Tag: عدالت

  • مجرموں اور ملزموں کے ساتھ ساتھ اب معصوم جانور بھی عدالتوں میں پیشیاں بھگتنے لگے

    مجرموں اور ملزموں کے ساتھ ساتھ اب معصوم جانور بھی عدالتوں میں پیشیاں بھگتنے لگے

    لاہور: غیر قانونی طور پر پکڑے گئے نایاب نسل کے دو ہرن عدالت میں پیش کر دیے گئے عدالت نے ہرن سفاری پارک کے حوالے کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی کینٹ کچہری میں ہارون الرشید نامی ملزم کو پیش کیا گیا جس کی تحویل سے وائلڈ لائف نے نایاب نسل کےد و ہرن برآمد کیے تھے ، ملزم کے ساتھ دونوں معصوم ہرنوں کو بھی کچہری میں پیش ہونا پڑا ۔

    deer-023

    وائلڈ لائف حکام نے موقف اختیار کیا کہ ہارون الرشید سے نایاب نسل کے دو ہرن تو برآمد ہوئے مگر ملزم کے پاس لائسنس اور دیگر دستاویزات موجود نہیں ۔

    عدالت نے دونوں ہرن سفاری پارک کے حوالے کر دیے تاہم ملزم کوہدایت کی کہ وہ نایاب جانور رکھنے کے حوالے سے اپنے لائسنس اور دیگر دستاویزات پیش کرے جس کے بعد عدالت اس کے متعلق اپنا فیصلہ سنائے گی ۔

    deer-021

    عدالت میں دو خوبصورت ہرنوں کو دیکھ کر سائلین اور وکلا حیران رہ گئے اور خوب محظوظ بھی ہوئے تاہم لوگوں کا رش بننے پر عدالت میں پیشی کے بعد ہرنوں کو واپس لکڑی کے پنجرے میں بند کر دیا گیا۔

  • سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے چھ ملزمان پر فرد جرم عائد

    سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے چھ ملزمان پر فرد جرم عائد

    لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے چھ ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی.

    تفصیلات کے مطابق لاہور کي انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج چودھری اعظم نے سری لنکن کرکٹ ٹیم حملہ کیس کی کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی.

    عدالت نے مقدمہ کے چھ ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی،تين ملزمان زبير،عبدالوہاب اور عدنان ارشد جیل میں ہیں جبکہ تین ملزمان عبیداللہ جاوید انور اور ابراہیم خلیل ضمانت پر ہیں،مقدمے کے دو ملزمان محسن رشید اور عبدالرحمٰن کو عدالت اشتہاری قرار دے چکی ہے.

    یاد رہےتین مارچ 2009 کو پاکستان کے دورے پر آنے والی سری لنکن کرکٹ ٹیم پر اس وقت حملہ کیا گیا تھا جب وہ میچ کھیلنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم جا رہی تھی.

    سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ اسٹیڈیم کے قریب گھات لگائے دہشت گردوں نے کیا اور اس کے نتیجے میں سات پولیس اہلکار مارے گئے،اس کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے.

  • عدالت کا ٹھوس ثبوت کے بغیرعبداللہ کو باپ کے حوالے کرنے سے انکار

    عدالت کا ٹھوس ثبوت کے بغیرعبداللہ کو باپ کے حوالے کرنے سے انکار

    کراچی : ننھےعبداللہ کی حوالگی کیس کی سماعت پندرہ جون تک ملتوی کردی گئی۔ ایدھی سینٹر نے بھی بغیر ثبوت کے بچہ دینے سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ننھے عبداللہ کے والد چوہدری اقبال کی جانب سے بچے کی حوالگی کے لئے دائر درخواست کی سماعت فیملی کورٹ میں ہوئی۔

    عدالت نے عبداللہ کو لینے آنے والے چودھری اقبا ل کو حکم دیاکہ پہلے وہ بچے سے اپنا رشتہ ثابت کریں پھر حوالگی کا حکم ملےگا۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ ابھی عبداللہ ایدھی سینٹر میں ہی رہے گا۔ اس موقع پر چوہدری اقبال کے وکیل کی جانب سے عبداللہ کا برتھ سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ والدہ حلیمہ کے انتقال کے بعد چوہدری اقبال ہی بچے کے حقیقی وارث ہیں لہذا عبداللہ کو والد کے سپرد کیا جائے۔ اقبال چوہدری کے وکیل کاکہنا تھا کہ تمام دستاویزات موجود ہیں۔

    دریں اثناء عبداللہ کی والدہ حلیمہ قتل کیس کی سماعت میں پولیس ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم رضوان کی اہلیہ سونیا کو پیش کیا گیا۔

    عدالت نے ملزمہ سونیا کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے چودہ روزہ عدالتی تحویل میں جیل بھیجنے کا حکم دے دیا اس سے پہلے عبد اللہ کی ماں حلیمہ کے قتل کا ملزم رضوان عدالت میں اعترافی بیان سے مکر گیا تھا۔

    عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فریقین کو آئندہ سماعت پر بچے کی حوالگی کے حوالے سے ٹھوس شواہد پیش کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کیس کی سماعت 15 جون تک ملتوی کردی۔

     

  • عدالت نے غیرت کے نام پر قتل کرنے والے ملزم کو بری کر دیا

    عدالت نے غیرت کے نام پر قتل کرنے والے ملزم کو بری کر دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے دوہرے قتل کے ملزم سائیں داد کی سزائے موت ختم کرتے ہوئے اسے باعزت بری کردیا۔

    ٹرائل کورٹ نے ملزم کو سزائے موت سنائی تھی جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ نے ملزم کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کردی تھی ملزم سائیں داد پر غیرت کے نام پر شہر بانو اور نادر علی کو قتل کرنے کا الزام تھا۔

    آج چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ملزم کی سزائے موت و عمر قید کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی ملزم کے وکیل صدیق بلوچ نے عدالت کو بتایا کہ وقوعہ کا کوئی چشم دید گواہ نہیں کسی نے قتل ہوتے نہیں دیکھا۔

    ناکافی شواہد کی بنا پر ملزم کو سزائے موت یا عمر قید نہیں دی جاسکتی وکیل کے ان دلائل کی بمیاد پر عدالت نے غیرت کے نام پر قتل کا ملزم بری کر دیا۔

  • لاہور : 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں ڈی ایس پی کی ضمانت منظور

    لاہور : 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں ڈی ایس پی کی ضمانت منظور

    لاہور: مقامی عدالت نے 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں ڈی ایس پی عمران بابر کی ضمانت منظور کرلی،عدالت نے رہائی کا حکم دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی عمران بابرجمیل کو 5 مئی کو 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار کرکے سات روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا،جبکہ عمران بابر کا کہنا تھا اس کے خلاف سازش کی گئی ہے.

    جمعرات کے روز عمران بابر عدالت میں پیش ہوا، اس کا کہنا تھا کہ اس کے لڑکی کے خاندان کے ساتھ معاملات طے ہوگئے ہیں، لہذا عدالت ضمانت کی درخواست قبول کر کے رہائی کاحکم دے.

    عدالت نے عمران بابر کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے پر رہائی کا حکم دے دیا.

    یاد رہے عمران جمیل بابر کو آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا نے 20 فروری کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دیا تھا، گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت کوشدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا تھا.

  • لاہور ہائی کورٹ کے کمرہ عدالت میں درخواست گزار کی فائرنگ

    لاہور ہائی کورٹ کے کمرہ عدالت میں درخواست گزار کی فائرنگ

    لاہور: درخواست گذار بلال نے اپنی مبینہ بیوی کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔درخواست خارج ہونے پر ملزم نے طیش میں آکر اپنے ہی وکلاء پر فائرنگ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے رہائشی بلال نے اپنی مبینہ بیوی کی بازیابی کے لیے درخواست جمع تھی۔دورانِ سماعت بلال اُس لڑکی سے اپنی شادی کے کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا۔جس پہ لاہور ہائی کورٹ نےدرخواست خارج کردی۔فیصلہ سنتے ہی درخواست گذار بلال غصے میں آگیا۔اور بھری عدالت میں اپنے ہی وکلاء پہ فائرنگ کردی۔

    بلال نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر وکلاء کے ساتھ ہاتھاپائی بھی کی۔اس موقع پر دیگر وکلاء بھی اکھٹے ہوگئے جنہوں نے بلال کو ساتھیوں سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کے مطابق بلال سے پستول اور ایک خنجر برآمد ہوا۔

    چیف جسٹس ہائی کورٹ نے واقہ کانوٹس لیتے ہوئے سخت سرزش کی اور فوری تحقیقات کا حکم دیا۔کہ کیسے ایک مسلح شخص نہ صرف ہائی کورٹ میں بآسانی داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا بلکہ مسلح حالت میں سماعت کے دوران پورا وقت کمرہ عدالت میں موجود بھی رہا۔

    خوش قسمتی سےناخوشگوار واقعہ میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا تاہم کمرہ عدالت میں فائرنگ کے اس واقعہ نے عدالت کی سیکیورٹی کی قلعی کھول دی ہے۔یاد رہے لاہور ہائی کورٹ میں کئی ہائی پروفائل کیس زیرِ سماعت ہیں ۔جہاں خطرناک دہشت گردوں کو پیشی کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔

  • لینڈ کمپیوٹرائزیشن کیس: عدالت کا سندھ کے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار

    لینڈ کمپیوٹرائزیشن کیس: عدالت کا سندھ کے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار

    اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جج نے کہا ہے کہ جب تک سندھ میں شاہ صاحب ہیں تب تک کوئی کام نہیں ہو سکتا۔

    اراضی کاریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے کے کیس میں سپریم کورٹ کےجج جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ جب تک سندھ میں شاہ صاحب ہیں تب تک کوئی کام نہیں ہو سکتا۔

