوکہ دہی اور طاقت کے ناجائز استعمال کےالزامات میں زیر حراست ہیں۔ان پر جنوبی کوریا کی کمپنیوں سے بھی بھاری رقم بٹورنے کے الزامات ہیں۔

  • کوئٹہ: عدالت کے قریب ملزمان کی غنڈہ گردی، فائرنگ سے 3 افراد زخمی

    کوئٹہ: عدالت کے قریب ملزمان کی غنڈہ گردی، فائرنگ سے 3 افراد زخمی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے منان چوک پر ملزمان نے غنڈہ گردی کرتے ہوئے فائرنگ اور چاقوؤں کے وار کر کے 3 افراد کو زخمی کردیا۔ پولیس تماشہ دیکھتی رہی۔ واقعے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    کوئٹہ کے منان چوک پر قانون کے رکھوالوں کے سامنے قانون کا خون ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ عدالت کے قریب چاقو اور گولیاں چل گئیں۔

    عدالت روڈ پر پرانی دشمنی کی بنا پر کار سوار غنڈوں کے گروپ نے پیشی پر آنے والوں پر حملہ کردیا۔ کار سوار ملزمان نے چن چن کر مخالف گروپ کے افراد پر گولیاں برسائیں اور چاقو کے وار کر کے لہو لہان کردیا۔

    زخموں سے چور افراد تڑپتے رہے لیکن کوئی مدد کو نہ آیا۔ پاس ہی کھڑے پولیس اہلکاروں پر بھی بدترین بربریت کا کوئی اثر نہیں ہوا جو خاموش تماشائی بنے قانون کو پامال ہوتا دیکھتے رہے۔

    ملزمان سر عام غنڈہ گردی کر کے اطمینان سے گاڑی میں بیٹھے اور فرار ہوگئے۔ اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لے کر وقوعے پر موجود اہلکاروں کی معطلی کی ہدایت کردی۔