    عدالت کوبتایا گیا کہ پنجاب،بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن کا نظام مکمل ہو گیا ہے اور سندھ میں معاملہ ابھی تکنیکی مراحل میں ہے۔

    عدالت نے سندھ کاریکارڈ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلہ انتظامی پیچیدگیوں میں الجھا دیا جاتا ہے،عدالت نے حکم دیا کہ سندھ لینڈ کمپوٹرائزیشن جلد مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے۔

  • ڈالرگرل ایان علی کے پانچ کروڑ بچ گئے، عدالت نےہرجانہ معطل کردیا

    ڈالرگرل ایان علی کے پانچ کروڑ بچ گئے، عدالت نےہرجانہ معطل کردیا

    لاہور: ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے ایان علی کو کلکٹرکسٹم کی جانب سے کیا گیا پانچ کروڑ ہرجانے کاحکم معطل کر دیا۔

    ماڈل گرل ایان علی نے کلکٹر کسٹمز کے ان پر عائد جرمانے کے حکم کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کے پاس جو رقم موجود تھی وہ ان کی ذاتی ملکیت تھی۔

    ایان علی نے کلکٹر کسٹم کے حکم کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کردیا، ڈالر گرل پر کسٹم عدالت نے پانچ کروڑ جرمانہ عائد کیا تھا، درخواست کی ابتدائی سماعت جسٹس اطہر محمود نے کی، ڈالر گرل کے وکیل کا کہنا تھا کہ کلکٹر کسٹم نے سنے بغیر یکطرفہ حکم جا ری کیا،ایان علی کے پاس رقم انکی ذاتی اور قانونی ملکیت تھی۔

    وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کلیکٹر کسٹم نے جرمانے کا حکم ایان علی کا موقف سنے بغیر دیا،یکطرفہ فیصلہ آرٹیکل ٹین اے کی خلاف ورزی ہے۔

    عدالت نے کلکٹر کسٹمز کاپانچ کروڑ ہرجانے کا حکم معطل کر تے ہوئے متعلقہ فریقوں کونوٹس جاری کیےاور سماعت دو ہفتے کے لئے ملتوی کر دی۔

  • مشرف کوملک سے فرارکاموقع دیاجارہا ہے، بلاول بھٹو

    مشرف کوملک سے فرارکاموقع دیاجارہا ہے، بلاول بھٹو

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدالت میں پیش ہوئے بغیرمشرف کوملک سے فرارکاموقع دیاجارہا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام سمجھتے ہیں معاہدے کے تحت جانے اورآنے کے ’احسان‘ کابدلہ دیاجارہاہے عوام سمجھتے ہیں آرٹیکل 6کامقدمہ درج ہی کلین چٹ دینے کیلیے کیاگیا تھا۔

    بلاول نے کہا عدالت فیصلے سے پہلے اٹارنی جنرل کو دلائل دینے کاکہتی رہی اٹارنی جنرل’جوآپ کافیصلہ‘کہہ کر جان چھڑاتے رہے مشرف بینظیر بھٹوقتل کیس میں بھی نامزد ہیں،کیس میں آج تک پیش نہیں ہوئے مشرف کو اس طرح ریلیف دیاگیاتوحکومت کے پاس اقتدارمیں رہنے کاجواز نہیں رہے گا۔

    بلاول نےالزام لگایاکہ بگٹی کیس میں مشرف کوبغیرپوچھ گچھ بری کرکے قانون کی دھجیاں بکھیری گئیں، ادھرسندھ حکومت کےترجمان مولابخش چانڈیونےکہا انہوں یقین تھا پرویزمشرف جائیں گے وزیراعظم کمزورہورہے ہیں،چیزیں ان کے ہاتھ سے نکلتی جارہی ہیں، حکومت صرف فرمائشی پروگرام رہ گئی مشرف کانام ای سی ایل میں رکھنےیا نہ رکھنےکافیصلہ عدالت نےسپریم پرچھوڑدیا ہے۔

  • ترکی میں عدالت نے 244 افراد کو 14ماہ کی سزا سنادی

    ترکی میں عدالت نے 244 افراد کو 14ماہ کی سزا سنادی

    استبول: ترک عدالت نے دوسال قبل ہونےوالے حکومت مخالف مظاہروں میں ملوث دو سو سے زائد افرادکو چودہ ماہ کی سزا سنادی۔

    ترکی میں دوہزار تیرہ میں غازی پارک کی تعمیر کے خلاف حکومت مخالف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا تھا جن کے مقدمے کی سماعت پر عدالت نے عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی طور پر مظاہرہ کرنے سمیت مختلف الزامات کے تحت چودہ ماہ کی سزا سنائی۔

    عدالت نے چار ڈاکٹروں کو بھی مسجد میں طبی امداد دینے کے جرم میں سزا سنائی، دوہزار تیرہ میں حکومت مخالف مظاہرے عالمی توجہ کا مرکز رہے جس پر ترک حکومت کو سخت تنقید کا سامنا رہا ہے۔